Tag: mazamat

  • رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ: رینجرز اور سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ: رینجرز اور سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی رینجرز اور مختلف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پرقاتلانہ حملہ کرنیوالوں کی تلاش میں رینجرز بھی سرگرم ہوگئی ہے، ترجمان رینجرز نےحملےکی شدید مذمت کرتےہوئےکہا کہ حملےکی مختلف زاویوں سےتحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کوجلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی کے پاس قاتلوں سے متعلق کوئی معلومات ہیں تو وہ رینجرز کو دیں۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں وزیراعظم نواز شریف نے ایم کیو ایم رہنما رشید گوڈیل پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

    ایم کیو ایم قائد الطاف حسین نے بھی رشید گوڈیل پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے عوام سے ان کی زندگی کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے رشید گوڈیل پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کے احکامات دیئے ہیں۔

    انہوں نے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کو ٹیلیفون کرکے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور رشید گوڈیل پر حملہ کرنے والے ملزموں کو ہر قیمت پر گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ سندھ نے رشید گوڈیل کی جلد صحتیابی کیلئے بھی خداوند تعالیٰ سے دعا کی ہے۔

    دریں اثناء قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ کا کہنا ہے رشید گوڈیل پر حملہ افسوسناک ہے حکومت قاتلوں کو گرفتار کرکے عوام کو سامنے لائے۔

    اس کے علاوہ  جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے رشید گوڈیل پر حملے کو مذاکرات سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔

  • شہید شجاع خانزادہ کی قربانی رائیگاں نہیں جائےگی، جنرل راحیل شریف

    شہید شجاع خانزادہ کی قربانی رائیگاں نہیں جائےگی، جنرل راحیل شریف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی شہادت پر افسوس کا  اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے تعزیتی بیان میں ان کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شجاع خانزادہ دلیرانسان تھے، اُن کی قربانی رائیگاں نہیں جائےگی۔

    آرمی چیف نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شجاع خانزادہ نے عظیم مقصد کے لئے قربانی دی۔ دہشت گردوں کے ایسے بزدلانہ اقدام سے ہمارے عزائم ڈگمگا نہیں سکتے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں تک پہنچنےکےلئےانٹیلی جنس ایجنسیاں تمام وسائل بروئےکارلائیں، واضح رہے کہ وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ آج اٹک میں ہونے والے خود کش حملے میں جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔

    شجاع خانزادہ کی شہادت پر وزیر اعظم نواز شریف صدر پاکستان ممنون حسین، سابق صدر آصف علی زرداری، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد،وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک، وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک،اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور دیگر نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیاہے۔

  • بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاکستانیوں کی شہادت پر دفتر خارجہ کی مذمت

    بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاکستانیوں کی شہادت پر دفتر خارجہ کی مذمت

    اسلام آباد : پاکستانی دفتر خارجہ نے باؤنڈری لائن پر بھارتی فوج کی  بلا اشتعال فائرنگ سے معصوم شہریوں کی شہادت اور سیز فائر کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

    دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں  کہا کہ حکومت پاکستان قیمتی جانوں کے نقصان پر سوگوار خاندوں سے تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق ہندوستانی فورسز کی جانب سے نیو کین اور 2 دیگر پوسٹس پر صبح ساڑھے 5 بجے بلااشتعال فائرنگ کا آغاز کیا گیا اور شہریوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا۔

    بیان کے مطابق پاکستان کو لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستان کی فائرنگ پر شدید تشویش ہے جبکہ ہندوستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سیز فائر معاہدے 2003 کی پاسداری کرے، تاکہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن قائم کیا جاسکے۔

  • آصف زرداری کے بیا ن کی پرزور مذمت کرتا ہوں، جنرل (ر)حمید گل

    آصف زرداری کے بیا ن کی پرزور مذمت کرتا ہوں، جنرل (ر)حمید گل

    راولپنڈی : جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے بیا ن کی پرزور مذمت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کاغصہ ان حالات میں ٹھیک نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے راولپنڈی میں  پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری نے جمہوریت کو تباہ کیا، انہوں نے کہا کہ آئین کی آڑ لے کر کرپشن کی جاتی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میرا نام حمید گل ہے ، اور میری ذاتی حیثیت  ہے میں نے اس سے پہلے نہ کوئی بیان واپس لیا اور نہ اب لوں گا۔

    میں اس ملک میں آئین کی حکمرانی چاہتا ہوں، حمید گل کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت سب سے بڑی دہشت گردی ہے۔

    بھارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت ایک عرصے سے مسلمانوں پر ظلم کررہا ہے ممبئی حملہ، کشتی واقعہ مونا باؤ جیسے سانحات  میں بھارت براہ راست ملوث رہا ہے۔

  • تین پولیس اہلکاروں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے، کنور نوید جمیل

    تین پولیس اہلکاروں کا قتل انتہائی قابل مذمت ہے، کنور نوید جمیل

    کراچی : ایم کیوا یم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور حلقہ این اے 246سے منتخب حق پرست رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل نے کہاہے کہ کراچی میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار امن وامان کے دیر پاقیام کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں ۔

    انہو ں نے کہا کہ بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسنا ک اور قابل مذمت ہے ۔

    ان خیالات کا اظہار انہو ں نے بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے سب انسپکٹر سکندر سمیت دو کانسٹیبل اشرف اور عابد کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

    کنور نوید جمیل نے کہاکہ شہر سے انتہاء پسندوں اور مذہب کے نام پر دہشت گردی کرنیوالے عناصر کی آماجگاہوں کا خاتمہ کرکے ہی کراچی میں امن ممکن ہے، کیونکہ کراچی میں مستقل امن قائم کئے بغیر پاکستان کی معیشت کی ترقی ممکن نہیں۔

    لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام تر مصلحتوں سے بالاتر ہوکر شہر سے دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی حاجی انور رضا اور جمال احمد انکے ہمراہ تھے۔

  • بے گناہ کارکنان کی گرفتاریاں بند کی جائیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    بے گناہ کارکنان کی گرفتاریاں بند کی جائیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے لیاقت آبادکے علاقے غریب آبادمیں بڑے پیمانے پر چھاپوں اورایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کی گرفتاریوں کی شدیدمذمت کی ہے۔

    ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ ایم کیوایم لیاقت آباد سیکٹر کے کارکن خرم کومسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہید کیا، جبکہ اورنگی ٹاؤن میں ایم کیوایم کے کارکن محمدعلی کوشہید کردیا گیا لیکن ان کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیاگیا بلکہ الٹاروزانہ ایم کیوایم کے کارکنوں کوگرفتارکیاجارہاہے۔

    آج علی الصبح بھی لیاقت آبادکے علاقے غریب آبادمیں پولیس ورینجرزنے پورے علاقے کامحاصرہ کرکے ایم کیوایم کے کئی کارکنوں اورہمدردوں کوگرفتارکرلیا۔

    جن میں یونٹ 158کے کارکنان شفیق صدیقی ولد عبد السلام ، زاہد اقبال ولد محمد اقبا ل ، ندیم عظیم ولد محمد عظیم ، شہزاد مرزا ولد عبد الرشید، افضال ولد مہر دین ، محمد صغیر ولد نور محمد ،محمد وسیم ولد محمد متین، محمد شوکت ولد محمد شاہ کوگرفتارکرلیا۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ یونٹ158کے کارکن رئیس گھرپرنہ ملے توسرکاری اہلکاروں نے ان کے 13سالہ صاحبزادے محسن کوگرفتارکرلیا،جبکہ اسی طرح یونٹ 158کے ضعیف العمر ہمدرد70سالہ قمر الدین اور ہمدرد کمال کوبھی گرفتارکرلیا۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے شہید کارکنوں کے قاتلوں کوگرفتارکرنے کے بجائے ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں اورہمدردوں کی ان اندھا دھند گرفتاریوں اورچھاپوں سے صاف ظاہرہے کہ آپریشن کی آڑمیں ایم کیوایم کونشانہ بنایاجارہاہے اور ایم کیوایم کے کارکنوں اورذمہ داروں کوگرفتارکرکے جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاجارہاہے۔

    رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ بستیوں کے محاصروں اورایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان ، ہمدردوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بندکیاجائے اورگرفتارشدگان کو فی الفوررہاکیاجائے۔

  • ڈاکٹر مرسی کی سزائے موت جمہوریت کا قتل ہے، جماعت اسلامی

    ڈاکٹر مرسی کی سزائے موت جمہوریت کا قتل ہے، جماعت اسلامی

    لاہور : جماعت اسلامی نے ڈاکٹر مرسی اوراخوان المسلمون کے رہنماؤں کو سزائے موت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں سے مسلمان ممالک میں جمہوری عمل کے خاتمے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے ۔

    جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی قیادت کا اجلاس مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں قرار دیا گیا کہ پاکستانی قوم جمہوریہ مصر کی نام نہاد عدالت کی طرف سے مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی اور ان کے 106 ساتھیوں کو سزائے موت سنانے کی پر زور مذمت کرتی ہے۔

    قرارداد میںسزا کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور جمہوریت کا قتل قرار دیاگیاہے ۔جماعت اسلامی کی قیادت نے واضح کیا کہ ڈاکٹر محمد مرسی باقاعدہ پہلے براہ راست عوامی انتخابات کے ذریعے مصر کے منتخب صدر ہیں جبکہ ریفرنڈم میں 8 مرتبہ اپنی برتری ثابت کی ہے لیکن ایک عالمی سامراجی سازش اور غیر جمہوری شب خون کے ذریعے ان کی جائز قانونی حکومت ختم کی گئی۔

    انہیں نام نہاد مقدمے میں نا م نہاد عدالت کی طرف سے سزائے موت عدل و انصاف کے مروجہ عالمی اور انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیرنے کے برابر ہے ۔

    جس کے ذریعے عرب بہار کو خزاں میں تبدیل کیا گیاہے جو جمہوری ملکوں کے لیے ایک کھلا چیلنج ہے ۔جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی ہ وہ مسلمان ممالک میں جمہوری عمل کے خاتمے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور مصر کے مطلق العنان حکمران کو غیر جمہوری ، غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات سے باز رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔

  • کراچی کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پرچھوڑدیا گیا، رابطہ کمیٹی

    کراچی کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پرچھوڑدیا گیا، رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے سابق ایس ایس پی حیدرآباد اعجاز حیدر کے بہیمانہ قتل اور ان کی اہلیہ کو زخمی کئے جانے کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

    ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں پولیس افسران اور اہلکاروں کو تواتر کے ساتھ نشانہ بنایاجارہا ہے جو باعث تشویش ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار ہی دہشت گردوں کے نشانے پر ہوں گے تو عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھے گا جس کے باعث شہر کی معاشی اور اقتصادی ترقی کی رفتار سست ہوگی ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر میں جس پیمانے پر قتل و غارتگری اور دہشت گردی جاری ہے اس تناظر میں اگر دیکھاجائے تو حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی زیرو ہے اور وہ ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر سب ٹھیک ہے کے دعوے کرکے اپنے آپکو بری الذمہ تصور کررہے ہیں ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ دنوں صفورا گوٹھ میں اسماعیلی برادری کی بس کو دہشت گردوں نے جس بربریت اور سفاکیت سے نشانہ بنایا اس کے بعد ایس ایس پی حیدرآباد اعجاز حیدر کے بہیمانہ قتل کی واردات سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کراچی کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے اعجاز حیدر کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے اور مقتول کی بیوہ کو جلد از جلد صحت یابی عطا فرمائے ۔

    رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ سابق ایس ایس پی حیدرآباد اعجاز حیدر کے بہیمانہ قتل اور ان کی اہلیہ کو زخمی کرنے کے واقعہ میں ملوث درندہ صفت دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور شہر کراچی میں دہشت گردوں اورجرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹھوس اور عملی کارروائی عمل میں لاکر عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔

  • الطاف حسین کیخلاف کاروائی ہونی چاہیئے، وزیردفاع خواجہ آصف

    الطاف حسین کیخلاف کاروائی ہونی چاہیئے، وزیردفاع خواجہ آصف

    اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھی الطاف حسین کے خلاف محاذ کھول دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ را سے مدد مانگنا کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے،الطاف حسین کیخلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔

    وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وہ الطاف حسین کے خلاف کاروائی کی حمایت کریں گے، بھارتی ایجنسی را سے مدد کا مطالبہ کسی صورت برداشت نہیں کیاجاسکتا۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ را پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر نے میں مصروف ہے،انہوں نے کہا کہ اگر آج الطاف حسین کو معاف کیااور کل انہوں نے پھر یہ زبان استعمال کی تو حکومت کے پاس کا کیا بچے گا۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دوسروں کے خلاف کاروائی ہو سکتی ہے تو الطاف حسین کے خلاف کیوں نہیں،خواجہ محد آصف نے کہا کہ مسلح افواج کے جوان ملک و قوم کیلئے جانیں دے رہے ہیں،ریاستی اداروں پر منفی تنقید قبول نہیں کی جا سکتی۔

  • خواجہ آصف پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    خواجہ آصف پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

    کراچی : ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے الطا ف حسین کے بارے میں وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف کوقائدتحریک الطاف حسین پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکناچاہیے ۔

    اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے ایوان میںمسلح افواج کے خلاف جس قسم زہریلی اورشرانگیز تقاریرکی ہیں وہ آج بھی قومی اسمبلی کے ریکارڈاورمیڈیاکی لائبریری میں موجود ہیں.

    جن کو سن کرہرفرد بخوبی اندازہ لگاسکتاہے کہ خواجہ آصف مسلح افواج کے بارے میں کس قسم کے خیالات رکھتے ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ خواجہ آصف کوقائد تحریک الطاف حسین کے بارے میں لب کشائی کرنے سے پہلے مسلح افواج کے خلاف اپنی زہریلی اورشرانگیزتقاریرپرمسلح افواج اورقوم سے معافی مانگنی چاہئیے پھرانہیں اس حوالے سے دوسروںپر تنقیدکرنے کاحق ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کواپنی حب الوطنی ثابت کرنے کیلئے کسی کے سرٹیفکیٹ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین اورایم کیوایم کے کارکنان بانیان پاکستان کی اولادیں ہیں اوران پر ملک دشمنی کے بیہودہ الزامات بانیان پاکستان کی قربانیوں کی توہین کرنا ہے۔