Tag: Mask

  • مسافر کی عجیب حرکت، امریکی جہاز کو فضا میں واپس موڑ لیا گیا

    مسافر کی عجیب حرکت، امریکی جہاز کو فضا میں واپس موڑ لیا گیا

    میامی: امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے لندن جانے والی ایک پرواز میں مسافر نے ماسک پہننے سے انکار کر دیا، جس پر طیارے کو فضا میں واپس میامی ایئرپورٹ کی جانب موڑنا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کی رات کو امریکی ایئر لائن کے جہاز میں سوار مسافر کی جانب سے کرونا کا حفاظتی ماسک پہننے سے انکار پر آدھے راستے میں ہی جہاز کو واپس موڑ لیا گیا، جمعرات کو ایئر لائن حکام نے بتایا کہ پرواز میامی سے لندن جا رہی تھی، تاہم اس دوران ایک مسافر نے ماسک پہننے کا ضابطہ ماننے سے انکار کر دیا۔

    دوران پرواز مسافر کی جانب سے بدمزگی پیدا ہونے پر جب معاملہ حل نہ ہوا تو پائلٹ کو مجبوراً جہاز کو واپس میامی لے جانا پڑ گیا، 129 مسافروں اور 14 عملے کے ارکان کو لے کر روانہ ہونے والے بوئنگ 777 جب واپس ایئر پورٹ آئی تو پولیس پہلے سے وہاں پہنچ چکی تھی۔

    امریکی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے بعد اس مسافر کو ان لوگوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جن کے ہوائی سفر پر پابندی عائد ہے۔

    ایئر لائن نے بتایا کہ طیارہ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گیا تھا، جہاں پولیس پہلے سے موجود تھی، تاہم پولیس نے مذکورہ مسافر جو 40 سالہ ایک خاتون تھیں، کو گرفتار نہیں کیا۔

    طیارے کی واپسی سے قبل اسے فضا میں ڈیڑھ گھنٹا ہو چکا تھا، مسافروں کا وقت ضایع ہونے پر ایئرلائن کو ان سے معافی بھی مانگنی پڑی۔

    وفاقی ہوا بازی کی انتظامیہ نے جنوری 2021 میں کہا تھا کہ ایسے کسی بھی عمل کو قطعی برداشت نہیں جو وبا سے بچاؤ کے ضوابط کے خلاف ہو اور ان میں ماسک پہننا لازمی ہے۔ یہ قدم ان بے شمار واقعات کے بعد اٹھایا گیا تھا جن میں مسافروں نے ماسک پہننے سے انکار کیا تھا، جس پر لڑائی جھگڑے بھی ہوئے تھے۔

  • دل کی دھڑکن کو مانیٹر کرنے والا فیس ماسک

    دل کی دھڑکن کو مانیٹر کرنے والا فیس ماسک

    کرونا وائرس کی وجہ سے مختلف اقسام کے ماسک ہماری روز مرہ کی ضرورت بن چکے ہیں اور اب ماہرین اس میں نئی نئی تبدیلیاں کر رہے ہیں۔

    امریکا کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایک ایسا اسمارٹ فیس ماسک تیار کیا ہے جو کئی طرح کا طبی ڈیٹا ٹریک کرسکے گا۔

    فیس بٹ نامی اس این 95 ماسک کے اندر ایک سنسر نصب ہے جو متعدد طرح کے طبی ڈیٹا کی جانچ کرتا ہے۔

    یہ سنسر سر کی حرکت کے ساتھ خون پمپ ہونے سے دل کی دھڑکن کی جانچ پڑتال کرتا ہے، جبکہ ماسک سے سانس لیک ہونے یا ناقص فٹنگ سے بھی آگاہ کرتا ہے۔

    اس طرح یہ سنسر متعدد عوارض کو شناخت کرنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔ دل اور سانس کے ڈیٹا سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ آپ تناؤ کا شکار تو نہیں یا آپ کو کام سے وقفے کی ضرورت ہے۔

    اس ماسک میں موجود سنسر کو چارج نہیں کیا جا سکتا، حالانکہ پروٹو ٹائپ ماڈل میں بیٹری موجود ہے مگر سنسر سانس کی طاقت، حرارت، حرکت اور سورج سے ماسک کی زندگی کو 11 دن تک بڑھا سکتا ہے۔

    ماہرین بتدریج اس ماسک کو بیٹری فری بنانا چاہتے ہیں۔ ابھی یہ ماسک کلینکل ٹرائلز اور دیگر ٹیسٹوں سے گزارا جارہا ہے جس کے بعد اسے مارکیٹ میں پیش کردیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: ماسک نہ لگانے پر جرمانے میں بڑا اضافہ

    سعودی عرب: ماسک نہ لگانے پر جرمانے میں بڑا اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں صحت حکام نے فیس ماسک نہ پہننے پر جرمانے میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے جرمانے بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے، فیس ماسک کے استعمال کو از سرنو متعارف کراتے ہوئے حکام نے خبردار کیا ہے کہ ماسک نہ لگانے والوں پر کم از کم 1000 ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    سعودی وزارت داخلہ کے مطابق عوامی مقامات پر جو شہری بغیر ماسک کے نظر آئیں گے ان پر ایک ہزار سعودی ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا، پاکستانی کرنسی میں یہ رقم 50 ہزار روپے کے قریب بنتی ہے۔

    حکام کے مطابق ماسک کی دوبارہ خلاف ورزی زیادہ نقصان دہ ثابت ہوگی، اور دوسری بار ماسک نہ پہننے پر جرمانہ دگنا کر دیا جائے گا اور یوں یہ جرمانہ ایک لاکھ ریال تک جا سکتا ہے۔

    سعودی وزارت داخلہ کے مطابق پورے ملک میں تمام بند اور کھلے مقامات پر ماسک پہننے اور سماجی فاصلے کے ایس او پیز پر عمل ضروری ہے، وزارت کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے حرمین شریفین سمیت تمام تجارتی اداروں میں ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی پر عمل در آمد شروع کر دیا گیا ہے۔

  • ایک ہی ماسک بار بار استعمال کرنے سے کیا ہو سکتا ہے؟

    ایک ہی ماسک بار بار استعمال کرنے سے کیا ہو سکتا ہے؟

    اگر آپ ایک ہی فیس ماسک بار بار استعمال کریں گے تو کیا ہوگا؟ کیا آپ کو اندازہ ہے کہ آپ کئی قسم کی بیماریوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں؟

    ماہرین کہتے ہیں کہ وہ افراد جنھوں نے کرونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوا لی ہے، انھیں بھی انفیکشن کے حوالے سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے، اور انھیں اپنی ویکسینیشن کی تمام ڈوزز لگوانی چاہیئں، تاکہ اس بیماری سے سب لوگ یکساں طور پر بچ سکیں۔

    ماسک کے استعمال کے حوالے سے بھی ماہرین مسلسل اہم ہدایات دیتے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اگر دھوئے بغیر ماسک بار بار استعمال ہو، تو آپ جِلد کی کن بیماریوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔

    الرجی: ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ دیر تک ایک ہی ماسک لگانے سے آپ جِلد کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں، ان میں الرجی بھی شامل ہے، یعنی چہرے کی جلد میں خارش وغیرہ شروع ہو سکتی ہے یا آنکھوں سے یا ناک سے پانی بہنے کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔

    ماسکن: Maskne کو جلد کی عام بیماریوں میں شمار کیا جاتا ہے، ایک ہی ماسک کے بار بار استعمال سے آپ کی جِلد جلن اور کیل مہاسے جیسے مسائل کا شکار ہو سکتی ہے۔

    انفیکشن: ایک ہی ماسک زیادہ دنوں تک استعمال کرنے سے انفیکشن ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

    بلیک فنگس: ڈاکٹرز نے خبردار کیا ہے کہ ماسک بلیک فنگس ہونے کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔

    اس لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ سرجیکل ماسک کو ایک بار استعمال کرنے کہ بعد اسے ضائع کر دیا جائے، جب کہ روئی یا کپڑے سے بنائے ہوئے ماسک کو دھوکر پھر سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

  • مائیک اور لائٹس سے سجا چارج ہونے والا فیس ماسک

    مائیک اور لائٹس سے سجا چارج ہونے والا فیس ماسک

    معروف کمپنی ریزر نے لاس ویگاس میں سی ای ایس ٹیکنالوجی نمائش کے دوران ایک کانسیپٹ فیس ماسک متعارف کروایا ہے، اس وقت فیس ماسک کو پراجیکٹ ہیزل کا نام دیا گیا تھا اور اب اسے کمرشل پراڈکٹ کی شکل دینے میں مزید پیشرفت ہوئی ہے۔

    کمپنی کی جانب سے اس فیس ماسک کو ریزر زیفر کا نام دیا گیا ہے اور لوگ اسے ٹیسٹ کرنے کے لیے سائن اپ ہوسکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ فیس ماسک جراثیموں کو فلٹر کرنے کے لیے 99 فیصد تک مؤثر ہے اور یہ رواں سال کے آخر تک دستیاب ہوگا۔

    اس فیس ماسک کے مزید فیچرز تو کمپنی کی جانب سے نہیں بتائے گئے مگر جنوری میں اس نے بتایا تھا کہ ماسک میں ایک ایکٹیو وینٹی لیشن جز دیا گیا ہے جو تازہ ہوا میں سانس لینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

    یہ فیس ماسک اپنی شکل بدل کر شفاف بھی ہوجاتا ہے تاکہ دیگر افراد آپ کا منہ بھی دیکھ سکیں۔ اس ماسک میں بلٹ ان مائیک اور ایمپلی فائر موجود ہے تاکہ بات کرنے کے دوران آواز کا معیار متاثر نہ ہوسکے۔

    اس فیس ماسک میں آر جی بی ریڈ لائٹس بھی دی گئی ہیں، جو ماسک کو چارج کرتے ہوئے جگمگانے لگتی ہیں یا اس وقت مدھم ہوجاتی ہیں جب ماسک سے منہ کو ڈھانپا نہ جائے۔

    اس ماسک کے ساتھ ایک خاص کیس بھی چارجنگ کے لیے دیا جائے گا اور اسی میں الٹرا وائلٹ ٹیکنالوجی سے اس کی صفائی بھی ہوگی۔

    کمپنی کا کہنا تھا کہ ماسک میں لگے وینٹی لیٹر پورے دن تک کام کرسکتے ہیں اور کئی ہفتوں تک لگاتار استعمال کرکے نئے فلٹر کو آسانی سے لگایا جاسکتا ہے۔

  • ماسک پہننے سے کرونا وائرس سے کس حد تک تحفظ مل سکتا ہے؟

    ماسک پہننے سے کرونا وائرس سے کس حد تک تحفظ مل سکتا ہے؟

    یہ بات تو ثابت ہوچکی ہے کہ ماسک پہننا کرونا وائرس سے خاصی حد تک تحفظ دے سکتا ہے تاہم اب اس حوالے سے ایک اور تحقیق کے حیران کن نتائج سامنے آئے ہیں۔

    حال ہی میں امریکا میں ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ سماجی دوری اور فیس ماسک پہننے سے کسی آبادی میں کم از کم 60 فیصد تک کرونا وائرس کے کیسز کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔

    نیویارک یونیورسٹی اور اٹلی کے پولیٹیکنو ڈی ٹورینو کی مشترکہ تحقیق میں فیس ماسک اور سماجی دوری کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

    اس سے قبل یہ تو واضح ہوچکا تھا کہ فیس ماسک پہننا اور سماجی دوری سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کی جاسکتی ہے مگر دونوں کے امتزاج کی افادیت درست طور پر معلوم نہیں تھی۔

    تحقیق کے دوران ایک ماڈل تیار کر کے دونوں احتیاطی تدابیر کے امتزاج کی افادیت کو جانچا گیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سماجی دوری یا فیس ماسک تنہا کووڈ 19 کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے کافی نہیں ماسوائے اس صورت میں جب کسی جگہ کے تمام افراد کسی ایک تدبیر پر عمل کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تاہم کسی آبادی کا بڑا حصہ دونوں احتیاطی اقدامات پر عمل کریں تو وائرس کے پھیلاؤ کو بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن کے بغیر روکا جاسکتا ہے۔

    تحقیق کے لیے تیار کردہ ماڈل لوگوں کے درمیان رابطوں کے مختلف طریقوں پر مبنی تھا۔ ماڈل کی افادیت جاننے کے لیے ماہرین نے ڈیٹا کو اکٹھا کیا اور اس کا تجزیہ امریکا کی تمام ریاستوں کی آبادی کی شرح سے جولائی سے دسمبر 2020 کے دوران کیا۔

    نتائج سے معلوم ہوا کہ دونوں احتیاطی اقدامات کا امتزاج ہی وبا کی روک تھام میں مؤثر ثابت ہوتا ہے اور عوامی صحت کے لیے اس پر بڑے پیمانے پر عملدر آمد ہونا چاہیئے۔

    شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا کہ فیس ماسکس اور سماجی دوری سے اموات کی شرح میں کمی آتی ہے۔

  • ماسک نہ پہننے والے جوڑے کے ساتھ طیارے کے مسافروں نے کیا کیا؟

    ماسک نہ پہننے والے جوڑے کے ساتھ طیارے کے مسافروں نے کیا کیا؟

    کرونا وائرس کی وبا کے دوران کچھ چیزیں ہماری زندگی کا اہم حصہ بن گئی ہیں جن میں سے ایک ماسک پہننا بھی ہے، تاہم اب بھی کچھ افراد ماسک نہ پہننے پر بضد رہتے ہیں اور اپنی اور دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔

    ایسے افراد کی وجہ سے ان کے ارد گرد کے لوگ بھی پریشانی کا شکار رہتے ہیں اور ان کی وجہ سے ناخوشگوار واقعات بھی پیش آتے ہیں، ایسے ہی ایک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو ایک طیارے کی ہے جہاں فلائٹ کا عملہ ایک جوڑے سے ماسک پہننے کی درخواست کر رہا ہے، تاہم مرد و عورت دونوں ہی ماسک پہننے سے انکاری ہیں۔

    اس موقع پر خاتون چیختی چلاتی بھی ہیں جبکہ مرد بھی عملے سے بحث کرتا دکھائی دیتا ہے، لیکن عملہ ماسک پہننے کا اصرار جاری رکھتا ہے۔

    بالآخر جوڑا اٹھ کھڑا ہوتا ہے اور باہر جانے کے لیے اپنا سامان نکالتا دکھائی دیتا ہے۔

    اس موقع پر طیارے میں بیٹھے دیگر افراد خوشی سے تالیاں بجاتے ہیں اور عملے کو سراہتے ہیں، جوڑے کے نیچے اتر جانے کے بعد ایک فلائٹ اٹینڈنٹ مسرور ہو کر رقص بھی کرتی ہے جس پر طیارہ دوبارہ تالیوں سے گونج اٹھتا ہے۔

    اس ویڈیو کو پہلے ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کیا گیا بعد ازاں یوٹیوب پر بھی شیئر کردیا گیا جہاں اسے لاکھوں افراد نے دیکھا۔ صارفین نے فلائٹ کریو کی ذمہ داری اور فرض شناسی کی بے حد تعریف کی۔

  • کسٹمر کے ماسک نہ پہننے پر ویٹرس نے کیا کیا؟ عجیب واقعہ

    کسٹمر کے ماسک نہ پہننے پر ویٹرس نے کیا کیا؟ عجیب واقعہ

    کرونا وائرس کی وبا کے دوران ماسک پہننا اور 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا زندگی کا معمول بن گیا ہے تاہم وبا کی ہلاکت خیزی کے باوجود اب بھی کچھ افراد ایسے ہیں جو ان اقدامات کو اپنانے سے گریزاں ہیں۔

    امریکا میں ایسی ہی ایک خاتون ریستوران میں داخلے پر ماسک پہننے سے انکار کرتی رہیں جس پر ویٹرس غصے سے اپنی ملازمت چھوڑ کر وہاں سے چلی گئی۔

    اس واقعے کی ویڈیو ٹک ٹاک پر شیئر کی گئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریستوران میں ایک جوڑا داخل ہوا جس پر ویٹرس نے انہیں روک لیا اور خاتون سے کہا کہ ماسک پہنے بغیر اندر جانے کی اجازت نہیں۔

    خاتون نے اصرار کیا کہ وہ دیگر افراد سے 5 فٹ کا فاصلہ رکھے ہوئے ہیں، لہٰذا بظاہر انہیں ماسک پہننے کی ضرورت نہیں۔

    ویٹرس نے کہا کہ وہ مینیجر کو بلا کر لا رہی ہیں، مذکورہ خاتون نے مینیجر سے بھی یہی کہا اور ان سے بحث و تکرار کرتی رہیں۔

    اس بحث و تکرار کے دوران ویٹرس غصے میں آگئیں اور چلانے لگیں، انہوں نے خاتون سے کہا کہ ان جیسے لوگوں کی وجہ سے دیگر افراد کا باہر نکلنا اور ملازمت کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

    اس کے بعد انہوں نے کہا کہ انہیں یہاں ملازمت کی معقول اجرت نہیں ملتی جس کے بعد اپنا ایپرن اور کیپ اتار کر پٹخا اور ملازمت چھوڑنے کا اعلان کر کے غصے سے باہر چلی گئیں۔

    ان کے جانے کے بعد خاتون نے بالآخر ماسک پہن لیا۔ ویٹرس کے اس ردعمل نے وہاں موجود لوگوں کو حیران و پریشان کردیا۔

    سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد نے اس ویڈیو کو دیکھا اور ویٹرس کے رویے کو درست قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ویٹرس اپنا کام کر رہی تھی لیکن مذکورہ کسٹمر جیسے افراد ان کی زندگیوں کو مشکل بنا رہے ہیں۔

  • ماسک پہننے کی تاکید پر طیارے کا مسافر آپے سے باہر ہوگیا

    ماسک پہننے کی تاکید پر طیارے کا مسافر آپے سے باہر ہوگیا

    برطانیہ میں ایک مسافر دوران سفر ماسک پہننے کی تاکید پر اس قدر سیخ پا ہوا کہ فلائٹ اٹینڈنٹ کو ٹکر دے ماری، طیارہ لینڈ ہونے پر مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔

    کرونا وائرس کی وبا کے آغاز سے ماسک پہننے کو اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے نہایت ضروری قرار دیا گیا ہے، تاہم کچھ افراد غیر ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے نہ صرف ماسک پہننے سے گریز کرتے ہیں بلکہ اس کی تاکید کیے جانے پر پرتشدد ہوجاتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک واقعہ آئر لینڈ کی ریان ایئر کی فلائٹ میں پیش آیا جو انگلینڈ کے شہر مانچسٹر جارہی تھی۔

    25 سالہ مسافر ڈینیئل ہینڈری کو فلائٹ اٹینڈنٹ کی جانب سے ماسک پہننے کی تاکید کی گئی تو شراب کے نشے میں بدمست شخص ہتھے سے اکھڑ گیا، ڈینیئل نے پہلے اشتعال انگیز نازی سیلیوٹ کیا اس کے بعد فلائٹ اٹینڈنٹ کو ٹکر دے ماری۔

    اس دوران ڈینیئل نازیبا زبان کا بھی استعمال کرتا رہا جبکہ ایک ایئر ہوسٹس کا بازو بھی پکڑ کر کھینچا، اس کی حرکتوں سے طیارے میں خوف کی فضا پیدا ہوگئی۔

    کچھ دیر بعد طیارہ جیسے ہی اپنی منزل مانچسٹر ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا اسے گرفتار کرلیا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مسافر نے طیارے میں بے چینی پیدا کردی جس کی وجہ سے پائلٹ نے طیارے کی رفتار بڑھا دی اور مقرر کردہ وقت سے 25 منٹ پہلے لینڈ کرگیا، یہ کسی حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

  • امریکا میں کرونا وائرس کب تک برقرار رہے گا؟

    امریکا میں کرونا وائرس کب تک برقرار رہے گا؟

    واشنگٹن: امریکی ماہر وبائی امراض ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ امریکی شہریوں کو سنہ 2022 میں بھی ماسک استعمال کرنا پڑے، امریکا میں اب تک کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 5 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی ماہر وبائی امراض ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ امریکی شہریوں کو سنہ 2022 میں بھی ماسک پہننا ہوگا۔

    ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ ماسک پہننا یا نہ پہننا اس وقت کے حالات پر منحصر ہوگا، وہ صدر جو بائیڈن سے اس بات پر متفق ہیں کہ اس برس کے آخر تک حالات نارمل ہوجائیں گے۔

    یاد رہے کہ امریکا اس وقت کرونا وائرس سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، امریکا میں اب تک کرونا وائرس سے 5 لاکھ 12 ہزار 590 اموات ہوچکی ہیں جبکہ ایک سال میں 2 کروڑ 88 لاکھ سے زائد امریکی شہری اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

    ملک میں فعال کیسز کی تعداد 91 لاکھ 99 ہزار ہے جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 1 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔