Tag: Married Life

  • ’’میرا منگیتر مجھے ملازمت چھوڑنے نہیں دیتا، کیا کروں؟‘‘

    ’’میرا منگیتر مجھے ملازمت چھوڑنے نہیں دیتا، کیا کروں؟‘‘

    شادی محض وقت گزاری کا نام نہیں بلکہ یہ ایک ایسی ذمہ داری ہے جسے مرتے دم تک خوشگوار انداز اور خوش اسلوبی سے نبھانا ہوتا ہے اور اچھی ازدواجی زندگی کیلئے میاں بیوی کو مل کر مسائل حل کرنا ضروری ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان کے ایک سیگمنٹ میں ٹیلی فون پر ایک لڑکی نے بتایا کہ میں ایک کال سینٹر میں ملازمت کرتی ہوں میری خواہش ہے کہ شادی کے بعد نوکری چھوڑ کر صرف گھریلو ذمہ داریاں نبھاؤں۔

    مذکورہ کالر نے کہا کہ میرا منگیتر مجھ سے یہ تقاضہ کرتا ہے کہ میں ملازمت نہ چھوڑوں بلکہ شادی کے بعد بھی کرتی رہوں؟ انہوں نے مجھ سے کہا کہ میں شادی کے بعد کوئی کاروبار کروں گا، مجھے لگتا ہے کہ وہ صرف میری ملازمت پر ہی انحصار کرنا چاہتے ہیں اس نے سوال کیا کہ کیا مجھے ایسے لڑکے سے شادی کرنی چاہیے یا نہیں؟

    اس موقع پر پروگرام میں موجود اداکارہ غزالہ جاوید، فیضان شیخ اداکارہ اریج چوہدری اور ریلیشن شپ کوچ ڈاکٹر ثناء یاسر نے اپنے اپنے حمایت اور مخالفت میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    اداکارہ اریج چوہدری نے اس رشتے کی مخالفت کی اور غزالہ جاوید نے بھی واضح الفاظ میں کہا کہ یہ بات خطرے کی گھنٹی ہے، میں کبھی ایسے لڑکے سے اپنی بیٹی کی شادی نہیں کروں گی۔

    دوسری جانب ٹی وی اداکار فیضان شیخ نے کہا کہ اس بات کو اگر دوسرے زاویے سے دیکھا جائے تو یہ کوئی بری بات نہیں، کیونکہ اگر کوئی لڑکا اپنی منگیتر کو ملازمت کی اجازت دے تو معاشرے میں اسے اچھی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ وہ عورت کو بااختیار بنانے کی بات کررہا ہے اور تنگ نظر نہیں کہلائے گا، میاں بیوی مل کر ہی گھر چلاتے ہیں۔

    فیضان نے بتایا کہ میری بہن نے بھی شادی کے بعد ملازمت کی اور اس کے شوہر نے خوشی سے اس کو اجازت دی اور میں بھی یہی چاہتا تھا۔ انہوں نے اس لڑکی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے منگیتر سے کھل کر اس موضوع پر بات کریں۔

    ریلیشن شپ کوچ ڈاکٹر ثناء یاسر کا کہنا تھا کہ یہ کوئی بری بات نہیں کیونکہ موجودہ مہنگائی کے دور میں قوت خرید بہت کم ہوگئی ہے اور کوئی لڑکا اپنی زندگی کی ساتھی سے کسی قسم کی مدد کا اظہار کررہا ہے تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں، اگر میاں بیوی کے درمیان ہی محبت اور اعتماد کا فقدان ہوگا تو یہ کسی بھی خاندان کیلیے مناسب نہیں۔

  • تابش ہاشمی نے سسرال جاکر والدہ کو کہنی کیوں ماری؟

    تابش ہاشمی نے سسرال جاکر والدہ کو کہنی کیوں ماری؟

    کراچی : پاکستان کے معروف کامیڈین اور ٹی وی میزبان تابش ہاشمی پہلی بار سسرال جاکر بھی شرارت سے باز نہ آئے۔

    یوٹیوب پر ’ٹو بی اونیسٹ‘ کے نام سے مقبول شو کی میزبانی کرنے والے تابش ہاشمی اور ان کی اہلیہ حرا نے شرکت کی اور اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق ناظرین کو آگاہ کیا۔

    میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں تابش ہاشمی نے بتایا کہ میرے والد اور حرا کے دادا آپس میں بہت گہرے اور بچپن کے دوست تھے یہ دوستی بعد ازاں رشتے داری میں بدل گئی۔

    تابش کی اہلیہ حرا نے بتایا کہ ایک دن جب ان کی فیملی ہمارے گھر آئی تو تابش نے مجھے دیکھ کر اپنی امی کو چپکے سے کہنی ماری جو میرے بھائی نے دیکھ لیا تھا، حرا کے مطابق تابش کی یہ یکطرفہ محبت تھی۔

    تابش کا کہنا تھا کہ ہماری شادی کو 12 سال ہوگئے اور کیونکہ میں بہو کی طرح کا داماد ہوں اس لیے شادی کے بعد میرا روپ نکھر گیا۔

     

  • "مجھے معلوم تھا کہ سرفراز مجھے پسند کرتے ہیں”

    "مجھے معلوم تھا کہ سرفراز مجھے پسند کرتے ہیں”

    کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کرکٹ کا شوق جنون کی حد تک تھا اسکول سے واپسی پر ایک دوست کے گھر پر بیگ رکھ کر کھیلنے جاتا تھا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں کرکٹر سرفراز احمد اور ان کی اہلیہ نے شرکت کی اور اپنی زندگی کے بارے میں سننے والوں کو آگاہ کیا۔

    میزبان ندا یاسر سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے بتایا کہ گھر کا ماحول بہت سخت اور مذہبی تھا تاہم میری والدہ نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔

    اپنی شادی کے حوالے سے بتاتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ سیدہ خوش بخت (اہلیہ ) سے میری پہلی ملاقات سال 2010 میں ہوئی تھی، سال 2012 میں منگنی اور 2015 میں ان سے شادی ہوگئی۔

    اس موقع پر سرفراز احمد کی اہلیہ سیدہ خوش بخت نے کہا کہ مجھے معلوم تھا کہ سرفراز مجھے پسند کرتے ہیں جب رشتہ ہوا تھا تو والدین نے مجھ سے پوچھے بنا ہی ہاں کردی۔

    واضح رہے کہ سرفراز22 مئی1987ء میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کرکٹ کا آغاز 2006ء میں کراچی کی طرف سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کرکیا۔

    ان کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کو انڈر19 کا کپتان بنایا گیا۔ ان کے زیر کپتانی پاکستان نے2006ء میں مسلسل دوسری مرتبہ انڈر 19 کا عالمی کپ جیتا۔

    پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں2017 میں چیمپئین ٹرافی جیتی اس کے علاوہ سرفراز احمد نے اپنی کپتانی میں لگا تار11 ٹی/20 سیریز جیتیں۔

  • اداکارہ متھیرا کی شادی شدہ زندگی کیسی تھی؟

    اداکارہ متھیرا کی شادی شدہ زندگی کیسی تھی؟

    معروف ماڈل و اداکارہ متھیرا نے اپنی شادی شدہ زندگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ شادی کا رشتہ برقرار رکھنا دونوں فریقین کی ذمہ داری ہوتی ہے، کوئی ایک فریق اکیلا اس رشتے کو نہیں چلا سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ متھیرا اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان کی مہمان بنیں۔ دوران گفتگو انہوں نے شادی شدہ زندگی سے متعلق اپنے خیالات شیئر کیے۔

    متھیرا کا کہنا تھا کہ تشدد کرنے والے شوہر کے سدھرنے کی امید کرنا ایک قسم کی ذہنی غلامی ہے، ایک بار جب ہاتھ اٹھتا ہے تو وہ رکتا نہیں، اور تشدد کرنے والے کی عادت کبھی نہیں بدلتی۔

    انہوں نے کہا کہ چونکہ مجھ پر بولڈ ہونے کی چھاپ تھی لہٰذا جب میری شادی ہوئی تو میں نے ایک عام گھریلو عورت سے دس گنا زیادہ کام کیے تاکہ کسی کو کچھ کہنے کا موقع نہ ملے۔

    متھیرا کا کہنا تھا کہ شادی کو قائم رکھنے کے لیے ٹیم ورک کی طرح دونوں فریقین کو کوشش کرنی پڑتی ہے، صرف عورت کی قربانیوں یا برداشت سے یہ رشتہ نہیں چل سکتا، ایک کامیاب رشتہ وہی ہوتا ہے جس میں شامل تمام فریقین اس رشتے کو قائم رکھنے کی کوشش کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں ایک کامیاب شادی کا راز ایک دوسرے کی عزت کرنے اور ایک دوسرے کا خیال رکھنے میں ہے۔

    یاد رہے کہ متھیرا نے سنہ 2012 میں ایک گلوکار سے شادی کی تھی تاہم 2018 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی، دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔