Tag: Medical Insurance Policy

  • عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس پالیسی لازمی

    عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس پالیسی لازمی

    ریاض: سعودی وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس پالیسی لازمی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت سے عمرہ ویزے پرآنے والے زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس پالیسی حاصل کرنا ضروری ہے۔

    وزارت حج و عمرہ کے مطابق بیرون مملکت سے عمرہ ویزے پرآنے والے زائرین کو انشورنس پالیسی سے فائدہ ہوگا۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ میڈیکل انشورنس پالیسی کا پریمیم عمرہ ویزے کی فیس کے ساتھ وصول کیا جائے گا، میڈیکل پالیسی تمام ہنگامی نوعیت کے طبی اور دیگر معاملات کو کور کرے گی۔

    انشورنس پالیسی کے حوالے سے وزارت حج و عمرہ نے انٹرنیٹ پر معلومات فراہم کی ہیں، جو’رعایہ‘ کے عنوان سے دیکھی جا سکتی ہیں۔

    پالیسی کے فوائد کے حوالے سے وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ کووِڈ 19 کے علاوہ حادثات، وفات اور واپسی کے لیے فلائٹ کی تاخیر ہونے کی صورت میں پالیسی مکمل کوریج فراہم کرے گی۔

    انشورنس پالیسی میں ایک لاکھ ریال تک کوریج فراہم کی جائے گی۔

    عمرہ ویزا پالیسی کے حوالے سے وزارت نے اندرون مملکت کے لیے ٹول فری نمبر 800440008 جب کہ بیرون مملکت سے استفسارات کے لیے 00966138129700 نمبر مخصوص کیے ہیں۔

    علاوہ ازیں وزارت حج کی ویب سائٹ سے بھی اس بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

  • طبی غلطیوں پر عملے کے لیے ضوابط جاری

    طبی غلطیوں پر عملے کے لیے ضوابط جاری

    ریاض: سعودی سینٹرل بینک نے طبی غلطیوں پر بیمہ پالیسی کا لائحہ عمل جاری کردیا ہے، طبی عملے کے لیے بیمہ پالیسی کا نفاذ آئندہ برس سے کیا جائے گا۔

    سعودی مرکزی بینک ساما نے طبی عملے سے ہونے والی غلطیوں کے تدارک کے لیے بیمہ پالیسی متعارف کرتے ہوئے ضوابط کا اعلان کردیا۔

    پالیسی کے حوالے سے ساما کا کہنا ہے کہ انشورنس پالیسی کا قانون تمام ڈاکٹروں جن میں ڈینٹیسٹ بھی شامل ہیں پر لاگو ہوگا، بیمہ پالیسی کا نفاذ آئندہ برس یکم جنوری 2022 سے کیا جائے گا۔

    پالیسی کا مقصد طبی غلطی ہونے کی صورت میں طبی عملے کو بیمے کی سہولت فراہم کرنا ہے، طبی غلطی سے ہونے والے مشکل صورتحال میں بیمہ پالیسی طبی عملے کی جانب سے معاوضہ ادا کرنے کی پابند ہوگی۔

    مرکزی بینک کی جانب سے جاری ضوابط میں کہا گیا ہے کہ طبی غلطی کے باعث مریض کی موت واقع ہونے یا جسمانی و ذہنی معذوری و دیگر نوعیت کی مشکلات پیش آنے پر بیمہ پالیسی کارگر ہوگی۔

    جاری کردہ ضوابط کی شق نمبر 13 میں کہا گیا ہے کہ طبی غلطی ہونے پر عدالتی حکم کی روشنی میں بیمہ کمپنی معاوضہ ادا کرنے کی پابند ہوگی، مقررہ نکات کے مطابق بیرون مملکت دائر کیا گیا دعویٰ بیمہ پالیسی پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

    بیمہ پالیسی کی کوریج کی حد مختلف مقرر کی گئی ہیں جن میں سالانہ 1 لاکھ ریال سے 5 لاکھ ریال تک انشورنس کلیم کی مد میں مختص کیے گئے ہیں۔