Tag: mecca

  • عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

    عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

    ریاض: رواں برس حج کے لیے عازمین کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا، سعودی حکام نے حج کے تمام انتظامات ہر سال کی طرح بہترین طریقے سے مکمل کرلیے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق اندرون مملکت سے عازمین حج کا پہلا کاررواں جمعے کو مکہ مکرمہ پہنچ گیا، وزارت حج و عمرہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے محکمہ شہری ہوا بازی کے تعاون سے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر قصیم سے آنے والے عازمین حج کا خیر مقدم کیا۔

    سعودی عرب میں تمام متعلقہ اداروں نے اس سال حج کرنے والوں کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، سیکیورٹی، صحت اور مختلف اداروں نے جامع عملی پروگرام پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے۔

    وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو ٹھہرانے کے لیے انتظام کر لیا ہے جہاں وہ منیٰ جانے سے قبل قیام کریں گے، 4 ذی الحج سے 8 ذی الحج تک ہوٹل میں رہیں گے۔ ہر عازم حج کے لیے ایک ایک کمرہ ہے۔ کمرے میں آب زم زم کی سینی ٹائز بوتلوں سے لے کر اسنیکس، پھلوں اور مٹھائیوں کی باسکٹوں سمیت ناشتے، ظہرانے اور رات کے کھانے تک کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

    مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں آپریشنل پلان بھی جاری کردیا ہے، اتھارٹی کے ترجمان جلال کعکی کا کہنا ہے کہ ہمارا سارا زور کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر ہے۔

    کعکی کے مطابق جمرات کے پل (وہ مقام جہاں شیطانوں کو کنکریاں ماری جاتی ہیں) کی اصلاح و مرمت اور اسے استعمال کرنے کے طور طریقوں کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ تمام سسٹمز چیک کرلیے گئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے روم مؤثر ہیں، حاجیوں کے قافلوں کو منظم کرنے اور حج مقامات پر صفائی کی اسکیمیں تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آپریشنل پلان کے تحت العزیزیہ اور الشعبین کو جمرات کے پل سے جوڑ دیا گیا ہے، الشعبین اور العزیزیہ پروجیکٹ کے ذمہ دار سیکیورٹی اداروں سے رابطے میں ہیں۔

  • حرم مکی میں کمپیوٹرائزڈ تھرمل کیمرے نصب

    حرم مکی میں کمپیوٹرائزڈ تھرمل کیمرے نصب

    ریاض: سعودی حکام کی جانب سے حرم مکی میں کمپیوٹرائزڈ تھرمل کیمرے نصب کردیے گئے ہیں، جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے بیک وقت 24 افراد کی اسکریننگ کی جا سکتی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس نے حرم مکی میں کمپیوٹرائزڈ تھرمل کیمروں کا افتتاح کر دیا ہے۔

    افتتاح کے بعد شیخ السدیس نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرم مکی میں کام کرنے والے تمام افراد کے لیے لازم ہے کہ وہ حرم میں داخل ہونے سے قبل تھرمل کیمروں کی اسکریننگ سے گزریں۔

    ان کے مطابق اگر کسی کا درجہ حرارت بڑھا ہوا ہے تو اسے حرم مکی آنے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ وہ مزید چیک اپ کے لیے متعلقہ ادارے سے رجوع کرے۔

    شیخ السدیس نے مزید کہا کہ کسی کو موجودہ حالات کے حوالے سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد مملکت ذاتی طور پر حرمین آنے والوں کی صحت کے امور کے حوالے سے مسلسل نگرانی کرتے ہیں اور وہ تمام معاملات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے اور اس بات کا یقین دلانا چاہتا ہوں کہ رب کریم جلد ہی ملت کوغم کی ان گھڑیوں سے نجات دل ادیں گے اور حرمین شریفین میں طواف و سعی اور روضہ شریف میں نماز باجماعت کی ادائیگی شروع ہوجائے گی اور حالات حسب سابق جلد ہی معمول پر آ جائیں گے۔

    شیخ السدیس کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیئے کہ موجودہ حالات میں احتیاطی اقدام سے نہ گھبرائیں اور جو اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ سب کی حفاظت اور صحت و سلامتی کے لیے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل مسجد نبوی میں بھی تھرمل ڈیجیٹل کیمروں کی تنصیب کی جا چکی ہے، جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے بیک وقت 24 افراد کی اسکریننگ کی جا سکتی ہے۔

    حرمین شریفین میں کام کرنے والوں کی اسکریننگ کا مقصد حفاظتی اقدامات پر مکمل طور پر عمل کرنا ہے کیونکہ کوئی ایک بھی متاثرہ کارکن دوسروں کو متاثر کر سکتا ہے اس لیے احتیاطی اقدامات پر عمل کرنا ہر ایک پر لازم ہے۔

  • سعودی عرب: عارضی فروٹ اور سبزی منڈی کا افتتاح

    سعودی عرب: عارضی فروٹ اور سبزی منڈی کا افتتاح

    ریاض: مکہ مکرمہ کی ایک میونسپلٹی میں عارضی فروٹ اور سبزی منڈی کھولی گئی ہے تاکہ مقامی افراد کو ضرورت کی سبزیاں اور فروٹ روزانہ کی بنیاد پر آسانی سے مہیا ہوں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے العوالی محلے میں عارضی فروٹ اور سبزی منڈی کا افتتاح کیا ہے جو کہ روزانہ صبح 7 سے سہ پہر 3 بجے تک مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے کھلی رہے گی۔

    میونسپلٹی میں بلدیاتی امور کے ڈائریکٹر جنرل عبد اللہ الزایدی نے بتایا کہ العزیزیہ بلدیاتی کونسل نے سبزی اور فروٹ منڈی کی سہولت فراہم کی ہے، یہاں آنے جانے کے راستے بنا دیے گئے ہیں۔

    سبزی اور فروٹ منڈی میں جانے اور اس سے نکلنے کے دروازے الگ رکھے گئے ہیں، منڈی میں رہنما بورڈ نصب کردیے گئے ہیں جبکہ فائر پروف خیمہ نصب ہے۔

    بلدیاتی امورکے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ عارضی پھل اور سبزی منڈی سے العوالی محلے کے باشندوں کو آسانی ہوگی، انہیں ضرورت کی سبزیاں اور فروٹ روزانہ کی بنیاد پر آسانی سے مہیا ہوں گے۔

    عبداللہ الزایدی نے مزید کہا کہ منڈی میں پھلوں اور سبزیوں کی دکانیں بنائی گئی ہیں اور نگرانی کا مؤثر نظام ہے، ان دکانوں پر صرف سعودی شہری ہی کام کرسکیں گے۔ غیر ملکیوں کو پھل اور سبزی فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ العزیزیہ بلدیہ کے اہلکاروں نے منڈی کے اطراف اور اندر صفائی اور سینی ٹائزنگ کا مکمل بندوبست کر رکھا ہے، مارکیٹنگ ٹرالیوں کا بھی انتظام ہے۔ انہیں مستقل بنیادوں پر سینی ٹائز کیا جا رہا ہے۔

    حکام کے مطابق منڈی میں آتے وقت لوگوں کا درجہ حرارت بھی ریکارڈ کیا جا رہا ہے، میونسپلٹی نے یہ انتظام بڑی سبزی منڈیوں میں بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے کے لیے کیا ہے۔

  • مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور پر ’گھر پر رہو‘ کا پیغام

    مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور پر ’گھر پر رہو‘ کا پیغام

    ریاض: مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور پر ’گھر پر رہو‘ کا پیغام درج کردیا گیا، اقدام کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے گھر پر رہنے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر مکہ کلاک ٹاور کی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے جس میں کلاک ٹاور پر یہ پیغام درج ہے خلیک بالبیت یعنی ’گھر میں رہو‘۔

    مکہ کلاک ٹاور پر گھر میں رہو کا پیغام کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے گھروں میں رہنے کی پابندی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے دیا گیا ہے۔

    ٹاور کی تصاویر برج الساعۃ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہیں۔

    صارفین نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے گھر تک محدود رہنے کی اس تاکید کے منفرد انداز پر پسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ اس سے قبل کلاک ٹاور پر کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر سے متعلق پیغام بھی دیا گیا تھا۔

    یہ کلاک ٹاور مسجد الحرام کے سامنے ہے اور دنیا کے بلند ترین ٹاورز میں سے ایک ہے، اس کے بالائی حصے میں دنیا کی سب سے بڑی گھڑی نصب ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 4 ہزار 934 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 65 اموات ہوچکی ہیں۔

  • سعودی عرب میں پرندوں کی مارکیٹس کیوں بند کردی گئیں؟

    سعودی عرب میں پرندوں کی مارکیٹس کیوں بند کردی گئیں؟

    ریاض: مکہ مکرمہ میں پرندوں کی خرید و فروخت کے بازار بند کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی، انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انفلوائنزا کا شکار پرندوں سے نجات حاصل کی جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق میئر مکہ انجنیئر محمد عبداللہ القویحص نے بلدیہ کے زیر انتظام پرندوں کی مارکیٹوں اور یومیہ بنیاد پر لگنے والے پرندوں کے بازار کو عارضی طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    میئر مکہ کی جانب سے ریجنل بلدیاتی اداروں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ احتیاط کے پیش نظر مکہ میں پرندوں کی راویتی مارکیٹوں کو عارضی طور پر بند کر دیا جائے۔

    میئر کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ احتیاط کے طور پر پرندوں کے جمع ہونے والے مقامات پر بھی جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے۔

    ہدایت میں کہا گیا کہ ایسے پرندے جن کے بارے میں شبہ ہو کہ وہ انفلوائنزا کا شکار ہیں ان سے نجات حاصل کی جائے، بلدیہ کی ٹیمیں جامع حکمت عملی کے تحت کام کریں جبکہ تمام اقسام کے پرندوں کی خرید و فروخت کو عارضی طور پر روک دیا جائے۔

    میئر نے وزارت پانی و ماحولیات اور زراعت کے تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کر کے اس پر فوری عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    ادھر فیملی میڈیسن کے ماہر ڈاکٹر احمد عبدالملک نے پالتو جانوروں کے حوالے سے کہا ہے کہ گھریلو جانوروں سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں، گھروں میں رہنے والے جانوروں سے کرونا وائرس پھیلنے کا اندیشہ نہیں تاہم اس ضمن میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

    ان کے مطابق گھریلو جانوروں کو عام جانوروں کے ساتھ باہر نہ رکھا جائے تاکہ وہ کسی قسم کے جراثیم سے متاثر نہ ہوں، پالتو جانوروں سے کھیلنے اور ان کے کام کرنے کے بعد ہاتھوں کو 20 سیکنڈ تک جراثیم کش محلول سے دھویا جائے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 21 مریض سامنے آچکے ہیں۔

  • مکہ مکرمہ میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام کا فیصلہ

    مکہ مکرمہ میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام کا فیصلہ

    ریاض: سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں مقیم خواتین کا مطالبہ پورا کرتے ہوئے لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے منصوبے پر غور شروع کردیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے، ابھی تک اس حوالے سے کوئی سرمایہ کار سامنے نہیں آیا۔

    ذرائع کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر ٹریفک پولیس کرنل فواز الحازمی نے لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے حوالے سے پراپرٹی سیکٹر میں کام کرنے والی ایک نجی کمپنی کے صدر دفتر کا دورہ اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ریجنل ڈائریکٹر ٹریفک پولیس اور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے مابین خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام اور فراہم کی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے غور کیا گیا اور اس حوالے سے اہم پیشرفت بھی کی گئی۔

    متوقع ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے حوالے سے تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا، توقع ہے منصوبے پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد مکہ مکرمہ میں مقیم خواتین کا مطالبہ ہے کہ انہیں ڈرائیونگ سکول کی اشد ضرورت ہے۔

    فی الوقت سب سے قریبی اسکول طائف اور جدہ میں ہے جہاں داخلہ لینا مشکل ہے، اگر داخلہ مل جائے تو روزانہ کلاسوسز میں شرکت کرنا اس سے زیادہ مشکل ہے۔

  • زائرین کی رہنمائی کے لیے مکہ المکرمہ میں نئے بورڈز نصب

    زائرین کی رہنمائی کے لیے مکہ المکرمہ میں نئے بورڈز نصب

    ریاض: مکہ المکرمہ میں زائرین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے نئے بورڈز نصب کریے گئے ہیں، مزید بورڈز کی تیاری کا کام جاری ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کی انتظامیہ نے زائرین کو آمد و رفت میں سہولت فراہم کرنے اور مطلوبہ مقام تک پہنچنے میں رہنمائی کے لیے 514 نئے بورڈ نصب کیے ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق حرم شریف میں داخل ہونے کے بعد زائرین بعض اوقات بھول جاتے ہیں کہ وہ کس سمت سے داخل ہوئے تھے اور کس دروازے سے انہیں باہر جانا ہے، انہی مسائل کو حل کرنے کے لیے مسجد الحرام کی انتظامیہ نے رہنما بورڈز نصب کروائے ہیں۔

    بورڈز کی تنصیب کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، صفا اور مروہ سے متعلق رہنما بورڈ تیار کرلیے گئے ہیں، جلد انہیں بھی نصب کر دیا جائے گا۔

    مسجد الحرام کی انتظامیہ نے رہنما بورڈ کے رنگ اور حجم حرم شریف کی عمارت کے لحاظ سے ڈیزائن کروائے ہیں۔

    اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ زائرین رہنما بورڈز اور ان کے رنگ دیکھ کر ہی اپنی منزل سے آگاہ ہوجائیں۔ بورڈز عربی اور انگریزی دو زبانوں میں تحریر ہیں۔

    رہنما بورڈز کے لیے صفا اور مروہ دونوں کے درمیان کا علاقہ، مسجد الحرام کی تیسری سعودی توسیع والے حصے، مطاف اور طہارت خانوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

  • حرم شریف کے صحن میں زائرین کو دھوپ سے بچانے والی چھتریوں میں فنی خرابی

    حرم شریف کے صحن میں زائرین کو دھوپ سے بچانے والی چھتریوں میں فنی خرابی

    ریاض: مکہ مکرمہ میں زائرین و نمازیوں کو دھوپ سے بچانے کے لیے لگائی جانے والی چھتریوں کی تنصیب کا کام مؤخر کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں حرم شریف کے بیرونی صحنوں میں فولڈنگ چھتریوں کی تنصیب کا کام مؤخر کر دیا گیا ہے، موصول ہونے والی فولڈنگ چھتری کے نمونے میں فنی خرابی کا انکشاف ہوا تھا۔

    ان فولڈنگ چھتریوں کی تنصیب کا مقصد موسم گرما میں نمازیوں کو آرام پہنچانا ہے خاص کر ماہ رمضان اور حج سیزن کے دوران جب وہاں بے پناہ رش ہوتا ہے۔

    ماہ رمضان المبارک اور حج سیزن میں جب حرم شریف میں بیک وقت لاکھوں افراد موجود ہوتے ہیں تب حرم شریف کے اندرونی صحنوں میں جگہ کم ہونے کی وجہ سے لوگ بیرونی صحنوں میں نماز ادا کرتے ہیں۔

    زائرین کی سہولت کے لیے انتظامیہ نے جامع منصوبے کے تحت حرم شریف کے بیرونی صحنوں میں بڑی بڑی فولڈنگ چھتریاں نصب کرنے کے لیے غیر ملکی کمپنی سے معاہدہ کیا تھا۔

    کمپنی پابند تھی کہ وہ خصوصی طور پر تیار کی جانے والی ہائیڈرولک چھتریوں کی تنصیب سے قبل ان کا نمونہ انتظامیہ کو فراہم کرے تاکہ چھتریوں کے معیار کو دیکھ کر ان کی تنصیب کا آغاز کیا جاسکے۔

    تاہم کنٹریکٹنگ کمپنی کی جانب سے موصول ہونے والے نمونے کو جب ٹیسٹ کیا گیا تو اس میں متعدد فنی خرابیوں کا انکشاف ہوا جس کے بارے میں متعلقہ کمپنی کو مطلع کر دیا گیا۔

    دوسری جانب حرم شریف کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صحن مطاف میں بڑی فولڈنگ چھتری کی تنصیب کے لیے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر مختلف منصوبوں کے تخیلاتی ماڈلز وائرل ہورہے ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں۔

    واضح رہے کہ مسجد نبوی ﷺ کے باہر صحنوں میں بھی 250 فولڈنگ چھتریاں نصب ہیں، ہر چھتری کی اونچائی 15.3 میٹر ہے۔ ایک چھتری کا وزن 40 ٹن کے قریب ہے۔ ان چھتریوں کے نیچے بیک وقت 2 لاکھ 28 ہزار افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

  • مکہ مکرمہ میں 112 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار

    مکہ مکرمہ میں 112 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار

    ریاض: مکہ مکرمہ میں 112 غیر قانونی تارکین کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ کے مشرقی علاقوں میں اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران 112 غیر قانونی تارکین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    حکام کے مطابق 3 مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران گرفتار ہونے والوں کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ چھاپے پیر اور منگل کی درمیانی شب مارے گئے تاکہ سب کی گرفتاری کو یقینی بنایا جاسکے۔

    مکہ پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کارروائی غیر قانونی تارکین سے پاک مہم کے تحت کی گئی جس میں پولیس کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار بھی شامل تھے۔

    پولیس کے مطابق اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے قانون کی نظر سے چھپنے کے لیے دور دراز علاقوں کے علاوہ دیہی آبادیوں، پہاڑوں اور وادیوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار شدگان کا الشرائع، جعرانہ اور بئر الغنم تھانوں میں اندراج اور ابتدائی کارروائی کے بعد انہیں شمیسی جیل بھیج دیا جائے گا۔

  • مکہ ہوٹلوں کے لحاظ سے عرب دنیا میں سرفہرست

    مکہ ہوٹلوں کے لحاظ سے عرب دنیا میں سرفہرست

    ریاض : مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکۃالمکرمہ نے ہوٹلوں کی تعداد کے لحاظ سے پوری عرب دنیا کو پیچھے چھوڑ دیا، جہاں ہوٹلوں کی تعداد 11 سو تک پہنچ گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر مکہ ہوٹلوں کی تعداد کے لحاظ سے عرب دنیا میں سرفہرست ہوگیا ہے جس نے دبئی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جو ماضی میں پہلی پوزیشن پر برجمان تھا۔

    مکۃ المکرمہ میں موجود ہوٹل سالانہ ایک کروڑ سے زائد زائرین و مہمانوں کی میزبانی کررہے ہیں

    چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین ہشام نے بتایا ہے کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام چیمبر ہیڈ کوارٹر کے ہال میں ہوٹل فرنیچر کی نمائش کا انعقاد کیا گیا تھا۔

    نمائش کے انعقاد پر ہوٹل کمپنی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ 30 سے زائد مقامی فرنیچر ساز کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ ہوٹلوں کا فرنیچر سعودی عرب سے ہی منگوایا جاسکے۔

    ہوٹل کمپنی کے مالک کا کہنا تھا کہ سعودی فرنیچر کمپنیوں نے ہوٹل مالکان کو فرنیچر کی خریداری کےلیے بیرون ملک سفر کرنے سے چھٹکارا دلادیا ہے۔