Tag: medicine market

  • ادویہ سازکمپنیوں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

    ادویہ سازکمپنیوں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

    لاہور/ ملتان / بہاولنگر: پنجاب میں فارما انڈسٹری کی ہڑتال کے باعث میڈیکل اسٹور پر تالے پڑے ہوئے ہیں، مریضوں کے اہل خانہ ادویات کے لئے رل گئے، وزیر صحت کا کہنا ہے کہ کسی سے بلیک میل نہیں ہونگے، بعد ازاں لاہور دھماکے کے بعد دوا ساز کمپنیوں نے ہڑتال کی کال واپس لے کر کل سے کاروبار شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں لاہور ، ملتان بہاولنگر سمیت دیگر شہروں میں دوا ساز کمپنیوں کی ہڑتال کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ میڈیکل اسٹورز بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کو ادویات نہ مل سکیں۔

    lhr-post-01

    کیمسٹ ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث لاہور کے میوسپتال کے باہرمیڈیکل اسٹوربند ہیں جبکہ میڈیکل سٹور پر ہڑتال کے بینرز لگادئیے گئے، چشتیاں میں بھی میڈیکل سٹور بند ہیں اوربازار میں ہی احتجاجی کیمپ شروع کردیا۔ادھرسندھ کے دوا سازوں اور دوا فروخت کرنے والوں نے بھی بحران میں کودنے کا فیصلہ کرلیا۔

    کراچی میں پیر کو ہول سیل مارکیٹ اور ڈسٹری بیوشن بند رہیں۔لاہور میں دوا ئیں تیاراور فروخت کرنے والوں کی تنظیمیں ہڑتال کے معاملے پر2دھڑوں میں بٹ گئیں، پنجاب حکومت اور دوا ساز کمپنیوں کے تنازع میں مریض رل گئے۔

    lhr-post-02

    پنجاب میں سارا دن مریض دوائی کے لیے تڑپتے رہے اور لواحقین پریشان ہوتے رہے لیکن پنجاب حکومت اور دوا ساز کمپنیوں کے مالکان اپنی اپنی ضد پر اڑے رہے لاہور کے مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کے لواحقین اپنے پیاروں کو تکلیف میں دیکھ کر دن بھر میڈیکل اسٹورز کے چکر لگاتے رہے پنجاب حکومت اپنی ضد پر اڑی ہے کہ جعلی ادویات بنانے والوں کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہونگے۔

    صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ ترکی سمیت افغانستان سے ادویات منگوا لیں گے لیکن جعلی اور غیر معیاری ادویات بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

     یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی نے8 فروری کوڈرگ ایکٹ 1976کا بل منظور کیا تھاجس کے تحت غیر معیاری دوا سازی پر6 ماہ سے 5 سال تک قید اور ایک کروڑ سے 5 کروڑ روپے تک جرمانہ، کوالیفائیڈ پرسن کے موجود نہ ہونے پر30 دن سے5 سال تک قید اور5 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔

    ادھرسندھ میں بھی دوا ساز اور دوا فروخت کرنے والوں نے بحران میں کودنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ صدر ہول سیل کیمسٹ ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی میں پیر کو ہول سیل مارکیٹ اور ڈسٹری بیوشن بند رہیں۔ ایسوسی ایشن کے رہنما سعید اللہ والا نے کہا کہ لاہورمیں سندھ کے بارے میں اہم فیصلے ہوں گے۔

     تازہ ترین اطلاعات کے مطابق لاہو رمیں مال روڈ پر ہونے والے دوا ساز کمپنیوں کے مظاہرے کے دوران خود کش دھماکے کے بعد میڈیسن مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    دوا ساز کمپنیوں نے ہڑتال کی کال واپس لے کر کل سے کاروبارمعمول کے مطابق شروع  کرنےکی یقین دہانی کرادی ہے۔

  • ادویات کے تاجروں نے کل بروزپیرہڑتال کا اعلان کردیا

    ادویات کے تاجروں نے کل بروزپیرہڑتال کا اعلان کردیا

    کراچی / ملتان : ہومیو اور ہربل ادویات کا کاروبار کرنے والے تاجروں نے کل ہڑتال اعلان کردیا، ملتان کے بعد کراچی میں بھی تمام میڈیسن مارکیٹیں بند رہیں گی، ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نےترامیم واپس نہ لیں توغیرمعینہ مدت تک ہڑتال ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب ڈرگ رولز میں من مانی ترامیم ڈرگ ایکٹ کے خلاف پیر کو ملتان کے بعد کراچی میں بھی تمام میڈیسن مارکیٹیں بند رکھی جانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں پی سی اے،پی پی ایم اے، پی پی اے،پی ڈی اے، سی پی اے سمیت ہول سیل کیمسٹ کونسل بھی شریک ہوگی، غیرمعینہ مدت کے ہڑتالی بینر میڈیسن مارکیٹوں میں آویزاں کر دیئے گئے۔

    اس حوالے سے ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان کے صدر عاطف بلو نے اعلان کیا ہے کہ میڈیسن مارکیٹ ایم اے جناح روڈ پراحتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ حکومت نے ترامیم واپس نہ لیں تو کراچی تا خیبر ادویات کے لاکھوں تاجر غیر معینہ مدت کے لئے کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔

    وفاقی اور صوبائی حکومتیں ڈرگ ایکٹ میں کسی بھی ترامیم سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو مکمل اعتماد میں لیں، عاطف بلو کا کہنا تھا کہ پنجا ب حکو مت تا جر دشمنی کر رہی ہے۔

    دوسری جانب ملتان ہول سیل کیمسٹ کونسل کے صدر محمد اختربٹ نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈرگ رولز میں من مانی ترامیم کے خالف پیر کے روز شہر میں تمام میڈیسن مارکیٹیں احتجاجاً بند کر دی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ 2017 جیسے کالے قانون کے تحت حکومت ہزاروں افراد کا معاشی قتل کرکے میڈیسن کے کاروبار پر قبضہ کرنا چاہیتی ہے جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

    محمد اختر بٹ نے کہا کہ میڈیسن مارکیٹ ہڑتال کو ناکام بنانے کے لیے میڈیکل اسٹورز بند رکھنے کی صورت میں اسٹور مالکان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر کسی قسم کی روز زبردستی کی گئی تو حالات کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔