Tag: Maryam Nawaz

  • پنجاب کی ایئرلائن کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا جارہا ہے: مریم نواز

    پنجاب کی ایئرلائن کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا جارہا ہے: مریم نواز

    لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی ایئر لائن کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل سول ایوی ایشن ڈے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیغام میں کہا کہ ہوا بازی نے دنیا کو ایک گلوبل ویلیج میں بدل دیا ہے، اس سے فاصلے سمٹ گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن، پی آئی اےکو کھویا ہوا مقام واپس دلوانے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، وزیراعظم کی مدبرانہ کوششوں سے پی آئی اے کو یورپ میں فلائٹ آپریشن کی اجازت ملی۔

    مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ معیشت، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ کیلئے ایوی ایشن کا کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت جدید ہوائی سفری سہولیات فراہم کرنےکیلئے پُرعزم ہے جس کے لیے پنجاب کی ایئرلائن کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

  • خستہ حال عمارتوں میں قائم اسکول سیل کرنے کا حکم

    خستہ حال عمارتوں میں قائم اسکول سیل کرنے کا حکم

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر میں اسکول  کی عمارتوں کی چیکنگ اور خستہ حال عمارتوں میں بنے اسکولز سیل کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب بھر میں اسکول بلڈنگز کی چیکنگ کا حکم دیتے ہوئے مخدوش اور خستہ حال عمارتوں میں بنے اسکول سیل کرنے اور اسکولوں میں صفائی کی صورتحال کی بھی چیکنگ کی ہدایت کی۔

    وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ عوامی امور پر نظر ہے، تمام مسائل حل کرنا چاہتے ہیں اور مجھے یقین ہے کچھ سالوں میں یہ شکایات برقرار نہیں رہیں گی میں شاباشی دینے میں کنجوسی نہیں کرتی، چیزوں کو بہتر کرنے کے لیے سخت رویہ اپنانا پڑتا ہے۔

    مریم نواز نے کہا کہ پولیس عوام میں ریلیف اور مجرموں میں خوف کا احساس پیدا کرے، جرائم پیشہ افراد کیخلاف سخت ترین اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنچاب مریم نواز نے مظفر گڑھ کے ڈپٹی کمشنر آفس میں ارکان اسمبلی سے ملاقات کی، ارکان اسمبلی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

  • مریم نواز نے پولیس میں رشوت کے خاتمے کے لیے بڑا اعلان کر دیا

    مریم نواز نے پولیس میں رشوت کے خاتمے کے لیے بڑا اعلان کر دیا

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس میں رشوت کے خاتمے کے لیے یونیفارم کے ساتھ کیم لگا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہیلی کاپٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں رشوت کے خاتمے کے لیے یونیفارم کے ساتھ کیمرا لگا رہے ہیں، کوئی بھی پولیس اہلکار اس یونیفارم کے بغیر ڈیوٹی نہیں کریگا۔

     وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وائس چانسلرز کی تعیناتی پر گورنر کو جس پر اعتراض تھا مسترد کر سکتے تھے، وائس چانسلر کی تعیناتی پر سارا معاملہ پنجاب یونیورسٹی کا ہے، گورنر اپنا وائس چانسلر لگوانا چاہتے ہیں لیکن میرٹ اور شفافیت پر وائس چانسلرز لگائے ہیں۔

     مریم نواز نے کہا کہ ہر کام میرٹ پر کر رہی ہوں، سفارش بہت آتی ہیں ایم این اے ایم پی اے سب ہی سفارش لاتے ہیں لیکن میں کسی کی بھی نہیں سنتی، صبح 9 بجے سے رات 12 بجے تک میں کام کرتی ہوں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کالجز یونیورسٹیز میں منشیات کی روک تھام کے لیے بڑے گینگ پکڑے گئے ہیں، بڑے گینگز اپنے ذاتی جہازوں پر مختلف شکلوں میں منشیات لا کر بیچتے تھے۔

    مریم نواز نے مزید کہا کہ کلینکس آن ویلز سے دیہی جگہوں پر سیکڑوں افراد مستفید ہو رہے ہیں اس کے علاوہ کسان کارڈ اور ٹریکٹر جب لانچ ہوا لاکھوں لوگوں نے فوری اپلائی کیا۔

  • تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری

    تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری

    لاہور: پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کو انعام دینے کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر طلبہ کے ایک ایک ٹیچر کو بھی انعام دیا جائے گا۔

    طلبہ کے لیے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اسٹوڈنٹس اسکالر شپ کی بھی منظوری دے دی ہے، 25 ہزار طلبہ کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی، اور اس مقصد کے لیے سالانہ سوا سو ارب سے زائد کی ادائیگی کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر طالبات کے لیے ٹرانسپورٹ پروگرام کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب کے 60 گرلز کالجز کو پہلے مرحلے میں بسیں دی جائیں گی۔

    پنجاب کے تمام اضلاع میں آئی ٹی حب کے قیام کی بھی منظوری دی گئی ہے، مریم نواز نے آئی ٹی حب کے لیے فوری اقدامات کا حکم دے دیا ہے، انھوں نے لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔

  • ہمیں زندہ قوم بن کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے، مریم نواز

    ہمیں زندہ قوم بن کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے، مریم نواز

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں پاکستان جیسی نعمت سے نوازا ہے، آنے والے وقت میں ملک کی بھاگ دوڑ نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں تمام بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں،کل ارشد ندیم سے ملاقات ہوئی اس کی حوصلہ افزائی کی۔

    انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے، ملک کا نام روشن کرنے سلسلہ جاری رہنا چاہیے، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، نوجوان باصلاحیت ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کیلئے ہم سب کو آواز اٹھانی چاہیے، جنہوں نے ملک کی ترقی میں حصہ ڈالا ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آزادی دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے، ہم سب کو بطور قوم اپنا احتساب کرنا ہے، جو ہوگیا وہ ہوگیا، اب ہمیں آنے والے وقت کی فکر کرنی چاہیے، ملک میں سیاسی استحکام ہوگا تو ملک ترقی کریگا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوانوں نے ملک کیلئے جانیں قربان کیں، پولیس کے جوانوں نے بھی ملک کیلئے جانیں قربان کیں۔ ملک کی خاطر قربانی دینے والوں کو یاد رکھنا چاہیے۔

    پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کا پرتپاک استقبال، قومی پرچموں کی بہار

    پاکستانی قوم میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، ہم سب کو فرد کے بجائے ملک کا سوچنا چاہیے، ہمیں زندہ قوم بن کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔

  • کورین، جاپانی، جرمن، چینی اور عربی لینگویج کورسز متعارف کرانے کی منظوری

    کورین، جاپانی، جرمن، چینی اور عربی لینگویج کورسز متعارف کرانے کی منظوری

    لاہور: پنجاب حکومت نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کے اداروں میں مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز پڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں ٹیوٹا میپنگ پلان کی حتمی شکل کے لیے سفارشات کا جائزہ لیا گیا، مریم نواز نے کہا کہ اقتصادی ترقی، بے روزگاری میں کمی کے لیے ٹیکنیکل کورسز میں جدت وقت کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹیوٹا پراجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کی ہدایت کی، اجلاس میں کورین، جاپانی، جرمن، چینی اور عربی لینگویج کورسز متعارف کرانے کی منظوری دی گئی، اور اسکلڈ جاب کے لیے پنجاب اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹنگ اتھارٹی کے قیام کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔

    اجلاس میں لارج اسکیل کنسٹرکشن ڈویلپرز کے تعاون سے ہیوی مشینری ڈرائیونگ، آپریٹر کورس کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 9 شہروں میں 45 ویلڈنگ ورک شاپس بنانے کی منظوری دے دی۔

    ٹیوٹا میں ہیومن ریسورس کی کمی دور کرنے کے لیے ایک ہزار ملازمین کی بھرتی کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، ٹریننگ مٹیریل کا ماہانہ بجٹ 2 ہزار روپے فی طالب علم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

  • ایران، عراق جانے والے زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، مریم نواز

    ایران، عراق جانے والے زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، مریم نواز

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر نیاز کی فراہمی کو قابل تحسین قرار دے دیا۔

    لاہور میں ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایران اور عراق جانے والے زائرین کو ممکنہ سہولت فراہم کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محرم الحرام میں بہترین سیکیورٹی انتظامات پر متعلقہ حکام کی تعریف بھی کی، انہوں نے کہا کہ بڑے جلوسوں کی ڈرون کے ذریعے مانیٹرنگ سود مند رہی۔

    مریم نواز نے شیخوپورہ واقعے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا، انہوں نے کہا کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند کیے بغیر سیکیورٹی انتظامات بڑی کامیابی ہے۔

    سکھر کی مغوی بچی پریا کماری سے متعلق وزیر داخلہ سندھ کا اہم انکشاف

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور عراق جانے والے زائرین کو ممکنہ سہولت فراہم کریں گے۔

  • مریم نواز نے 10 کلو آٹے کا تھیلا 750 روپے سے مہنگا فروخت ہونے کا نوٹس لے لیا

    مریم نواز نے 10 کلو آٹے کا تھیلا 750 روپے سے مہنگا فروخت ہونے کا نوٹس لے لیا

    لاہور: آٹے کی قیمتوں میں من مانے اضافے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لے لیا، جس کے بعد محکمہ خوراک حرکت میں آ گیا ہے، اور صوبہ بھر میں فلور ملز، ڈیلرز اور پرچوں فروشوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

    پنجاب میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کا سرکاری ریٹ 750 روپے مقرر ہے، جب کہ بازار میں دس کلو آٹے کا تھیلا 100 سے 150 روپے اضافی قیمت میں فروخت ہو رہا ہے۔

    گراں فروشی کے خلاف گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 523 فلور ملز، آٹا ڈیلرز اور ریٹیل شاپس کی چیکنگ کی گئی، گراں فروشی، نامکمل لیبلنگ اور ناقص انتظامات پر 7 لاکھ 20 ہزار کے جرمانے کیے گئے اور متعدد کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔

    لاہور ڈویژن میں 25، فیصل آباد 43، ساہیوال میں 33 مقامات چیک کیے گئے، راولپنڈی ڈویژن میں61، سرگودھا میں 77 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جب کہ ملتان ڈویژن میں 38، بہاولپور 35 اور ڈی جی خان میں 89، گجرات ڈویژن میں 85 جب کہ گوجرانوالہ میں37 مقامات کی چیکنگ ہوئی۔

    ایک بیان میں وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے، وزیر خوراک پنجاب کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو بے نقاب کیا جا رہا ہے۔

  • کھیلوں کے نقصان کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت ہے، کپتان ہاکی ٹیم

    کھیلوں کے نقصان کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت ہے، کپتان ہاکی ٹیم

    لاہور : پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے گزشتہ دور حکومت میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو شدید نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کھیلوں کے شعبے میں ہونے والے نقصانات کا ذمہ دار تحریک انصاف کی گزشتہ حکومت کو ٹھہرا دیا، ان کا کہنا ہے کہ ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس پر پابندی سے کھیلوں کو نقصان ہوا۔

    لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہاکی ٹیم کی رینکنگ میچ ہارنے سے نہیں بلکہ فنڈز کی کمی کے باعث ٹورنامنٹ نہ کھیلنے کی وجہ سے گری، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا تعاون برقرار رہا تو یہی ٹیم عالمی چیمپیئن بنے گی۔

    قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ روز اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی ٹیم سے ملاقات کی اور انہیں شاباش دی۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ایک کھلاڑی کے دور میں کھیلوں کا شعبہ ہی نہیں پورے ملک کے اداروں کو تباہ و برباد کردیا گیا یہ تباہی دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور میں قومی ہاکی ٹیم کو مکمل اونر شپ دینگے، مریم نواز نے قومی ہاکی ٹیم کو تین کروڑ روپے کا چیک بھی دیا۔

    یاد رہے کہ ملائشیا کے شہر ایپواہ میں کھیلے گئے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم نے 5 میچز میں سے 3  میں کامیابی سمیٹی جبکہ دو برابر رہے مگر فائنل میچ میں جاپان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا جانے والا فائنل میچ مقررہ وقت تک 2-2 سے برابر ہوا جس کے بعد اس کا فیصلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جہاں جاپانی ٹیم نے 1-4 سے کامیابی سمیٹی۔

  • مریم نواز کا کمزور نظر اور سماعت والے لاکھوں طلبہ کے لیے بڑا قدم

    مریم نواز کا کمزور نظر اور سماعت والے لاکھوں طلبہ کے لیے بڑا قدم

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے اسکولوں کے کمزور نظر اور سماعت والے لاکھوں طلبہ کے لیے ایک اہم پروجیکٹ کی منظوری دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 7 لاکھ طلبہ کو عینک اور ہیئرنگ ایڈ فراہم کرنے کے پراجیکٹ کی منظوری دے دی ہے، پراجیکٹ کے لیے اے ٹی اسکیل کی جانب سے 500 ملین کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

    اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے معروف ادارے اے ٹی اسکیل کے وفد نے ملاقات کی، جس میں اسکولوں میں انٹرنیٹ سروسز اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اے ٹی اسکیل کے وفد نے کہا مریم نواز کا عوامی خدمت کا وژن قابل تعریف ہے۔

    ملاقات میں ہیلتھ نیوٹریشن و دیگر اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک کی ضرورت پر زور دیا گیا، اسکولوں کے اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا میں عوام کی خدمت کے لیے روایتی طریقے سے ہٹ کر کام کرنا چاہتی ہوں، پنجاب میں آٹزیم کے شکار بچوں کے لیے پہلا سرکاری اسکول لاہور میں قائم ہوگا، غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے نجی اشتراک سے پیکٹ ملک پراجیکٹ شرو ع کر رہے ہیں، لاہور میں مفت ایمرجنسی وائی فائی کی سہولت بھی دوبارہ شروع کر دی۔