Tag: May 9

  • 9 مئی کے ایک اور شرپسند کی شناخت ہو گئی

    9 مئی کے ایک اور شرپسند کی شناخت ہو گئی

    اسلام آباد: 9 مئی کے ایک اور شرپسند کی شناخت ہو گئی ہے، عبد الرحمٰن ولد مشتاق ایبٹ آباد کا رہائشی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نو مئی کے ہنگاموں میں ملوث ایک اور شرپسند کی شناخت ہو گئی ہے، عبد الرحمٰن کے والد نے اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں کو محتاط رہنے کی تلقین کی۔

    عبد الرحمٰن کے والدین نے سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتے یوئے اپنے بیٹے کے فعل پر شرمندگی کا اظہار کیا، عبد الرحمٰن کے والد کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے میرے بیٹے اور دیگر بچوں کے ذہنوں میں شرانگیزی کو پروان چڑھایا۔

    انھوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کے کارکنان کو اپنے ہی فوجی بھائیوں سے لڑوانے کا ذریعہ قرار دیا، والد نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو پی ٹی آئی چیئرمین کے شرانگیز پراپیگنڈے سے دور رکھیں۔

    انھوں نے کہا افواج پاکستان دنیا میں پاکستانی قوم کی عزت و تکریم کی باعث ہے، افسوس ہے کہ تحریک انصاف نے ہمارے بچوں کو پہچاننے سے انکار کیا اور ان کو ایجنسیوں سے منسوب کر دیا، سیاسی پارٹی قیادت نے پہلے ہماری اولاد کو ریاست کے خلاف بغاوت پر اکسایا اور پھر ان سے مکمل لا تعلقی کا اعلان کر دیا۔

  • پیر پگارا کا 9 مئی کے واقعے پر رد عمل

    پیر پگارا کا 9 مئی کے واقعے پر رد عمل

    کراچی: حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے 9 مئی کے واقعے کے خلاف پاک فوج سے اظہار یک جہتی کا بیان جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر صبغت اللہ راشدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افواج پاکستان ملک کی سالمیت اور استحکام کی علامت ہے، اور ہر محب وطن پاکستانی اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

    پیر پگارا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج فیڈریشن کی واحد علامت ہے، فوج نے بطور ادارہ وطن کی سلامتی، اس کے دفاع اور زلزلے اور دوسری قدرتی آفات کے مواقع پر شان دار خدمات انجام دی ہیں۔

    انھوں نے کہا ’’ہم اپنی مسلح افواج کی بدولت رات کو چین و اطمینان کی نیند سوتے ہیں، یہی بہادر فوج ہے جس کے افسر اور جوانوں نے وطن عزیز کی خاطر کبھی اپنی جانوں کی پرواہ نہیں کی۔‘‘

    پیر پگارا نے کہا فوج نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو تاریخی کردار ادا کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔

  • جناح ہاؤس پر حملے کی ویڈیو، ہوش رُبا مناظر اور شر پسندوں کی شرمناک گفتگو منظرِ عام پر

    جناح ہاؤس پر حملے کی ویڈیو، ہوش رُبا مناظر اور شر پسندوں کی شرمناک گفتگو منظرِ عام پر

    اسلام آباد: لاہور میں جناح ہاؤس پر حملے کی ویڈیو میں ہوش رُبا مناظر اور شر پسندوں کی شرمناک گفتگو منظرِ عام پر آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے غارت گر دن پر جناح ہاؤس لاہور پر شرپسندوں نے حملہ کر کے اسے نذر آتش کر کے اجاڑ دیا تھا، اتنے دن بعد ہوش رُبا مناظر اور شر پسندوں کی شرمناک گفتگو پر مبنی اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

    ویڈیو دیکھنے کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ بغض و عناد میں سیاسی جماعت کے شر پسندوں کے شرمناک جملوں نے بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، ویڈیو میں سُنا جا سکتا ہے کہ کیسے بے حیائی اور بے باکی سے بھارتی فلم کا ڈائیلاگ دہرایا جا رہا ہے۔

    ایک شرپسند فلمی ڈائیلاگ کہہ رہا ہے ’’گھر میں گھس کر ماریں گے۔‘‘ عمارت کو آگ لگانے کے مناظر ثابت کر رہے ہیں کہ کیسے بھرپور تیاری کے ساتھ سیاسی شر پسندوں نے ایک منظم طریقے سے جناح ہاؤس کو آگ لگائی۔

    جناح ہاؤس میں لائٹر کے پیٹرول سے لکڑی کے اسٹینڈ کو آگ لگانے اور صوفہ سیٹس کو آگ میں پھینک کر مزید بھڑکانے کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

    پاکستان سے آزادی کے طلب گار ضمیر فروشوں نے جناح ہاؤس میں شر پسندی کرتے ہوئے ’’ہم لے کے رہیں گے آزادی‘‘ کے نعرے لگا کر دشمن کو بھی خوش کر دیا، شرپسند اپنے بغض، عناد اور سیاسی شدت پسندی میں سب کچھ بھول گئے، وہ یہ بھی بھول گئے کہ اس گھناؤنے جرم کے بعد وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

    یہ نا قابل تردید مناظر عوام نے اپنی آنکھوں سے نو مئی کو بھی دیکھے تھے اور اب بھی دیکھ رہے ہیں، کوئی بھی من گھڑت پروپیگنڈا نہ سچ کو جھٹلا سکتا ہے اور نہ ہی حقائق کو چھپا سکتا ہے۔

  • 9 مئی کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خاتون کی تصویر جعلی نکلی

    9 مئی کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خاتون کی تصویر جعلی نکلی

    اسلام آباد: 9 مئی کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خاتون کی تصویر جعلی نکلی، فرانسسی ٹی وی چینل France 24 نے کھوج لگا لی، ثابت کر دیا کہ تصویر آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے تخلیق کردہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو شروع ہونے والے پرتشدد واقعات، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے دوران سوشل میڈیا پر مختلف نوعیت کے حقائق کے برعکس معلومات، دعوؤں اور تصاویر کی گردش کا سلسلہ شروع ہوا۔

    اس دوران صنف آہن کے عنوان سے ایک خاتون کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی، جس میں ایک خاتون سیکیورٹی اہل کاروں کے سامنے کھڑی ہے، سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے اس تصویر کو ٹویٹ کر کے خواتین کی جدوجہد کو سراہا۔

    تاہم فرانس کے ٹی وی چینل 24 نے اس حوالے سے تحقیق کی، تو حقائق قطعی مختلف نکلے، تحقیق سے یہ چیز سامنے آئی کہ یہ تصویر آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے تخلیق کردہ ہے اور یہ تصویر حقیقی نہیں نہ ہی کسی کیمرا مین کی کھینچی ہوئی ہے۔

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 19 مئی رات گیارہ بجے ایک ٹویٹ میں اسی تصویر کا استعمال کرتے ہوئے خواتین کو حقیقی آزادی کا مظہر اور صنف آہن قرار دیا تھا۔

  • 9 مئی کو جناح ہاؤس پر شرپسندوں کے حملے کی ہوش رُبا اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

    9 مئی کو جناح ہاؤس پر شرپسندوں کے حملے کی ہوش رُبا اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

    9 مئی کو جناح ہاؤس پر شرپسندوں کے حملے کی ہوش رُبا اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نو مئی کو دوپہر 2:35 سے لے کر 2:40 تک پرتشدد مظاہرین زمان پارک لاہور میں اکٹھے ہونا شروع ہوئے، 2:55 سے 3:20 کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر شر پسند قائدین لبرٹی چوک پہنچے، اور سہ پہر 4:05 پر مشتعل ہجوم نے کینٹ کا رْخ کیا۔

    4:05 پر پہلے سے شرپسندوں کا ایک ٹولہ شیر پاوٴ برج پر پہنچا ہوا تھا، شام 5:15 پر پہلا دھاوا جناح ہاوٴس پر بولا گیا، جو 25-30 افراد پر مشتمل تھا لیکن اْسے واپس دھکیل دیا گیا، 5:27 پر شرپسندوں نے جناح ہاوٴس بتدریج بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ دوبارہ انٹری کی، اور 5:30 سے 6 بجے تک ان شرپسندوں نے بھرپور انداز میں جناح ہاوٴس میں شدید توڑ پھوڑ کر کے اسے شدید نقصان پہنچایا۔

    6:07 پر جناح ہاوٴس کو مکمل جلا دیا گیا، 6:10 پر فورٹریس سے شرپسندوں کی مزید کمک جناح ہاوٴس پہنچ گئی، جنھوں نے تباہ کاریوں میں اپنا کردار ادا کیا، 6:13 پر مزید ایک اور جتھا دھرم پورہ سے جناح ہاوٴس پہنچ گیا، 6:30 سے 7:55 تک تقریباََ 2 ہزار لوگوں نے اجتماعی طور پر جناح ہاوٴس کو مکمل تباہ کر دیا اور تباہی کا یہ سلسلہ رات 8 بجے تک جاری رہا ۔

    شرپسندوں نے ملٹری انجینئرنگ سروسز کے دفتر پر بھی حملہ کر کے تباہی مچائی، اس کے علاوہ ملک کے باقی علاقوں میں تقریباً 200 سے زائد جگہوں پر دو سے تین گھنٹے کے وقت میں ان شر پسندوں نے ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، جو سارے پاکستان نے اپنی آنکھوں سے دیکھی۔

    ان ہوش رُبا انکشافات سے یہ واضح ہوتا ہے کے جناح ہاوٴس پر پوری منصوبہ بندی اور کوآرڈینیشن کے ساتھ منظم طریقے سے حملہ کیا گیا تھا، جس میں چند شر پسند رہنماوٴں کی براہ راست شرکت اور راہنمائی شامل تھی۔

  • شر پسندوں نے 9 مئی کے فسادات میں شہدا کی یادگاروں کو بھی نہ چھوڑا

    شر پسندوں نے 9 مئی کے فسادات میں شہدا کی یادگاروں کو بھی نہ چھوڑا

    9 مئی کا تاریک دن سیاسی شر پسندوں کے ضمیروں کو جھنجوڑتا رہے گا، جس دن شر پسندوں نے فسادات میں شہدا کی یادگاروں کو بھی نہ چھوڑا، اور شہدا کے خون سے مہکی یہ مٹی ان شرپسندوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔

    شرپسندوں نے جہاں ایک طرف افواجِ پاکستان سے دشمنی کا بدلہ جی ایچ کیو اور پنجاب ریجمینٹل سینٹر مردان پر حملہ آور ہو کر خود کو بے نقاب کیا، وہاں پاکستان ایئر فورس بیس میانوالی کے عقب میں نصب تاریخی جہاز کو بھی جلا کر وطن دشمنی کا طوق ہمیشہ کے لیے پہن لیا۔

    ان شر پسندوں نے پاک سر زمین کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو بھی بے حرمتی کا نشانہ بنایا اور یہ بھول گئے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔

    سرگودھا میں شہدا کی یادگاروں کو شدید نقصان پہنچا کر تمام حدود کو پار کر دیا گیا، اس کے علاوہ یادگارِ چاغی پشاور اور جناح ہاؤس لاہور کو بھی جلا دیا گیا، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ یہ حملہ آور دشمن کے خاص ایجنڈے پر کاربند رہ کر سرکاری اور عسکری املاک کے ساتھ ساتھ اہم یادگاروں کو بھی نقصان پہنچا رہے تھے۔

    راولپنڈی، لاہور، ایبٹ آباد، میانوالی، سرگودھا، پشاور اور مردان وہ اہم شہر ہیں، جہاں فوجی تنصیبات کے ساتھ ساتھ قدیمی یادگاروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

    ان تمام شر پسندوں کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقع سزا دلوائی جائے گی، تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص اپنے ذاتی و سیاسی مفاد کی آڑ میں ایسے شرمناک اقدام نہ اٹھا سکے۔