Tag: meeting

  • مسلم لیگ ن کی جانب سے اداروں پر حملے، وزیر اعظم کی جواب دینے کی ہدایت

    مسلم لیگ ن کی جانب سے اداروں پر حملے، وزیر اعظم کی جواب دینے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے اداروں پر حملوں کا جواب دیا جائے، اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ترجمانوں کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے اداروں پر حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے، اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    وزیر اعظم کے ہدایت کی کہ ن لیگ کے ہتھکنڈوں کا بھرپور جواب دیا جائے، ن لیگ ماضی میں بھی عدلیہ پر دباؤ ڈالتی رہی ہے۔ ’یہ نیا پاکستان ہے، اب ایسا نہیں چلے گا‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کوئی حربہ کارگر ثابت نہیں ہوسکے گا، انہوں نے ایک بار اس عزم کا اعادہ کیا کہ احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بطور سربراہ مملکت ذاتی اخراجات کی تفصیل طلب کی ہے۔

    وزیر اعظم نے دریافت کیا ہے کہ سنہ 2008 سے سربراہان مملکت اور ارکان پارلیمنٹ نے قومی خزانے کو کتنا نقصان پہنچایا؟ اور بیرون ملک دوروں، علاج، سیکیورٹی اور کیمپ آفس کے نام پر کتنی رقم وصول کی؟

    وزیر اعظم کی ہدایت پر وزارت خارجہ اور کابینہ ڈویژن مذکورہ تفصیلات کل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کریں گے۔

  • کہیں سنسر شپ نہیں لگانا چاہتے، ذمے دار میڈیا چاہتے ہیں: فردوس عاشق اعوان

    کہیں سنسر شپ نہیں لگانا چاہتے، ذمے دار میڈیا چاہتے ہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کہیں سنسر شپ نہیں لگانا چاہتے، ذمے دار میڈیا چاہتے ہیں۔ سوشل میڈیا کو مانیٹر کرنے کا کوئی نظام نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس کمیٹی چیئرمین فیصل جاوید کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سیاسی قیادت کی کردار کشی کا معاملہ زیر بحث آیا۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ فیک نیوز، کسی کو نشانہ بنانا یا ٹمپرنگ پر تشویش ہے، کہیں سنسر شپ نہیں لگانا چاہتے۔ ذمے دار میڈیا چاہتے ہیں۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ آج کے حالات میں پیمرا میں بھی بہتری لانے کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا کو مانیٹر کرنے کا کوئی نظام نہیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو جھوٹی خبروں پر لائحہ عمل تیار کرنے کا کہا تھا۔ سوشل میڈیا پر ان گائیڈڈ میزائل چل رہے ہوتے ہیں۔

    سینیٹر رحمٰن ملک نے کہا کہ جھوٹی خبروں کے باعث کردار کشی ہوتی ہے، صرف اپنی نہیں بلکہ تمام جماعتوں کی بات کر رہا ہوں۔

    معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی وی کے ملازمین کی پنشنز 2016 سے رکی ہوئی ہیں، ملازمین کو دینے کے لیے تنخواہیں نہیں پنشن کہاں سے دیں۔ پی ٹی وی کے گیٹ پر ملازمین کا احتجاج دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک سال کی پنشن جاری کر کے آئندہ کی منصوبہ بندی کی ہے، پنشنرز کو ادائیگیوں کے لیے 70 کروڑ روپے کا اجرا کیا ہے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کردار کشی پر مانیٹرنگ پیمرا نہیں آئی ٹی کا کام ہے۔ سوشل میڈیا پر منفی خبروں اور پروپیگنڈا روکنے کے اقدامات ضروری ہیں۔

  • سات یورپی ممالک کی ایران کو قانونی تجارت کی راہ ہموارکرنے میں مدد کی یقین دہانی

    سات یورپی ممالک کی ایران کو قانونی تجارت کی راہ ہموارکرنے میں مدد کی یقین دہانی

    تہران/ویانا : ایران نے یورپی ممالک کی وضاحت پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ویانا مذاکرات ناکافی ،یورپی کوششیں ناکام ہوئیں تو سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سات یورپی ملکوں آسٹریا، بلجیئم، فن لینڈ، ہالینڈ، سلوونیا، سپین اور سویڈن نے اس امر کو واضح کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ ایران کے ساتھ طےہونے والے جوہری معاہدے کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں، ایران پر بھی معاہدے کی شرائط پر عمل کرنا لازمی ہے۔

    یورپی ممالک نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں معاہدے کی اقتصادی شقوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں پیش آنے والی مشکلات کا مکمل ادراک ہے تاہم ایران کے لئے قانونی تجارت کی راہ ہموار کرانے میں مدد دیں گے۔

    دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقجی نے کہا ہے کہ ویانا میں سفارت کاروں کا ہونے والا اجلاس 2015 کے جوہری معاہدے کو ناکامی سے بچانے کی کوششوں کے ضمن میں بہتری کی جانب قدم ہے، تاہم ان کوششوں کا نتیجہ ابھی ناکافی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 2015ءکے جوہری معاہدے کی پاسداری کے طلب گار ممالک جرمنی، چین، فرانس، برطانیہ اور روس نے آسٹریا کے صدر مقام ویانا میں دوسرے یورپی ملکوں کے نمائندوں سے ملاقات کی تاکہ جوہری معاہدے کو ناکامی سے بچانے کی تدابیر پر غور کیا جا سکے۔

    اس موقع پر ایران نے دھمکی دی کہ اگر اس کے خلاف عائد پابندیوں میں نرمی نہ کی گئی تو وہ معاہدے میں یورنیم افزودگی روکنے سے متعلق کئے جانے والے وعدوں پر عمل درآمد روک دے گاتاہم سات یورپی ملکوں آسٹریا، بلجیئم، فن لینڈ، ہالینڈ، سلوونیا، سپین اور سویڈن نے اس امر کو واضح کر دیا کہ وہ ایران کے ساتھ طے والے جوہری معاہدے کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔

    ان ملکوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ ایران پر بھی معاہدے کی شرائط پر عمل کرنا لازمی ہے،ویانا میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کرنے والے یورپی ممالک نے اپنے بیان میں اس امر کا اظہار کیا کہ انہیں معاہدے کی اقتصادی شقوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں پیش آنے والی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بعدازاں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ یورپی ممالک فرانس، برطانیہ، جرمنی اور یورپی یونین کے بیرونی ایکشن سیکشن کے ساتھ مل کر ایران کے لئے قانونی تجارت کی راہ ہموار کرانے میں مدد دیں گے۔

    اس کے جواب میں ایران نے کہا کہ اگر یورپی کوششیں ناکام ہوئیں تو وہ سخت اقدام اٹھانے پر مجبور پر ہو گاجبکہ عباس عراقجی نے مزید کہا کہ یورپی، روسی اور چینی عہدیداروں کے ساتھ ویانا میں ہونے والے مذاکرات کا نتیجہ ایرانی امنگوں کے مطابق نہیں ہے ۔

    بعدازاں ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے ایک بیان میں کہا کہ جوہری معاہدے پر دستخط کرنے والے یورپی ملک اگر ہمیں امریکی پابندیوں سے بچانے میں ناکام رہے تو ایران فیصلہ کن اقدام اٹھائے گا۔

  • امریکی صدر جی 20 اجلاس میں شرکت کے لیے جاپان پہنچ گئے

    امریکی صدر جی 20 اجلاس میں شرکت کے لیے جاپان پہنچ گئے

    ٹوکیو: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جاپان کے شہر اوساکا میں ہونے والے جی ٹوئنٹی اجلاس میں شرکت کے لیے جاپان پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے شہر اوساکا میں ہونے والی جی 20 سمٹ میں بیس ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے، جن میں چین اور روس بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ جی ٹوئنٹی کی دو روزہ سمٹ میں شرکت کے لیے جاپان پہنچ چکے ہین، دنیا کی بیس ترقی یافتہ اور ترقی کی دہلیز پر کھڑی معیشتوں پر مشتمل اس اجلاس کو اہم تصور کیا جارہا ہے۔

    جی ٹوئنٹی اجلاس آج سے جاپان کے شہر اوساکا میں شروع ہورہا ہے جس میں 20 ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے۔

    اس اجلاس کے پیش نظر ملک بھر میں سکیورٹی انتہائی سخت ہے، جبکہ مرکزی شہر کو جانے والی شاہراہیں بند ہیں اور عوام کو ریل اور سب وے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    جی 20 اجلاس آج سے جاپان کے شہر اوساکا میں شروع ہوگا

    جاپانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جی ٹونٹی اجلاس کے موقع پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، اجلاس کے مقام، ہوٹل، ایئرپورٹس اور دیگر مقامات پر 32 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ متعدد سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

    اوساکا میئر کے مطابق مرکزی شہر کو جانے والی شاہراہیں جمعرات سے 30جون تک عوام کیلئے بند رہیں گی، عوام کو ریل اور سب وے استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں تیرہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج (بدھ) کو طلب کر لیا گیا، وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    ذرایع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 31 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائےگا، اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں 27سمریاں ضمنی گرانٹس کی منظوری سے متعلق ہیں۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں پاور سیکٹر کو گرانٹس کی منظوری سے متعلق جائزہ لیا جائے گا، جبکہ آزاد کشمیر حکومت کے بجلی کے واجبات اور صنعتی شعبے کو سبسڈی دینے کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعظم نے صنعتی شعبے کو 3روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بھی مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں 23 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا تھا۔

    اجلاس میں سپریم کورٹ اسلام آباد کی عمارت کے لیے اضافی فنڈز پرغور کیا گیا تھا، جبکہ ججوں کی رہائش گاہوں، ریسٹ ہاؤسز کی دیکھ بھال کے اضافی فنڈز پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آ ج ہوگا

    دریں اثنا کراچی میں گرین لائن بس آپریشنل کرنے کے لیے سیڈ منی کی فراہمی اور وزارت اطلاعات کے واجبات کی ادائیگی کے لیے ضمنی گرانٹ ایجنڈے میں شامل تھا۔

  • خطے کے مسائل گفتگو سے حل کرنے اور جنگ سے گریز کی ضرورت ہے، امیر قطر

    خطے کے مسائل گفتگو سے حل کرنے اور جنگ سے گریز کی ضرورت ہے، امیر قطر

    تہران : ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ قطر اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا ایران کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خلیج عُمان میں دو تیل بردار جہازوں پر حملوں میں ایران کے ملوث ہونے اور امریکا کی طرف سے اس کے دستاویزی ثبوت فراہم کیے جانے کے بعد ایک طرف تہران کے تخریبی کردار کی شدید مذمت جاری ہے اور دوسری طرف قطر نے تہران کے ساتھ تعاون کو مزید وسیع کرنے پر زور دیا ہے۔

    عرب ٹی وی کا کہنا تھا کہ امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے تاجکستان کے دارالحکومت دو شنبہ میں ایشیائی تعاون تنظیم ’سیکا‘ کے اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔

    قطری امیر نے ایرانی صدر کو یقین دلایا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

    ایرانی ایوان صدر کی ویب سائیٹ پر جاری ایک خبر میں کہا گیا ہے کہ صدر حسن روحانی اور امیر قطر کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کے ساتھ اہم امور پر مشاورت بھی کی گئی۔ دونوں رہنماﺅں نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ وہ تمام پڑوسی ملکوں بالخصوص قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ قطر اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا ایران کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔

    ایرانی صدر نے قطر کے ساتھ تعلقات کو برادرانہ قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے مفادات مشترک ہیں اور دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے وسائل موجود ہیں۔ ہمیں ان وسائل اور طاقت کو دونوں قوموں کے مفادات کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔

    اس موقع پر امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے خطے کے تمام مسائل کوبات چیت کے ذریعے حل کرنے اور جنگ سے حتی الامکان گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    انہوں نے کہا کہ دوحہ تہران کےساتھ ہر سطح پر تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔

  • مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

    مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا اہم اجلاس آج پیر کی صبح 9 بجے سندھ سیکریٹریٹ میں میں طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ آج ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے، دوران اجلاس اہم امور زیرغور آئیں گے۔

    سندھ کابینہ کے اجلاس کے لیے جاری کردہ 8 نکاتی ایجنڈے میں دیگر امور کے علاوہ سندھ کابینہ گوررنرسندھ کی جانب سے دستخط کے بغیر دوبارہ غور کے لیے بھجوائے گئے پولیس ایکٹ سے متعلق بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    پولیس ایکٹ 1861کی منسوخی اور پولیس آرڈر2002 کی بحالی کا ترمیمی بل 2019 کا جائزہ لے گی اور گورنر سندھ کے آئینی اعتراضات پر مشاورت کے بعد بل کو دوبارہ اسمبلی میں منظوری کے لیے بھجوانے سمیت ایجنڈے پر موجود دیگر امور سے متعلق صوبائی کابینہ اہم فیصلے کرے گی۔

    دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئے، پاکستان پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس کل شام زرداری ہاؤس میں منعقد ہوگا۔

    آصف زرداری آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، دوسری طرف زرداری ہاؤس میں پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس منعقد ہوگا۔

    بلاول بھٹو دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئے، سی ای سی اجلاس کل منعقد ہوگا

    قبل ازیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے عمر کوٹ میں اقلیتی برادری پر پولیس تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پر امن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، پولیس تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، عید کی چھٹیوں کے باعث ہفتہ وار کابینہ اجلاس ایک دن پہلے طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس صبح ساڑھے 11بجے ہوگا، جس کے لیے 12نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا، اجلاس میں اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج اور ملکی سیاسی ومعاشی صورت حال کاجائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعظم اوآئی سی سربراہ کانفرنس سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے، جبکہ اثاثہ جات ظاہر کرنے کے وزیراعظم کے اعلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

    کابینہ حج پالیسی کی منظوری دے گی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیاجائے گا، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کابینہ کو نئی ویزہ پالیسی پربریفنگ دیں گی۔

    اجلاس میں بچوں کے حقوق کے لیے قومی کمیشن تشکیل دینے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے، چینی شہریوں کے بزنس ویزہ کو ورک ویزہ میں منتقل کرنے کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    اے ٹی سی عدالت اسلام کے اسپیشل جج کی تقرری کی منظوری دی جائے گی، انشورنس ٹریبونل ملتان اور لاہور کے ممبر اور چیئر پرسن کی تقرری کی منظوری اجلاس میں دی جائے گی۔

    وفاقی کابینہ 2018 کے انتخابات کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ لے گی، کابینہ عتیق احمد کو وفاقی تعلیمی بورڈ کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دے گی۔

    کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم

    سنگل اکاؤنٹ پالیسی اور کیشن مینجمنٹ بھی کابینہ کے ایجنڈے کا حصہ ہوگی، وفاقی کابینہ نجی ایئرلائن کے لائسنس کی منسوخی کا جائزہ بھی لے گی۔

  • دہشت گردی کو اسلام سے علیحدہ کرنا ہوگا، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان

    دہشت گردی کو اسلام سے علیحدہ کرنا ہوگا، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان

    مکہ: وزیراعظم عمران خان نے اسلامی تعاون کی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد پر دہشت گردی کا لیبل درست نہیں، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے 14ویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ناگزیر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کے خلاف ظلم و بربریت کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے، مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد پر دہشت گردی کا لیبل درست نہیں، تامل ٹائیگرز حملوں کا کسی نے مذہب سے تعلق نہیں جوڑا، کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہیئے۔

    وزیراعظم نے مقبوضہ فلسطین سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے دہشت گردی کو معصوم فلسطینیوں کے خلاف استعمال کیا، بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیئے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو اسلام سے علیحدہ کرنا ہوگا، مغرب کو بتانا ہوگا کہ پیغمبر اسلامﷺ کی توہین پر ہمیں کتنا دکھ ہوتا ہے، جولان کی پہاڑیاں فلسطین کا حصہ رہنی چاہئیں۔

    عمران خان نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح نہیں کیا جاسکتا، مغربی دنیا مسلمانوں کے جذبات کا احساس کرے، اسلام کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، کوئی مذہب معصوم انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔

    وزیراعظم کی او آئی سی اجلاس میں شرکت، سعودی فرمانروا نے پرتپاک استقبال کیا

    انہوں نے واضح کیا کہ دنیا کو اسلاموفوبیا سے باہر نکلنا ہوگا، نیوزی لینڈ کے واقعے نے ثابت کیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں، مسلم دنیا کی قیادت مغربی دنیا کو قائل کرے۔

    او آئی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کو سائنس اور ٹیکنالوجی اور معیار تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، او آئی سی پلیٹ فارم سے سائنس وٹیکنالوجی اور تعلیم کے فروغ کیلئے کام کرناہوگا۔

  • آرمی چیف سے نیٹو کے افغانستان کے لیے سینئر نمائندے کی ملاقات

    آرمی چیف سے نیٹو کے افغانستان کے لیے سینئر نمائندے کی ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نیٹو کے افغانستان کے لیے سینئر نمائندے سر نکولس کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران خطے میں امن و امان کی صورتحال اور افغان مفاہمتی عمل پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیٹو کے افغانستان کے لیے سینئر نمائندے سر نکولس نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نیٹو نمائندے کی ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقات کے دوران خطے میں امن و امان کی صورتحال اور افغان مفاہمتی عمل پر بات چیت ہوئی۔

    آرمی چیف سے نیٹو نمائندے کی ملاقات میں پاک افغان بارڈر مینجمنٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس سے قبل آرمی چیف سے ازبکستان کے نائب وزیر اعظم الیور گنیف نے بھی ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ازبکستان پاکستان کا دوست ملک ہے، باہمی تعلقات سے خطے میں امن و استحکام کی فضا بہتر ہوگی، باہمی تعاون اور اقتصادی استحکام کو بھی تقویت ملے گی۔

    ازبک نائب وزیر اعظم الیور گنیف نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کا کردار قابل تقلید ہے، خطے میں امن کے لیے پاک فوج کی کوششیں قابل قدر ہیں۔