Tag: match

  • ہم دوسرے ٹیسٹ میں بھرپور کم بیک کریں گے: امام الحق

    ہم دوسرے ٹیسٹ میں بھرپور کم بیک کریں گے: امام الحق

    ایڈلیڈ: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز امام الحق کا کہنا ہے کہ ڈے نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے اچھا ہے، میچ میں سوفیصد کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈلیڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ ہم دوسرے ٹیسٹ میں بھرپور کم بیک کریں گے، چانس ملا تو سو فیصد کارکردگی دکھاؤں گا۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عباس اچھے بولر ہیں، پنک بال کے ساتھ ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔

    اسی طرح قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے بھی دوسرا ٹیسٹ میچ کم بیک کے لیے اہم قرار دیا ہے، ان کا گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی کھلاڑی کی صلاحیت پر شک نہیں ہے، دوسرے میچ میں خامیوں پر قابو پائیں گے۔

    اظہر علی نے بابر اعظم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ بابر ہر فارمیٹ میں اچھا کھیل رہے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں اب ان سے اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کرانا چاہتے ہیں، بابر کا بیٹنگ آرڈر میں نمبر اس وقت تبدیل کیا گیا جب وہ پرفارم نہیں کررہے تھے۔

    کسی کھلاڑی کی صلاحیت پر شک نہیں، خامیوں پر قابو پائیں گے، اظہر علی

    خیال رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم دوسرے میچ میں کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے، ڈے نائٹ ٹیسٹ کے لیے پریکٹس کا آغاز آج سے ہوگا۔

    دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم گزشتہ روز برسبین سے ایڈلیڈ پہنچی، دوسرا ٹیسٹ 29 نومبر سے کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

  • پہلا ٹیسٹ: دوسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے 312رنز بنالیے

    پہلا ٹیسٹ: دوسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے 312رنز بنالیے

    برسبین: پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بیٹنگ میں بھی آسٹریلوی بلے باز پاکستان پر حاوی رہے، اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیا،دوسرے روز کے اختتام پر کینگروز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 312رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی آسٹریلوی بلے بازوں کے سامنے قومی ٹیم بے بس دکھائی دی، اوپنر ڈیوڈ وارنر نے موقع ملنے پر سنچری جڑ دی، نسیم شاہ نے وارنر کو آؤٹ کیا لیکن نوبال نے وارنر کو بچایا۔

    آسٹریلیا نے دوسرے دن چائے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان کے 195رنز بنائے، ڈیوڈوارنر 101 اور جو برنز 92 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، بعد ازاں آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف پہلی وکٹ222رنز پر گرگئی، جوبرنز 97رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے، ڈیوڈ وارنر 151 اور مارنس لبوشین 55رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔  خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

    خیال رہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ شاہینوں کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوا ہے، برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا نے پاکستانی بیٹنگ لائن تہس نہس کردی تھی، قومی ٹیم پہلے دن کے اختتام پر پہلی اننگز میں صرف 240 رنز پر ہی بنا سکی تھی۔

    پہلے روز اسد شفیق نے 76 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو 240 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر

    قومی ٹیسٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز امپائر کے غلط فیصلے کا نشانہ بنے تھے، محمد رضوان 37 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے جب امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔

    واضح رہے کہ اظہر علی کی قیادت میں شان مسعود، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، محمد رضوان، یاسرشاہ، شاہین آفریدی، عمران خان اور نسیم عباس قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں، جبکہ 16سال کے نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کررہے ہیں۔

  • آج جس طرح بیٹنگ کی اس کی ٹیم کو ضرورت تھی: اسد شفیق

    آج جس طرح بیٹنگ کی اس کی ٹیم کو ضرورت تھی: اسد شفیق

    برسبین: قومی ٹیسٹ ٹیم کے بلے باز اسد شفیق کا کہنا ہے کہ آج جس طرح بیٹنگ کی اس کی ٹیم کو ضرورت تھی، کوشش تھی اپنی اننگز آخر تک کھیلوں، ورلڈ کلاس بولنگ کے خلاف کھیلنے میں مزہ آتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز مکمل ہوا، پاکستان نے پہلی اننگز میں 240 رنز بنائے، میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد شفیق کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی وکٹ فاسٹ بولرز کو مدد دیتی ہے، میچ میں اپنی طرف سے بھرپور جان لگائی۔

    پوچھے گئے سوال پر اسد شفیق نے کہا کہ مجھے لوگوں کی باتوں سے فرق نہیں پڑتا، میرا کام پاکستان کے لیے پرفارم کرنا ہوتا ہے، رضوان کے آؤٹ پر مجھے بات کرنے کا حق نہیں ہے، میچ ریفری ہوتے ہیں وہی اس معاملے کو دیکھیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جتنے رنز بنانا چاہتے تھے اتنے نہیں بن سکے، نسیم شاہ اچھا بولر ہے۔

    پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر

    خیال رہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ شاہینوں کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوا، برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا نے پاکستانی بیٹنگ لائن تہس نہس کردی، قومی ٹیم پہلے دن کے اختتام پر پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر ٹک کرنہ کھیل سکا، حارث سہیل مسلسل ناکام رہے، اسد شفیق اور یاسر شاہ نے 84 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کی عزت بچائی، اسد شفیق نے سب سے زیادہ چھہتر رنز بنائے۔

  • پرتگال اور انگلینڈ نے یورپین چیمپئن شپ 2020 کیلئے کوالیفائی کرلیا

    پرتگال اور انگلینڈ نے یورپین چیمپئن شپ 2020 کیلئے کوالیفائی کرلیا

    پرسٹینا: یورپین چیمپئن شپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پرتگال اور انگلینڈ نے اپنے اپنے میچز جیت کر یورپین چیمپئن شپ 2020 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپین چیمپئن شپ 2020 کے لیے کوالیفائی کرلیا، جبکہ انگلینڈ بھی اپنے کپتان ہینری کین کی بدولت ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔

    یورپین چیمپئن شپ دوہزار بیس میں جگہ بنانے کے لیے کئی ٹیموں کے درمیان مقابلے جاری ہیں۔ رونالڈو کی پرتگال نے لکسم بورگ کو ہرا کر ٹائٹل کی دوڑ میں جگہ بنائی، رونالڈو نے پرتگال کے لیے ننیانواں گول اسکور کیا۔

    ایک اور میچ میں انگلینڈ نے کوسووو کو آؤٹ کلاس کردیا، انگلش ٹیم نے حریف پر ایک نہ دو بلکہ چار گول داغے، عالمی چیمپئن فرانس نے بھی یورپین چیمپین شپ میں انٹری دے دی ہے۔

    رونالڈو کی شاندار ہیٹ ٹرک، لیتھوینیا کو شرمناک شکست

    خیال رہے کہ 15 نومبر کو کھیلے جانے والے میچ میں بھی لیتھوینیا کے خلاف پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے حریف کو تگنی کا ناچ نچایا تھا، شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ٹیم کو بھی فتح سے ہمکنار کیا، اسی جیت نے پرتگال کے لیے یورو2020 ٹورنامنٹ میں انٹری کی راہ ہموار کردی تھی۔

    اُسی دن انگلش فٹبال ٹیم نے اپنا ہزارواں میچ کھیلتے ہوئے مونٹی نیگرو کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔

  • آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ میں ڈھیر کرنے کا چیلنج، قومی ٹیم برسبین پہنچ گئی

    آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ میں ڈھیر کرنے کا چیلنج، قومی ٹیم برسبین پہنچ گئی

    برسبین: آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں ہوم پر گراؤنڈ پر ڈھیر کرنے کا چیلنج لیے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم برسبین پہنچ گئی، آج سے پریکٹس سیشن کا آغاز ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم پرتھ میں دو پریکٹس میچز کھیلنے کے بعد آسٹریلوی شہر برسبین پہنچ گئی، قومی ٹیم آج سے پریکٹس سیشن کا آغاز کرے گی، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ کی سیریز کا پہلا میچ جمعرات سے برسبین میں شروع ہوگا۔

    آسٹریلوی فاسٹ بولر جیمزپیٹن سن کوڈآف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، پاکستان سے دو دو ہاتھ کرنے کے لیے کپتان ٹم پین، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، کیمرون بینکروفٹ، جوبرنز، پیٹ کمنز اور جوش ہیذل ووڈ اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹریوس ہیڈ، لبوشین، نیتھن لائن، مائیکل نیسر، جیمز پیٹنسن اور میتھیو ویڈ بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔

    قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی تیاریوں پر ڈین جونز کا سوالیہ نشان

    دوسری جانب سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈین جونز نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کی تیاریوں پر کئی سوالات اٹھا دیے، کہتے ہیں گرین کیپس نے جنوری کے بعد کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا، کیا ایک 3 اور ایک 2 روزہ پریکٹس میچ کھیلنا مشکل سیریز کی تیاریوں کے لیے کافی ہوگا؟

  • دوسرا پریکٹس میچ: پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ جاری

    دوسرا پریکٹس میچ: پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ جاری

    پرتھ: آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے قومی ٹیم آج دوسرے پریکٹس میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کے مدمقابل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیسٹ ٹیم اور آسٹریلیا اے کے درمیان دو روزہ پریکٹس میچ پرتھ میں کھیلا جارہا ہے، پریکٹس میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔ پہلی اننگ میں شان مسعود 74 اور امام الحق 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    اظہرعلی بخار اور گلے کے انفیکشن کے باعث پلائنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں ان کی جگہ اسد شفیق کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، پہلے میچ میں اچھی کارکردگی کے باعث ٹیم کا مورال بلند ہے، پرتھ میں جاری دوسرا پریکٹس میچ دو روز پر مشتمل ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا اے کے درمیان پرتھ میں کھیلا جانے والا پہلا تین روزہ پریکٹس میچ ڈرا ہوا تھا، 459 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا اے کی ٹیم نے آخری روز 2 وکٹوں پر 91 رنز بنائے تھے۔

    پاکستان کے خلاف آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

    دوسری جانب آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔ پاکستان سے دو دو ہاتھ کرنے کے لیے کپتان ٹم پین، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، کیمرون بینکروفٹ، جوبرنز، پیٹ کمنز اور جوش ہیذل ووڈ اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹریوس ہیڈ، لبوشین، نیتھن لائن، مائیکل نیسر، جیمز پیٹنسن اور میتھیو ویڈ بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔

  • پاکستان اور آسٹریلیا اے کا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم

    پاکستان اور آسٹریلیا اے کا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم

    پرتھ: پاکستان اور آسٹریلیا اے کے درمیان تین روزہ پریکٹس میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا اے کے درمیان پرتھ میں کھیلا جانے والا تین روزہ پریکٹس میچ ڈرا ہوگیا، 459 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا اے کی ٹیم نے آخری روز 2 وکٹوں پر 91 رنز بنائے۔

    میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، بابر اعظم اور اسد شفیق نے سنچریاں اسکور کیں، عمران خان سینئر نے پہلی اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    پاکستان اور کرکٹ آسٹریلیا الیون کے درمیان دوسرا پریکٹس میچ 15 نومبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ پہلا ٹیسٹ میچ 21 نومبر سے شروع ہوگا۔

    پاکستانی بولرز نے آسٹریلیا اے کے پرخچے اڑا دئیے

    اس سے قبل قومی ٹیم نے تین سو سے زائد رنز کی برتری سے تیسرے روز کا آغاز کیا، دوسری اننگز میں پاکستانی بلے باز اظہر علی اور شان مسعود بالترتیب 1 اور 4 رنز کے ساتھ کریز پر اترے۔ گزشتہ روز پاکستانی بولرز نے آسٹریلیا اے کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا تھا، پوری ٹیم صرف ایک سو بائیس رنز ہی بنا سکی تھی۔

    خیال رہے کہ پرتھ میں کھیلے جانے والے پریکٹس میچ کے دوسرے روز پاکستان کے 428 رنز کے جواب میں آسٹریلیا اے کی ٹیم 122 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، عمران خان سینئر نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی، دن کے اختتام پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان 7 رنز بنائے تھے۔

    اس سے قبل قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 428 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، بابر اعظم 157 اور اسد شفیق 119 رنز بنا کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے اور دوسرے بلے بازوں کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔

  • پہلا ٹیسٹ میچ: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا ٹاکرا کب ہوگا؟

    پہلا ٹیسٹ میچ: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا ٹاکرا کب ہوگا؟

    نیپئر: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21نومبر سے 25نومبر تک مونٹ مونگنوئی میں کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ایک چار روزہ ٹور میچ کھیلے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک مونٹ مونگنوئی کھیلا جائے گا۔

    جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔

    دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ سری لنکا کے لیے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا ہے جس کے مطابق ٹیسٹ سریز19مارچ سے شروع ہوگی، انگلش ٹیم آئندہ سال مارچ میں سری لنکا کا دورہ کرے گی جہاں وہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 19 سے 23 مارچ تک گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم جبکہ دوسرا ٹیسٹ 27 سے 31 مارچ تک آر پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلش ٹیم دو ٹور میچز بھی کھیلے گی۔

    خیال رہے کہ 10 نومبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ ٹائی ہوگیا تھا، جس کے بعد سپر اوور میں انگلش ٹیم نے کامیابی کے ساتھ سیریز بھی تین دو سے اپنے نام کرلی۔

  • عالمی نمبر ایک بننے کے بعد رافیل نڈال کو پہلی شکست

    عالمی نمبر ایک بننے کے بعد رافیل نڈال کو پہلی شکست

    لندن: عالمی نمبر ایک بننا رافیل نڈال کے لیے مہنگا ثابت ہوا، انہیں جرمن کھلاڑی کے ہاتھوں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑگیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی نمبر ایک بننے کے بعد رافیل نڈال کو پہلی شکست ہوئی، لندن میں جاری اے ٹی پی فائنلز میں جرمنی کے الیگزینڈر زیوریو نے سب کو حیران کردیا۔

    رافیل جرمن کھلاڑی کے آگے بے بس دکھائی دیے، زیوریو نے نڈال کو اسٹریٹ سیٹس میں آؤٹ کلاس کیا۔

    ایک اور میچ میں یونانی کھلاڑی اسٹیفانوس سٹسیپاس اور روسی کھلاڑی ڈینیئل کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، پہلے سیٹ کا فیصلہ ٹائی بریکر پر ہوا جبکہ دوسرے سیٹ میں یونانی کھلاڑی نے باآسانی فتح سمیٹ کر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔

    خیال رہے کہ 5 نومبر کو اسپینش اسٹاررافیل نڈال نے جوکووچ سے ٹینس کی حکمرانی چھینی، نوواک جوکووچ نے پیرس ماسٹرز کا ٹائٹل اپنے نام تو کرلیا تاہم ان سے ٹینس کی حکمران چھن گئی، نڈال ٹینس رینکنگ میں ایک بارپھر نمبرون کھلاڑی بن گئے ہیں۔

    نوواک جوکووچ سے ٹینس کی حکمرانی چھن گئی

    نڈال نے کیریئر میں آٹھویں بار عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ یاد رہے کہ نڈال پیرس ماسٹرز کے سیمی فائنل سے انجری کے باعث باہر ہوگئے تھے، اے ٹی پی کی نئی رینکنگ کے مطابق جوکووچ نمبر دو اور راجر فیڈرر نمبر تین پر موجود ہیں۔

  • عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کے کراچی میں جلوے

    عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کے کراچی میں جلوے

    کراچی: عالمی شہرت یافتہ فٹبال کھلاڑیوں نے شہرقائد میں اپنے جلوے بکھیرے، اسٹار فٹبالرز میں برازیل کے کاکا، پرتگال کے لوئس فیگو، اسپین کے کارلوس پیول اور فرانس کے نکولس انیلکا شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل فٹبالرز نے کراچی کے نجی مال میں فینز سے ملاقاتیں کیں، اور نمائشی میچ میں کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، مداح اپنے من پسند کھلاڑیوں کو دیکھ کر خوشی سے پھولے نہ سمائے۔

    فٹبال کے ستارے شہرقائد میں چمکتے رہے، پرتگال کے سابق کپتان فیگو ہوں یا پھر برازیلین فٹبالر کاکا سب نے مل کر خوب رنگ جمایا، اینلکا اور پیول نے بھی مقامی شاپنگ مال میں عوام کے دل جیت لیے۔

    دریں اثنا انٹرنیشنل فٹبالرز، پاکستانی کپتان صدام حسین کی ٹیم ورلڈ ساکر اسٹارز اور کراچی ایف سی کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ سکس اے سائیڈ میچ میں فٹبال اسٹارز کو غیر معروف فٹبالز نے ٹف ٹائم دیا۔

    منتظین نے کہا کہ نمائشی میچ کا مقصد ہار جیت کا فیصلہ نہیں بلکہ پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو ایک نئی پہچان دینا ہے۔

    برازیل کے کاکا اور پرتگال کے لوئس فیگو کراچی پہنچ گئے

    کھلاڑیوں نے پاکستان میں مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور عوام میں محبتیں بانٹی۔ اس موقع پر کاکا نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی کوچنگ کا موقع ملا تو ضرورکروں گا۔ جبکہ انیلکا کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان فٹبال کیلیےبہت محبت رکھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ انٹرنیشنل فٹ بالرز کی پاکستان آمد کا مقصد ملک میں فٹ بال کے کھیل کا فروغ ہے، اس سے قبل بھی عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز پاکستان کے دورے پر آ چکے ہیں۔