Tag: meet in jail

  • چوہدری شجاعت کی پرویز الہٰی سے جیل میں ملاقات، مونس الہٰی بھی بول پڑے

    چوہدری شجاعت کی پرویز الہٰی سے جیل میں ملاقات، مونس الہٰی بھی بول پڑے

    لاہور : مسلم لیگ ق (قائد اعظم) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی سے خصوصی ملاقات کی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہٰی کی ملاقات کیمپ جیل میں ہوئی جس میں چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے سالک حسین بھی موجود تھے۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں موجودہ سیاسی حالات سے متعلق بھی گفتگو کی گئی، کیمپ جیل میں ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔

    چوہدری شجاعت حسین اور ان کے بیٹوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی سے ملاقات میں ان کا حال احوال دریافت کیا۔

    ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پرویز الہٰی کا جلد مسلم لیگ (ق) میں واپسی کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کا کیس چل رہا ہے اور اسی کیس میں وہ گرفتار ہیں۔

    دوسری جانب چوہدری پرویزالٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے اس ملاقات کے حوالے سے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ میرے والد کو ان کے وکیلوں سے نہیں ملنے دیا جارہا، میری والدہ کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ آج آئی جی جیل خانہ جات بذات خود چوہدری شجاعت حسین اور ان کے بیٹے چودھری سالک حسین کو لے کر ملوانے گئے ہیں۔ اب یہ ہمیں جواب دیں گے کہ اس ہفتے کی خاندان والوں کی ملاقات ہم نے کروا دی ہے۔

     

  • نواز شریف سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، بلاول بھٹو زرداری

    نواز شریف سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، بلاول بھٹو زرداری

    لاہور : پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف سے جیل میں ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملنے جا رہا ہوں۔

    ان خیالات انہوں نے لاہور میں پی پی پارلیمانی پارٹی پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بیماری پر تشویش ہے۔

    نواز شریف علیل ہیں،علاج کی مناسب سہولت ملنی چاہئے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملنے جارہا ہوں، ان سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات کیلئے بلاول بھٹو کے وفد میں ایک رکن کا اضافہ ہوا ہے، وفد میں پی پی پنجاب پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کو شامل کرلیا گیا، وفد میں قمرزمان کائرہ، مصطفیٰ نوازکھوکھر، جمیل سومرو بھی شامل ہوں گے۔

    دریں اثناء ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومتی رویہ کے خلاف پیپلز پارٹی نے حکمت عملی ترتیب دیتے ہوئے اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر بھی غور شروع کردیا گیا، امکان ہے کہ بلاول بھٹو کی جیل میں نواز شریف سے ملاقات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہو۔

    بلاول بھٹو پیر کو کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے ملاقات کریں گے

    واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی اجازت مل گئی ہے، بلاول بھٹو پیر کے روز نوازشریف سے ملاقات کریں گے، محکمہ داخلہ پنجاب نے پیپلزپارٹی کو اجازت سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔

    ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہبازگل کا کہنا ہے کہ جیل قوانین اور مینول کے مطابق ملنے دیا جاسکتا ہے، پنجاب حکومت کو اس ملاقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے، پنجاب حکومت نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کردی ہے۔