Tag: MBS

  • احمد الشرع کی محمد بن سلمان سے اہم ملاقات

    احمد الشرع کی محمد بن سلمان سے اہم ملاقات

    ریاض: شام کے صدر احمد الشرع پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔

    دورہ سعودی عرب کے موقع پر سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے احمد الشرع کا پُرتپاک استقبال کیا، شامی صدر سے گفتگو میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ مشرق وسطیٰ امن کا گہوارہ بنے، اور تمام عرب ممالک ترقی اور خوش حالی کی راہ پر گامزن ہوں۔

    اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ، شام میں قیام امن اور سلامتی کے امور پر گفتگو کی گئی، شام پرعائد پابندیوں کے خاتمے پر بھی تبادلہ خیال ہوا، سعودی ولئ عہد نے کہا کہ شامی عوام ہمارے بھائی ہیں، ان کی ممکن مدد کریں گے۔

    الشرع کے ساتھ ریاض میں ہونے والی بات چیت میں شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد الشرع نے کہا کہ ایم بی ایس کے ساتھ ملاقات نے ظاہر کیا کہ سعودی عرب مستقبل کی تعمیر میں شام کی حمایت کرنے کی حقیقی خواہش رکھتا ہے۔

    شام کے شہر منبج میں کار بم دھماکہ، 15 مزدور جاں بحق

    شامی صدر نے مزید کہا کہ ریاض میں ان کی ملاقاتوں میں توانائی، ٹیکنالوجی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون کے منصوبے شامل تھے۔ الجزیرہ کے مطابق الشرع نے ریاض کو اپنی پہلی منزل کے طور پر اس لیے منتخب کیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ سعودی عرب کو معلوم ہو کہ نئے شام کی کتنی اہمیت ہے۔

    واضح رہے کہ الشرع نے 8 دسمبر کو بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد شام کی قیادت سنبھالی ہے، تب سے شام کی نئی انتظامیہ علاقائی اور بین الاقوامی قانونی حیثیت حاصل کرنے اور شام پر سے مغربی پابندیاں ہٹانے کے لیے کوشاں ہے۔

  • غزہ جنگ بندی، انٹونی بلنکن ایک بار پھر سعودی عرب پہنچ گئے

    غزہ جنگ بندی، انٹونی بلنکن ایک بار پھر سعودی عرب پہنچ گئے

    ریاض: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ایک بار پھر غزہ جنگ بندی کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق واشنگٹن اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات معمول پر لانے کے لیے کوشاں ہے، اس سلسلے میں پیر کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مشرق وسطیٰ کے دورے کے آغاز پر سعودی عرب پہنچ کر ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے میں پیش رفت پر مشاورت کے لیے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک بار پھر مشرق وسطیٰ کا دورہ کیا ہے، انٹونی بلنکن نے ریاض میں سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اپنے سعودی ہم منصب وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی۔

    رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات دو گھنٹے جاری رہی، تاہم ملاقات کے بعد بلنکن صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیے بغیر چلے گئے، واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے امریکا کے اعلیٰ سفارت کار کا یہ پانچواں دورہ ہے۔

    انٹونی بلنکن مصر، قطر اور اسرائیل کا دورہ کریں گے اور یرغمالیوں کے معاہدے سے متعلق حماس کے ساتھ مصر اور قطر کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھانے پر زور دیں گے۔ روئٹرز کے مطابق غزہ کی پٹی میں بمباری کی زد میں آئے ہوئے فلسطینیوں نے امید ظاہر کی ہے کہ بلنکن کا خطے کا دورہ آخرکار جنگ بندی کا باعث بنے گا، اور اس محصور علاقے میں ان کی آخری پناہ گاہ پر نئے اسرائیلی حملے رک جائیں گے۔

  • نگراں وزیر اعظم کی سعودی ولئ عہد سے ملاقات

    نگراں وزیر اعظم کی سعودی ولئ عہد سے ملاقات

    ریاض: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گزشتہ روز سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سعودی عرب کے ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے، جس میں غزہ پر اسرائیلی جنگ سمیت اہم موضوعات پر بات چیت کی گئی۔

    دونوں رہنماؤں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کو وحشیانہ اور اندھا دھند جارحیت سے روکنے کے لیے فوری بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

    وزیر اعظم نے اسرائیل فلسطین تنازعے کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کے لیے دیرینہ پاکستان اور سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • ایران نے ایٹمی ہتھیار حاصل کر لیے تو پھر ہم بھی کریں‌ گے: شہزادہ محمد بن سلمان

    ایران نے ایٹمی ہتھیار حاصل کر لیے تو پھر ہم بھی کریں‌ گے: شہزادہ محمد بن سلمان

    ریاض: سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ اگر ایران نے ایٹمی طاقت حاصل کیے تو پھر ہم بھی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان 2019 کے بعد پہلی بار ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے ایٹمی ہتھیاروں کے حصول میں پہل کی تو سعودی عرب بھی ایٹمی ہتھیار حاصل کرے گا۔

    ایران کے جوہری پروگرام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ملک جوہری ہتھیار کی تیاری کرتا ہے تو خطے میں طاقت کے توازن کے لیے جوہری ہتھیار رکھنا ہمارا بھی حق ہوگا، لیکن ہم ایسا نہیں چاہتے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے معاملے پر سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    فاکس نیوز کی جانب سے یہ انٹرویو سعودی شہر نوم میں ہوا تھا، جو آج شام نشر کیا جائے گا، انٹرویور نے ولئ عہد سے سوال کیا کہ کیا آپ کو ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے پر تشویش ہے؟ ایس ایم بی نے جواب دیا ’’نیوکلیئر ہتھیار حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے، کیو کہ آپ اسے استعمال نہیں کر سکتے، اگر کوئی بھی ملک جوہری ہتھیار استعمال کر رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ باقی دنیا کے ساتھ جنگ کر رہا ہے، دنیا ایک اور ہیروشیما کی متحمل نہیں ہو سکتی۔‘‘

    ان سے اگلا سوال ہوا کہ اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرتا ہے تو کیا آپ بھی کریں گے؟ ولئ عہد نے جواب دیا ’’اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرتا ہے تو ہم بھی کریں گے۔‘‘

    مسئلہ فلسطین

    فلسطین کے حوالے سے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ایس ایم بی نے کہا کہ فلسطین کا معاملہ ہمارے لیے انتہائی اہم ہے، ہم پہلے اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں، اس لیے ہمیں دیکھنا ہوگا کہ اس پر کیا ہو سکتا ہے۔

    اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کے حوالے سے سعودی ولئ عہد کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی طرف پیش رفت ہو رہی ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ ہم قریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، جس میں بائیڈن انتظامیہ کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

  • روسی صدر پیوٹن کا شہزادہ محمد بن سلمان کو فون

    روسی صدر پیوٹن کا شہزادہ محمد بن سلمان کو فون

    ریاض: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے بدھ کو اطلاع دی کہ سعودی عرب کے ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا فون آیا۔

    گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے ذرائع پر تبادلہ خیال کیا۔

    رہنماؤں نے حالیہ صورت حال سمیت متعدد امور اور مشترکہ دل چسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

    چین، پاکستان اور ایران کے درمیان پہلی مرتبہ انسداد دہشت گردی مذاکرات

  • سعودی صحافی جمال خاشقجی قتل میں ملوث ایک ملزم گرفتار

    سعودی صحافی جمال خاشقجی قتل میں ملوث ایک ملزم گرفتار

    پیرس/انقرہ/ریاض : معروف سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ملزم فرانس سے گرفتار ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے مقتول صحافی جمال خاشقجی کے بہیمانہ قتل میں ملوث ملزم خالد الاوطیبی کو فرانس کے چارلس دی گولے ایئرپورٹ سے کچھ دیر قبل ہی گرفتار کیا گیا ہے۔

    مذکورہ شخص امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ صحافی کو قتل کرنے والے 26 افراد میں سے ایک ہے جن کی گرفتاری کےلیے ترکی کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق 33 سالہ شخص سابق سعودی شاہی گارڈ رہ چکا ہے جو عدالتی حراست تھا اور اپنے اصل نام سے سفر کررہا تھا۔

    واضح رہے کہ صحافی جمال خاشقجی سعودی حکومت باالخصوص ولی عہد محمد بن سلمان کے شدید ناقد تھے جنہیں اکتوبر 2018 میں استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں بےدردی سے قتل کرکے لاش کو تیزاب میں ڈال دیا تھا۔

    جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق سعودی حکومت نے کہا تھا کہ جاسوسوں کی ایک ٹیم واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ صحافی کو ریاست واپس لانے کےلیے گئی تھی تاہم آپریشن کے دوران انہوں نے خاشقجی کو قتل کردیا لیکن ترکش حکام نے کہا تھا کہ جاسوسوں نے صحافی کو سعودی حکومت کے اعلیٰ حکام کے حکم پر قتل کیا تھا۔

  • عمران خان، محمد بن سلمان ملاقات، وزیر اعظم نے کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا

    عمران خان، محمد بن سلمان ملاقات، وزیر اعظم نے کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا

    جدہ: وزیراعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان سے ملاقات ہوئی، جس میں‌ باہمی دلچسپی اوردوطرفہ امور پرتبادلہ خیال ہوا.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیرکی صورت حال سے آگاہ کیا. اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سعودی تیل تنصیبات پرحملے کی بھی شدید مذمت کی.

    وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی بھی موجود تھے.

    خیال رہے کہ وزیر اعظم پاکستان آج سعودی عرب کے دو روزہ دورہ پر جدہ پہنچے، تو  رائل ٹرمینل پر مکہ کے گورنرخالد الفيصل بن عبد العزيز نے ان کا استقبال کیا۔

    مزید پڑھیں: جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات طے

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی, مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ اور معاون خصوصی برائےسمندر پار پاکستانی سید ذولفقار بخاری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

    تجزیہ کار مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو اور سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کے تناظر میں وزیر اعظم پاکستان کے دورے کو اہم قرار دے رہے ہیں.

  • سعودی ولی عہد محمد بن سلمان میرے دوست ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان میرے دوست ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    اوساکا : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ٹرمپ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کوششوں میں آپ کی خدمات پر پوری دنیا احسان مند ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات اور دوستی میرے لیے عزت کا مقام ہے۔ محمد بن سلمان بہترین دوست ہیں اور سعودی مملکت کے لیے بہت زیادہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

    امریکی صدر نے ان خیالات کا اظہار جاپان کے شہر اوساکا میں منعقدہ جی 20 سمٹ کے موقع پر سعودی ولی عہد سے ملاقات میں کیا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نے اپنے ملک کے لیے بہت کچھ کیاہے۔ ان کا اشارہ دونوں ملکوں کے درمیان عسکری ، اقتصادی اور سیاسی شراکت داری وتعاون کی جانب تھا جس کے نتیجے میں امریکا میں روزگار کے غیر معمولی مواقع پیدا ہوئے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے مملکت سے دہشت گردی ختم کرنے کے لیے شاندارکام کیا۔

    اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کوششوں میں آپ کی خدمات پر پوری دنیا احسان مند ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ یہ ایک طویل سفر ہے اور ہم نے یہ سفر مکمل کرکے ملک کو منزل تک پہنچانا ہے۔

  • ٹرمپ اور بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ، ایرانی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

    ٹرمپ اور بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ، ایرانی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

    واشنگٹن /ریاض : امریکی صدر اور سعودی ولی عہد نے ایران کی معاندانہ سرگرمیوں اور تدارک کےلئے اقدامات ، عالمی بحری تجارت کو محفوظ بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے کی تازہ ترین صورتحال، ایران کی معاندانہ سرگرمیوں اور ان کے تدارک کےلئے اقدامات کےساتھ عالمی بحری تجارت کو محفوظ بنانے کےلئے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونیوالے ٹیلیفونک رابطے میں تیل کی پیداوار کو مستحکم رکھنے، دوطرفہ تعلقات کو فروغ اور سعودی اور امریکی اقوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی ہے ۔

    وائٹ ہاؤس نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں ایرانی دھمکیوں پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرق وسطیٰ میں امن واستحکام کےلئے سعودی عرب کی مساعی، عالمی تیل مارکیٹ کے استحکام پر بھی بات چیت کی گئی۔

  • جمال خاشقجی کی لاش، تندور میں جلا کر راکھ کی گئی

    جمال خاشقجی کی لاش، تندور میں جلا کر راکھ کی گئی

    انقرہ : تفیتشی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو قتل کرنے کے بعد سعودی کونسل جنرل کی رہائش گاہ پر تندوری اوون میں ڈال کر جلا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے دارالحکومت استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں معروف صحافی جمال خاشقجی کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کردئیے گئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے نے جمال خاشقجی سے متعلق اپنی تحقیقات رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ مقتول صحافی کی لاش کے ٹکڑے تندوری اوون میں ڈال کر نذر آتش کردیے گئے تھے۔

    الجزیرہ کی تحقیقات ڈاکیومنٹری میں بتایا گیا ہے کہ جمال خاشقجی کے مقتل (سعودی قونصلیٹ) سے 100 گز کے فاصلے پر واقعے سعودی قونصل جنرل کے گھر میں 1 ہزار ڈگری سینٹی گریٹ سے زائد درجہ حرارت کے حامل تندور کو ایک ہفتہ قبل خصوصی طور پر بنایا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اوون کے اندر خاشقجی کے جسم کا بیشتر حصّہ جل کر خاکستر ہوگیا تھا، ترک حکام کے مطابق صحافی کی لاش کو تلف کرنے کےلیے تین دن لگے تھے۔

    ترک حکام کو یقین ہے کہ سعودی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے صحافی کو قتل کرنے کے اس کی لاش کے ٹکڑے کردئیے تھے اور ان ٹکڑوں کو بھی نذر آتش کردیا تھا تاکہ قتل کا کوئی ثبوت باقی نہ رہے۔

    تندوری اوون تیار کرنے والے ملازم نے بتایا کہ سعودی قونصل کی جانب سے خصوصی ہدایت تھی اوون کو گہرا اور ایسا بنانا جو لوہے کو بھی پگلا دے۔

    مزید پڑھیں : جمال خاشقجی کے قتل میں حکومت ملوث نہیں‘ سعودی وزیرخارجہ

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر برائے خارجہ امورعادل الجبیر کا کہنا تھا کہ جمال خاشقجی کے قتل کا ولی عہد نے حکم دیا، نہ ہی حکومت جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہے، جمال خاشقجی کے قتل کے الزام میں گیارہ افراد پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔

    خیال رہے کہ واشنگٹن پوسٹ کے لیے خدمات انجام دینے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی گزشتہ سال 2 اکتوبر کو استنبول میں سعودی سفارت خانے میں اپنی منگیتر کے کاغذات لینے کے لیے گئے تھے، جہاں انھیں قتل کر دیا گیا۔

    بیس اکتوبر کو سعودی عرب نے با ضابطہ طور پر یہ اعتراف کیا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں قائم سفارت خانے کے اندر جھگڑے کے دوران قتل کیا گیا۔

    واضح رہے کہ جمال خاشقجی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں باالخصوص وژن 2030 کے شدید ناقد تھے اور سعودی عرب میں سعودی شاہی خاندان کے خلاف قلم کی طاقت دکھانے والے صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہوتے ہی امریکا جلاوطن ہوگئے تھے۔