Tag: Maulana Sherani

  • "مولانا فضل الرحمان منصب اور دولت کے حریص ہیں”

    "مولانا فضل الرحمان منصب اور دولت کے حریص ہیں”

    ایبٹ آباد: جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا شیرانی نے ایک بار اپنی توپوں کا رخ مولانا فضل الرحمان کی جانب کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں پیر عالم زیب شاہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا شیرانی نے مولانا فضل الرحمان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پارٹی کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ پارٹی میں کسی قسم کی دھڑے بندی نہ ہوں۔

    جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا شیرانی نے مولانا فضل الرحمان کو منصب اور دولت کا حریص قرار دیا۔

    میڈیا سے گفتگو میں مولانا شیرانی نے کہا کہ پی ڈی ایم اور حکومت پر ایک ہی قوت کے ہاتھ ہیں، پی ڈی ایم کا مقصد قومی نہیں بلکہ ذاتی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین اور جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے فضل الرحمان گروپ سے علیحدگی اختیار کر کے جے یو آئی پاکستان کو متحرک کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: مولانا شیرانی کا اعلانِ‌ لاتعلقی، جے یو آئی پاکستان بحال کرنے کا اعلان

    مولانا شیرانی کا کہنا تھا کہ ’ہم دستور کے مطابق جےیوآئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے، اب جو کچھ ہورہا ہے وہ صداقت اور دیانت سے خالی ہے، جمعیت علما پاکستان کی دعوت کا محور سچ بولو اورسچ کا ساتھ دو ہے‘۔

    مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’نبی ﷺ فرماتے ہیں جھوٹ انسانوں کو تباہی گڑھے میں دھکیل دیتا ہے، اس لیے ہم کسی جھوٹ کا ساتھ نہیں دے سکتے، اپنے ساتھیوں کو ترغیب دلائیں گے کہ جماعت کے ساتھ رابطے نہ توڑیں، متحرک ہوں اور جمعیت علما اسلام پاکستان کے لیے کام کریں‘۔

  • مرد بھی مظلوم ہیں، حقوق دیے جائیں، اسلامی نظریاتی کونسل میں درخواست

    مرد بھی مظلوم ہیں، حقوق دیے جائیں، اسلامی نظریاتی کونسل میں درخواست

    اسلام آباد : اسلامی نظریاتی کونسل میں مردوں کے حقوق کے لیے باقاعدہ درخواست دائر کردی گئی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے معاشرے میں مردوں کی حق تلفی ہورہی ہے، صرف تحفظ خواتین بل نہیں تحفظ مرداں بل بھی منظور ہونا چاہیے۔


    ‘Men protection bill’ demanded in Islamic… by arynews

    تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل میں مردوں کے حقوق کا تعین کرنے کا بھی مطالبہ کردیا گیا، مذکورہ درخواست کونسل کے ممبر زاہد محمود قاسمی کی طرف سے دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عورتیں مردوں پر تشدد کرتی ہیں اور انہیں گھروں سے باہر نکال دیتی ہیں اس ضمن میں مردوں کے حقوق بھی وضع کیے جائیں۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ صرف خواتین ہی نہیں مرد بھی مظلوم ہوتے ہیں، مردوں پر تشدد بھی ہوتا ہے انہیں گھر سے نکال دیا جاتا ہے، معاشرے میں مردوں کے حقوق کو تلف کیا جارہا ہے، خواتین مردوں پر تشدد کرکے بھی معصوم کہلاتی ہیں۔

    درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ اسلامی نظریاتی کونسل مردوں کے حقوق پر سفارشات مرتب کرے، درخواست میں مزید کہا گیا کہ صرف تحفظ خواتین بل نہیں تحفظ مرداں بل بھی منظور ہونا چاہیئے۔

    کونسل کے ممبر زاہد محمود قاسمی نے درخواست جمع کرائی اور چئیرمین مولانا شیرانی نے اسے منظور کرلیا اس پر اگلے اجلاس میں بات کی جائے گی۔

    زاہد محمود قاسمی کا کہنا تھا کہ عوام کے پر زور مطالبے پردرخواست دائر کی گئی ہے۔