Tag: meeting

  • آنے والی نسلیں پانی کے مسئلے پر جنگ لڑیں گی؟ یہ افسوسناک ہے: بلاول بھٹو

    آنے والی نسلیں پانی کے مسئلے پر جنگ لڑیں گی؟ یہ افسوسناک ہے: بلاول بھٹو

    اعلیٰ سطح سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت کو پانی بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو کے زیر صدارت سفارتی کمیٹی کے ارکان کا اجلاس  اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں دفتر خارجہ کی جانب سے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے عالمی دورے پر جانے والے اعلیٰ سطح سفارتی وفد کے سربراہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اجلاس کے بعد گفتگو میں کہا کہ کمیٹی مختلف ممالک میں جا کر پاکستان کا موقف واضح کرےگی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، اس خطے کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے، 1947 سے کشمیر پر بھارت سے لڑتے آرہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بھارت پانی کو اسلحے کے طور پر استعمال کررہا ہے، خطے کو دہشت گردی  سے پاک کرنے کیلئے کوئی حل نکالنا ہوگا۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارتی الزامات پر وزیراعظم نے شفاف تحقیقات  کی پیشکش کی اور کشیدگی کے دوران پاکستان جارحانہ نہیں ہوا بلکہ صرف اپنا دفاع کیا

    اعلیٰ سطح سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام چاہتے ہیں دونوں ممالک میں امن ہو، ہم نہیں چاہتے کہ آنے والی نسلیں پانی کے مسئلے پر جنگ لڑیں گی؟یہ افسوسناک ہوگا۔

  • عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے: نواز شریف

    عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے: نواز شریف

    سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے ملاقات کی، اس موقعے پر نواز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی پر وفاقی وزیر توانائی کو مبارک دی۔

    سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آسان کام نہیں تھا لیکن اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے ہو رہے ہیں۔

    نواز شریف نے کہا کہ شہبازشریف اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتاہوں، عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے، ن لیگ نے عوام کے ریلیف، ملک کی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اور ریلیف دینا ملکی خدمت ہی ہماری روایت ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے کہا کہ آپ کی رہنمائی میں وزیراعظم اور انکی ٹیم کامیاب ہوئی ہے، ساتھ ہی اویس لغاری نے نوازشریف کو توانائی شعبے میں اصلاحات سے آگاہ کیا۔

    اویس لغاری نے اوپن مارکیٹ کے قیام سے بجلی مزید سستی کرنے سے متعلق آگاہی دی اور بجلی چوری،گردشی قرض سے مستقل نجات پر اقدامات سے آگاہ کیا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ جوبائیڈن سے ملنے وائٹ ہاؤس پہنچ گئے

    ڈونلڈ ٹرمپ جوبائیڈن سے ملنے وائٹ ہاؤس پہنچ گئے

    واشنگٹن : نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ موجودہ صدر جوبائیڈن سے ملنے وائٹ ہاؤس پہنچ گئے، اس موقع پر دونوں شخصیات نے مصافحہ بھی کیا۔

    واشنگٹن کے اوول آفس آمد پر ٹرمپ کا روایتی جوش و خروش سے استقبال کیا گیا، اس موقع پر امریکی صدر جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ سے گرمجوشی سے ہاتھ ملایا۔

    دونوں رہنماؤں نے میڈیا کیمروں کے سامنے ہاتھ ملایا اس موقع پر بائیڈن نے ٹرمپ سے کہا کہ انہیں "پرامن منتقلی” کا انتظار ہے۔ دونوں شخصیات کے درمیان ملاقات میں اقتدار کی منتقلی سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

    ملاقات کے بعد جوبائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا کے سامنے بیان اور صحافیوں کے سوالات سے گریز کیا، اپنے ایک بیان میں امریکی صدرجوبائیڈن نے کہا کہ ملاقات سے اقتدارکی منتقلی راہ ہموار ہوگی جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سیاست مشکل ضرور ہے لیکن اقتدار کی منتقلی کا منتظر ہوں۔ ،

    امریکی نائب صدر کاملا ہیرس نے ملاقات میں شرکت نہیں کی، ملاقات کیلئے میلانیا ٹرمپ کو بھی مدعو کیا گیا تھا مگر وہ وائٹ ہاؤس نہیں آئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صدر جوبائیڈن کی دعوت پر ٹرمپ وائٹ ہاؤس پہنچے تھے، نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20جنوری کو 47ویں صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    جوبائیڈن سے ملاقات کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کیپیٹل ہل پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ری پبلکن اراکین کانگریس سے ملاقات کی۔

    ہاؤس اسپیکرمائیک جانسن کا کہنا ہے کہ آج امریکا میں ایک نیا دن ہے، ریپبلکن پہلے دن سے ٹرمپ انتظامیہ کے ایجنڈے پر کام شروع کرنے کیلئے تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات سے قبل دوںوں رہنماؤں کے درمیان انتخابی مہم میں سخت کشیدگی دیکھنے میں آئی تھی۔

    اس موقع پر بائیڈن نے ٹرمپ کے مقابلے میں ناقص کارکردگی کے باعث انتخابی دوڑ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔ تاہم ان کی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کمالا ہیرس 5 نومبر کو ٹرمپ کے مقابلے میں واضح فرق سے شکست کھا گئیں۔

  • مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    لاہور: مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوا، اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارٹی کو پی ٹی آئی سے مذاکرات نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق ن لیگ نے مولانا فضل الرحمان، محمود اچکزئی و دیگر سیاسی رہنماؤں سے بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع ن لیگ نے بتایا کہ اجلاس میں نیا بلدیاتی نظام لانے اور رواں سال نومبر یا دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے پراتفاق کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نوازشریف نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو اپنے اخراجات کم کرنے کی ہدایت کی ہے، آئندہ چند روز میں پارٹی کی تنظیم سازی پر مبنی اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، نواز شریف نے آئندہ اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

    دوسری جانب اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے واضح طور پر کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا حامی نہیں ہوں۔

    محمود اچکزئی کے ذریعے پی ٹی آئی سے مذاکرات سے متعلق سوال پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ میں ایسی کسی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں، میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حق میں نہیں ہوں۔

  • ورلڈ اکنامک فورم : سعودی عرب کو بڑا اعزاز حاصل

    ورلڈ اکنامک فورم : سعودی عرب کو بڑا اعزاز حاصل

    ریاض : سعودی وزیر اقتصاد فیصل الابراہیم نے کہا ہے کہ سعودی عرب اپریل 2024 کے دوران ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ اکنامک فورم کا اجلاس 28 اور 29 اپریل کو ہوگا جس میں بین الاقوامی تعاون، شرح نمو اور توانائی کے موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

    سعودی وزیر اقتصاد فیصل الابراہیم جمعرات کو ورلڈ اکنامک فورم ڈیوس میں منعقدہ خصوصی مباحثے ’سعودی عرب مستقبل کا دھارا‘ میں حصہ لے رہے تھے۔

    الابراہیم نے مزید کہا کہ درپیش مشکل حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی سعودی وژن 2030 ترتیب دے کر نافذ کیا گیا۔ سعودی عرب اس کی بدولت طاقتور بنا اور مستقبل میں مزید بہتر ہوگا۔

    وزیر اقتصاد ومنصوبہ بندی نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب اپنی پیداواری اور اقتصادی مسابقت کی استعداد بڑھانے کے لیے سیاحت کو فروغ دے رہا ہے۔

  • سعودی عرب: ذہنی صحت کے مراکز میں مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

    سعودی عرب: ذہنی صحت کے مراکز میں مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

    ریاض: سعودی عرب کی مجلس شوریٰ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مملکت میں ذہنی صحت کے لیے کام کرنے والے مراکز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ نے فروغ ذہنی صحت کے قومی مرکز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وزارت تعلیم کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے اسکالر شپ کی حکمت عملی کا پلان تیار کرے۔

    مجلس شوریٰ نے سوموار کو نائب صدر ڈاکٹر مشعل السلمی کی زیر صدارت ایوان میں سال رواں کا انیتسواں اجلاس منعقد کیا۔

    شوریٰ نے مذکورہ مطالبہ فروغ ذہنی صحت کے قومی مرکز کی جانب سے مالی سال 23-2022 کی سالانہ رپورٹ پر صحت کمیٹی کی رپورٹ سننے کے بعد کیا۔

    شوریٰ نے فروغ ذہنی صحت مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ذرائع آمدن کے فروغ کی اسکیم تیار کرے اور اس سلسلے میں پرائیویٹ سیکٹر نیز محکمہ اوقاف اور بغیر منافع والے سیکٹر کے ساتھ یکجہتی اور شراکت کا اہتمام کرے۔

    شوریٰ نے فروغ ذہنی صحت کے مرکز سے کہا کہ وہ اپنے انتظامی ڈھانچے پر نظر ثانی کرے اور اپنے اداروں کے نام ان کی ذمہ داریوں کے مناسب حال رکھے۔

    ارکان شوریٰ نے رپورٹ سننے کے بعد اپنے تاثرات اور تجاویز کا اظہار کیا، رکن شوریٰ فضل البوعنین نے جبیل اور ینبع رائل کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے ینبع انڈسٹریل سٹی میں صنعتی سرمایہ کاری میں کمی کے چیلنج سے نمٹنے کا اہتمام کرے۔

    ایسی جامع حکمت عملی تیار کی جائے جس کی بدولت ینبع انڈسٹریل سٹی صنعت کاروں کے لیے پرکشش بن جائے۔

    ایک اور رکن شوریٰ ناصر الدغیثر نے کہا کہ رائل کمیشن متعلقہ اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے اپنے یہاں سیاحتی، ثقافتی پروگرام اور کھیلوں کے انتظامات کرے تاکہ سرمایہ کار اور سیاح کثیر تعداد میں ینبع انڈسٹریل سٹی آئیں۔

    سعودی شہروں کی تاریخ و ثقافت سے واقف ہوں اور انہیں معلوم ہو کہ شہروں نے کس طرح مرحلہ وار ترقی کی، اس سلسلے میں جدید ابلاغی حکمت عملی اپنائی جائے جس کی مدد سے منفرد قومی کارناموں کو اجاگر کیا جائے۔

  • مارگلہ ہلز میں درخت کاٹنے اور آگ لگانے والوں کو اب جیل بھیجا جائے گا

    مارگلہ ہلز میں درخت کاٹنے اور آگ لگانے والوں کو اب جیل بھیجا جائے گا

    اسلام آباد: چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا کہنا ہے کہ مارگلہ ہلز میں درخت کاٹنے اور آگ لگانے والوں کو جرمانے کے بجائے جیل بھیجا جائے۔

    اسلام آباد کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین کی سربراہی میں مارگلہ ہلز میں آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کے لیے اجلاس ہوا۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ سید پور رینج میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کرے گا۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق سائن بورڈ لگائے جائیں، ایکو فرینڈلی سائن بورڈ لگانے کو ترجیح دی جائے۔ فاریسٹ گارڈز کے لیے ریفلیکٹر جیکٹس پہننا لازمی کیا جائے۔

    چیئرمین نے انوائرنمنٹ پروٹیکشن سیل کو فور بائی فور گاڑیاں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ درخت کاٹنے اور آگ لگانے والوں کو جرمانے کے بجائے جیل بھیجا جائے۔

  • کروڑوں تنخواہیں لینے والوں نے 10 سال میں زراعت میں کیا تحقیق کی؟ رپورٹ طلب

    کروڑوں تنخواہیں لینے والوں نے 10 سال میں زراعت میں کیا تحقیق کی؟ رپورٹ طلب

    اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے گزشتہ 10 سال میں زرعی شعبے میں کی گئی تحقیق کی رپورٹ طلب کر لی، کمیٹی کا کہنا تھا کہ سالانہ کروڑوں روپے کی تنخواہیں دی جارہی ہیں لیکن کام صفر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی آڈٹ رپورٹ 22-2021 کا جائزہ لیا گیا۔

    پی اے سی نے گزشتہ 10 سال میں زرعی شعبے میں کی گئی تحقیق کی رپورٹ طلب کر لی، کمیٹی چیئرمین نور عالم خان کا کہنا تھا کہ سرکاری خزانے سے سالانہ 50 کروڑ روپے تنخواہیں دی جارہی ہیں لیکن سرکاری افسران کا ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔

    چیئرمین ایگری کلچر ریسرچ کونسل نے پی اے سی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں اسٹرابیری بھی زرعی سائنسدانوں کی تحقیق ہے۔

    پی اے سی نے اسٹرابیری کے بجائے گندم جیسی فصلوں پر توجہ دینے پر زور دیا، کمیٹی ارکان نے دریافت کیا کہ 10 سال میں گندم یا چاول کی کتنی اقسام متعارف کروائی گئی ہیں؟

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملکی میں پی ایچ ڈی ہولڈرز بہت زیادہ ہیں لیکن زرعی شعبے میں تحقیق نہیں ہے۔

  • پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت بڑھانے پر غور

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت بڑھانے پر غور

    اسلام آباد: پاکستان اور آسٹریلیا کے وفود کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں سائنس و ٹیکنالوجی، کلائمٹ چینج، سیکیورٹی اور تجارت سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے وفود نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کلائمٹ چینج اور سیکیورٹی سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

    دفتر خارجہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے توانائی کے حوالے سے ایس سی او کانفرنس میں اظہار خیال کیا۔

    دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والی ایس ای او ہائی لیول میٹنگز میں شرکت کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔

  • آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے: وفاقی وزیر

    آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے: وفاقی وزیر

    واشنگٹن: وفاقی وزیر برائے تجارت نوید قمر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے، مذاکرات کی کامیابی سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے تجارت نوید قمر نے واشنگٹن میں پاک امریکا ٹیفا اجلاس سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیفا اجلاس میں زراعت، ٹیکنالوجی اور دیگر اہم معاملات پر بات ہوئی۔

    نوید قمر کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے، پاکستان اس وقت بہت زیادہ معاشی دباؤ کا شکار ہے۔ امریکا پاکستانی برآمدات کے لیے سب سے بڑی منڈی ہے، ہمیں برآمدات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے، مذاکرات کی کامیابی سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے کپاس کی فصل سب سے زیادہ متاثر ہوئی، اس وقت کپاس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا سے تجارت کو فروغ دینے کے لیے کاروباری طبقے کو مراعات فراہم کریں گے، توقع کرتے ہیں کہ پاکستان کے لیے یو ایس ایڈ پروگرام پر مثبت پیش رفت ہوگی۔