Tag: Massage

  • یوم دفاعِ پاکستان ہماری تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے، پرویز خٹک

    یوم دفاعِ پاکستان ہماری تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے، پرویز خٹک

    اسلام آباد : وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 6ستمبر 1965کو پوری قوم اور مسلح افواج نے دشمن کو ناقابل فراموش سبق سکھایا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم دفاعِ پاکستان ہماری تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور ہماری بہترین قومی یکجہتی کا عکاس ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور مسلح افواج نے دشمن کو ناقابل فراموش سبق سکھایا، قوم کے بیٹوں نے تمام محاذوں پر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

    پرویز خٹک نے اپنے جاری پیغام مں کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی بھارتی جبر سے نجات حاصل کیلئے ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں عالمی برادری کو بھی کشمیریوں پر بھارتی فوج کے ظلم و تشدد کی نئی لہر کا نوٹس لینا چاہیے۔

    پرویزخٹک نے مزید کہا کہ پاکستان بھارتی فوج کی بربریت کے شکار کشمیریوں کے حق خودارادیت کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

  • بورس جانسن کی برطرفی کا مطالبہ، لارڈ شیخ کو دھمکی آمیز کالز موصول

    بورس جانسن کی برطرفی کا مطالبہ، لارڈ شیخ کو دھمکی آمیز کالز موصول

    لندن : کنزرویٹو پارٹی مسلم فوررم کے بانی لارڈ شیخ نے کہا ہے کہ بورس جانسن کی پارٹی سے برطرفی کے مطالبے پر اسلام فوبیا میں مبتلا افراد کے بدسلوکی پر مبنی فون اور پیغامات موصول ہورہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے مسلم فورم کے بانی لارڈ شیخ نے کہا ہے کہ مسلمان خواتین کی توہین کرنے پر برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن پر تنقید کرنے کے بعد بدسلوکی پر مبنی فون کالز اور میسجز موصول ہورہے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم فورم کے بانی لارڈ شیخ نے بتایا کہ بورس جانسن کو پارٹی سے برطرف کرنے کا مطالبہ کرنے کے بعد سے اسلام فوبیا میں مبتلا افراد کی جانب سے شدت پسندی پر منحصر دھمکی آمیز پیغامات اور فون کالز موصول ہورہی ہیں۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن نے اپنے کالم میں کہا تھا کہ مسلمان خواتین برقعہ پہن کر ’لیٹر بُکس‘ اور بینک چوروں کی طرح لگتی ہیں۔ جس کے بعد بورس جانسن کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    دوسری جانب دنیا کے معروف ترین مزاحیہ اداکار روون اٹکنسن (مسٹر بین) نے بورس جانسن کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جانسن کا بیان ایک اچھا لطیفہ ہے‘ جس پر انہیں معافی مانگنے کی ضرورت نہیں ہے۔

    برطانوی اداکار مسٹر بین نے غیر ملکی خبر رساں ادارے ’ٹائمز نیوز پیپرز‘  کو ارسال کیے گئے خط میں تحریر کیا کہ سابق وزیر خارجہ کو مذہب کی تضحیک کرنے پر ’معافی مانگنے کی ضرورت نہیں‘ کیوں کہ انہیں کسی بھی مذہب کا مذاق اڑانے کا حق حاصل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کو بورس جانسن کے حوالے سے درجنوں شکایات موصول ہوچکی ہیں، جس میں بورس جانسن سے معافی اور ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بورس جونسن اپنے بیان پر ڈٹے ہوئے ہیں اور انھوں نے معافی مانگنے سے بھی انکار کردیا ہے۔

    بورس جونسن نے ڈنمارک کی جانب سے سڑکوں پر برقعہ یا نقاب اوڑھنے پر جرمانہ عائد کرنے کو غلط اور باپردہ مسلمان خواتین کو لیٹر باکس سے تشبیہہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا موازنا بینک لوٹنے والوں اور باغی نوجوانوں سے کیا جاسکتا ہے۔

  • کوئٹہ دھماکے کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، آصف زرداری

    کوئٹہ دھماکے کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، آصف زرداری

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پاکستان کے70ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے،

    ان خیالات کااظہار انہوں نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے ایک جاری بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سانحے میں ملک کیلئے اپنی جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دشمن نے یوم آزادی کے موقع پر کوئٹہ میں پھر حملہ کیا، کوئٹہ حملےمیں بہادر فوجی اور شہری شہید ہوئے، کوئٹہ دھماکے میں شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    بزدل دشمن کے مکمل خاتمے تک دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ آصف زرداری نے مزید کہا کہ آج ملک اور ملکی اقدارکو سنگین خطرات درپیش ہیں، کالعدم تنظیمیں نئے ناموں سے دوبارہ زندہ ہورہی ہیں۔

    قانون اور نیشنل ایکشن پلان کا کوئی خیال نہیں کیا جا رہا، ہماری سوچ ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کی ہونی چاہئیے، عوام کی فلاح و بہبود سے ہی ملک کی سلامتی مستحکم ہوگی۔