Tag: media talk

  • حمزہ شہباز کاحلف آج ہر حال میں ہوگا، عطا تارڑ

    حمزہ شہباز کاحلف آج ہر حال میں ہوگا، عطا تارڑ

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا حلف آج ہرحال میں ہوگا اور وہ عدالتی حکم کے مطابق حلف اٹھائیں گے۔

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی آئینی بحران نہیں ہے ہم پرسکون ہیں، اگر یہ میچ ہار گئے ہیں تو انہیں پچ کو اکھاڑنے نہیں دیں گے، حمزہ شہباز آرٹیکل 130 کے تحت الیکشن میں نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے اور وہ آج عدالتی حکم کے مطابق حلف اٹھائیں گے، اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اس وقت گورنر ہاؤس میں موجود ہیں جو حمزہ شہباز سے حلف لیں گے۔

    نئےوزیراعلیٰ کانوٹیفکیشن جاری ہوا، ہم نےآئین کو فالو کیا لیکن کورٹ کے 2 آرڈر نہیں مانے گئے، ہم نےاتنےدن انتظار کیا کہ حلف برداری ہوسکے لیکن ان کی ضد کا کوئی حل نہیں ہے، ان کاجودل چاہے کریں ، آئین اور قانون واضح ہے۔

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ گورنرپنجاب کی چارج شیٹ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، عمر سرفراز چیمہ نے 4 دن کی گورنری کےلیےآئین توڑا۔ ان کیخلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ بن رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گورنرراج تووفاقی حکومت لگا سکتی ہے۔

    عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جب یہ وزیراعلیٰ کا انتخاب لڑ رہے تھے اس وقت انہیں یہ خیال نہیں آیا کہ استعفیٰ غلط ہے، اسمبلی کا نوٹی فکیشن کہاں ہے جس پر کابینہ اجلاس بلایا گیا، عثمان بزدار بھی چابی والے کھلونا ہیں، یہ علامتی اجلاس بلائیں لوگ شوق سے دیکھیں گے کیونکہ لوگوں کوتفریح کی ضرورت ہے۔

    ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ان لوگوں نے آج ہائی کورٹ کے آرڈر کو ماننے سے انکار کردیا ہے، پچھلے29 دن سےپنجاب میں کوئی حکومت نہیں ہے،اب ان کےغیر آئینی حربوں کی گنجائش نہیں ہے۔ آج صرف وزیراعلیٰ پنجاب حلف لیں گے، وزیراعلیٰ کے حلف کے بعد کابینہ تشکیل کا معاملہ شروع ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر پنجاب میں انتظامات کرنے ہیں، حمزہ شہبازکا پہلا اجلاس عید کے دوران امن وامان صورتحال پرہوگا، دوسرااجلاس ڈیزل کی کمی پر ہوگا۔

     عطا تارڑ نے کہا کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ دینے کی نیت سے دیا گیا تھا اب جتنے بھی اجلاس کرلیں کوئی فائدہ نہیں ہے آپ میچ ہار چکے ہیں۔

  • اسپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی مستعفی اراکین سے متعلق بڑا دعویٰ

    اسپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی مستعفی اراکین سے متعلق بڑا دعویٰ

    اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مستعفی پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی میں سے 2 درجن کےقریب ارکان نے رابطے کیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ استعفوں کی تصدیق کیلیے عید کے بعد پی ٹی آئی کے اراکین کو بلائیں گے۔

    راجا پرویز اشرف نے کہا کہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا ایک مکمل طریقہ کار ہے، ممبران کے استعفوں کی تصدیق ، دستخطوں پر استفسار ضروری ہے، مکمل تصدیق کے ساتھ ہی استعفیٰ قبول کیا جاتا ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام مستعفی ایم این ایزکو طلب کیا جائے گا اور ان سے استعفوں کی تصدیق کی جائیگی اس کے بعد ہی ان کے استعفے منظور کیے جائینگے۔

    اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے سوال کیا گیا کہ کیا پی ٹی آئی کے کچھ ممبران نے آپ سےاستعفےنہ دینے پر رابطہ کیا ہے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرےاسٹاف سے2 درجن کے قریب ارکان نے رابطے کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام اراکین قومی اسمبلی نے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر اسمبلی رکنیت سے استعفے دیے تھے۔

  • صدر اور گورنر ہوش کے ناخن لیں، حمزہ شہباز

    صدر اور گورنر ہوش کے ناخن لیں، حمزہ شہباز

    نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ آئین سب سے بڑا اور انا چھوٹی ہے، صدر اور گورنر کو ہوش کے ناخن لینا ہونگے۔

    نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین ہفتے ہونے کو ہیں ملک کے سب سے بڑے صوبے کا کوئی وزیر اعلیٰ نہیں، گورنر اور صدر تاریخ کو داغدار نہ کریں، وہ عمران نیازی کے ذاتی غلام نہ بنیں اور آئین کے تحت کام کریں۔

    حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ کل ساری قوم نےسن لیا کہ عدالت میں کیا دلائل ہوئے، مجھے عدالت عالیہ سے اچھے کی امید ہے، پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل ہو گا تو دیکھیں گے کیا ہوتا ہے، ان کو سمجھ آجانی چاہیے کہ ڈنڈے اور گنڈاسے کی سیاست نہیں چلتی۔

    نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میرا حلف نہ لینے کا ایک ہی آدمی ذمےدار ہے، جس نےآئین توڑا، وہ تربیت دےرہا ہے اداروں پرچڑھ دوڑو، عمران نیازی مجرم ہے جس نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کیا ہے لیکن ہم عمران خان کی گیدڑ بھبھکیوں میں آنے والے نہیں ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ میں ہیراپھیری کی، سابق وزیراعظم فارن فنڈنگ کیس میں اداروں کودھمکا رہے ہیں لیکن ہم اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور عمران خان کو ہیراپھیری کا عوامی عدالت میں جواب دینا ہوگا۔

    واضح رہے کہ عدالت نے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔

    مزید پڑھیں: عدالت نے حمزہ شہباز حلف برداری کیس کا فیصلہ سنا دیا

    لاہور ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر پنجاب کل تک خود یا کسی اور نمائندے کےذریعے حلف لیں، گورنر پنجاب کل تک حلف برداری لازمی کرائیں۔

  • عمران خان پاکستان کے ہیرو نہیں ولن ہیں، احسن اقبال

    عمران خان پاکستان کے ہیرو نہیں ولن ہیں، احسن اقبال

    وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں بھی عمران خان منہ چھپا رہےہیں وہ پاکستان کے ہیرو نہیں ولن ہیں۔

    وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس میں کیوں منہ چھپا رہے ہو، اگر آپ کا دامن صاف ہے تو رسیدیں پیش کریں، وہ کوشش کررہے ہیں کہ انکی کرپشن پر آواز نہ اٹھائی جائے، وہ چاہتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی روکی جاسکے،الیکشن کمیشن کو بلیک مل کرنے کیلیے آئینی ادارے پر دھاوا بولنا عمران خان کا ایجنڈا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران نیازی ہٹلر کا شاگرد ہے اور اسکی سیاست ہی نافذ کرنا چاہتا ہے اسی لیے وہ اپنے جتھوں کے ذریعے اداروں پر حملہ کرنا چاہتا ہے، عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کےذریعے اقتدار میں لایا گیا، یقین ہے کہ ادارے آئین وقانون کےتحت فیصلے دینگے۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کسی شخص نےایسا نہیں کیا کہ برادر ممالک کے تحفے بازار میں بیچے ہوں، انہوں نے 20 ہزار ارب قرض لیا، چار سال میں ہر شعبےکا بیڑہ غرق کر دیا گیا، عمران خان کو آٹا،چینی کا حساب دینا پڑے گا۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ قوم جانتی ہے جو کانٹے آپ بکھیر کرگئے وہ چننا ہیں، پاکستان کو ان کانٹوں سے صاف کرکے گل وگلزار کریں گے، عمران خان کی نالائقی کو پاکستان اسپیڈ سے بدلیں گے، اسلام آباد میٹرو منصوبے پر 4 سال سےگرد لگ رہی تھی، ہم نے یہ منصوبہ پانچ روز کے اندر آپریشنل کیا، ہم نےپورے ملک میں 2 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنائی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بقول وزارت خارجہ، سلامتی کونسل کمیٹی جھوٹی ہے یعنی پوری قوم جھوٹی صرف مسٹر یوٹرن سچا ہے، نااہلی اور نااہلیت میں بہت فرق ہے، عمران خان انارکی پھیلانے پر یقین رکھتے ہیں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ صدرغیر سیاسی ہوتا ہے اور پورے ملک کےلیے یکساں ہوتا ہے لیکن افسوس ہے کہ صدر اپنے حلف کی خلاف ورزی کررہے ہیں انہوں+ نے خود کو عمران خان کا کارکن بنالیا ہے۔

  • عمران خان عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں، احسن اقبال

    عمران خان عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں، احسن اقبال

    وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں لیکن عوام اب آپ کے جھوٹے بیانات کو نہیں خریدیں گے۔

    وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں تمام ادارے آپ کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوں لیکن عدالتیں آئین کے تحت اپنا کام کرتی رہیں گی۔

    احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں طعنہ دیا گیا کہ یہ لوگ ضمانت پر ہیں، جس وقت آپ نے حلف لیا تو آپ بھی ضمانت پر تھے، ہم آپ کےجھوٹے مقدمات میں سے سرخرو ہوکر نکلے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں قومی سطح کے ترقیاتی منصوبوں کو تباہ کردیا گیا، ہماری حکومت سی پیک کا 90 فیصد کام مکمل کرکے گئی تھی لیکن عمران خان کی حکومت نے سی پیک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، پاکستان نے2020 تک 9 صنعتی زون میں کام کرنا تھا، لیکن سابقہ دورمیں 9 میں 5 صنعتی زونز پر کام ہی نہ ہوسکا، سیاسی رشوت بانٹنے کے چکر میں منصوبے کا گلا گھونٹا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کےترقیاتی بجٹ کا حجم ایک ہزار ارب سے کم کردیا گیا، وفاقی ترقیاتی کے 44 فیصد بجٹ کا حلیہ بگاڑ دیا گیا ہے، پاکستان اسی وقت ترقی کرے گا جب معیشت مضبوط ہوگی۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تمام اداروں کو برباد کیا، 4 سال معاشی دہشتگردی کی، پاکستان کرپشن کےحوالےسے درجہ بندی میں مزید 14 درجےگرگیا، ملک میں غربت میں تاریخی اضافہ ہوا، مہنگائی میں بدترین اضافہ ہوا، سابقہ دور حکومت میں اپوزیشن کو جیلوں میں دھکیلاگیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان پونے چار سال میں بھی کچھ نہ سیکھ سکے وہ اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کیلیے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔

  • ‘ملک کو چلانا اس امپورٹڈ حکومت کے بس کی بات نہیں’

    ‘ملک کو چلانا اس امپورٹڈ حکومت کے بس کی بات نہیں’

    سابق وفاقی وزیر و پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ صرف 4 ہفتےمیں زرمبادلہ ذخائر میں 5 ارب ڈالر کم ہوگئے، ملک چلانا اس امپورٹڈ حکومت کےبس کی بات نہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سنا ہے مشیر خزانہ نے معیشت سےمتعلق شکوہ کیا ہے، مفتاح اسماعیل کی ابھی سے کانپیں ٹانگنا شروع ہوگئی ہیں۔

    اسد عمر نے مزید کہا کہ ن لیگ کے دور میں ذخائر میں تیزی سے کمی آرہی ہے، زرمبادلہ ذخائر کا تقریباً ایک چوتھائی صرف 4 ہفتےمیں چلا گیا، ہم نے تنکا تنکاجوڑ کرکام کیا، انھوں نے 4 ہفتے میں ہی ذخائر کم کردیے مصنوعی حکومت جتنی دیررہے گی اتنا ہی معاشی بحران شدید ہوگا۔

    پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت میں صبح شام اتحادی اٹھتے ہیں اور کہتے ہیں یہ نامنظور وہ نامنظور۔

  • ‘آج کا دن بہت اہم، امپورٹڈ حکومت گھبرا تو نہیں رہی’

    ‘آج کا دن بہت اہم، امپورٹڈ حکومت گھبرا تو نہیں رہی’

    سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج کا دن بہت اہم، صدارتی ریفرنس کی سماعت اہمیت رکھتی ہے، امپورٹڈ حکومت گھبرا تو نہیں رہی۔

    پی ٹی آئی رہنما وسابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج صدارتی ریفرنس کی سماعت بہت اہمیت رکھتی ہے، میری نظر میں اس کیس کی اہمیت بہت زیادہ ہے، تحریک انصاف توقع کرتی ہیں کہ عدالت رہنمائی فرمائے گی، اگریہ فیصلہ پہلےہوجاتا تو اتنی پیچیدگیاں نہ دیکھنی پڑتیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جمہوری قدروں کو پامال کیا گیا، آئین کی شق کو روندا گیا، خواتین اراکین اسمبلی نے ہاتھ اٹھایا، ماڈل ٹاؤن کی تاریخ دہرائی گئی، اس کیس کا فیصلہ اور احکامات میری نظر میں بہت ضروری ہے، جمہوریت اور پارلیمنٹ کے وقار کو نقصان پہنچا ہے،آج الیکشن کمیشن خاموش کیوں ہے؟

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شہباز شریف کو بھارتی وزیراعظم نے مبارکباد دی، شہباز شریف نے بھی خط کے ذریعے ان کا شکریہ ادا کیا ہے، کیا وزیراعظم میں اتنا حوصلہ نہیں کہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرسکے۔

    انہوں نے کہا کہ میرے خطوط آج اقوام متحدہ کے ریکارڈ میں موجود ہے، میں نے مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھے۔

    سابق وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج پارٹی کے اندر وزیر خارجہ کے قلمدان کی بحث چل رہی ہے کہیں امپورٹڈ حکومت گھبرا تو نہیں رہی ہے۔

  • الیکشن آج ہی ہوں گے نتیجہ آج ہی ہوگا، دوست مزاری

    الیکشن آج ہی ہوں گے نتیجہ آج ہی ہوگا، دوست مزاری

    ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلیے الیکشن آج ہی ہوں گے اور نتیجہ بھی آج ہی ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے اجلاس کے آغاز سے قبل میڈیا سے گفتگو کی جس میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے ووٹنگ آج ہی ہوگی اور نتیجہ بھی آج ہی ہوگا۔

    ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ کل عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ الیکشن فری اینڈ فیئر کرانا ہے میں فری اینڈ فیئر الیکشن کرانے کی کوشش کرونگا اور یہ الیکشن ہر لحاظ سے صاف وشفاف ہوگا۔

    دوست محمد مزاری نے کہا کہ میں نے اسمبلی میں پریشر دینا ہے لینا نہیں ہے، پوری کوشش ہوگی کہ خوش اسلوبی سے یہ عمل مکمل کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ دونوں طرف سے ماحول ایسا بنے کہ اجلاس ملتوی ہوجائے لیکن واضح کردوں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے ووٹنگ آج ہی ہوگی اور نتیجہ بھی آج ہی ہوگا۔

    ڈپٹی اسپیکر دوست محمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری حمزہ سےملاقات کا کوئی ثبوت ہے تو مجھے دکھا دیں۔

    اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے پچھلے کئی دنوں سے مثبت کردار ادا کیا ہے میڈیا کے نمائندوں کو اسمبلی الیکشن دیکھنے کا موقع ملے گا۔

  • ‘امپورٹڈ حکومت’ ڈومور کے لئے لائی گئی ہے، فرخ حبیب

    ‘امپورٹڈ حکومت’ ڈومور کے لئے لائی گئی ہے، فرخ حبیب

    پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں میں بیرونی دباؤ کا جواب دینے کی ہمت نہیں ہے یہ امپورٹڈ حکومت ڈومور کیلیے لائی گئی ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل بھارت اور امریکا سے بیان آتا ہے کہ پاکستان دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے لیکن ہمارے موجودہ حکمرانوں میں اتنی ہمت نہیں کہ جواب دیں، ان کی تو کانپیں ٹانگ رہی ہیں، یہ امپورٹڈ حکومت کو ڈومور کیلیے لائی گئی ہے۔

    فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہورہی ہے، اس میں پی ٹی آئی کے ساتھ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا کیس بھی ہے، ہم تو اس کیس میں الیکشن کمیشن میں پیش ہورہے ہیں میں مریم صفدر اور بلاول بھٹو کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ بھی اگلی سماعت پر الیکشن کمیشن آئیں۔

    انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پہلے نواز شریف لادن سے پیسے لیکر بینظیر کی حکومت گراتے تھے، مولانا فضل الرحمٰن لیبیا سے پیسے لیکر ملک میں کام کررہے تھے، 64 کروڑ ن لیگ اور 35 کروڑ کا پیپلز پارٹی کا حساب تھا۔

    فرخ حبیب نے مزید کہا کہ تحریک انصاف واحدجماعت ہےجس نے سیاسی فنڈریزنگ کی بنیاد رکھی، اکبر ایس بابر کےآقا سامنے آئیں ہمارا مقابلہ ان کے ساتھ ہے۔

  • امپورٹڈ حکومت نے انتقامی کارروائیوں کا آغاز کردیا، شہزاد اکبر

    امپورٹڈ حکومت نے انتقامی کارروائیوں کا آغاز کردیا، شہزاد اکبر

    پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے، لیکن ہم کہیں نہیں جارہے اپنےلیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کا آغاز ہوگیا ہے، نام اسٹاپ لسٹ میں اس وقت ڈالا گیا جب کہ عدم اعتماد پر کارروائی مکمل نہیں ہوئی تھی، اور وقت کابینہ تھی نہ حکومت اور وزیراعظم تو نام اسٹاپ لسٹ مٰں کس نے ڈالا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں تو اوورسیز پاکستانی بھی نہیں ساری زندگی یہیں رہا ہوں، نام اسٹاپ لسٹ پر ڈالنے کے لیے کوئی کیس ہونا چاہیے، ریکویسٹ کرنے والی کوئی ایجنسی ہونی چاہیے، ڈی جی ایف آئی اےکوبتاناہو گا اسے کس نے یہ آرڈر کیا تھا؟ عدالت ایف آئی اے سے پوچھے، کس کے کہنے پر نام ڈالا ؟

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف میں ابھی آپ کا نام ہے لیکن اسٹاپ لسٹ میں ڈی جی اینٹی کرپشن کا نام بھی ڈال دیا گیا اس کے علاوہ منی لانڈرنگ کیسز لیڈ کرنے والےایف آئی اے ڈائریکٹر کا نام بھی ڈال دیا گیا، وہ سرکاری افسر ہے وہ تو اجازت کےبغیر یوں بھی باہر نہیں جاسکتا، منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والے کو تو ڈیکوریٹ کرنا چاہیے تھا۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم کہیں نہیں جارہے اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں شہزاد اکبر اور شہباز گل نے اپنے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے جانے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کردیا ہے۔

    دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا ہے کہ بیرون ملک روانگی پر پابندی خلاف قانون ہے، ہمارے خلاف کوئی مقدمہ نہیں، کوئی الزام تک نہیں۔

    مزید پڑھیں: شہزاد اکبر اور شہباز گل نے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کردیا

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ درخواست پر سماعت آج کرکے بیرون ملک روانگی پر پابندی ختم کی جائے۔