Tag: medical-facilities

  • بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ادویات اور ویکسین روانہ کی جارہی ہیں: وفاقی وزیر صحت

    بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ادویات اور ویکسین روانہ کی جارہی ہیں: وفاقی وزیر صحت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ادویات اور ویکسین بھجوائی گئی ہیں اور مزید روانہ کی جارہی ہیں، 12 ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم بھی لسبیلہ بھجوائی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں سیلاب سے تباہ کاریاں ہوئی ہیں، وزرات صحت مشکل وقت میں سیلاب زدگان کے ساتھ ہے۔

    وفاقی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں کے لیے ویکسین اور ادویات بھجوائی ہیں، مزید ویکسین جلد روانہ کی جائیں گی، اسلام آباد سے 12 ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم لسبیلہ بھجوائی گئی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لیے 36 ہزار دوا لگی مچھر دانیاں بھجوا چکے ہیں، دیگر سیلاب زدہ علاقوں کے لیے بھی 14 لاکھ مچھر دانیاں جلد روانہ کی جائیں گی، سندھ کے لیے 6 لاکھ مچھر دانیاں بھجوا دی گئی ہیں۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ کروڑ روپے کی مزید ادویات بلوچستان اور سندھ بھجوا رہے ہیں، ملک میں سانپ کے کاٹے کی ویکسین وافر مقدار میں موجود ہیں، سیلاب زدہ علاقوں کی خواتین کے لیے ڈیلیوری کٹس بھی بھجوا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب زدگان کے لیے کل ڈونرز کا اجلاس بلا رہے ہیں۔

  • حج 2022: عازمین حج کے لیے درجنوں بلڈ بینک قائم

    حج 2022: عازمین حج کے لیے درجنوں بلڈ بینک قائم

    ریاض: سعودی عرب میں حج کے موقع پر عازمین حج کے لیے بڑی تعداد میں بلڈ بینکس اور لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں، تمام لیبارٹریوں کو ای ہاسپٹل سسٹم سے مربوط کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت نے مشاعر مقدسہ (منیٰ، مزدلفہ و عرفات) کے اسپتالوں میں بلڈ بینک اور مریض عازمین کی سہولت کے لیے لیبارٹریاں قائم کی ہیں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ منیٰ، مزدلفہ، عرفات، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے اسپتالوں میں 23 لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں جبکہ 36 بلڈ بینک کھولے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں مشاعر مقدسہ کے اسپتالوں کی لیبارٹریوں کو ای ہاسپٹل سسٹم سے مربوط کردیا گیا ہے تاکہ لیبارٹری ٹیسٹ کے نتائج درست ہوں اور دقیق ترین سسٹم کے مطابق نتائج برآمد ہوں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مشاعر مقدسہ کی لیبارٹریوں کو ای سپیشلسٹ سسٹم سے بھی مربوط کیا گیا ہے، اس سے ان کی افادیت مؤثر اور زیادہ ہوگئی ہے۔

  • پنجاب کے عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، چودھری پرویزالٰہی

    پنجاب کے عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، چودھری پرویزالٰہی

    گجرات : قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پورے پنجاب میں ہیلتھ پروگرام کو اَپ ڈیٹ کردیا گیا ہے، عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    یہ بات انہوں نے عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات ٹراما سنٹر کے دورے کے موقع پر آئی سی یو بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے مسائل بھی سنے اور انہیں حل کرانے کی یقین دہانی کروائی۔

    چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میری شروع سے یہی کوشش رہی ہے کہ پنجاب کے عوام باالخصوص اہل گجرات کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں، ہم نے صوبے بھر کے اضلاع میں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ بنائے جن میں وزیرآباد، ملتان اور فیصل آباد شامل ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ جلد ہی گجرات کے عوام کو مزید بہترین ہیلتھ کی سہولیات میسر ہوں گی، گجرات کی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کام کرنا ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو جو مشکلات درپیش ہیں،ان کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بات کر کے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

    اس موقع پر سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود، ڈی سی ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈاکٹر عابد غوری ایم ایس، چودھری ندیم اختر ملہی اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے، عثمان بزدار

    مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے، عثمان بزدار

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صحت مند زندگی اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے اور صحت مند افراد سے ہی صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔

    نئے پاکستان میں شعبہ صحت کی بہتری او ر مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے، شعبہ صحت کو عوام کی توقعات کے مطابق بنانے کیلئے اصلاحات کا جامع پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اہداف مقرر کئے گئے ہیں،ہسپتالوں میں مریضوں کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جامع روڈ میپ پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت شعبہ صحت میں اصلاحات کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام میں تبدیلی لا کر مریضوں کو جدید علاج معالجہ مہیا کریں گے اور ہیلتھ کیئر سسٹم میں اصلاحاتی پروگرام کے دورس نتائج حاصل ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع کیلئے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا دائرہ کار بتدریج پورے صوبے میں پھیلایا جائے گا۔

    بلاشبہ صحت انصاف کارڈ عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کی جانب ایک انقلابی اقدام ہے اور اس کارڈ کے ذریعے ہر خاندان 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک طبی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کر سکتا ہے۔

  • نواز شریف کوبہترین طبی سہولتیں دی جائیں ،وزیراعظم عمران خان کا اعلان

    نواز شریف کوبہترین طبی سہولتیں دی جائیں ،وزیراعظم عمران خان کا اعلان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ نوازشریف کوبہترین طبی سہولتیں دی جائیں، وہ جس ڈاکٹریااسپتال سےعلاج چاہتےہیں وہاں منتقل کیاجائے اور میڈیکل بورڈکی سفارشات پرمکمل عملدرآمد کیاجائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں دی جائیں، نواز شریف جس ڈاکٹر یا اسپتال سےعلاج چاہتے ہیں وہاں منتقل کیا جائے اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

    یاد رہے دو روز قبل سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے دعویٰ کیا تھاکہ نوازشریف کو گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 4 بار انجائنا کا درد اٹھا مگر حکومت انہیں کوئی طبی امداد فراہم نہیں کررہی۔

    بعد ازاں حکومت کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم نواز شریف نے جیل سے اسپتال منتقل ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : علاج نہیں کراؤں گا، نواز شریف

    گذشتہ روز بھی نواز شریف نے جیل سے اسپتال جانے سے انکار کردیا تھا ، مریم نواز کا کہنا تھا کہ دل کی تکلیف اور طبیعت خرابی کے باوجود ابو نے دادی چچا میرے اصرار پر بھی انکار کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال اسپتال گھمانے اور علاج کے نام پر کی جانے والی تضحیک کا نشانہ بننے کو تیار نہیں۔

    خیال رہے 25 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پرضمانت پررہائی سے متعلق فیصلہ سنایا تھا، فیصلے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا نوازشریف کوایسی کوئی بیماری لاحق نہیں جس کاعلاج ملک میں نہ ہوسکے، عدالتی فیصلے کے بعد نوازشریف کو جناح اسپتال سے ایک بار پھر کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

    واضح رہے گزشتہ برس 24 دسمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ سنایا گیا تھا، فیصلے میں نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 7 سال قید کی جرمانے کا حکم سنایا تھا جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔