Tag: Mayor London

  • میئرلند ن صادق خان کی مزارقائد پرحاضری

    کراچی : میئرلند ن صادق خان نے مزارقائد پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ لندن سب کے لیئے کھلا ہے سیاحت تعلیم سے استفادہ حاصل کیا جاسکتاہے۔

    تفصیلات کے مطابق میئرلندن صادق خان کراچی پہنچے اور مزارقائد پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر لندن صادق خان کا کہنا تھا کہ کراچی آمد پر فخر محسوس کررہاہوں ، لندن میں تعلیم، کاروبار اور سیاحت کیلئے آپ کو خوش آمدید کہتا ہے۔

    صادق خان نے کہا کہ لندن سب کے لیئے کھلا ہے وہاں پاکستانیوں کے لیئے ملازمتوں ،کاروبارتجارت ،سیاحت اور تعلیم کے بہترین مواقع موجود ہیں۔

    میئر لندن نے مزید کہا کہ لندن میں ہندو،سکھ،مسلم ہر رنگ ونسل کے لوگ رہتے ہیں، ہمیں آئندہ 70سالوں کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    کراچی میں دورے کے دوران میئر لندن گورنرسندھ اوروزیراعلیٰ سندھ سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن کی جانب سے میئرلندن کے اعزازمیں استقبالیہ دیا جائے گا۔

    کراچی آمد سے قبل میئر لندن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مجھے بے انتہا پیار ملا ہے، کراچی پاکستان کا انتہائی اہم شہر ہے، اس کا دورہ کرکے خوشی ہوگی۔

    اس سے قبل میئر لندن صادق نے وزیراعظم شاہدخاقان عباسی، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور میئر کراچی سے ملاقاتیں کیں ، جس میں میئرلندن کوعلاقائی، معاشی میدان میں پاکستانی کامیابیوں سےآگاہ کیاگیا جبکہ صادق خان نے دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔


    مزید پڑھیں :  داعش کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، میئر لندن


    وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہرپاکستانی کوصادق خان کےلندن میئرمنتخب ہونےپرفخر ہے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ قریبی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

    میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ صادق خان کی لندن از اوپن مہم میں بھرپورتعاون کیاجائےگا، کاروباری شعبےمیں دونوں شہروں میں تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

    واضح رہے کہ 2 روز قبل میئر لندن صادق خان 9 رکنی وفد کے ساتھ بھارت سے براستہ واہگہ بارڈرلاہور پہنچے تھے ، مئیر لاہور مبشر جاوید اوربرطانوی ہائی کمشنر تھامس انڈریو نےاستقبال کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • لندن کے میئر صادق خان لاہور پہنچ گئے

    لندن کے میئر صادق خان لاہور پہنچ گئے

    لاہور: لندن کے میئر صادق خان واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے‘ ان دنوں وہ ’ لندن اس اوپن‘ کے عنوان سے جنوبی ایشیا کا خیر سگالی کا دورہ کررہے ہیں‘ اس دورے کا مقصد برصغیر کے شہروں کا برطانوی پایہ تخت سے تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کے میئر آج تین روزہ دورے پر لاہور پہنچے ہیں‘ لاہور کے میئر مبشر جاوید اور برطانوی ہائی کمشنر تھامس اینڈریو نے ان کا استقبال کیا۔ پاکستان آمد سے قبل انہوں نے چار دن بھارت میں قیام کیا۔

    لاہور آمد کے موقع پر برطانوی ہائی کمشنر‘ میئر لاہور کے علاوہ کمشنر لاہور عبداللہ سنبل اور ڈی سی لاہور سمیت متعدد سرکاری عہدیداران موجود تھے۔ صادق خان اپنے نو رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان تشریف لائے ہیں‘ یہاں سے وہ اسلام آباد اور کراچی بھی جائیں گے۔

    پاکستان میں اپنےمختصر قیام کے دوران وہ برطانوی ہائی کمشنر اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے ‘ جبکہ صادق خان بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے کا بھی دورہ کریں گے۔

    ان کی آمد کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ’’ ہم تاریخی اہمیت کے حامل شہر لندن کے میئرصادق خان کو تاریخی اہمیت کے حامل شہر لاہور میں خوش آمدید کہتے ہیں‘‘۔

    دورے سے قبل ان کا کہنا تھا کہ ’’میں پاکستان اور بھارت کو بہت اچھے سے سمجھتا ہوں‘ بالخصوص ان ممالک کے کلچر کی وجہ سے – مجھے بالی وڈ اور سپورٹس پسند ہے‘ اور دونوں ممالک میں میرا خاندان بھی ہے‘‘۔

    پاکستان کے دورے کے دوران وہ میئر صادق خان سینئر سیاستدانوں سے ملاقات کے علاوہ ثقافتی اور تجارتی شعبے کی اہم شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور یوکے کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم ڈھائی بلین پاؤنڈز ہے پاکستان میں سرمایہ کاری میں لندن تیسرے نمبر پر آتا ہے۔

    اس سے قبل دورۂ پاکستان کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی آمدن سے حاصل ہونے والا پیسہ لندن میں جائیداد کی خرید و فروخت کے لیے لگایا جارہا ہے، حکومت سے اس طرز کی خرید و فروخت پر پابندی کی بات جاری ہے۔کہ لندن میں غیر قانونی انویسٹمنٹ روکنے کی کوشش شروع کردی ہے ‘ ہم لندن کو دنیا کا منی لانڈرنگ دارلحکومت نہیں بننے دیں گے

    یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی برطانیہ میں بلدیاتی (لوکل) گورنمنٹ کے انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پاکستانی نژاد برطانوی شہری صادق خان نے کامیابی حاصل کی اور وہ برطانیہ کی تاریخ کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہوئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔