Tag: MBS

  • سعودی ولی عہد چین پہنچ گئے

    سعودی ولی عہد چین پہنچ گئے

    بیجنگ: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے ایشیا ٹور کے تیسرے ملک چین پہنچ گئے ہیں، اس سے قبل انہوں نے پاکستان اور بھارت کا دورہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان آج اپنے چار ملکی دورے کے سلسلے چین پہنچ گئے ہیں، اس موقع پر ان کے استقبال کے لیے چینی حکام کی بڑی تعداد ایئر پورٹ پر موجود تھی جن میں چین کی سیاسی کونسل کے ڈپٹی چیئر مین خی لی فنگ، اور سعودی عرب میں چین کے سفیر لی ہوا ژن شامل ہیں۔

    سعودی ولی عہد اپنے اس دورے میں چین کی دیگر اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ چینی صدر ژی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے۔

    شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے اس دورے کا آغاز پاکستان سے کیا تھا ، جہاں ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔ پاکستان کے دورے پر 20 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدے بھی تشکیل پائے۔ ولی عہد کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان سے بھی نوازا گیا تھا۔

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان کی تصویری جھلکیاں

    پاکستان کے بعد وہ بھارت گئے تھے جہاں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریند ر مودی اور صدر مملکت رام نا تھ کووند سے بھی ملاقات کی تھی۔ دورے کے بعد اختتامی اعلامیے میں بھارت کی بھرپور کوشش کے باوجود محمد بن سلمان نے پلوامہ حملے میں پاکستان کے خلاف بھارتی الزام تراشی پر کسی بھی قسم کا تبصر ہ نہیں کیا۔

    دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری کا آنا خوش آئند ہے۔

    پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق چینی وزارت خارجہ کا مؤقف تھاکہ سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت پر پہلےہی فریم ورک طے پاچکا ہے، سی پیک، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں علم بردارکی حیثیت رکھتی ہے۔

    بھارتی ہرزہ سرائی پر تبصر ہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت خطے کے اہم ملک ہیں۔ امید ہے کہ دونوں ملک تحمل سے کام لیتے ہوئے مذاکراتی راہ اختیار کریں گے اور جلد از جلد اپنے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔

  • پاکستانی آرٹسٹ کا سعودی ولی عہد کے لیے تحفہ

    پاکستانی آرٹسٹ کا سعودی ولی عہد کے لیے تحفہ

    اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستانی آرٹسٹ نے ان کے لیے پورٹریٹ کا تحفہ تیار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رابعہ ذاکر نامی آرٹسٹ نےسعودی ولی عہدکی یہ پورٹریٹ  ہاتھ سے تیار کی ہے اور اس کی تیاری میں آرٹسٹ کوولی عہدکی آئل پینٹنگ تصویرمکمل کرنےمیں ایک ہفتہ لگا ہے۔ روایتی عرب لباس،رومال کوبھی آئل پینٹنگ  کی مدد سے حقیقی رنگ دیئےگئے ہیں۔

    اس موقع پر رابعہ ذاکر کا کہنا ہے کہ  وہ کئی اہم شخصیات کے پورٹریٹ تیار کرچکی ہیں۔ ولی عہدکےچہرےکےجلالی اورجمالی تاثرات بنانامشکل کام تھا۔

    تصویر میں سعودی ولی عہد سیاہ رنگ کی سنہری حاشیے والی روایتی شاہی عبا میں ملبوس ہیں، ان کے سر پر سعودی عرب کا سرخ اور سفید چارخانے والا رومال بھی موجود ہے۔

    رابعہ ذاکر چاہتی ہیں کہ دورہ پاکستان کے موقع پر وہ یہ پورٹریٹ ازخود ولی عہد کی خدمت میں پیش کریں،  لیکن ساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ اگر محمد بن سلمان کے انتہائی مصروف شیڈول کے سبب یہ موقع نہ ملا تو وہ اس پورٹریٹ کو سعودی سفارت خانے کے سپرد کردیں گی ،تاکہ یہ ولی عہد تک پہنچ جائے۔

    رابعہ ذاکر  پاک رومانیہ  دوستی ایسوسی ایشن کی چیئر پرسن ہیں اور ساتھ ہی ساتھ پیس آرٹس کونسل ترکی سے بھی منسلک ہیں۔ انہوں نے آرٹس کی تعلیم نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سےحاصل کی ہے۔

  • سعودی دفاعی کونسل کا پہلا اجلاس، محمد بن سلمان نے اہم فیصلے لے لیے

    سعودی دفاعی کونسل کا پہلا اجلاس، محمد بن سلمان نے اہم فیصلے لے لیے

    جدہ : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ملک کی دفاعی کونسل کے پہلے اجلاس کی صدارت کی ، اجلاس میں مقامی سطح پر ملٹری سازو سامان بنانے میں معاونت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی دفاعی کونسل کا پہلا اجلاس جمعرات کے روز ریاض میں منعقد ہوا ، جس میں وزارتِ دفاع کے کردار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

    اجلاس کی صدارت شہزادہ محمد بن سلمان نے کی ، جو اس وقت مملکت میں انتہائی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اجلاس میں کونسل کے کردار اور اس کے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔ کونسل کے قیام کا مقصد وزارتِ دفاع کے اسٹریٹجک معاملات کی نگرانی اور ان میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

    اس میٹنگ میں وزارت کی بنیادی گورننس کونسلز کو فعال کیا گیا جن کے زیر اہتمام پراجیکٹ ریویو اور انویسٹ منٹ بورڈ، کونسل اور آف سروسز اینڈ بزنس، اپوائنٹمنٹ بورڈ اور مشترکہ ملٹری کونسل جیسے معاملات آتے ہیں۔

    نئی گورننس کونسلز کے قیام کا مقصد وزارت دفاع کے فیصلہ سازی کے میکنزم کو بہتربنانا، ادارہ جاتی اور انفرادی سطح پر کارکردگی میں بہتر لانا اور بہتر انداز میں پیسے خرچ کرنا ہے۔

    دفاعی کونسل کے قیام کا ایک اہم مقصد دفاعی ساز و سامان اور اسلحے کو اپ ڈیٹ کرنا اور مقامی سطح پر ملٹری ساز و سامان کی تیاری میں مدد فراہم کرنا بھی ہے۔

  • سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر میں رابطہ، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر میں رابطہ، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فرانسیسی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق محمد بن سلمان اور عمانوایل ماکروں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں‌ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق اس گفتگو میں خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی ولی عہد کے پاس نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع کا قلم دان بھی موجود ہے.

    خیال رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے ماہ اپریل میں امریکا کے تین ہفتے کے طویل دورے کے بعد سرکاری دعوت پر فرانس کا دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے فرانسیسی صدر عمانوایل ماکروں اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقاتیں کیں.

    یاد رہے کہ 21 اپریل کو سعودی شاہی محل کے نزدیک فائرنگ کی آوازیں سنائی دی تھیں، جس کے بعد ولی عہد محمد بن سلمان کئی روز تک میڈیا سے دور رہے، اس پراسرار گمشدگی نے کئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا، روسی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ 21 اپریل کی مبینہ بغاوت میں سعودی ولی عہد شدید زخمی ہوگئے ہیں.

    سعودی حکام نے جلد ہی اس دعویٰ کی تردید کر دی اور محمد بن سلمان کی مصری صدر السیسی کے ساتھ ایک تصویر جاری کی. گذشتہ دونوں سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نےمحمد بن سلمان کی حالیہ تصویر جاری کی تھی، جس میں وہ کونسل برائے اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

    اب سعودی ولی عہد نے اور فرانسیسی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا.


    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے متعلق قیاس آرائیاں جھوٹی ثابت ہوئیں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔