Tag: Maryam Nawaz

  • مریم نواز کی کامیابی کیخلاف درخواست کا فیصلہ جاری

    مریم نواز کی کامیابی کیخلاف درخواست کا فیصلہ جاری

    لاہور ہائی کورٹ نے ن لیگ کی رہنما مریم نواز کی عام انتخابات میں کامیابی کے خلاف درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

    انتخابی نتائج کے خلاف درخواست کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی جاتی ہے۔

    عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کا فارم 47مرتب کرتے وقت آراو کے پاس موجود ہونا ضروری نہیں، درخواست گزار الیکشن کمیشن سے رجوع کرسکتا ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن مذکورہ درخواست پر آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔

    جسٹس علی باقر نجفی نے مذکورہ تفصیلی فیصلہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق کی درخواست پرجاری کیا، جس میں این اے 119 لاہور سے مریم نواز کی کامیابی کو چیلنج کیا گیا۔

    قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ میں این اے 119 سے مریم نواز کی کامیابی کے انتخابی نتائج روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں آزاد امیدوارشہزاد فاروق کےوکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز فارم 45 کے مطابق ہار چکی ہیں، ریٹرنگ افسر نے مبینہ طور پر مریم نواز کو فاتح قرار دیا ہے۔

  • مریم نواز کے خلاف الیکشن لڑنے والے شہزاد فاروق گرفتار

    مریم نواز کے خلاف الیکشن لڑنے والے شہزاد فاروق گرفتار

    لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کے خلاف الیکشن لڑنے والے شہزاد فاروق کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے این اے 119 لاہور III سے مریم نواز کے خلاف الیکشن لڑنے والے آزاد امیدوار شہزاد فاروق کو گرفتار کر لیا ہے، شہزاد فاروق اور دیگر 12 افراد آر او دفتر کے باہر انتخابی نتیجے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

    الیکشن 2024 پاکستان: پنجاب اسمبلی کے تمام انتخابی حلقوں کے نتائج کا اعلان

    پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ شہزاد فاروق نے مریم نواز کی کامیابی کو چیلنج کر رکھا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق مریم نواز نے الیکشن میں 83 ہزار 855 ووٹ لیے تھے جب کہ شہزاد فاروق نے 68 ہزار 276 ووٹ لیے تھے۔

  • پی پی 159 : مریم نواز لاہور سے کامیاب

    پی پی 159 : مریم نواز لاہور سے کامیاب

    لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے لاہور سے صوبائی اسمبلی کی نشست جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 159لاہورسے مسلم لیگ ن کی امیدوار مریم نواز نے 23598ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی۔

    غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق ان کے مقابلے میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار میرشرافت علی نے21491ووٹ حاصل کیے۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستند اور تازہ ترین نتائج ناظرین تک پہنچانے کی روایت کو برقرار رکھا ہے، ملک بھر سے اے آر وائی نیوز کو ابتدائی نتائج موصول ہو رہے ہیں۔

  • مہنگائی ایسے ختم کرینگے جیسے لوڈ شیڈنگ کی تھی، مریم نواز

    مہنگائی ایسے ختم کرینگے جیسے لوڈ شیڈنگ کی تھی، مریم نواز

    لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک سے مہنگائی کے اندھیرے ایسے ختم کرینگے جس طرح ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی۔

    لاہور میں ن لیگ کی پنجاب ویمن ونگ کے عہدیداروں سے ملاقات کے موقع پر شعبہ خواتین کے تنظیمی ڈھانچے اور سرگرمیوں کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

    پنجاب ویمن ونگ کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خواتین نے سیاسی و جماعتی تاریخ میں ہمیشہ ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواتین نے ہر سیاسی معرکے میں بہادری، نظریاتی وابستگی کا مظاہرہ کیا، ن لیگ نے خواتین اور نوجوانوں کو سیاست کا ہراول دستہ بنادیا ہے۔

    ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ قائد نوازشریف نے اپنے ہر دور میں خواتین اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کیے، سال 2013سے2018کا نوازشریف کا دور حکومت کم ترین مہنگائی اور ملکی ترقی کا سنہرا دور تھا۔

    اپنی گفتگو میں مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقتدار میں آنے کے بعد پورے پاکستان سے مہنگائی کے اندھیرے ایسے ختم کرینگے جس طرح لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ہوتے ہوئے قوم کو مایوس اور ناامید ہونے کی ضرورت نہیں، یہ مہنگائی گزشتہ چار سال کے پروجیکٹ پی ٹی آئی کی وجہ سے ہوئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت لاڈلے کی خاطر نوازشریف کو نااہل نہ کیا جاتا تو آج مہنگائی نہ ہوتی، قوم آج سوال پوچھے نوازشریف کو اقتدارسے الگ کیوں کیا گیا تھا؟

  • مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز وطن واپس پہنچ گئیں

    مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز وطن واپس پہنچ گئیں

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز وطن واپس پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز دبئی اور سعودی عرب کے دوروں کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئیں، وہ 24 جون کو لاہور سے دبئی روانہ ہوئی تھیں۔

    مریم نواز نے دبئی میں والد نواز شریف کے ہمراہ اہم ملاقاتیں کی تھیں، وہ اپنے والد کے ہمراہ دبئی سے سعودی عرب روانہ ہوئی تھیں، سعودی عرب میں بھی اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتوں میں مریم نواز شریک رہیں۔

    ’’لندن میں آصف زرداری اور نوازشریف کی ملاقات کا امکان‘‘

    واضح رہے کہ مریم نواز کی وطن واپسی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان میں عام انتخابات کا اعلان کر دیا گیا ہے، اور بڑی سیاسی جماعتوں میں اسمبلی کی تحلیل، نگراں حکومت کا قیام اور عام انتخابات کے دیگر اہم امور سے متعلق مشاورت کے لیے بات چیت شروع ہے، اس سلسلے میں دبئی میں موجود آصف علی زرداری جلد لندن کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔

  • 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ زمان پارک میں چھپا بیٹھا ہے، مریم نواز

    9 مئی کا ماسٹر مائنڈ زمان پارک میں چھپا بیٹھا ہے، مریم نواز

    ملتان : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 9مئی کا ماسٹر مائنڈ زمان پارک میں چھپا بیٹھا ہے، واقعہ تکلیف دہ تھا لیکن اچھا ہوا دشمن پہنچان لیا گیا۔

    پنجاب کے شہر شجاع آباد میں مسلم لیگ ن کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ
    ماسٹر مائنڈ کہتا ہے کارکنوں نے ایسا کردیا مجھے کیا پتا، لیڈر تو وہ ہوتا ہے جو اپنی بیٹی کے ساتھ جیل جائے اور کارکنوں پر آنچ نہ آنے دے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس نے سوچا کہ فوج کو جھکا لے گا مگر چال اُلٹی پڑ گئی، فوج کے خلاف بغاوت کے لیے نکلا تھا اب ان سے بات چیت کی بھیک مانگ رہا ہے۔

    نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ کرنل شیرخان کے بھائی نے کہا کہ ان کی یادگار ہمارا اثاثہ تھی اسے بھی جلادیا گیا، جنہوں نے شہداء کی بےحرمتی کی کیا وہ کسی رحم کے مستحق ہیں؟ شہداء کی توہین کرنے والے سن لیں قوم آخر تک تمہارا پیچھا کرے گی، یہ قوم شہداء کی تذلیل کرنے والوں چین سے نہیں رہنے دے گی۔

    مریم نواز نے کہا کہ مشکل وقت میں ایک بھی کارکن نواز شریف کو چھوڑ کرنہیں گیا، ن لیگ کو توڑنے کی کوشش کرنے والوں کی اپنی جماعت ٹوٹ گئی، اب وہ جماعت اتنی سی ہوگئی ہے کہ ایک چنگچی میں پوری آجائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اب اپنی جماعت کا صدر، جنرل سیکرٹری، چیف آرگنائرز، ترجمان اور ووٹر بھی خود ہی ہے، جس کے جہاز میں جماعت آئی تھی اسی کے جہاز میں واپس بھی چلی گئی، وہ کہتا تھا 26سال کی محنت سے جماعت بنائی جو 26منٹ میں کرچی کرچی ہوگئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس نے نوجوانوں کا مستقبل چھین کر ان کے ہاتھوں میں پیٹرول بم پکڑا دیے، تکبر میں بڑے دعوے کیے، کہتا تھا کہ ان کو رلاؤں گا، ن لیگ کو رلانے والا باجماعت دھاڑیں مار کر رورہا ہے۔

    نواز شریف سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کیا نوازشریف نے ایک بار بھی کہا یہ املاک جلادو؟،جو ملک بناتا ہوں وہ ملک جلاسکتا ہے؟ درد تو اسی کو ہوگا جو اس مٹی کا بیٹا ہے، جس نے ایک ایک اینٹ سے ملک تعمیر کیا اسی کو ملک کا درد ہوگا، بڑی دفعہ ظلم کا سامنا کیا لیکن جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب نہیں دی، ہمیشہ جمہوری جدوجہد سے انتقام کا سامنا کیا، جن ہاتھوں نے میٹرو بس بنائی ہو کیا وہ میٹرو بس جلا سکتے ہیں؟ جو ہاتھ ملک تعمیر کر سکتے ہیں وہ ملک نہیں توڑ سکتے۔

  • ٹرمپ سے کشمیر کا سودا کرنے والے کو قوم معاف نہیں کرے گی، مریم نواز

    ٹرمپ سے کشمیر کا سودا کرنے والے کو قوم معاف نہیں کرے گی، مریم نواز

    باغ آزاد کشمیر : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے ساتھ کشمیر کا سودا کرنے والے کو قوم معاف نہیں کریگی۔

    آزاد کشمیر باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بیٹھ کر کشمیر کا سودا کرنے والے شخص کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ جس شخص کے پاس کارکردگی نہ ہو وہی یہ حرکتیں کرتا ہے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو ہمارے جنگی جہازوں کو جلائے کیا وہ ہم میں سے ہوسکتا ہے؟ کوئی کتنا بھی غصے میں ہو، مخالف ہو کوئی اپنے ملک کو آگ نہیں لگا سکتا۔

    جو ہمارے شہداء کی توہین کرتا ہے ہم بھی ان کا احترام نہیں کریں گے، قوم شہداء کی توہین کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنا کر چھوڑے گی۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ نومئی کے واقعات کی وجہ سے شہداء کے ورثاء کی آنکھوں میں آنسو آئے، جس نے شہداء کے ساتھ یہ سلوک کیا وہ جس بنکر میں بھی چھپے قوم اسے کبھی معاف نہیں کرے گی۔

    ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ سال دوہزار اٹھارہ میں دھاندلی سے اقتدار میں آنے والی جماعت آج وہیں واپس چلی گئی جہاں سے آئی تھی۔ نون لیگ کو توڑنے کی خواہش کرنے والوں کی اپنی جماعت کرچی کرچی ہوگئی۔ جو کہتا تھا میں ان کو رُلاؤں گا وہ آج خود صبح و شام رو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسی کی جماعت کا وزیراعظم آزاد کشمیر اس کیخلاف گواہی دے رہا ہے، نواز شریف کے کئی دشمن آئے اور کئی گئے، جو کہتا تھامیں اکیلاہی کافی ہوں، آج اکیلاہی بیٹھا ہے۔

  • نواز شریف اور میرے دل کی آواز ہے کم سے کم اجرت 40 ہزار ہونی چاہیے: مریم نواز

    نواز شریف اور میرے دل کی آواز ہے کم سے کم اجرت 40 ہزار ہونی چاہیے: مریم نواز

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف اور میرے دل کی آواز ہے کم سے کم اجرت 40 ہزار ہونی چاہیے، مزدور کی محنت سے ہی پاکستان ترقی کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مریم نواز لاہور میں یوم مزدور کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کر رہی تھیں، انھوں نے حیرت کا اظہار کیا ’’مجھے پتہ نہیں تھا ن لیگ کا محنت کش وِنگ اتنا متحرک ہے، جس جماعت کا لیبر ونگ اتنا مضبوط ہے اس جماعت کو آنچ نہیں آ سکتی۔‘‘

    مریم نواز نے کہا کم سے کم اجرت 40 ہزارر وپے ہونی چاہیے، مشکل اور سخت معاشی حالات کے باوجود شہباز شریف نے کم سے کم اجرت 35 ہزار مقرر کی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ باہر ممالک میں پاکستانی لگن سے کام کر رہے ہیں لیکن پاکستان میں اتنی صلاحیت ہے کہ باہر جاکر مزدوری کی ضرورت نہ پڑے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ سازشی طریقوں سے اپنے اقتدار کے راستے کھولنا بند کیا جائے، موجودہ حالات کا ذمہ دار صرف خان نہیں بلکہ پورا ٹولہ ہے، عمران خان کے گینگ میں تمام کرپٹ ترین افراد شامل ہیں، اس میں ثاقب نثار اور فیض بھی شامل ہیں۔

    انھوں نے کہا جس نے نواز شریف کو نکالا آج اس کا اپنا بیٹا 1 کروڑ 20 لاکھ رشوت لیتے پکڑا گیا، چور کا بیٹا چور، ابھی یہ ریٹائرڈ ہے سوچیں ثاقب نثار جب کرسی پر تھا کیا کرتا ہوگا، ثاقب نثار کو مخاطب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ’’تم نے ٹکٹ کے 1 کروڑ 20 لاکھ لیے، نواز شریف کو نکالنے کے کتنے لیے؟‘‘

  • ریاست کو پوری قوت سے عمران خان کو روکنا پڑے گا، مریم نواز

    ریاست کو پوری قوت سے عمران خان کو روکنا پڑے گا، مریم نواز

    لاہور: مریم نواز نے کہا ہے کہ ریاست کو پوری قوت سے عمران خان کو روکنا پڑے گا ورنہ ملک غلط ہاتھ میں چلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو لاہور میں لائرز ونگ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے عمران خان پر کڑی تنقید کی۔

    انھوں نے کہا کہ ہم الیکشن سے نہیں ڈر رہے، لڑیں گے اور جیتیں گے لیکن ن لیگ جیت گئی تو کیا گارنٹی ہے کہ وہ الیکشن مان لے گا اورعمران خان جیتا تو کیا گارنٹی ہے وہ دوبارہ اسمبلی نہیں توڑے گا؟

    مریم نواز نے کہا کہ قاسم سوری کی رولنگ پر اسمبلی توڑی گئی، آئین توڑنے والے کو گھر جانے دیا گیا، ہماری حکومت کی بھی کمزوری ہے کہ پٹیشن دائر نہیں کی، اب بھی وقت نہیں گزرا عدالت جائیں۔

    انھوں نے سوال اٹھایا کہ کون ہے جو آج بھی عمران خان کو سپورٹ کر رہا ہے؟ سوری کی رولنگ پر سپریم کورٹ نے مانا کہ آئین توڑا گیا ہے، لیکن سزا کہاں ہے؟

    مریم نواز نے وکلا سے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست سہولت کاروں اور تقرریوں کے گرد گھومتی ہے، کوئی بھی غلط کام اور سہولت کاری سے انکار کر دیں، آپ کی بات میں وزن ہے، آپ ملک کے قانون کے محافظ ہیں۔

  • عمران خان چوہے کی طرح ڈر کر بل میں بیٹھا ہے، مریم نواز

    عمران خان چوہے کی طرح ڈر کر بل میں بیٹھا ہے، مریم نواز

    فیض پور : پاکستان مسلم لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج عمران خان چوہے کی طرح ڈر کربل میں بیٹھا ہے، انہوں نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم والے بابا کو آئینہ دکھارہی ہوں۔

    فیض پور میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان آج ٹی وی پر رو رو کر کہتا ہے کہ مریم نواز کو جلسے کرنے کی آزادی ہے، کیا مریم نواز کو آزادی عمران خان نے پلیٹ میں رکھ کردی تھی؟ وہ منہ پرہاتھ پھیرکر کہتا تھا کہ ان لوگوں کو چھوڑوں گا نہیں، آج عمران خان چوہے کی طرح ڈر کر بل میں بیٹھا ہے، کل عمران خان کو لاہور نے مسترد کیا ہے۔

    مریم نواز نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے گرفتاری نہ دینے پر نواز شریف کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے کبھی کارکنان کو ڈھال نہیں بنایا، وہ اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر لندن سے گرفتاری دینے پاکستان آیا۔

    انہوں نے کہا کہ نوازشریف پر جتنا بھی کڑا وقت آیا ایک دن بھی گھبرا کر چھپا نہیں، مریم نواز نے کارکنان سے پوچھا کہ کیا نوازشریف نے کبھی کہا کہ میں بیمار ہوں اور میری جان کوخطرہ ہے؟ جس پر کارکنان نے کہا کہ کبھی نہیں۔

    اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے رہتے ہیں، لیڈر کی زندگی میں مشکل وقت آتے رہتے ہیں، جو ڈرکر چارپائی کے نیچے چھپ جائے اس کو عمران خان کہتے ہیں، پوچھتی ہوں چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے، جس نے چوری نہیں کی ہوتی تلاشی بھی دیتا ہے اور بیٹی کا حساب بھی دیتا ہے۔

    عمران خان کہتا ہے کہ اس کی جان کوخطرہ ہے اور شام کو ریلی میں نکل جاتا ہے، یہ جان کو کیسا خطرہ ہے کہ عدالت بلاتی ہے تو پیش نہیں ہوتا اور ریلی میں نکل جاتا ہے اور کہتا ہے کہ معذور ہوں میری ٹانگ پر پلاسٹرچڑھا ہوا ہے، میرا باپ ایسا ہوتا تو میں شرم کے مارے کسی کو منہ نہ دکھاتی۔

    سابق چیف جسٹس کے حالیہ بیان پر انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار کہتے ہیں کہ مریم نواز بدتمیزاور بےادب ہے، ڈیم والے بابا کو کہتی ہوں کہ مریم نواز کی تربیت نوازشریف اور کلثوم نواز نے کی ہے، انہوں نے کہا کہ مریم نواز ڈیم والے بابا کو آئینہ دکھارہی ہے، انصاف کے دو معیار ہوں گے تو مریم نواز کبھی خاموش نہیں بیٹھے گی۔

    عام انتخابات کے حوالے سے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن لڑنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں ن لیگ الیکشن لڑنے کیلئے بلکہ جیتنے کیلئے میدان میں اترچکی ہے، ہم بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک نوازشریف کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا ن لیگ ایسا الیکشن کبھی نہیں چاہے گی، نوازشریف ابھی بھی سزائیں بھگت رہاہے اور مجرم عمران خان دندناتا پھررہا ہے،
    ایسےحالات میں الیکشن نہیں ہوں گے پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابرکرو، بےشک پھر صبح الیکشن کرادو۔