Tag: mastung incident

  • سانحہ مستونگ: سہولت کار مقامی ہیں، شناخت ہوگئی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی

    سانحہ مستونگ: سہولت کار مقامی ہیں، شناخت ہوگئی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی

    کوئٹہ: ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے کہا ہے کہ مستونگ واقعے کے پہلے دن سے تحقیقات کررہے تھے، خودکش حملہ آور سمیت سہولت کاروں کی شناخت ہوگئی ہے، سہولت کار مستونگ کے رہائشی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مستونگ میں 150 افراد شہید، 250 زخمی ہوئے، خودکش حملہ آور کی شناخت ہوگئی ہے، خودکش حملہ آور کا نام حفیظ، میرپور ساکھرو ٹھٹھہ کا رہائشی جبکہ بروہی زبان سے لاعلم تھا۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ حملہ آور کارنر میٹنگ میں چوتھی لائن میں بیٹھا تھا، اسٹیج کے سامنے آکر خودکو اُڑایا، حملہ آور نے بی این پی کا جھنڈا اُٹھایا ہوا تھا، حملہ آور کے والد کے مطابق حفیظ اور اس کی بہنیں افغانستان گئی ہوئی تھیں۔

    اعتزاز گورایہ کے مطابق سہولت کار گروپ کا بھی سراغ ملا ہے، جو شخص حملہ آور کو لایا وہ مقامی تھا، کارنر میٹنگ میں کسی بھی شخص کو چیک نہیں کیا گیا، اکٹھے کیے گئے فرانزک شواہد کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔

    اعتزاز گورایہ نے کہا کہ گرفتاری کے لیے آپریشنز کررہے ہیں، چاغی سے تاحال کوئی سہولت کار گرفتار نہیں ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈائریکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان اعتزاز گورایہ کا کہنا تھا کہ صوبے کے دیگر سیاسی رہنماؤں پر حملے کا خدشہ ہے، دہشت گرد سیاسی جماعت کے لوگوں کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔

    یاد رہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مستونگ دھماکے کو خودکش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دھماکے میں 16 سے 20 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سانحہ مستونگ : دہشتگردی قومی عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی، آرمی چیف

    سانحہ مستونگ : دہشتگردی قومی عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی، آرمی چیف

    راولپنڈی : آرمی چیف نے مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پرحملےکی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات قومی عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔

    پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے مستونگ میں سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفورحیدری کے قافلے پر آج ہونے والے خودکش حملے پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ معصوم اور بے گناہ افراد کی جانوں کے ضیاع پرگہرا صدمہ ہواہے، زخمیوں کے بہترین علاج کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

    انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں امن واستحکام اوراقتصادی ترقی کیلئےکوششیں جاری رہیں گی، دہشت گردی کےایسےواقعات قومی عزم کومتزلزل نہیں کرسکتے۔

    واضح رہے کہ مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں25  افراد جاں بحق ،عبدالغفور حیدری سمیت35 افراد شدید زخمی ہوگئے تھے۔

  • سانحہ مستونگ کی ذمہ دارحکومت ہے، پاکستان کھپے، آصف علی زرداری

    سانحہ مستونگ کی ذمہ دارحکومت ہے، پاکستان کھپے، آصف علی زرداری

    اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ کی ذمہ داری حکومت پرعائدہوتی ہے، ہم آج پھر کہتے ہیں کہ پاکستان کھپے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کے موقع پر کیا، ملاقات میں پاناما کیس کے فیصلےکے بعد کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

     سابق صدرآصف زرداری نے مولانا عبدالغفور حیدری پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے گہرے دکھ اور غم و غصے کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ دکھ کی ہرگھڑی میں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں۔

    بعد ازاں دونوں رہنماؤں کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کیلئےحکومت پر دباؤ بڑھایا جائے گا۔ آصف زرداری نے کہا کہ سانحہ مستونگ کی ذمہ داری حکومت پرعائد ہوتی ہے، موجودہ صورتحال میں قومی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر موقع پر کہا اورآج پھر کہتے ہیں کہ پاکستان کھپے، قوم ایک پلیٹ فارم پر ہو تو کوئی وجہ نہیں کہ ایسے واقعات ہوں۔

    میڈیا سے گفتگو میں مولانافضل الرحمان نے کہا کہ پوری قوم کودہشت گردوں کےخلاف متحد ہونا ہوگا، دکھ کی اس گھڑی میں یکجہتی کا اظہارکرنے والوں کاشکریہ ادا کرتاہوں، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی بنائی جاسکتی ہے۔

  • سانحہ مستونگ کا مقدمہ کالعدم تنظیم کے خلاف لیویز تھانہ کھڈ کوچہ میں درج

    سانحہ مستونگ کا مقدمہ کالعدم تنظیم کے خلاف لیویز تھانہ کھڈ کوچہ میں درج

    کوئٹہ : سانحہ مستونگ کا مقدمہ کالعدم تنظیم کے خلاف لیویز تھانہ کھڈ کوچہ میں درج کرلیا گیا ہے۔

    لیویز کے مطابق  مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں پشین سے کراچی جانیوالی دو بسوں سے مسافروں کے اغواء اور بائیس مسافروں کو قتل جبکہ دو کو زخمی کرنے کا  مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

    مقدمہ نائب تحصیلدار کھڈکوچہ سبزل خان رند کی مدعیت میں لیویز تھانہ کھڈکوچہ میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے ۔

     مقدمہ میں 7‘ 302‘ 324‘ 171‘363اور427 دفعات شامل ہیں  جبکہ واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنے والی کالعدم تنظیم کے سربراہ اور ترجمان سمیت 12افراد کو ایف آئی آر میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ مستونگ کےعلاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی اہلکاروں کی وردی میں ملبوس دہشت گردوں نے کوئٹہ سے کراچی آنے والی 2 مسافر کوچز کے 21 مسافروں کو شناخت کے بعد  ہلاک جب کہ متعدد  کو یرغمال بنالیا تھا۔

  • مستونگ سانحہ: لواحقین میتوں سمیت وزیرِاعلی ہاؤس کے سامنے سراپا احتجاج

    مستونگ سانحہ: لواحقین میتوں سمیت وزیرِاعلی ہاؤس کے سامنے سراپا احتجاج

    کوئٹہ : مستونگ کے المناک سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین میتوں سمیت وزیراعلی ہاؤس کے سامنے سراپا احتجاج بن گئے۔ وزیراعلی ہاؤس میں داخل ہونیکی کوشش پر پولیس غمزدہ مظاہرین پر ٹوٹ پڑی۔

    مستونگ میں دہشتگردوں نے بیگناہوں کےخون سے ہولی کھیلی، المناک واقعے میں جاں بحق افراد کے صدمے سے نڈھال لواحقین لاشیں گھر لے جانے سے انکار کرتے ہوئے سراپا احتجاج بن گئے۔

    شہداء کی میتیں لیے بے بسی کی تصویر بنے لواحقین وزیراعلی ہاؤس پہنچے اور حکومتی بے حسی کیخلاف دھرنا دیا تاہم جب وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک بلوچ وزراء کے ہمراہ دھرنےکےشرکاء سے مزاکرات کیلئے پہنچے تو مظاہرین نےحکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔

    جس پر وزیرِاعلی واپس چلے گئے، مظاہرین کیجانب سے وزیر اعلی ہاؤس میں داخل ہونیکی کوشش پر پولیس نے غمزدہ مظاہرین پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے آنسو گیس کے شیل برسائے، جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔

    واقعہ کیخلاف کوئٹہ میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا، پشین سمیت مختلف شہروں میں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے، مختلف دینی و سیاسی جماعتوں نے بھی کل صوبہ بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دیدی۔

  • مستونگ واقعہ میں را ملوث ہوسکتی ہے، وزیرِ داخلہ بلوچستان

    مستونگ واقعہ میں را ملوث ہوسکتی ہے، وزیرِ داخلہ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ مستونگ واقعے میں را ملوث ہوسکتی ہے ، واقعے کا مقصد بلوچ پشتون اقوام کو لڑانا ہے، وزیرِاعلی عبدالمالک بلوچ نےتین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔

    مستونگ کےافسوسناک واقعے پر میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ واقعہ ملک کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، جسے ملکر ناکام بنائیں گے۔

    سرفراز بگٹی نے واقعے کو روایتی دشمن بھارت کی سازش قراردیا۔

    سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ مستونگ واقعہ ملک کا امن تباہ کرنے کےلیےپشتون بلوچ اقوام کولڑانے کی مذموم کوشش ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ شرپسندوں کے خلاف جاری آپریشن کےلئےاہلکاروں کوہیلی کاپٹر فراہم کردیے گئے ہیں، علاقےمیں اب بھی سرچ آپریشن جاری ہے، جس میں اہم کامیابی ملنے کی توقع ہے۔