Tag: mataf

  • حرم شریف میں مطاف کھولنے کا شاہی فرمان

    حرم شریف میں مطاف کھولنے کا شاہی فرمان

    ریاض: مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے گرد طواف کرنے والا حصہ مطاف کھولنے کے لیے شاہی فرمان جاری کردیا گیا، ایک روز قبل زائرین سے خالی مطاف کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ہفتے کی صبح سے عمرہ ادا نہ کرنے والوں کے لیے مطاف کھولنے کی اجازت دینے کا شاہی فرمان جاری کیا ہے۔

    ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے احتیاطی طریقہ کار اور مسجد الحرام کے کارکنوں کے ساتھ تعاون پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت شہریوں اور تارکین وطن کی سلامتی، تحفظ، آرام اور سکون کی آرزو مند ہے۔

    اس سے قبل مقامی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عمرے پر عارضی پابندی برقرار رکھتے ہوئے خانہ کعبہ کے طواف سے متعلق نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

    انہوں نے واضح کیا تھا کہ شاہی ہدایت ہے کہ مطاف کو محدود پیمانے پر مرحلہ بہ مرحلہ کھول دیا جائے۔ یہ اجازت ان لوگوں کے لیے ہے جو عمرے کی غرض سے مسجد الحرام نہ آئے ہوں۔

    ڈاکٹر عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ عمرے پر پابندی کا فیصلہ اسلامی اور انسانی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف کا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ زائرین کو کرونا وائرس کے مہلک اثرات سے بچانے کی خاطر بند کیا گیا۔

    خیال رہے کہ جمعرات کو نماز عشا کے بعد صفائی کے لیے مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ ﷺ کی مسجد نبوی بند کردی گئی تھی، تاہم خانہ کعبہ میں پہلی منزل پر طواف جاری رہا۔

    اس حوالے سے سعودی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں داخلے پر پابندی کا مقصد مقدس مقامات میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا تھا۔

    بعد ازاں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو کھول دیا گیا تاہم غیر ملکیوں سمیت سعودی شہریوں پر عمرہ کرنے پر تاحال پابندی عائد ہے۔

  • آبِ زم زم کنوئیں کی تعمیرِنو کا کام مکمل، مطاف آج زائرین کیلئے کھول دیا جائےگا

    آبِ زم زم کنوئیں کی تعمیرِنو کا کام مکمل، مطاف آج زائرین کیلئے کھول دیا جائےگا

    مکہ مکرمہ : خانہ کعبہ میں چاہ زمزم کی تعمیر نو کا کام مکمل ہونے کے بعد بند کئے گئے حصے کو  آج  زائرین کے لئے کھول دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجد حرام میں خانہ کعبہ کے گرد آب ز م زم  کے کنوئیں کی توسیعی مکمل کر لیا گیا ہے اور انتظامیہ کی جانب سے مطاف میں لگائی گئی رکاوٹیں ہٹانے کا کام کیا جارہا ہے، جس کے بعد مطاف آج زائرین کیلئے کھول دیا جائے گا۔

    عبادت گزاروں کو کنویں تک رسائی دینے کے لیے دو سو پچاس سے زائد انجینئرز ، ٹیکنیشنز اور مزدوروں نے تعمیر نو میں حصہ لیا۔

    کنویں کی تعمیرِ نو کا مقصد صفائی اور حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پانی کو ذخیرہ اور پانی کی تقسیم کے نظام کو اپ گریڈ کرنا شامل ہے۔

    خیال رہے کہ آب زم زم کے کنویں کی تعمیر کا کام گزشتہ سال اکتوبر سےجاری تھا، جس میں 3 ہزارمربع میٹر کے رقبے کو دوبارہ کھول کر زیر زمین آب ز م زم کی گزر گاہوں کو چوڑا کرکے وہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اطراف کی دیواروں کو جراثیم کش آلات اور ادویات کے ذریعے صاف کیا گیا۔

    اس دوران مطاف میں زائرین کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی تھی، جو تعمیراتی کام مکمل ہونےکے بعد آج ختم کر دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ مسجدِ حرام میں کعبہ کے جنوب مشرق میں تقریباً 21 میٹر کے فاصلے پر تہہ خانے میں آب زمزم کا کنواں ہے، جو حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت ہاجرہ علیہ السلام کے شیر خوار بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی ایڑیا رگڑنے کی جگہ سے پھوٹا۔

    آب زمزم کا سب سے بڑا دہانہ حجر اسود کے پاس ہے جبکہ اذان کی جگہ کےعلاوہ صفا و مروہ کے مختلف مقامات سے بھی نکلتا ہے۔

    سنہ1953ءتک تمام کنوؤں سے پانی ڈول کے ذریعے نکالاجاتا تھا مگر اب اس میں سے پانی نکالنےکے لیے جدید سسٹم نصب کردیا گیا ہے اور مسجد ِحرام کے اندر اور باہر مختلف مقامات پر آب زمزم کی سبیلیں لگادی گئی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔