Tag: MDA

  • کلرک بھرتی ہونے والے ملازم کی ڈائریکٹر لیگل ایم ڈی اے تقرری عدالت میں چیلنج

    کلرک بھرتی ہونے والے ملازم کی ڈائریکٹر لیگل ایم ڈی اے تقرری عدالت میں چیلنج

    کراچی: ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں کلرک بھرتی ہونے والے ملازم عرفان بیگ کی سیکریٹری اور ڈائریکٹر لیگل تقرری عدالت میں چیلنج کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری اور ڈائریکٹر لیگل ایم ڈی اے عرفان بیگ کی تقرری سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کی گئی ہے، سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اگست کو جواب طلب کر لیا ہے۔

    وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عرفان بیگ کو ایم ڈی اے میں کلرک بھرتی کیا گیا تھا، اور دستاویزات سے معلوم ہوا کہ عرفان بیگ ایک وقت میں 2 پوسٹوں پر تعینات ہیں۔

    وکیل نے مزید بتایا کہ عرفان بیگ کو سیکریٹری ایم ڈی اے اور ڈائریکٹر لیگل کا چارج دیا گیا ہے، جب کہ قانون کے مطابق نچلے گریڈ کے ملازم کو اعلیٰ عہدے کا چارج نہیں دیا جا سکتا۔

    وکیل درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عرفان بیگ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے۔

    واضح رہے کہ عرفان بیگ کو لوکل گورنمنٹ نے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں گریڈ 5 میں تعینات کیا تھا، لیکن اس کے برعکس وہ غیر قانونی طور پر گریڈ 19 کے مختلف اعلیٰ مناصب پر براجمان رہے، ان پر غیر قانونی کاموں اور زمینوں کے قبضوں میں براہِ راست ملوث ہونے کے الزامات بھی لگتے رہے۔ ماضی میں حکومت سندھ نے انھیں بہ طور ڈائریکٹر لیگل افیئر معطل بھی کیا تھا۔

  • سندھ حکومت نے ایم ڈی اے کے ایڈیشنل ڈی جی کو عہدے سے ہٹا دیا

    سندھ حکومت نے ایم ڈی اے کے ایڈیشنل ڈی جی کو عہدے سے ہٹا دیا

    کراچی:سندھ حکومت نے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے ایڈیشنل ڈی جی کو عہدے سے ہٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ایڈیشنل ڈی جی، ایم ڈی اے سہیل خان کو عہدے سے برطرف کر دیا، سہیل خان نے سیلاب متاثرین کی آڑ میں سرکاری زمین پر قبضہ کیے جانے کی نشان دہی کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو الاٹ کی گئی جگہ کی بجائے سرکاری اراضی پر آباد کیا جا رہا تھا، اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے نے متعدد بار سندھ حکومت کو خط بھیجا۔

    خط میں سہیل خان نے لکھا کہ لوگوں کو الاٹ کی گئی زمین پر لینڈ مافیا کی جانب سے سیلاب متاثرین کو آباد کیا جا رہا ہے۔ تاہم، متعدد بار خط لکھنے کے باوجود بھی سندھ حکومت کی جانب سے نوٹس نہیں لیا گیا۔

    اور اب سندھ حکومت نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سہیل خان ہی کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا ہے۔

  • ملیر میں جعلی ہاؤسنگ اسکیمیں اور گوٹھوں کو مسمار کرنے کا فیصلہ

    ملیر میں جعلی ہاؤسنگ اسکیمیں اور گوٹھوں کو مسمار کرنے کا فیصلہ

    کراچی : سرکاری زمینوں پر جعلی ہاؤسنگ اسکیمیں اور گوٹھوں کو مسمار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ڈپٹی کمشنر ملیر نے لینڈ گریبرز کی لسٹیں طلب کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔

    ڈپٹی کمشنر ملیر کا کہنا ہے کہ 30سالہ لیز پر دی گئی زمین پر ہاؤسنگ اسکیم یا گوٹھ بنانا غیرقانونی ہے، ملیر میں زمینوں پر ہاؤسنگ اسکیمز اور گوٹھ بنائے گئے ہیں جوغیرقانونی ہیں۔

    ڈی سی کے مطابق جعلی ہاؤسنگ اسکیمز اور گوٹھوں کو مسمار اور ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے گا، ڈی سی ملیر نے ہاؤسنگ اسکیم اور گوٹھ بنانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا حکم دے دیا۔

    ڈی سی ملیر نے مختیار کارز اور پولیس حکام کے نام لکھے گئے خط میں ہدایات دی ہیں کہ قبضہ کی گئی صوبائی اور وفاقی زمینیں خالی کروائی جائیں۔

    ڈپٹی کمشنر ملیر نے کہا کہ ضلع ملیر میں ہزاروں ایکڑ سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروالی گئی ہے، مزید کاروائیاں جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ایم ڈی اے اراضی پر جعلی گوٹھوں کے خلاف ایم ڈی اے کے الاٹیز اور گوٹھوں کے متاثرین کی درخواستوں کی سماعت کی تھی۔

    سندھ ہائیکورٹ نے ملیر کی زمینوں پر قائم تمام جعلی گوٹھوں کو ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ جعلی گوٹھوں کے نام پر سرکاری زمینوں پر قبضوں سے واضح طور پر ایم ڈی اے کی نااہلی نظر آرہی ہے۔

    عدالت نے کہا کہ ایسا کیسے ممکن ہے کہ قبضے ہو رہے ہوں اور ایم ڈی اے خاموش رہے، نااہلی کے ساتھ بدعنوانی کا معاملہ بھی ہے، جعلی سندیں لے کر قبضہ مافیا گوٹھ بنا رہی ہے۔

    عدالت نے ایم ڈی اے کو حکم دیا تھا کہ تمام جعلی گوٹھ ختم کرائیں اور ملوث افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • کراچی: برسوں سے تکمیل کی منتظر ہاؤسنگ اسکیمز کے سلسلے میں خوش خبری

    کراچی: برسوں سے تکمیل کی منتظر ہاؤسنگ اسکیمز کے سلسلے میں خوش خبری

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں برسوں سے تکمیل کی منتظر ہاؤسنگ اسکیمز سے متعلق ایم ڈی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ انھیں جلد آپریشنل کیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے آفس میں ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اراضی کی مافیا سے واگزاری سمیت مختلف ہاؤسنگ اسکیمز سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

    نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ ، گھروں کی تعمیر سے متعلق اہم خبر آگئی

    اجلاس میں ایم ڈی اے کی اراضی سے مافیا کا قبضہ ختم کرانے کے لیے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے، مافیا کے خلاف جوائنٹ آپریشن میں پولیس اور رینجرز سے مدد لی جائے گی، ایم ڈی اے کی مختلف اسکیموں پر قبضہ کر کے گوٹھ آباد اسکیمیں بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ملیر کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ

    اجلاس میں کراچی والوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیمز کو جلد آپریشنل کرنے کا اعلان بھی کیا گیا، اور شاہ لطیف ٹاؤن اسکیم، نیو ملیر ہاؤسنگ اسکیم، تیسر ٹاؤن اسکیم 45 کو جلد مکمل کر کے الاٹمنٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں ایم ڈی اے کے ایڈہاک اور کنٹریکٹ ملازمین کے لیے بھی خوش خبری دی گئی، ان ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، 6 رکنی کمیٹی ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے سفارشات تیار کر کے حکومت سندھ کو پیش کرے گی۔