Tag: meerpur azad kashmir

  • میرپورایل اے3ضمنی الیکشن،غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کامیاب

    میرپورایل اے3ضمنی الیکشن،غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کامیاب

    میرپور: آزاد کشمیر میں ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے میدان مارلیا، عمران خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو کامیابی پرمبارکباد دی ہے۔

    پی ٹی آئی کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود نے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری محمد اشرف سے کانٹے کے مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کرلی، بیرسٹر سلطان محمود نے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پندرہ ہزار چھ سو اکیانوے ووٹ حاصل کئے، چوہدری محمد اشرف بارہ ہزار آٹھ سو ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔

    پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی پر کارکنان نے جشن منایا، بھنگڑے ڈالے اور ہوائی فائرنگ کی۔

     تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بیرسٹر سلطان محمود کو جیت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو شکست دے کر ایک بال پر دو وکٹیں گرادی ہیں۔ان کاکہنا تھاکہ تحریک انصاف نائن زیرو سے بھی جیت کر دکھائے گی۔

    واضح رہے کہ میرپور آزاد کشمیر میں پولنگ وقت کے مطابق شروع ہوئی اور مقررہ وقت پر اختتام پذیر ہوئی، پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہی ،اکیاسی پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جبکہ بارش بھی کارکنوں کے جوش کو کم نہ کرسکی۔

  • آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 3 میں ضمنی انتخاب، ووٹنگ جاری

    آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 3 میں ضمنی انتخاب، ووٹنگ جاری

    میرپور آزاد کشمیر: حلقہ ایل اے 3 میرپور آزاد کشمیر میں آج ضمنی انتخاب ہورہا ہے۔ ووٹنگ کے دوران سیکیورٹی کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق میرپور آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے تھری میں آج ضمنی انتخاب کی پولنگ جاری ہے۔ ووٹنگ کے دوران سیکیورٹی کیلئے انتظامات کیے گئے ہیں۔

    آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے تھری میرپور میں ضمنی انتخاب کے دوران پولنگ کا عمل جاری ہے۔ تحریک انصاف کے بیرسٹر سلطان محمود اور پیپلز پارٹی کے چودھری اشرف کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

    ایل اے تھری میر پور کی نشست بیرسٹر سلطان محمود کے استعفے کے باعث خالی ہوئی تھی۔ حلقے میں بیرسٹر سلطان محمود پی ٹی آئی چودھری محمد اشرف پیپلز پارٹی ، انجنئیر نعمان اکرم جماعت اسلامی کے امیدوار ہیں۔ آزاد امیدوار اعجاز احمد رضا بھی میدان میں ہیں ۔

    پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی ۔ اکیاسی پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی ضلع میرپور راجہ عرفان سلیم کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

    شہرکے داخلی ا ور خارجی راستے مکمل طور پر سیل ہیں ۔قانون شکنی کرنیوالوں کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔

  • عمران خان نے غدار اور لوٹے پی ٹی آئی میں جمع کرلئے، راجہ پرویز اشرف

    عمران خان نے غدار اور لوٹے پی ٹی آئی میں جمع کرلئے، راجہ پرویز اشرف

    میر پور آزاد کشمیر : پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نےکہاہے کہ عمران خان کا دل بڑا ہے جو سارے جہاں کے لوٹےاور بھگوڑوں کوپارٹی میں شامل کرلیا۔

    ان خیالات کا اظہار پی پی رہنماؤں نے میر پور آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق میرپور آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے جیالوں نے عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا ۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان پر شدید تنقیدکی، ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں کھڑے ہوکر کشمیر کی بات نہ کرنا غداری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سارے ملک کے غدار اور لوٹے اپنی پارٹی میں جمع کرلئے ہیں۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کی بات کرنے والے اب مذاکرات کے منکر ہیں۔

    پارٹی رہنماؤں کاکہنا تھاکہ اقوام متحدہ کو اپنی ساکھ بچانے کیلئے کشمیر کی قراردادوں پر عملدرآمد کروانا ہوگا۔

  • کراچی میں جلسہ کرکے الطاف حسین کو شکست دوں گا، عمران خان

    کراچی میں جلسہ کرکے الطاف حسین کو شکست دوں گا، عمران خان

    میر پور آزاد کشمیر : عمران خان نے کہا ہے کہ آج میر پور کے جلسہ میں لوگوں کی تعداد دیکھ کر الطاف حسین کا جلسہ یاد آگیا،لیکن ان جلسوں میں زندہ لاشیں بیٹھی ہوتی ہیں کیونکہ جلسوں میں عوام کو زبردستی لایا جاتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر پور آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ اگلا جلسہ کراچی میں کر کے الطاف حسین کو شکست دوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر میں بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کیا،عمران خان نے نواز شریف، آصف زرداری اور الطاف حسین پر بھرپور حملے کئے۔

    کہتے ہیں دونوں بھائیوں کی پارٹنر شپ توڑدی اوراب فرعون کی طرح الطاف حسین کا بھی وقت آ گیاہے، ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی کراچی میں بھی جلسہ کرکے الطاف حسین کو شکست سے دو چار کروں گا۔

    عمران خان نے نواز شریف اور آصف زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں بھائیوں کا پیسہ ملک سے باہر پڑا ہے،اور یہ پیسہ عوام کی جیبوں سے نکالا گیا۔

    انہوں نے میر پور آزاد کشمیر کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیرسٹر سلطان کو ووٹ دے کر تحریک انصاف کو مظبوط کریں۔