Tag: meet

  • چینی صدر سے ملاقات کیلئے ٹرمپ کے ممکنہ دورہ چین کا امکان

    چینی صدر سے ملاقات کیلئے ٹرمپ کے ممکنہ دورہ چین کا امکان

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی اس سال ملاقات ہونے کے ” امکان زیادہ ” ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جمعے کو ملائیشیا کے کوالالمپور میں چینی ہم منصب سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں ںے صحافیوں سے امریکا اور چین صدر کی ملاقات سے متلق بتایا ہے۔

    مارکو روبیو نے گفتگو کو تعمیری اور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مثبت میٹنگ تھی اور بہت کام کرنا ہے، امریکا اور چین کے درمیان ممکنہ تعاون کے شعبے موجود ہیں, ہم دو بڑے، طاقتور ملک ہیں، اور ہمیشہ ایسے مسائل ہوتے رہتے ہیں جن پر ہم متفق نہیں ہوتے۔

    اس موقعے پر امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ چینی صدر سے ملاقات کیلئے امریکی صدر کے ممکنہ دورہ چین کا امکان ہے، مشکلات بہت زیادہ ہیں لیکن دونوں فریق اسےحل ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ آسیان کے علاقائی فورم کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی ملاقات ہوئی جس میں تجارت، سلامتی اور روس یوکرین جنگ میں چینی حمایت پر بات کی۔

  • شاہد آفریدی کی وزیر اعظم سے ملاقات، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد

    شاہد آفریدی کی وزیر اعظم سے ملاقات، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد

    سابق کپتان شاہد آفریدی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے اور انہیں بھارت کے خلاف فتح پر مبارکباد دیا ہے۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی تصاویر شیئر کی ہے۔

    تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے لکھا "آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، وزیراعظم اور دلیر افواج کو آپریشن "بنیان المرصوص” کی شاندار کامیابی پر یومِ تشکر کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    یاد رہے کہ آپریشن بُنیان مرصوص کے تحت پاکستان نے بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے ادھم پور ائیربیس، پٹھان کوٹ ائیربیس اور سرسہ ائیربیس کے علاوہ سورت گڑھ ائیرفیلڈز، براہموس اسٹوریج سائٹ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ اور اڑی میں سپلائی ڈپو سمیت 12 اہداف کو تباہ کردیا تھا۔

    بھارت کی جانب سے 7 مئی کی رات پاکستان پر جب فضائی حملہ کیا گیا تو پاکستان نے بروقت اور مؤثر جواب دیتے ہوئے رات کی تاریکی میں میزائل حملوں کے ذریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارت کے 5 جنگی طیارے پاک فضائیہ نے مار گرائے جس میں جدید طرز کا فرانسیسی جنگی طیارہ رافیل بھی شامل تھا۔

    16 مئی کو بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں یو م تشکر منایا گیا۔

    یوم تشکر کے موقع پر پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا، یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

  • غیرمتزلزل حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب سے اظہار تشکر

    غیرمتزلزل حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب سے اظہار تشکر

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر مملکت خارجہ نے ملاقات کی اس موقع پر وزیر اعظم  نے موجودہ صورتحال میں پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت پرسعودی عرب سے اظہار تشکر کیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے بھارت کے پاکستان کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی۔

    شہبازشریف نے کہا کہ بھارتی حملوں میں بے گناہ شہری، خواتین اور بچے شہید ہوئے، بھارتی جارحیت پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں، افواج پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیئے۔

    پاکستان اپنی خود مختاری اور سالمیت کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اسے اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

    ملاقات کے موقع پر وزیراعظم نے علاقائی امن و استحکام کیلئے سعودی عرب کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

    سعودی وزیر مملکت خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر تشویش ہے۔

  • آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بیلا روس کے صدر کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بیلا روس کے صدر کی ملاقات

    راولپنڈی : بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو  نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق الیگزینڈر لوکاشینکو نے آج اسلام آباد میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون کے امکانات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے عالمی اور علاقائی امور میں بیلا روس کے کردار کو سراہا، آرمی چیف نے باہمی تعاون اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

    بیلاروس کے صدر لوکاشینکو نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مسلح افواج کے اہم کردار کو سراہا۔

  • وزرائے خارجہ ملاقات، پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

    وزرائے خارجہ ملاقات، پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات کی اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاک امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں اور پاکستان سے معاشی وتجارتی تعلقات مضبوط کرنا چاہتےہیں۔

    بلنکن نے فوڈ سمٹ میں پاکستان کی شرکت پر اظہار تشکر بھی کیا اور کہا کہ امریکا نے خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی توجہ مرکوز رکھنی ہے۔

    اس موقع پر پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جیو پولیٹیکل صورتحال کے باعث کئی چیلنجز کا سامنا ہے، عالمی سطح پر ہوئے واقعات کے باعث سیکیورٹی چیلنجز درپیش ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات میں مصروفیات کو بڑھانے کا منتظر ہوں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بہتر ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

    بلاول بھٹو نے ملاقات کے دوران اپنے ہم منصب کو یقین دلایا کہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔

  • وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت

    وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت

    وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی جس میں شہباز شریف نے مراد علی شاہ کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وفاق وصوبے کے درمیان ہم آہنگی اور بہتر ورکنگ ریلیشن شپ پر گفتگو کی گئی۔

    ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پہلے کابینہ اجلاس میں ملکی ترقی کیلیے کام کے عزم پر مبارکباد دی اور وزیراعظم کو سندھ کے انتظامی امور پر بھی بریفنگ دی۔

    اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے دوران ریلیف پیکیج پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

  • مفاہمت کے راستے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، پرویز الٰہی، اکرم درانی

    مفاہمت کے راستے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، پرویز الٰہی، اکرم درانی

    اسلام آباد : چوہدری برادران کی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہٰی اور صوبائی وزیر عمار یاسر بھی موجود تھے، جے یو آئی کا وفد بھی ق لیگ رہنماؤں سے ملاقات کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی مفاہمت کا مشن لے کر اسلام آباد میں جے یو آئی ف کے امیر کی رہائش گاہ پہنچے، ان کے ہمراہ صوبائی وزیر عمار یاسر بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہم یہاں مفاہمت کیلئے آئے ہیں، امید ہے معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا، مفاہمت ہو تو ساری چیزیں ٹھیک ہوجاتی ہیں۔

    اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا یہاں آنے سے پہلے آپ کا وزیراعظم عمران خان سے کوئی رابطہ ہوا؟

    جس کے جواب میں پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کل صبح مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے، ملاقات وزیراعظم آفس میں صبح11بجے ہوگی۔ واضح رہے کہ اس موقع پر جے یو آئی ف کا وفد بھی ق لیگ رہنماؤں سے ملاقات کرے گا۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہردی پرویزالہٰی نے کہا کہ مایوسی گناہ ہے اور ہم نے مایوسی کی طرف نہیں جانا، راستے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ میں جو چیزیں آرہی ہے اسی میں حل ڈھونڈ رہے ہیں, اچھا ماحول ہو تو مشکل سے مشکل مسائل بھی حل ہوجاتے ہیں۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اگر نیت ٹھیک ہو تو چیزیں جلدی صحیح ہوجاتی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ جتنی جلدی ہوسکیں معاملات حل ہوجائے، یہ بات بھائی چارے سے شروع ہوگی اور اسی پر ختم ہوگی۔

    پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت میں جلد معاملات حل ہونے چاہئیں، دھرنے سے سب کے لیے معاشی اوراقتصادی مسائل پیدا ہورہے ہیں، مولانا فضل الرحمان سے دیرینہ تعلقات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری ہرممکن کوشش ہے کہ ماحول میں بہتری آئے، مزید قربت پیدا کرنی ہے تاکہ معاملات بہتری کی طرف جاسکیں، معاملات چل رہے ہیں، ڈیڈلاک نہیں ہے۔

    اس موقع پر اکرم درانی نے کہا کہ ہم ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں، آج سب یہاں ماحول کو ٹھنڈا کرنے کیلئے آئے ہیں، ہم ماحول کو خوشگوار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

    ،اکرم درانی نے کہا کہ ایسی ملاقاتوں سے ماحول کی بہتری میں مدد ملتی ہے، مولانا کی چوہدری برادران سے بھائیوں کی طرح دوستی ہے، یہ تیسری نسل کی دوستی ہے، ہمارا کام ماحول کو بہتر بنانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اچھے دوستوں کی مدد سے حالات میں بہتری آتی ہے، سخت ماحول سے مزید مسائل پیدا ہورہے ہیں جن کے جلد حل میں سب کی بہتری ہے۔

  • طالبان وفد کی امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات

    طالبان وفد کی امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات

    اسلام آباد : طالبان وفدکی امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات ہوئی ، 5رکنی امریکی وفد زلمے خلیل زاد کی سربراہی میں 3روز سے اسلام آباد میں موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ طالبان وفد کی امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات ہوئی ، ملاقات ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع امریکی سفارتخانے میں رات گئے ہوئی جبکہ طالبان اورامریکا میں وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔

    خیال رہے 5 رکنی امریکی وفد زلمے خلیل زادکی سربراہی میں 3روز سے اسلام آباد میں ہے۔

    گذشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان اور افغان طالبان کے 12 رکنی وفد کے درمیان دفترخارجہ میں مذاکرات ہوئے تھے ، دونوں فریقین کے درمیان وفود کی سطح پر سوا گھنٹے تک مذاکرات جاری رہے، مذاکرات میں خطےکی صورتحال، افغان امن عمل اور باہمی دلچسپی کےامور پرتبادلہ خیال کیا گیا اور فریقین نے مذاکرات کی جلد بحالی کی ضرورت پربھی اتفاق کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا پاکستان افغان امن عمل کیلئے مصالحانہ کردار ادا کرتارہےگا جبکہ افغان طالبان نے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔

    مزید پڑھیں: وزیرخارجہ اور افغان طالبان وفد کا افغان امن عمل کی جلد بحالی پر اتفاق، اعلامیہ جاری

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پرامن افغانستان خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہے، افغان امن کیلئے مذاکرات ہی مثبت اور واحد راستہ ہے، خواہش ہے فریقین مذاکرات کی جلد بحالی پر تیار ہو جائیں۔

    خیال رہے کہ طالبان کے سیاسی دفتر کا اعلیٰ سطحی وفد ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں رات دیر گئے قطر کے دارالحکومت دوحہ سے اسلام آباد پہنچا تھا ، افغان طالبان کا وفد چین، روس اور ایران کے بعد پاکستان کا دورہ کررہا ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا میں بھی زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں افغان امن عمل پر پاکستان اور امریکا  کی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

    واضح رہے افغانستان میں امن کے لئے امریکا اورافغان طالبان کے درمیان امن مذاکرات دوحہ میں ہورہے تھے جو کچھ عرصے سے تعطل کا شکار ہیں، افغانستان میں حملے میں امریکی فوجی کی ہلاکت پر امریکی صدر نے مذاکرات معطل کردیئے تھے۔

  • وزیراعظم عمران خان سے مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی  ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی ملاقات

    اسلام آباد : مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے ملاقات میں وزیراعظم کو عالم اسلام کی مؤثر نمائندگی ، اسلاموفوبیا اور مسلمانوں پر مظالم اجاگر کرنے پر داد پیش تحسین کی اور کہا وزیراعظم نےجس طرح کشمیریوں پر مظالم اجاگر کئے اس کی مثال نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وفاقی وزیرعلی زیدی اورکے معاون خصوصی زلفی بخاری بھی شریک ہوئے۔

    علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے وزیراعظم کو امام علی ؓ کی تعلیم کردہ دعا ہدیہ کی اور وزیراعظم کو عالم اسلام کی مؤثر نمائندگی ، اسلاموفوبیا اور مسلمانوں پر مظالم اجاگر کرنے پر داد تحسین پیش کی۔

    علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا وزیراعظم نےجس طرح کشمیریوں پر مظالم اجاگر کئے اس کی مثال نہیں، آئین کی بالادستی یقینی جانے پر علامہ صاحب نے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔

    قوانین اور آرٹیکل227کےنفاذپرخصوصی گفتگوبھی ملاقات کاحصہ رہی جبکہ علامہ شہنشاہ نقوی نے امن و امان اور آزادی رائےکےتحفظ کی کوششوں کو بھی سرابا۔

    یاد رہے  وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تاریخی خطاب میں کہا تھا کہ مودی سمجھتا ہے کہ کرفیو کے بعد کشمیری خاموشی سے اسے قبول کرلیں گے، کرفیو اٹھنے کے بعد کشمیر میں خون کی ندیاں بہیں گی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ نائن الیون کے بعد اسلامو فوبیا خطرناک رفتار سے بڑھا، یورپ اور مغربی ممالک میں لاکھوں مسلمان اقلیت کے طور پر رہتے ہیں، مغرب میں حجاب کو ہتھیار سمجھا جاتا ہے، اسلامو فوبیا اس لیے ہوا کہ کچھ مغربی رہنماؤں نے دہشت گردی کو اسلام سے جوڑا۔

    ان کا کہنا تھا کہ   صرف ایک اسلام ہے جو حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ہے، اسلامو فوبیا سے مسلمانوں کو تکلیف پہنچی اور صورت حال بدترین ہورہی ہے، مسلمان لیڈروں کو انتہا پسندی سے اتنا خطرہ تھا کہ وہ جدید مسلمان بن گئے۔

  • افغان امن عمل کی بحالی ، پاکستان اور افغان طالبان کے وفود کے درمیان مذاکرات

    افغان امن عمل کی بحالی ، پاکستان اور افغان طالبان کے وفود کے درمیان مذاکرات

    اسلام آباد: پاکستان اورافغان طالبان کے وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے، جس میں فریقین نے افغان امن مذاکرات کی جلد بحالی کی ضرورت پراتفاق کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان افغان امن عمل کیلئے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لئے پاکستان نے کوششیں تیز کردیں ، طالبان کے سیاسی دفتر کا اعلیٰ سطحی وفد ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں وزارت خارجہ پہنچا جہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفد کو وزارت خارجہ میں خوش آمدید کہا۔

    طالبان وفد کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

    پاکستان اور افغان طالبان کےدرمیان دفترخارجہ میں مذاکرات ہوئے ، مذاکرات کے دوران فریقین نے مذاکرات کی جلد بحالی کی ضرورت پراتفاق کیا۔

    اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ برادرانہ تعلقات، مذہبی ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں ، گذشتہ چالیس برس سے افغانستان میں عدم استحکام کا خمیازہ دونوں ممالک یکساں طور پر بھگت رہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، صدق دل سے سمجھتا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ، افغانستان میں قیام امن کے لئے "مذاکرات” ہی مثبت اور واحد راستہ ہیں ،خوشی ہے کہ آج دنیا، افغانستان کے حوالے سے ہمارے موقف کی تائید کر رہی ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا پاکستان خوش دلی کے ساتھ گذشتہ چار دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین بھائیوں کی میزبانی کرتا چلا آ رہا ہے ، پاکستان نے افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کے تحت نہایت ایمانداری سے مصالحانہ کردار ادا کیا ہے ، پرامن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ فریقین مذاکرات کی جلد بحالی کی طرف راغب ہوں تاکہ دیرپا، اور پائیدار امن و استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ پاکستان افغان امن عمل کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا مصالحانہ کردار صدق دل سے ادا کرتا رہے گا۔

    افغان طالبان کے اعلیٰ سطحی وفد نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔

    یاد رہے کہ طالبان کے سیاسی دفتر کا اعلیٰ سطحی وفد ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں رات دیر گئے قطر کے دارالحکومت دوحہ سے اسلام آباد پہنچا تھا ، افغان طالبان کا وفد چین، روس اور ایران کے بعد پاکستان کا دورہ کررہا ہے۔

    طالبان کا وفد آج اعلیٰ حکومتی شخصیات سے بھی اہم ملاقاتیں کرے گا جبکہ طالبان وفد اور امریکی نمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد کی ملاقات کا بھی قوی امکان ہے، زلمے خلیل زاد پانچ رکنی امریکی وفد کے ساتھ تین روز سے اسلام آباد میں موجود ہیں۔

    خیال رہے افغانستان میں امن کے لئے امریکا اورافغان طالبان کے درمیان امن مذاکرات دوحہ میں ہورہے تھے جو کچھ عرصے سے تعطل کا شکار ہیں، افغانستان میں حملے میں امریکی فوجی کی ہلاکت پر امریکی صدر نے مذاکرات معطل کردیئے تھے۔

    امریکا کی جانب سے افغان امن عمل مذاکرات کا سلسلہ منسوخ کیے جانے کے بعد طالبان نے خبردار کیا تھا کہ اگر واشنگٹن امن کے مقابلے میں جنگ کو ترجیح دیتا ہے تو پھر طالبان بھی جنگ کے لیے تیار ہے۔

    واضح رہے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا میں بھی زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں افغان امن عمل پر پاکستان اور امریکا  کی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے امریکا طالبان مذاکرات منسوخی کے حوالے سے کہا تھا کہ امریکا اور طالبان مذاکرات میں رکاوٹ ہم سب کی بدقسمتی ہے ، میری پوری کوشش ہو گی امریکا طالبان مذاکرات دوبارہ شروع ہوں، افغان امن سےمتعلق معطل مذاکرات بحال کرانے کی پوری کوشش کروں گا۔