Tag: Matric board karachi

  • میٹرک بورڈ کراچی کا میڈیا کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا ہنگامی دورہ

    میٹرک بورڈ کراچی کا میڈیا کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا ہنگامی دورہ

    کراچی: میٹرک امتحانات کا سلسلہ جاری ہے، آج دسویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ اختتام پذیر ہو گیا، اس دوران میٹرک بورڈ کراچی کی ٹیم نے میڈیا کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا ہنگامی دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج میٹرک بورڈ کراچی کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے امتحانی مراکز گورنمنٹ گرلز پائلٹ ہائر سیکنڈری اسکول ناظم آباد نمبر 3 اور حسینی گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کنٹرولر حبیب اللہ سہاگ اور میڈیا سیل انچارج میٹرک بورڈ جعفری دورہ کرنے والوں میں شامل تھے۔

    میٹرک بورڈ کراچی کی ٹیم نے امتحانی عمل کا جائزہ لیا، ٹیم نے طلبہ کے ایڈمٹ کارڈز سے امتحان دینے والوں کی شناخت کی، حبیب اللہ سہاگ نے کہا چیئرمین میٹرک بورڈ کی ہدایت پر امتحانی مراکز کا دورہ کر رہے ہیں، امتحانات کا نظام شفاف بنانا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن کا دورہ


    دوسری طرف اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن ناظم آباد مس شائستہ نے بھی حسینی گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کا اچانک دورہ کیا اور امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔

    امتحانی کمرے میں پنکھا خراب ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد نے پرنسپل پر برہمی کا اظہار کیا اور اگلے دورے سے قبل کلاس روم کے پنکھے کی مرمت کرانے کا حکم دیا، مس شائستہ نے کہا کراچی کی گرمی ہے سر، بندہ پگھل جاتا ہے، خدارا خیال کریں اور پنکھا مرمت کروائیں۔


    برتھ، ڈیتھ سرٹیفکیٹس اور نکاح نامے کے حوالے سے نادرا نے اہم وضاحت جاری کر دی


    اسکول کے باتھ روم میں گندگی پر بھی اسٹنٹ کمشنر نے تشویش کا اظہار کیا، اور امتحانی کلاس روم میں ڈیوٹی پر مامور انویجیلیٹر کو بھی چھاڑ پلا دی، انھوں نے امتحانی کلاس میں ڈیسکوں کے درمیان فاصلہ رکھنے کا حکم دیا، اور کہا یہ کام میرے آنے سے پہلے ہونا چاہیے تھا۔

    اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن نے تاکید کی کہ ڈیوٹی پر تعینات اساتذہ بورڈ کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔

  • میٹرک بورڈ نے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کر دیے

    میٹرک بورڈ نے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کر دیے

    کراچی: میٹرک بورڈ کراچی نے جماعت نہم کے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ کی ہدایت پر ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے بورڈ سے الحاق شدہ گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکولوں کے سالانہ امتحانات سال 2023 جماعت نہم کے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کر دیے۔

    بورڈ سے الحاق شدہ اسکول ایڈمٹ کارڈ اپنے اسکول کے کوڈ سے پورٹل کو لاگ اِن کر کے ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے، بورڈ نے ویب پورٹل online.bsek.edu.pk پر ایڈمٹ کارڈ اپ لوڈ کر دیے ہیں۔

    ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے اسکول سربراہان کے ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی قسم کی مشکل پیش آنے کی صورت میں بورڈ آفس کے گراؤنڈ فلور کمرہ نمبر 24 میں آصف علی سے رابطہ کیا جائے۔

    ناظم امتحانات کے مطابق پرائیویٹ امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ ان کے دیے گئے رہائشی پتوں پر ارسال کر دیے گئے ہیں۔

  • میٹرک بورڈ کراچی کے تحت امتحانات کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا

    میٹرک بورڈ کراچی کے تحت امتحانات کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا

    کراچی: میٹرک بورڈ نے امتحانی شیڈول کا اعلان کردیا جس کے مطابق نویں اوردسویں جماعت کے پرچے یکم اپریل سے شروع ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکنڈری بورڈ کراچی کے تحت بورڈ کے امتحانات کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا، بورڈ نے حساس علاقوں میں امتحانی مراکز کے لیے سیکریٹری داخلہ اور متعلقہ حکام کو خطوط ارسال کردیئے ۔

    ترجمان سیکنڈری بورڈ کے مطابق میٹرک امتحانات میں تین لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔ امتحانات 16 اپریل تک جاری رہیں گے۔

    نویں جماعت بایولوجی تھیوری کا پرچہ یکم اپریل کو ہوگا جبکہ جنرل سائنس کے امتحانات کا آغاز بھی اُسی روز سے ہوگا۔میٹرک بورڈ کے مطابق تمام پرچے صبح ساڑھے نوبجے شروع ہو کر ساڑھےبارہ بجے اختتام پذیر ہوں گے۔

    کنٹرولر  امتحانات کے مطابق امتحانی مراکز میں امیدوار کے علاوہ کسی بھی شخص کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ طالب علموں کے موبائل استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

    یاد رہے کہ نویں اور دسویں جماعت کے پرچے مارچ کے وسط میں ہونے تھے البتہ وزیرتعلیم اور میٹرک بورڈ نے اساتذہ کی ہڑتال کے باعث انہیں منسوخ کر کے نیا شیڈول جاری کیا تھا۔

    امتحانی شیڈول

    نویں جماعت سائنس گروپ

    میٹرک سائنس گروپ

    نویں جماعت جنرل گروپ

    دسویں جماعت جنرل گروپ

  • کراچی: میٹرک بورڈ کی ویب سائٹ ہیکنگ کے بعد بحال

    کراچی: میٹرک بورڈ کی ویب سائٹ ہیکنگ کے بعد بحال

    کراچی: غیرملکی ہیکر نے بورڈ آف سیکنڈری سمیت متعدد تعلیمی اداروں کی ویب سائٹس ہیک کرلیں البتہ انہیں تکنیکی ٹیم نے بروقت اقدامات کر کے بحال کروالیا۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی ہیکر نے سب سے پہلے میٹرک بورڈ کی ویب سائٹ ہیک کی، تکنیکی ٹیم نے 11 گھنٹے بعد اسے بحال کیا۔ نامعلوم ہیکر نے تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ کے صفحہ اول کو سیاہ کردیا تھا اور یہاں پر ایک پیغام بھی درج تھا۔

    میٹرک بورڈ ذرائع کے مطابق بھارتی ہیکر نے ویب سائٹ تک رسائی حاصل کی، قبل ازیں سندھ محکمہ تعلیم کی ویب سائٹ بھی ہیکر نے ہیک کی تھی۔ ہیکر نے پیغام کے ساتھ اپنی آئی ڈی بھی دی تھی جس میں اُس نے منتظمین کو رابطہ کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔

    بعد ازاں ہیکر نے کھاریاں یونیورسٹی، اسلامیہ کالج کی ویب سائٹ بھی ہیک کی جبکہ اُس نے انٹرمیڈیٹ کی ویب سائٹ ہیک کرنے کی بھی دھمکی دی جس کو تکنیکی ٹیم نے پہلے ہی محفوظ بنالیا۔

    ہیکنگ کیا ہے؟ 

    کوئی بھی نامعلوم شخص ویب سائٹ میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہوکر اس کے صفحہ اول پر پیغام درج کردیتا ہے، ویب سائٹس کو محفوظ بنانے کے لیے اداروں کی طرف سے تکنیکی ٹیم بھی بھرتی کی جاتی ہے۔

    کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی بہتری کے بعد ہیکرز نے بھی مختلف اکاؤنٹس اور ویب سائٹس پر قبضہ کرنے کے لیے نئے طریقے دریافت کیے۔

    ہیکر مرضی کے بغیر سسٹم تک رسائی کر کے ڈیٹا کو نقصان پہنچاتا ہے جو کسی بھی ادارے یا شخص کے لیے بہت زیادہ پریشانی کا باعث بنتا ہے۔

    ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیکر فشنگ کے ذریعے ایڈمن پاسورڈ حاصل کرتے ہیں، یہ بظاہر عام سی ترکیب ہے مگر اس کے لیے کمپیوٹر سافٹ ویئر اور دیگر ڈولپمنٹ لینگویجز پر مہارت بھی ضروری ہے۔

    ہیکنگ ایک جرم ہے جس کے ذریعے ہیکرز کسی بھی آئی ڈی یا ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرکے رقم کا مطالبہ یا پھر اپنے دیگر خواہشات منواتے ہیں۔