Tag: mazar e quaid

  • وزیر اعظم شہباز نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں کیا لکھا؟

    وزیر اعظم شہباز نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں کیا لکھا؟

    کراچی: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات رقم کرتے ہوئے آخر میں اپنے نام کی جگہ ’خادم پاکستان‘ لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کراچی کے دورے پر آئے ہوئے ہیں، شہر قائد پہنچتے ہی انھوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر جا کر فاتحہ خوانی کی۔

    وزیر اعظم نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی لکھے، انھوں نے لکھا قائد! میں آپ کی آخری آرام گاہ پر بصد احترام حاضر ہوں، اور شکر گزار ہوں کہ آپ نے ہمیں ایک الگ ملک دیا۔

    میاں محمد شہباز شریف نے لکھا قائد! ہم دل کی گہرائیوں سے معذرت چاہتے ہیں، ہم اس راستے پر نہیں چل سکے، جس کی آپ کو ہم سے امید تھی، اور یوں آپ کی روح کو مایوس کر دیا، میں وعدہ کرتا ہوں کہ عوام کی بہتری کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لاؤں گا۔

    انھوں نے مزید لکھا قائد! آپ کی امیدوں کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کریں گے۔ شہباز شریف نے تاثرات کے اختتام پر اپنے نام کی جگہ خادم پاکستان تحریر کر دیا۔ وزیر اعظم نے یہ تاثراتی نوٹ انگریزی میں لکھا۔

  • یوم پاکستان ، گورنر سندھ  اور وزیر اعلیٰ  سندھ کی مزار قائد پر حاضری

    یوم پاکستان ، گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی : یوم پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پرحاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

    تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پر وقارتقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مزارقائد پر حاضری دی ، پھول چڑھائے۔

    اس موقع پر گورنرسندھ اوروزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے گئے۔

    اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے پیغام میں کہا آج کا دن بڑے جوش و جذبے سےمنایا جاتا، او آئی سی کے مہمان بھی پریڈ میں شریک ہیں، آج کی پریڈ کو40 ممالک میں دکھایا جارہا، 15 سال کے بعد او آئی سی کے جیسا ایونٹ ہورہا ہے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ جوراستہ قائد نےدکھایا اس پر چلنے کی کوشش کررہےہیں، ہم آج کے دن کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولیں گے، کشمیر میں غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا اللہ توفیق دے کہ پیارے وطن کا دفاع کرسکیں، ملک کافی مشکلات سے گزررہا ہے۔

    مراد علی شاہ نے سندھ حکومت کی طرف سے او آئی سی مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہمیں آج کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، ہمارے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ ڈھڑکتے ہیں۔

    خیال رہے آج یوم پاکستان ملی جوش اور جزبے سے منایا جار ہا ہے، دن کا آغاز وطن عزیز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاوں سے ہواجبکہ وفاقی دارلحکومت اسلام اباد کا کیولری گرائونڈ اکتیس توپوں کی سلامی سے گونج اٹھا۔

  • مزارقائد کے اطراف غیر قانونی تعمیرات ، نیب تحقیقات آخری مرحلے میں داخل

    مزارقائد کے اطراف غیر قانونی تعمیرات ، نیب تحقیقات آخری مرحلے میں داخل

    کراچی: نیب کی جانب سے مزارقائد کے اطراف غیرقانونی تعمیرات سے متعلق تحقیقات آخری مرحلے میں داخل ہوگئیں ، مزار قائد مینجمنٹ بورڈ کی شکایت پر نیب نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مزارقائد کے اطراف غیرقانونی تعمیرات سے متعلق نیب تحقیقات آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ماسٹر پلان ڈیپارٹمنٹ کے بعد ایس بی سی اے افسران بھی شامل تفتیش ہیں ، اس سلسلے میں سابق ڈائریکٹرصفدرمگسی ،موجودہ ڈائریکٹرمحمدضیا کو بھی تحقیقات کیلئے طلب کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ افسران نےایک ماہ تاخیرسے کاسموپولیٹن سوسائٹی پرجواب نیب کوجمع کرادیا ہے ، جس میں افسران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مزار قائد کے اطراف چائنہ کٹنگ کا ایس بی سی اے سے تعلق نہیں ، چائنہ کٹنگ کی ذمہ دارسوسائٹی انتظامیہ،ماسٹرپلان ڈپارٹمنٹ ہے اور کاسمو پولیٹن سوسائٹی میں تعمیرات کی قانون کے مطابق اجازت دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایس بی سی اے افسران نے غیر قانونی تعمیرات کا ذمہ دار سابقہ افسران کو قرار دیا، غیرقانونی تعمیرات پر سابق ڈی جی ظفراحسن ،شمس الدین سومروکوبھی بلایا گیا تھا اور سابق ڈی جی کےدورمیں مبینہ طورپر20سےزائدنقشوں کی منظوری ہوئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ قوانین کےتحت ڈیڑھ کلومیٹرمیں مزار کے گنبد سے اونچی تعمیرات نہیں ہوسکتی۔

    نیب ذرائع نے کہا ہے کہ مزار قائد مینجمنٹ بورڈ کی شکایت پر نیب نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا، تحقیقات کے8ماہ کے دوران 15سےزائدسرکاری افسران کابیان ریکارڈکیاجاچکا ہے اور بیان ریکارڈکرانیوالےافسران نے تعمیرات کاذمہ دارسابقہ ڈی جیز کو قراردیا۔

  • وزیر بحری امور نے مزار قائد پر تاثرات کے دفتر میں کیا لکھا؟

    وزیر بحری امور نے مزار قائد پر تاثرات کے دفتر میں کیا لکھا؟

    کراچی: وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے قائد اعظم ڈے پر آج مزار قائد پر حاضری دی، اس موقع پر انھوں نے تاثرات کے رجسٹر میں قائد اعظم سے انوکھا وعدہ کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر علی زیدی نے یوم قائد پر قائد کے مزار کی بے حرمتی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا وعدہ کر لیا ہے۔

    علی حیدر زیدی نے مزار قائد پر تاثرات کے دفتر میں باقاعدہ قائد اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ڈیئر قائد اعظم! آپ سے وعدہ ہے کہ آپ کے مزار کی حرمت پامال کرنے والوں کو کٹہرے میں لاؤں گا۔

    وزیر بحری امور نے تاثرات کی کتاب میں یہ الفاظ انگریزی زبان میں لکھے، جس کے نیچے انھوں نے اپنا دستخط بھی کیا، انھوں نے مزار قائد پر حاضری کے دوران فاتحہ خوانی کی اور عقیدت کے پھول بھی چڑھائے۔

    مزارقائدبے حرمتی کیس : مریم نواز اور کیپٹن(ر)صفدر کو بڑا ریلیف مل گیا

    خیال رہے کہ آج 25 دسمبر 2020 کو ملک بھر میں قائدِ اعظم محمد علی جناح کا 145 واں یومِ پیدائش مِلّی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، ہر سال کی طرح امسال بھی حکومت پاکستان نے یومِ قائد اعظم پر عام تعطیل کا اعلان کیا، اور محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

    بابائے قوم قائدِ اعظم محمدعلی جناحؒ 25 دسمبر 1876 کو سندھ کے موجودہ دار الحکومت کراچی میں پیدا ہوئے، قیامِ پاکستان کے ایک سال بعد 11 ستمبر 1948 کو کراچی ہی میں ان کا انتقال ہوا۔

  • مزار قائد کسی کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں، فواد چوہدری

    مزار قائد کسی کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں، فواد چوہدری

    وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اور قائداعظم کا مزار کسی کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں ہے، علی زیدی کا کہنا تھا کہ ذمہ داران کو سخت سے سخت سزاہونی چاہیے۔

    ن لیگ کی رہنما مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے اپنے رد عمل میں پولیس کارروائی کی حمایت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ مزار قائد کی توہین کسی طور قابل قبول نہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی جانب سے گرفتاری قانون کے احترام کا بیانیہ ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ مزار قائد پر اٹھکیلیاں، نعرے بازی اور غیرسنجیدہ طرز عمل قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، قائداعظم کا مزار کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں، مزارقائد ہر پاکستانی کے لئے مقدس جگہ ہے، اس غیرسنجیدہ طرزعمل پر سزا ہونی چاہئے۔

    فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزارقائد پر کیپٹن ریٹارئرڈ صفدر کا طرز عمل انتہائی قابل اعتراض تھا، مزار قائد کے تقدس کی پامالی پر کارروائی لازمی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ اتنا وقت گزر گیا پر مریم نواز اور کیپٹن صفدر نے قوم سے معافی تک نہ مانگی، ان کو اپنے عمل پر کوئی افسوس ہی نہیں ہے، جب دیکھا کوئی شرمندگی ہی نہیں ہے تو پھرکارروائی ضروری کرنا ضروری ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ پولیس نے پیشہ ورانہ طرز عمل کا مظاہرہ کیا، پاکستان کا ہرسچا شہری اس کارروائی کی حمایت کرے گا، ان کا عمل قانونی اور اخلاقی دونوں طور پر قابل مذمت ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں فواد چوہردی نے کہا کہ مریم نواز خاتون ہیں ان کو کیا گرفتارکرنا، نعرے کیپٹن صفدر لگارہا تھا، کیپٹن صفدر مزار قائد پر نعرے لگا کرمریم کو بھی اکسا رہا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گفتگو سے لگتا ہے ذہنی طورپر ہلے ہوئے ہیں، گرفتاری کے بعد لگےہاتھوں کیپٹن صفدر کا دماغی معائنہ بھی کیا جائے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے کہا کہ کیپٹن (ر)صفدرکی گرفتاری بالکل ٹھیک ہے کیونکہ مزار قائد پر ہلڑبازی ناقابل برداشت ہے، ان کوعدالت سے سخت سے سخت سزا ہونی چاہیے۔

    انہوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزار قائد کے اندر نعرے لگانے اور تالیاں بجانے والوں کو کٹہرے میں لانا چاہیے، اگر یہ مانتے ہیں کہ مزار قائد پر جو ہوا غلط ہوا تومعافی مانگیں، معافی مانگنے کے لئے ان کے پاس سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم موجود ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے نجی ہوٹل سے کیپٹن (ر) صفدر گرفتار، تھانے منتقل

    واضح رہے کہ مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے موقع پر مزار کے احاطے میں کیپٹن (ر) صفدر نے سیاسی نعرے لگوائے تھے، ان کے اس عمل پر عوام اور حکومتی شخصیات کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔

    پولیس نے آج صبح کارروائی کرتے ہوئے ایک نجی ہوٹل پر چھاپہ مارا اور مزار قائد کی بے حرمتی کے الزام میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر اور پارٹی رہنما کیپٹن(ر) صفدرکو حراست میں لے لیا۔

  • قائداعظم محمد علی جناح کی برسی،  صدرڈاکٹرعارف علوی  کی مزارقائد پرحاضری

    قائداعظم محمد علی جناح کی برسی، صدرڈاکٹرعارف علوی کی مزارقائد پرحاضری

    کراچی : صدرڈاکٹرعارف علوی نے قائداعظم محمد علی جناح کی برسی پر مزارقائد پر حاضری دی اور کہا کہ قائداعظم کے شہر کراچی کی ترقی کیلئے سب مل کرکام کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر صدرڈاکٹرعارف علوی نے مزارقائد پرحاضری دی ، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ بھی صدر عارف علوی کے ہمراہ تھے۔

    صدرڈاکٹرعارف علوی نے مزارپر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے۔

    اس موقع پر صدرڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ محنت کرکے پورے سندھ کے حالات بہتر کئے جائیں گے ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا کیخلاف صف اول کے ہیروز ہیں۔

    صدرمملکت کا کہنا تھا کہ آج ہم سب قائداعظم کے مزار پر حاضری دینے آئے ہیں، قائداعظم کے شہر کراچی کی ترقی کیلئے سب مل کرکام کریں گے، شہر قائد کی ترقی کیلئے وفاق اور صوبائی حکومت ایک ساتھ ہے۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج قوم عظیم قائد کو خراج تحسین پیش کررہی ہے، بابائےقوم نے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے خواب کو تعبیر دی، قائداعظم محمد علی جناح نے دو قومی نظریہ کو سچ کر دکھایا۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ بابائے قوم ایسی مملکت کے خواہشمند تھےجہاں کوئی تفریق نہ برتی جائے، وہ چاہتے تھے ہر شخص کو انصاف ملے اور تمام حقوق حاصل ہوں، آج کا دن ہمیں قائد کی سوچ و نظریہ کو عملی جامہ پہنانے کی یاد دلاتا ہے۔

    پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے،جسے قائد نےپاکستان کی شہ رگ کہا تھا، وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوگا، انشااللہ کشمیری بھائی اپنا حق خود ارادیت ضرور حاصل کریں گے۔

  • ‘میں نہیں چاہتا کہ میرے بعد آنے والا میئربھی بے اختیار ہو’

    ‘میں نہیں چاہتا کہ میرے بعد آنے والا میئربھی بے اختیار ہو’

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ میں نہیں چاہتا کہ میرے بعد آنے والا میئربھی بے اختیار ہو، سب کو پتہ ہے کہ کراچی میں الیکشن شفاف نہیں ہوئے ، آج الیکشن شفاف ہو تو ایم کیو ایم پہلے سے دگنی سیٹ لے گی۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا ملک بھر کےعوام کو میری طرف سے جشن آزادی مبارک ، اللہ تعالی ہمارے ملک کو قائم و دائم رکھے ، اس شہر کو آج ہماری ضرورت ہیں۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ آزادی کے بعد ہمارے مسائل کم ہونے کےبجائے بڑھ گئے ، قائد اعظم نے ہمارے لئے ملک حاصل کیا مگر ہم نےترقی کیلئےکام نہیں کیا ، حکومت اس سلسلے میں ناکام رہی ،ہمیں ملکر کام کرنا چاہیے۔

    وسیم اختر نے کہا کہ 4سال میں کوشش کی کہ بلدیاتی ادارے مضبوط ہوں ، سپریم کورٹ سے اپیل ہے اس نظام کوبحال کرایا جائے ، 3سال سے میری پٹیشن عدالتوں میں زیرالتوا ہے ، امید کرتا ہوں عدالتیں اس پٹیشن پر کام کرکے تحفہ دیں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت خوشی ہوگی اگر بلدیاتی ادارے مضبوط ہوں ، میں نہیں چاہتا کہ میرے بعد آنے والا میئربھی بے اختیار ہو، اب جوکام ہورہا ہے وہ اس شہر کے مسائل کا حل نہیں۔

    میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں ایک سسٹم مرتب ہونا چاہیے ، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر پانی اور سیورج کا نظام ہے ہی نہیں ، وفاق کے مسائل حل کرنے پر ناراضگی دکھانا صوبائی حکومت کی غلطی ہے، عوام کو اپنے مسائل حل کرانے ہیں چاہے وہ کوئی بھی کرے این ڈی ایم اے کام کرے ،سندھ حکومت تعاون کرے۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کےحل پرسیاست نہیں ہونی چاہئے ، 12سال میں سندھ حکومت ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھی ، سب کو پتہ ہے کہ کراچی میں الیکشن شفاف نہیں ہوئے ، آج الیکشن شفاف ہو تو ایم کیو ایم پہلےسے دگنی سیٹ لے گی۔

  • یوم آزادی ، گورنرسندھ  اوروزیراعلیٰ سندھ  کی مزارِ قائد پر حاضری

    یوم آزادی ، گورنرسندھ اوروزیراعلیٰ سندھ کی مزارِ قائد پر حاضری

    کراچی : جشن آزادی کے موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزارقائد پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اور کہا کوروناکی وجہ سے 14اگست کی تقریب کو سادہ رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے73 ویں یوم آزادی کے موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزارقائد پرحاضری دی ، مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، کمشنرکراچی افتخارشالوانی بھی وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ تھے، اس موقع پر مراد علی شاہ نے گرین قمیض اورسفید شلوار پہن رکھا تھا۔

    اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ آزادی پر ہمارے دلوں میں کشمیریوں کا دکھ ہے، ہم نے آج اس تقریب کو 2 وجوہات سے سادہ رکھا ،کورونا کی وجہ اور کشمیریوں کے دکھ کی وجہ سے، باورکرانا چاہتے ہیں حکومت پاکستان کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ امید ہے رب جلد مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرائے گا، بہت جلد پاکستان اپنا مقام حاصل کرلے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گفتگو میں کہا کہ آج پاکستان کی 73 ویں آزادی کی سالگرہ ہے، کشمیرمیں بچےکی تصویرجو اپنے نانا کے سینے پر بیٹھا ہے، نے دنیا کوہلا دیا، بچے کے نانا کو بھارتی فوج نے قتل کیا۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ضرورت ہےکہ شہیدبھٹوکے بنائےآئین پر عمل کریں، 14اگست کی تقریب کوکوروناکی وجہ سے سادہ رکھاگیاہے ، یہ وبا گئی نہیں ہے، سب نے مل کر اس سےنجات حاصل کرنی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایک سال سے بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر پربے پناہ مظالم ڈھائے ، بچے کی تصویر نے پوری دنیا کے دل دہلا دیے، اس وقت ضرورت ہے پوری قوم متحد رہے ، ملک میں معاشی عدم استحکام ہے مہنگائی ہے، دنیاسے کہتا ہوں کشمیریوں کو ظلم سے نجات دلائیں ، ہم جلد کشمیریوں کو آزادی دلائیں گے ۔

    خیال رہے ملک بھرمیں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور جذبے سے منایا جارہاہے، ملک بھر میں سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور راستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

  • چیف جسٹس کی مزار قائد پر حاضری

    چیف جسٹس کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس گلزار احمد نے مزار قائد پر حاضری دی جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور مزار پر پھول رکھے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس گلزار احمد صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی پہنچے جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی۔

    چیف جسٹس نے مزار قائد پر حاضری کے دوران فاتحہ خوانی کی اور مزار پر پھول رکھے۔ چیف جسٹس نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔

    خیال رہے کہ جسٹس گلزار نے چیف جسٹس بننے کے بعد کراچی کا پہلا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے 21 دسمبر کو بطور چیف جسٹس اپنے ہعدے کا حلف اٹھایا تھا۔

    جسٹس گلزار یکم فروری 2022 تک پاکستان کے چیف جسٹس کے عہدے پر براجمان رہیں گے۔

    جسٹس گلزار کو دیوانی، بینکنگ اور کمپنی قوانین میں مہارت حاصل ہے۔ ان کے بارے میں عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ جسٹس گلزار احمد کے چیف جسٹس بننے کے بعد سپریم کورٹ میں ایک مرتبہ پھر سے جوڈیشل ایکٹو ازم نظر آئے گا۔

    بطور چیف جسٹس اپنی نامزدگی کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس گلزار نے کہا تھا کہ وکلا اور عدالتی مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا، ڈسٹرکٹ کورٹ کے حالات دیکھ کر افسوس اور شرمندگی ہوئی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ایک چیمبر میں چار سے پانچ ججز بیٹھے ہیں، اپنے وقت میں ایسی ڈسٹرکٹ کورٹس کی حالت نہیں دیکھی تھی۔ بار سے منسلک تمام مسائل کو 21 دسمبر کے بعد سے حل کرنا شروع کروں گا۔

  • گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ کی مزار قائد پر حاضری

    گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی سوچ الگ ہوسکتی ہے لیکن دونوں ملکی ترقی چاہتی ہیں، 27 دسمبر کو وزیر اعظم کراچی آرہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم سے اسلام آباد میں ہونے والی میٹنگ مثبت رہی، امید ہے وزیر اعلیٰ سندھ صوبے کے منصوبوں پر تعاون کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی سوچ الگ ہوسکتی ہے لیکن دونوں ملکی ترقی چاہتی ہیں، 27 دسمبر کو وزیر اعظم آ رہے ہیں، وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے خواہش مند ہیں۔

    گورنر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی اقلیتی برادری کا خیال رکھا ہے، بھارت کا سیکولر ازم کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔ ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت میں کیا چل رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گرین لائن کے آغاز کی تاریخ ابھی نہیں دی جاسکتی، وزیر اعلیٰ کی وزیر اعظم سے ملاقات کو آئس بریکنگ سمجھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں اقدام سے بہتری آئے گی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بربریت کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے بعد پورے بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کیے جا رہے ہیں۔ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ فیڈرل گورنمنٹ کو درخواست کی بھارتی ظلم و بربریت کو عالمی فورم پر اٹھائیں، تمام اسلامی ممالک کو مسلمانوں پر مظالم کے خلاف متحد ہونا چاہیئے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعظم عمران خان نے سی سی آئی کا طویل اجلاس کیا۔ جس صوبے سے گیس نکلے اس کے وسائل پر پہلا حق اسی صوبے کا ہوتا ہے۔ اٹارنی جنرل نے پانی کی تقسیم سے متعلق اجلاس میں رپورٹ بھی پیش کی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کراچی آمد کی مجھے کوئی اطلاع نہیں، بحیثیت وزیر اعلیٰ میرا فرض ہے وزیر اعظم کے استقبال کے لیے جاؤں۔ پہلے جب آیا کرتے تھے تو بتایا جاتا تھا، لیکن اب وزیر اعظم کی آمد کا نہیں بتایا جاتا۔