(20 اگست 2025): پاک فضائیہ کے جانباز ہیرو پائلٹ افسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کا آج 54واں یومِ شہادت منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے جانباز ہیرو پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشانِ حیدر کا 54 واں یومِ شہادت منایا جارہا ہے، بیس اگست انیس سو اکہتر کو پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے قربانی کی ناقابل فراموش داستان رقم کی تھی۔
راشد منہاس معمول کی ٹریننگ فلائٹ کیلئے طیارے میں سوار ہوئے تو ان کا بنگالی انسٹرکٹر زبردستی کاک پٹ میں گھس آیا اور طیارے کا کنٹرول سنبھال لیا، راشد منہاس کو احساس ہوا طیارے کا رخ بھارتی سرحد کی طرف ہے تو انسٹرکٹر سے کہا میں تمہیں کسی صورت بھارتی سرحد عبورنہیں کرنے دونگا۔
اس کے بعد راشد منہاس نے جہاز کارخ زمین کی جانب موڑدیا اور بھارتی سرحد سے بتیس میل کی دوری پر تباہ ہوگیا۔ پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے جان کی قربانی دے کر طیارے کو دشمن ملک لے جانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشانِ حیدر کا اعزازپانے والےسب سے کم عمرمجاہد ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے راشد منہاس کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ راشد منہاس کی عظیم قربانی ہمت اور لگن کی اعلیٰ روایات کی مظہر ہے، راشد منہاس نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جام شہادت نوش کیا، ان کا جذبہ، وفاداری اور حب الوطنی افواج اورقوم کے لیے لازوال ترغیب کاباعث ہے۔