Tag: Medical examination

  • کویت : شادی کے خواہشمند غیر ملکیوں کیلیے اہم ہدایات

    کویت : شادی کے خواہشمند غیر ملکیوں کیلیے اہم ہدایات

    کویت سٹی : کویتی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ شادی کے خواہشمند تمام افراد اپنا طبی معائنہ لازمی کرائیں۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق غیرملکی جوڑوں کے لیے بھی یہ ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد معاشرتی حوالے سے صحت کو برقرار رکھتے ہوئے موروثی امراض کا خاتمہ کرنا ہے۔

    کویتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مذکورہ پابندی کا نفاذ صحت سے متعلق قوانین کو جدید خطوط پر استوار کرنے، صحت مند ازدواجی زندگی کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی طبی معیارات کے مطابق طریقہ کار کو ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یہ طبی معائنہ کویت میں ہونے والے تمام دستاویزی نکاح ناموں کے لیے لازم ہوگا، چاہے دونوں فریق کویتی ہوں، ان میں سے کوئی ایک کویتی ہو، یا دونوں غیر ملکی ہوں۔

    مزید برآں، شادی سے قبل طبی معائنہ کے عمل کو مزید سہل بنانے کے لیے ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کا استعمال بھی متعارف کرایا جائے گا، اس سے قبل یہ معائنہ صرف کویتی شہریوں کے لیے لازمی تھا۔

    وزارت صحت نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان نئے ضوابط پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ یہ قوانین یکم اپریل 2025 سے نافذ العمل ہوں گے اور انہیں سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت متعدد عرب ممالک میں اپنے شہریوں کے لیے شادی سے قبل طبی معائنے کا قانون کافی عرصے سے نافذ ہے جس کا مقصد موروثی بیماریوں کی روک تھام ہے۔

    حکومتی سطح پر جب تک فریقین کی میڈیکل رپورٹ نکاح رجسٹرار کو پیش نہ کی جائے انہیں نکاح پڑھانے اور رجسٹر کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔

  • رمضان المبارک سے پہلے طبی معائنہ کیوں ضروری ہے؟

    رمضان المبارک سے پہلے طبی معائنہ کیوں ضروری ہے؟

    ماہ صیام اُمّت مسلمہ کے لیے توانائی راحت اور زندگی کا پیغام لے کر آتا ہے، اس ماہ مقدس میں سنگین امراض میں مبتلا افراد کیلئے روزے رکھنا کسی امتحان سے کم نہیں۔

    ان امراض میں بلند فشارِ خون، ذیابطیس، امراضِ تنفّس، تپِ دق یا ٹی بی، معدے اور آنتوں کا السر یا تیزابیت، گردے اور پتّے کی پتھری، ہرنیا، مِرگی، جگر کا ورم یا ہیپاٹائیٹس اور مختلف نفسیاتی امراض سرفہرست ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ معالج کے مشورے کے بعد اِن تمام امراض کے ساتھ روزہ رکھنا ممکن ہے لیکن سحر و افطار میں دوا کا استعمال لازم ہوتا ہے اور ادویات کے اوقات مقرّر کیے جاسکتے ہیں۔

    طبی مسائل

    مندرجہ ذیل سطور میں ہم کچھ ایسے اہم مسائل، کیفیات اور امراض بیان کریں گے، جن پر ماہِ رمضان میں خصوصی توجّہ دینے کی ضرورت ہے۔

    اس حوالے سے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان سے قبل اپنے فزیشن کے پاس جا کر رمضان پری اسسمنٹ لازمی کروائیں۔

    سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین صحت نے کہا کہ بلاشبہ روزے کے بہت سے فوائد ہیں جو رکھ سکتے ہیں وہ ضرور رکھیں، روزے ہرگز نہ چھوڑیں کیوں کہ اس سے ایچ بی اے ون سی اور صحت سے جڑے باقی معاملات درست رہتے ہیں۔

    مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا میں 15 کروڑ مسلمان شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں، جن میں 5 کروڑ کے لگ بھگ ماہ رمضان کے روزے رکھتے ہیں، روزے میں شوگر کی کمی یا زیادتی کو قابو رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے اس لیے رمضان سے قبل ہی شوگر کے مریضوں اور ان کے قریبی افراد کو آگہی کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شوگر میں ٹائپ ون اور ٹائپ ٹو، دو اقسام ہوتی ہیں، ٹائپ ون کے مریضوں کو ہم رمضان میں روزہ رکھنے سے منع کر دیتے ہیں، جب کہ ان کی نسبت ٹائپ ٹو مریضوں کو روزہ رکھنے کی اجازت دیتے ہیں، ٹائپ ون مریضوں میں حاملہ یا وہ بچے شامل ہیں جن کو شوگر ہو جاتی ہے۔

  • لاہور: نوازشریف کا طبی معائنہ مکمل، ادویات میں ردو بدل کیا گیا

    لاہور: نوازشریف کا طبی معائنہ مکمل، ادویات میں ردو بدل کیا گیا

    لاہور : سابق وزیراعظم نوازشریف کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا، جسم پر سوجن اور دیگراثرات کے پیش نظر دواؤں میں ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے، کل بروز ہفتہ دوبارہ ان کا معائنہ اور ٹیسٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت تاحال مکمل طور پر بہتر نہیں ہوسکی ہے، اس حوالے سے نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ان طبی معائنے سے متعلق بیان جاری کیا ہے.

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سربراہ نیشنل بلڈ اینڈ بون میرو ڈیزیزز کراچی پروفیسر طاہر شمسی نے نواز شریف کا طبی معائنہ مکمل کرلیا ہے، پروفیسر شمسی نے نوازشریف کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا عمل پھر دہرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    ڈاکٹر عدنان کے مطابق نوازشریف کے جسم پر سوجن اور دیگر اثرات کے پیش نظر دواؤں میں ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے، پروفیسر شمسی کل صبح دوبارہ نوازشریف کا طبی معائنہ کریں گے اور ٹیسٹ کا جائزہ بھی لیں گے۔

    علاج میں تاخیر نوازشریف کی صحت اور زندگی کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے، ڈاکٹرعدنان

    واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے قائد کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کے علاج کے لیے بیرون ملک کی سفارش کی ہے۔

    ٹویٹر پیغام میں ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی حالت بدستور تشویشناک ہے، علاج میں تاخیر میاں نوازشریف کی صحت اور زندگی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

  • لاہور: شہبازشریف کا طبی معائنہ فوری طور پر کرایا جائے، میڈیکل بورڈ کی سفارش

    لاہور: شہبازشریف کا طبی معائنہ فوری طور پر کرایا جائے، میڈیکل بورڈ کی سفارش

    لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے متعلق میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ان کے مزید طبی معائنے فوری طور پر کرائے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف جو ان دنوں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں نیب لاہور کی تحویل میں ہیں کے فوری طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ نے رپورٹ جاری ہے۔

    رپورٹ میں میڈیکل بورڈ کی جانب سے قومی احتساب بیورو کو شہباز شریف کا مزید طبی معائنہ کرانے کی تجاویز دی گئی ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مریض کا مزید طبی معائنہ کرانے کیلئے5تجاویز پر فوری عمل کیا جائے، مزید طبی معائنے کی روشنی میں ان کے علاج کے لیے حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی۔

    میڈیکل بورڈ نے تجویز دی ہے کہ نیورو اینڈو کرائن ٹیومر کی تشخیص کیلئے اوکٹریٹائیڈ اسکین کرایا جائے، آنت میں مرض کے دوبارہ تشخیص کیلئے اینڈو سکوپی کرائی جائے۔

    اس کے علاوہ سرطان کی علامت بننے والے کرومو گرینن اے اور بی کا تجزیہ دہرایا جائے اور مزید تشخیص کیلئے خون، پیشاب ودیگر ضروری ٹیسٹ کرائے جائیں، شہباز شریف کو کھلی اور ہوا دار جگہ پر رکھا جائے، رپورٹ میں گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے مہروں کے جائزے کے لیے ایم آر آئی تجویز کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب ماضی میں سرطان کے مرض کو شکست دے چکے ہیں لیکن 22 نومبر کو نیب کی حراست میں شہباز شریف کے طبی معائنے کیے گئے، ٹیسٹ رپورٹ میں کینسر کی علامات دوبارہ ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔