Tag: masjid al haram

  • مسجد الحرام: عمرہ زائرین کیلئے دروازے مختص کردیئے گئے

    مسجد الحرام: عمرہ زائرین کیلئے دروازے مختص کردیئے گئے

    رمضان المبارک میں سعودی عرب میں حرمین شریفین امور کی جنرل اتھارٹی کی جانب سے مسجد الحرام کے کچھ دروازے اور ایکسکلیٹرز عمرہ زائرین کے لیے مخصوص کردیئے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے باب ملک فہد، باب العمرہ، باب ملک عبدالعزیز، اور باب السلام عمرہ زائرین کے لیے مختص کیا ہے۔

    اس کے علاوہ عمرہ زائرین دروازہ نمبر 88 کے علاوہ 85 سے 93 تک کسی بھی دروازے سے مسجد الحرام میں داخل ہونے کی سعادت حاصل کرسکتے ہیں، جبکہ اجیاد، شبیکہ اور ملک فہد ایکسکلیٹرز بھی عمرہ زائرین کے لیے مخصوص ہیں۔

    عمرہ زائرین اگر مسجد الحرام کی پہلی منزل تک جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو باب ملک فہد کی لفٹ کے علاوہ شبیکہ اور عثمان پل کو استعمال میں لا سکتے ہیں۔

    دوسری منزل پر الارقم ایکسکلیٹر، باب العمرہ، اجیاد اور المروہ لفٹس کے ذریعے جانا ممکن ہوگا، جبکہ چھت معذور عمرہ زائرین کے لیے مخصوص ہوگی۔

    دوسری جانب سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے پیشگی پرمٹ حاصل کیا جائے۔

    وزات حج کا کہنا ہے کہ رمضان میں عمرہ ادائیگی کو آسان بنانے کے لیے پرمٹ کا سلسلہ بحال رکھا ہے، پیشگی عمرہ پرمٹ حصول کا مقصد عمرہ زائرین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں سے آنے والے عمرہ زائرین کو چاہئے کہ جب پرمٹ کے لیے ’نسک‘ پورٹل پربکنگ کریں تو اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ایسے اوقات کا انتخاب کیا جائے جب مسجد الحرام میں ازدحام نہ ہو۔

    شاہی مہمانوں کا چوتھا گروپ عمرہ ادا کرنے کیلئے مدینہ پہنچ گیا

    زائرین کو چاہئے کہ پرمٹ کے اجرا کے دوران ایسے وقت کا انتخاب کریں جب ازدحام زیادہ نہ ہو۔ پرمٹ حاصل کرنے کے بعد مقررہ وقت کی پابندی کریں۔

  • مسجد الحرام آنے والے زائرین کیلئے خاص ہدایت جاری

    مسجد الحرام آنے والے زائرین کیلئے خاص ہدایت جاری

    مسجد الحرام آنے والے زائرین کیلئے خاص ہدایت جاری کردی گئی ہے، مسجد الحرام کے دروازوں کے نگران سیف السلمی کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں پانی کے کین اور بڑے بیگ اب نہیں لے جائے جاسکیں گی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیف السلمی نے کہا کہ زائرین کو چاہیے کہ وہ ضوابط کا خیال رکھیں تاکہ دیگر عمرہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری نہ اُٹھانا پڑے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کہ تاکہ مسجد الحرام کی انتظامیہ کے پیش نظر عمرہ زائرین کو ہر ممکن آرام و سہولت فراہم کی جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ حرم شریف میں بڑے بیگز اور پانی کے کین لانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، کیونکہ بعض زائرین اپنے ہمراہ بڑے بیگز لاتے ہیں جن کی وجہ سے دوسروں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    السلمی نے کہا کہ مسجد الحرام کے دروازوں پر متعین اہلکاروں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ایسے شخص کو مسجد الحرام میں داخل ہونے کی اجازت ہرگز نہ دیں جن کے ساتھ پانی کے کین یا بڑے سفری بیگ ہوں۔

    دوسری جانب مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے زائرین کی سہولت کے لیے آب زم زم کے کولرز کو مستقل طور پر بھرنے کا خصوصی بندوبست کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین میں آب زم زم کی فراہمی کے شعبے کی انتظامیہ کی جانب سے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ یومیہ بنیاد پر آب زم زم کے ٹینکرز ارسال کرنے کا خصوصی بندوست کیا جاتا ہے۔

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں صرف روضہ الشریفہ کے مختلف مقامات پر آب زم زم کے 10 ہزار کولرز رکھے ہیں جنہیں یومیہ مستقل بنیاد پر بھرا جاتا ہے۔ کارکنان کی جانب سے کولرز میں پانی کم ہوتے ہی دوسرے کولرز سے تبدیل کردیا جاتا ہے۔

    سعودی عرب: کسی بھی جرم کی ویڈیو یا تصویر وائرل کرنے والے ہوشیار۔۔

    مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں یومیہ بنیاد پر آب زم زم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اہلکاروں کی ٹیمیں کام کرتی ہیں جو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ کولرز میں آب زمزم کم نہ ہو۔

  • مسجد الحرام میں بے بی سٹرولر استعمال کرنے کے مقامات کی نشاندہی ؟

    مسجد الحرام میں بے بی سٹرولر استعمال کرنے کے مقامات کی نشاندہی ؟

    مسجد الحرام و مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بے بی سٹرولر استعمال کرنے والے مقامات کی نشاندہی کردی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان مقامات کے بارے میں بھی وضاحت کی گئی ہے جہاں بی بی سٹرولر استعمال نہیں کیے جا سکتے۔

    نگراں ادارے کے مطابق ’بے بی سٹرولر کو بالائی منزلوں کے مطاف میں استعمال کیے جاسکتا ہے۔‘

    کنگ فہد والی توسیع والی عمارت سے بے بی سٹرالر لے جانے کی اجازت ہو گی۔جبکہ صفا اور مروہ کی سعی کے دوران بھی بے بی سٹرولر استعمال کیے جا سکیں گے۔

    سعودی عرب: بغیر پرمٹ ہوٹل کھولنے پر بڑی سزا دینے کا فیصلہ

    نگراں ادارے کے مطابق مطاف اور صفا اور مروہ پر سعی کی کسی بھی منزل پر رش کی صورت میں بے بی سٹرولر لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔اس کے علاوہ مطاف کے صحن میں بے بی سٹرولر لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

  • حج سیزن: مقامات مقدسہ کی دن میں کتنی بار صفائی ہورہی ہے؟

    حج سیزن: مقامات مقدسہ کی دن میں کتنی بار صفائی ہورہی ہے؟

    ریاض: سعودی عرب کے مقامات مقدسہ میں ان دنوں حج کے سیزن میں، ہر مقام کی دن میں کئی بار صفائی کی جارہی ہے اور صحت و صفائی کے اصولوں کو پہلی ترجیح دی جارہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے ماتحت مختلف خدمات انجام دینے والے ادارے نے کہا ہے کہ حج سیزن کے دوران ہر روز چار ہزار صفائی کے کارکن دن میں 10 بار مسجد الحرام کی دھلائی کا کام انجام دے رہے ہیں۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر 4 ہزار سے زیادہ کارکنان اور فیلڈ امور کی نگرانی کے لیے 400 سے زیادہ سعودی انچارج تعینات کیے گئے ہیں، صفائی کارکن ہر روز حرم شریف کی دھلائی دن میں 10 مرتبہ کر رہے ہیں۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ سات ہزار آب زم زم کی بوتلیں زائرین کو فراہم کی جا رہی ہیں، 800 کارکنان مسجد الحرام کے ہر حصے میں جا کر نمازیوں کو آب زم زم کی بوتلیں پیش کر رہے ہیں۔

    ادارے کے مطابق آب زم زم کے 4500 کولر مختلف جگہوں پر رکھے گئے ہیں۔ ان کے ذریعے روزانہ 5 لاکھ لیٹر آب زم زم زائرین کو مہیا کیا جا رہا ہے، ان کولرز کی صفائی اور دھلائی کا کام بھی اچھے طریقے سے ہوتا ہے اور احتیاط برتی جاتی ہے۔

    حرمین شریفین میں مختلف خدمات انجام دینے والے ادارے کے معاون سربراہ محمد الجابری کا کہنا کہ ادارے نے 5 ہزار سادہ ویل چیئر اور تین ہزار الیکٹرک ویل چیئرز کا بندوبست کیا ہے، انہیں تنقل ایپ سے مربوط کر دیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام کے دروازوں پر نمازیوں کے خیر مقدم کے لیے انچارج تعینات کیے گئے ہیں، ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حرم شریف آنے والے زائرین کی آمد و رفت کو منظم کریں اور انہیں مطلوبہ معلومات فراہم کریں۔

    محمد الجابری نے مزید بتایا کہ 11 اسمارٹ روبوٹ جراثیم کش ادویہ کے چھڑکاؤ کا کام کر رہے ہیں۔ ہر روبوٹ خود کار نظام کے تحت 8 گھنٹے اپنا کام انجام دیتا ہے۔

  • مسجد الحرام میں باب ملک عبدالعزیز کے میناروں پر 2 نئے ہلال نصب

    مسجد الحرام میں باب ملک عبدالعزیز کے میناروں پر 2 نئے ہلال نصب

    ریاض: سعودی عرب میں مسجد الحرام میں باب ملک عبد العزیز کے میناروں میں 2 نئے ہلال نصب کر دیے گئے ہیں، یہ کام وزارت خزانہ کے ماتحت ادارہ تعمیرات کے تعاون سے کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں باب ملک عبد العزیز کے میناروں میں 2 نئے ہلال نصب کر دیے گئے۔

    حرمین شریفین انتظامیہ کی ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے بتایا کہ یہ کام وزارت خزانہ کے ماتحت ادارہ تعمیرات کے تعاون سے کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین انتظامیہ کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ اسلامی فن تعمیر خصوصاً مسجد الحرام کی تعمیراتی خصوصیات کو اجاگر کیا جائے۔

    سیکریٹری سربراہ انتظامیہ انجینیئر محمد الوقدانی کا کہنا تھا کہ باب ملک عبد العزیز کے میناروں میں ہلال نصب کرنے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ دونوں میناروں میں نصب کیے جانے والے ہلال عموما اسلامی فن تعمیر اور خصوصاً مسجد الحرام کی قابل دید علامت ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہلال میناروں کے اوپر نصب ہیں، دونوں میناروں کی لمبائی 130 میٹر سے زیادہ ہے۔

    میناروں کے دونوں ہلال کی اونچائی تقریباً 9 میٹر ہے، ہر ہلال سٹینڈ 2 میٹر کا ہے جو کاربن فائبر سے تیار کیا گیا ہے۔

    اس میں جھٹکا برداشت کرنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہوتی ہے، اسے سنہرے گلاس سے مزین کیا گیا ہے جبکہ اندرونی ڈھانچے میں فولاد استعمال ہوا ہے۔

    سیکریٹری سربراہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میناروں کے اوپر ہلال کی تنصیب کے پروگرام کی باقاعدہ منظوری لی گئی تھی۔

  • رمضان المبارک: مسجد الحرام میں اعتکاف کرنے والوں کے لیے ایک اور سہولت

    رمضان المبارک: مسجد الحرام میں اعتکاف کرنے والوں کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں اعتکاف کرنے والوں کی سہولت کے لیے طبی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں رمضان کے دوران اعتکاف کرنے والوں کی سہولت کے لیے 100 ڈاکٹروں کا انتظام کیا ہے۔

    طبی عملہ 24 گھنٹے اعتکاف کرنے والوں کی صحت و سلامتی کے حوالے سے اپنی خدمات فراہم کرے گا۔

    حرمین شریفین انتظامیہ نے اعتکاف کرنے والوں کے لیے 70 آن لائن سروسز اور 9 سمارٹ ہیلتھ ایپس کا انتظام کیا ہے۔

    حرمین شریفین انتظامیہ رمضان کے دوران روزانہ 5 لاکھ لیٹر آب زم زم فراہم کرے گی، زم زم کے کولر مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں جگہ جگہ رکھے جائیں گے، سبیلیں بھی ہوں گی۔

    مسجد الحرام میں روبوٹ بھی زائرین کی خدمت پر مامور ہوں گے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین خصوصاً اعتکاف کرنے والوں کو مذہبی استفسارات کے جواب فراہم کرنے کے لیے ایپس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

    اعتکاف کرنے والوں کے لیے مسجد الحرام میں تہہ خانے میں اعتکاف کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • مسجد الحرام میں عصر کی اذان کے دوران بارش، روح پرور مناظر کی ویڈیو

    مسجد الحرام میں عصر کی اذان کے دوران بارش، روح پرور مناظر کی ویڈیو

    مکہ مکرمہ: بارش عین اس وقت شروع ہوئی جب نماز عصر کی اذان شروع ہوئی، جبکہ اس دوران بارش کے باوجود عمرہ زائرین خانہ کعبہ کے طواف اور صفا اور مروہ کی سعی میں مصروف رہے۔

    حرمین شریفین کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مکہ مکرمہ میں عصر کی اذان کے دوروان بارش ہوئی، اس دوران مسجد الحرام میں عمرہ زائرین نے بارش میں ہی طواف کیا۔

    دوسری جانب بارش شروع ہونے کے بعد انتظامیہ فوری حرکت میں آئی اور زائرین کو بارش کے دوران مسائل سے بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خانہ کعبہ کے اطراف انتظامات کیے گئے۔

    جبکہ دوسری جانب سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔

  • عازمین حج کو گرمی سے بچانے کے لیے پھوار والے دیوہیکل پنکھے نصب

    عازمین حج کو گرمی سے بچانے کے لیے پھوار والے دیوہیکل پنکھے نصب

    ریاض: حج 2022 کے دوران موسم گرما کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید انتظامات کیے گئے ہیں، مسجد الحرام اور اس کے صحنوں میں ڈھائی سو دیو ہیکل پھوار والے پنکھے نصب کردیے گئے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حج پر آنے والوں کی خاطر مسجد الحرام اور اس کے صحنوں کی آب و ہوا خوشگوار بنانے کے لیے 250 دیو ہیکل پھوار والے پنکھے نصب کردیے ہیں، ان سے پانی کی پھوار چھوڑی جاتی ہے تاکہ گرمی کی شدت کم ہو۔

    پھوار چھوڑنے والے دیو ہیکل پنکھوں کی بدولت حرم شریف اور اس کے صحنوں کا درجہ حرارت کم ہو جاتا ہے جبکہ سورج کی تپش بھی کم ہو جاتی ہے۔

    پھوار والے پنکھے حرم شریف میں مختلف مقامات پر نصب کیے گئے ہیں جس کے ذریعے پریشر کے ساتھ پانی چھوڑا جاتا ہے، ہر پنکھے کا دہانہ 2 سے 1 مائیکرو تک حجم کا ہے، اس سے پانی پھوار کی شکل میں نکلتا ہے۔

    پنکھے مسجد الحرام کے صحنوں میں لگائے گئے ہیں جو فرش سے 4 میٹر اونچائی پر اور 38 انچ قطر کے ہیں، ہوا کے ساتھ پانی چھوڑنے کی رفتار سی ایم ایف 11 سو تک پہنچ جاتی ہے۔

    ہر پنکھا 10 میٹر کے رقبے میں پھوار پھینکتا ہے، یہ پنکھے پانچوں فرض نمازوں، صحن حرم میں اژدہام اور درجہ حرارت بڑھ جانے پر کھولے جاتے ہیں۔

  • مسجد الحرام میں مزید روبوٹس کی خدمات حاصل کر لی گئیں

    مسجد الحرام میں مزید روبوٹس کی خدمات حاصل کر لی گئیں

    مکہ: مسجد الحرام میں سینیٹائزنگ کے لیے مزید 10 روبوٹس کی خدمات حاصل کر لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں مزید دس روبوٹ فراہم کیے ہیں، یہ روبوٹس خود کار پروگرام کے تحت مسجد کے مختلف حصوں کو سینیٹائز کر رہے ہیں۔

    مسجد الحرام میں وباؤں کے انسداد اور ماحولیاتی تحفظ ادارے کے ڈائریکٹر حسن السویھری نے بتایا کہ روبوٹ سے زائرین کو کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوگا، ان کی کارکردگی اور معیار بہترین ہے۔

    یہ روبوٹ بیٹری سے چارج ہوتے ہیں، ایک روبوٹ انسانی مداخلت کے بغیر 5 سے 8 گھنٹے تک ڈیوٹی انجام دیتا ہے، اور ان سے کام لینا بھی آسان ہے، ہر روبوٹ میں 23.8 لیٹر سینیٹائزنگ مواد موجود ہوتا ہے، یہ فی گھنٹہ 2 لیٹر استعمال کر کے 600 مربع میٹر کے دائرے میں بیکٹیریا کا خاتمہ کر دیتے ہیں۔

    ان روبوٹس میں کیمرے نصب کیے گئے ہیں، اور یہ 192.64 ڈگری تک سامنے کے زاویے کی نشان دہی کر کے اس پر کام کرتے ہیں، یہ اسمارٹ روبوٹس یورپ سے (سی ای) اسٹینڈرڈ کے حامل ہیں۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ ان روبوٹس کا بنیادی مقصد عمرہ زائرین اور نمازیوں کو کرونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنا اور وباؤں کا خاتمہ ہے۔

  • مسجد الحرام میں نصب رہنما ٹچ اسکرینز کو بند کر دیا گیا

    مسجد الحرام میں نصب رہنما ٹچ اسکرینز کو بند کر دیا گیا

    ریاض: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں نصب تمام رہنما ٹچ اسکرینز کو وقتی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں نصب تمام ٹچ اسکرینز کو وقتی طور پر بند کر دیا گیا ہے، یہ اقدام کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام میں نصب یہ رہنما اسکرینز رہنمائی اور معلومات کے لیے داخلی راستوں اور مختلف مقامات پر نصب ہیں۔

    سعودی عرب کے دونوں مقدس شہروں میں موجود مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے معاملات کی جنرل پریذیڈنسی اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دونوں مساجد میں آنے والے زائرین کی صحت کی حفاظت کے طور پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

    محکمہ کے ڈائریکٹر علی بن حمید النافعی کے مطابق انتہائی مہلک وائرس کو محدود کرنے اور زائرین کے لیے پرامن ماحول رکھنے کے لیے یہ احتیاطی تدبیر اپنائی گئی ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ نصب اسکرین پر نظر آنے والی ہدایات اور معلومات کو ریموٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا۔

    دونوں مساجد کی جنرل پریذیڈنسی نے کارکنوں کے لیے فنگر پرنٹس کے ذریعے شناخت کا عمل بھی وقتی طور پر معطل کر دیا ہے۔