Tag: Medical Colleges

  • کراچی کے میڈیکل کالجوں میں کئی امیدواروں کے پاس دہرے ڈومیسائل  ہونے کا انکشاف

    کراچی کے میڈیکل کالجوں میں کئی امیدواروں کے پاس دہرے ڈومیسائل ہونے کا انکشاف

    کراچی کے میڈیکل کالجوں میں اندرون سندھ، پنجاب اور وفاق کے 100 سے زائد ایسے امیدواروں کے داخلے لینے کا انکشاف ہوا ہے جو دہرے ڈومیسائل کے حامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کراچی کے میڈیکل کالجوں میں 100 سے زائد امیدواروں کے پاس دہرے ڈومیسائل ہونے کا انکشاف ہوا ہے، امیدوار گزشتہ سال اندرون سندھ میں داخلہ نہ ملنے پر اس سال کراچی کا ڈومیسائل بنا کر کامیاب ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر زیادہ تر ڈومیسائل کراچی کے ضلع شرقی سے بنوائے گئے، امیدواروں کا میٹرک اور انٹر کراچی سے باہر کا تھا جبکہ ان میں نے کچھ امیدواروں کے پنجاب کے ڈومیسائل پکڑے گئے، جنہوں نے بعد میں سندھ کا بھی ڈومیسائل بنوایا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کا ڈومیسائل سسٹم آن لائن ہونے کے باعث جعلسازی پکڑی گئی ہے، سندھ میں سسٹم آن لائن نہ ہونے کی وجہ سے دوہری دستاویزات کی تصدیق مشکل ہے۔

    سندھ میں صوبائی حکومت کی ڈومسائل پالیسی کی وجہ سے کراچی کے تعلیمی اداروں سے انٹر میٹرک اور او اور اے لیول کرنے والے امیدواروں کی نمایاں اکثریت میڈیکل کالجوں میں داخلہ لینے سے محروم ہو گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اور ان کی جگہ تینوں صوبوں، وفاق اور اندرون سندھ کے طلبہ کراچی کے میڈیکل کالجوں میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کراچی میں ٹاپ پوزیشن پر آنے والی امیدوار نے میٹرک اور انٹر اسلام آباد بورڈ سےکیا تھا  اور اب کراچی کا ڈومیسائل لگا کر ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی میں داخلہ لیا ہے دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاؤ یونیورسٹی نے ڈبل ڈومیسائل کے 30 داخلے روک لیے ہیں۔

  • پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میڈیکل کالجوں میں کورونا کیسز بڑھنے لگے

    پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میڈیکل کالجوں میں کورونا کیسز بڑھنے لگے

    پشاور/ لاہور: پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میڈیکل کالجوں میں کوروناکیسز بڑھنےلگے ، متاثرہ طلبا ، طالبات ، ٹیچرز اور اسٹاف ممبران کو گھروں میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میڈیکل کالج میں کورونا وائرس کے مزید 9کیس سامنے آگئے ، جس کے بعد میڈیکل کالج کے کورونا مریضوں کی تعداد 17ہو گئی ، متاثرہ مریضوں میں دو ٹیچر،دوسٹاف ممبر اور 13طالب علم شامل ہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ ہفتے چھ طلبااور دوطالبات کی کورونا ٹیسٹ رپورٹس مثبت آئی تھیں ، جس کے بعد 370طالب علموں اور اسٹاف ممبران کے ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے دو ٹیچراور دو اسٹاف ممبران سمیت مذید نو کیسز سامنے آئے۔

    کالج انتظامیہ کے مطابق متاثرہ طلبا ،طالبات ،ٹیچرز اور سٹاف ممبران کو گھروں میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف میڈیکل کالجز میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد طلبا نے آن لائن امتحان ،انٹرنل اور گزشتہ امتحان کی بنیاد پر پروموٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    طلبا کا کہنا ہے کہ خیبر میڈیکل کالج کے 5طلبہ متاثر اور ایک طالبعلم جاں بحق ہوا ، کوہاٹ انسٹی ٹیوٹ میں 4،بنوں میڈیکل کالج میں 3کیسز ، ویمن میڈیکل کالج میں 15 ، ایبٹ آباد میڈیکل کالج میں 2 اور دیگر4میڈیکل کالجزمیں 4کیسزرپورٹ ہوئے۔

    خیال رہے کورونا کی دوسری لہرنے ملک بھرمیں خطرناک صورت اختیار کرلی، ایک دن میں 33 اموات ریکارڈ کی گئی جبکہ 2 ہزار 50 نئے کیسز سامنے آئے۔

    جس کے بعد ملک میں کوروناسےجاں بحق افرادکی تعداد 7ہزار193ہوگئی جبکہ پاکستان میں کوروناکےفعال کیسزکی تعداد29ہزار55 اور مجموعی کیسز 3 لاکھ 61 ہزار 82 تک جا پہنچی۔

  • میڈیکل کالجز میں داخلہ: 18 اکتوبر کو ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے اہم خبر آگئی

    میڈیکل کالجز میں داخلہ: 18 اکتوبر کو ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے اہم خبر آگئی

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے میڈیکل کالجز کو داخلوں کیلئے 18 اکتوبرکو ہونے والے انٹری ٹیسٹ سے روک دیا اور کہا درخواستوں کےحتمی فیصلے تک انٹری ٹیسٹ نہیں لیا جاسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کے تنازع سے متعلق سماعت ہوئی ، عدالت نے میڈیکل وڈینٹل کالجزکو  18 اکتوبر کو ہونے والا انٹری ٹیسٹ روک دیا اور کہا درخواستوں کےحتمی فیصلے تک انٹری ٹیسٹ نہیں لیا جاسکتا۔

    عدالت نےایڈووکیٹ جنرل سندھ و دیگر کو درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے سندھ ہائی کورٹ میں ایم بی بی ایس کے داخلوں پر وفاق اور صوبہ سندھ کی جانب سے الگ الگ انٹری ٹیسٹ لینے کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی ، جس میں کہا گیا تھا کہ پی ایم ڈی سی کے خاتمے کے بعد وفاق اور صوبے کے درمیان ایم بی بی ایس کے داخلوں پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ، ایم بی بی ایس کے داخلوں پر تنازعے کی وجہ سے طالب علموں میں شدید بے چینی ہے، کوئی پالیسی نہیں۔

    درخواست میں کہا گیا تھا صوبے اور وفاق کی مختلف یونیورسٹیز نے میڈیکل میں داخلے کے لئے انٹری ٹیسٹ کی الگ الگ تاریخوں کا اعلان کیا ہے، وفاق نے انٹری ٹیسٹ کے لئے سیلبیس جاری کیا ہے جبکہ صوبے نے تاحال ٹیسٹ سے متعلق نہیں بتایا گیا، استدعا ہے کہ وفاق اور صوبے سے ایم بی بی ایس میں داخلوں کی پالیسی طلب کی جائے۔

    خیال رہے پاکستان میڈیکل کمیشن کا کہنا ہے کہ میڈیکل وڈینٹل کالجز کیلئے داخلہ امتحان اکتوبر کے دوسرے ہفتے ہوگا، امتحان میں پاسنگ مارکس 60 ہوں گے جبکہ سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلہ امتحان ہرسال نومبراور دسمبرمیں ہوں گے۔

  • میڈیکل کالجز کو رقوم کی واپسی کے لیے ایک ماہ کی مہلت

    میڈیکل کالجز کو رقوم کی واپسی کے لیے ایک ماہ کی مہلت

    لاہور: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نجی میڈیکل کالجز میں فیسوں کی حد اور معیار مقرر کرنے کے لیے از خود نوٹس کی سماعت کے دوران میڈیکل کالجز کو رقوم کی واپسی کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے ازخود نوٹس کی سماعت کی۔

    سماعت کے دوران پی ایم ڈی سی، یو ایچ ایس اور دیگر فریقین پر مشتمل کمیٹی نے سفارشات عدالت میں پیش کیں۔

    چیف جسٹس نے ریڈ کریسنٹ کالج کو 8 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد وصول کی گئی فیسیں واپس کرنے پر شاباش دی اور کہا کہ کسی کو لوگوں کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    چیف جسٹس نے ڈاکٹر عاصم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں نے وصولی شروع کی تو آپ کو بھی 4 ارب روپے دینا پڑیں گے۔

    انہوں نے نے ملک بھر کے میڈیکل کالجز کو زائد فیسوں کی واپسی کے لیے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی اور کہا کہ 8 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد وصول کیے گئے پیسے واپس کیے جائیں اور ایک ماہ کے اندر اندر مکمل رپورٹ فراہم کی جائے۔

    عدالت نے پی ایم ڈی سی کے سابق سربراہ ڈاکٹر عاصم کے دور میں قواعد کے برعکس رجسٹرڈ ہونے والے میڈیکل کالجز کے خلاف بھی از خود نوٹس لے لیا اور معاملہ نیب اور ایف آئی اے کو بھجواتے ہوئے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کرلی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔