Tag: Mastoong

  • مستونگ : پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی 7سال بعد قتل

    مستونگ : پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی 7سال بعد قتل

    مستونگ (30 جولائی 2025) بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی ایک اور واردات کی گئی ہے، بھائیوں نے پسند کی شادی کرنے والے بہن اور بہنوئی کو 7 سال بعد کھانے پر بلاکر قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مستونگ کے علاقے لکپاس میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو 7سال بعد غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ بھائیوں نے اپنی حاملہ بہن اور بہنوئی کو کھانے پر بلاکر قتل کردیا، واقعہ منگل کی صبح لکپاس میں پرانا کسٹم آفس کے قریب ہوٹل میں پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول میاں بیوی کی عمریں 27 سے 28 سال کے درمیان تھیں، مقتول لڑکے محمد شعیب کا تعلق پنجگور کےعلاقے چتکان سے تھا۔

    مقتول نے 7 سال قبل کوئٹہ ہزار گنجی کی رہائشی لڑکی سے عدالت کے ذریعے پسند کی شادی کی تھی، ملزمان کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی قتل

    لاڑکانہ کے چانڈکا اسپتال میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو قتل کردیا گیا۔ مسلح ملزمان نے چانڈکا اسپتال میں زیرِ علاج ریحانہ اور اس کے شوہر پر ایک بار پھر حملہ کر دیا، دونوں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ریحانہ نے مرنے سے پہلے حملہ آور کو زخمی کر دیا مقتولہ ریحانہ پر گزشتہ روز بھی حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو کر چانڈکا اسپتال لاڑکانہ کے آرتھوپیڈک وارڈ میں زیر علاج تھی۔

  • مستونگ آپریشن میں بی ایل ایف کمانڈر4 ساتھیوں سمیت ماراگیا، سرفرازبگٹی

    مستونگ آپریشن میں بی ایل ایف کمانڈر4 ساتھیوں سمیت ماراگیا، سرفرازبگٹی

    مستونگ : بلوچستان کےشہر مستونگ میں کالعدم بی ایل ایف کے کمانڈر ڈاکٹرعبدالمنان سمیت نو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

    یہ بات صوبائی وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس میں بتائی، انہوں نے بتایا کہ فورسز نے گزشتہ رات مستونگ کے قریب سرچ آپریشن کیا ۔

    فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ کا اہم کمانڈر ڈاکٹر عبدالمنان بلوچ چار ساتھیوں سمیت مارا گیاہے ،سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں لیکن عوام ان کے ارادوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور تمام ادارے بھی امن و امان کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث چار دہشت گرد بھی مستونگ میں ہی مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔

  • مستونگ میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکہ، 3 افراد جاں بحق

    مستونگ میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکہ، 3 افراد جاں بحق

    مستونگ : بلوچستان کے علاقے دشت میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکے سے 3 افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کےعلاقےدشت میں ریلوےٹریک پردھماکا سے3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ۔ دھماکے سے ریلوے ٹریک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ جاں بحق ہونے والے والے تینوں افراد ریلوے کے ملازم تھے

    واقعے میں 7 افراد بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیاہے،جبکہ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    لیویزذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے صبح 9 بجے راولپنڈی روانہ ہونے والی جعفرایکسپریس جیسے ہی دشت کے قریب پہنچی تو نامعلوم دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کو ریموٹ کنٹرول سے اڑادیا، جس سے انجن کے پیچھے موجود پہلی بوگی میں بیٹھے 12 مسافر زخمی ہوگئے ۔

    دھماکے سے ریلوے ٹریک اور ٹرین کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کی اطلاع موصول ہوتے ہی لیویز اور ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، پولیس اور لیویز اہلکاروں کی بھاری نفری کوجائے وقوعہ پر تعینات کیا گیا ہے۔

    متعلقہ حکام دھماکے کی نوعیت کا تعین کررہے ہیں، کہ آیا یہ دھماکہ ریلوے لائن پر ہوا یا ٹرین کی بوگی میں ہوا ہے ؟

  • مستونگ: دو مسافر بسیں اغواء، 19 افراد بے دردی سے قتل

    مستونگ: دو مسافر بسیں اغواء، 19 افراد بے دردی سے قتل

    مستونگ: نامعلوم مسلح افراد نے دو بسوں سے پینتیس مسافروں کو اغواء کرکے متعدد مسافروں کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ کے قریب بسوں سے 25 مسافروں کو اتار کر اغواء کر لیا گیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ان میں سے 19 افراد کو بے دردی سے قتل کیا جا چکا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شرپسندوں نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ کے قریب دو بسوں سے مسافروں کو اتار کر اغواء کر لیا۔ مذکورہ مسافر بسیں پشین سے کراچی جا رہی تھیں۔

    مسافر بسوں میں 25 کے قریب مسافر موجود تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مسلح افراد سیکیورٹی فورسز کی وردیوں میں تھے جن کی تعداد چودہ کے قریب بتائی جاتی ہے۔ مسلح افراد مسافروں کو اغواء کرکے پہاڑی علاقوں میں لے گئے ہیں۔

    جہاں تازہ ترین اطلاعات کے مطابق 19 مسافروں‌ کو بے دردی سے قتل کیا جا چکا ہے، واقعہ کی نزاکت کے پیش نظر ضلع بھر سے لیویز کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے۔

    ڈی سی مستونگ کے مطابق مسافر کوچ پشین سے کراچی جا رہی تھیں. وزیراعظم محمد نواز شریف نے واقعہ کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے اور حکام کو ہدایات دی ہیں کہ مسافروں کی جلد از جلد بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے۔

      صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے مطابق مسافروں کی بازیابی کیلئے سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ لیویز اہلکاروں اور شرپسندوں کے درمیان فائرنگ جاری ہے۔

    اس وقت پانچ مسافروں کو بازیاب کروایا جا چکا ہے جبکہ اغوا کاروں نے کچھ مسافروں‌ کو ابھی بھی یرغمال بنایا ہوا ہے۔