Tag: meeting

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس جاری

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس جاری

    اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس جاری ہے جس میں پاکستان اسٹیل کی رپورٹ پیش کی جائے گی، اجلاس میں توانائی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس جاری ہے، اجلاس میں پاکستان اسٹیل کے مستقبل سے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان اسٹیل کی رپورٹ پیش کی جائے گی، اجلاس کے شرکا توانائی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیں گے۔

    اقتصادری رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں رمضان سے پہلے توانائی کے شعبے کے مالیاتی معاملات پر بھی غور ہوگا۔

    اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس 3 اپریل کو منعقد ہوا تھا۔ اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کو یوریا کھاد کی قیمتوں کا تعین کرنے اور کاشت کاروں کو سستے داموں کھاد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    کمیٹی نے گزشتہ اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ گیس پاور سیکٹر کو دینے پر مزید یوریا درآمد کیا جا سکتا ہے۔

    گزشتہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے ایجنڈے میں مختلف وزارتوں کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی شامل تھی جن میں ہوا بازی، دفاع، فنانس ، داخلہ، پیٹرولیم اور صنعت و پیدوار کی وزارتیں شامل ہیں۔

    اجلاس میں پاکستان نیو کلئیر ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے گرانٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل تھی۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس: ایک لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت

    اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس: ایک لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایک لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایک لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی، درآمد کی اجازت کاشت کاروں کی ضرورت دیکھتے ہوئے دی گئی۔

    اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کو یوریا کھاد کی قیمتوں کا تعین کرنے اور کاشت کاروں کو سستے داموں کھاد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ کمیٹی نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ گیس پاور سیکٹر کو دینے پر مزید یوریا درآمد کیا جا سکتا ہے۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے ایجنڈے میں مختلف وزارتوں کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری شامل تھی جن میں ہوا بازی، دفاع، فنانس ، داخلہ، پیٹرولیم اور صنعت و پیدوار کی وزارتیں شامل ہیں۔ پاکستان نیو کلئیر ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے گرانٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل تھی۔

    اس سے قبل 20 مارچ کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کے لیے ایک ارب 70 کروڑ روپے فنڈز کی منظوری دی گئی تھی۔

    گزشتہ اجلاس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پی آئی اے کے ذمے 96 ارب کے بقایا جات منجمد کرنے کی منظوری بھی دی گئی، 96 ارب روپے کے بقایا جات جون تک منجمد کیے گئے تھے۔

    اجلاس میں پاسکو کے گندم کی برآمدات کی مدت میں 2 ماہ کی توسیع کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو ایل این جی ٹرمنلز اور کپاس کی پیداوار کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی تھی۔

  • بریگزٹ سے متعلق آج ہونے والا اجلاس برطانیہ کیلئے آخری موقع ہوگا

    بریگزٹ سے متعلق آج ہونے والا اجلاس برطانیہ کیلئے آخری موقع ہوگا

    لندن /برسلز : یورپی یونین کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا یونین سے کسی باقاعدہ معاہدے کے بغیر اخراج یا نو ڈیل بریگزٹ اب تقریباً یقینی ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی پارلیمان کے بریگزٹ سے متعلقہ امور کے رابطہ کار گائی فیرہوفشٹٹ نے کہا کہ آج (بدھ کو) ہونےو الا پارلیمانی اجلاس برطانیہ کے لیے آخری موقع ہوگا کہ وہ یا تو بریگزٹ کے بارے میں پائے جانے والے جمود کو ختم کرے یا پھر نتائج کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔

    گائی فیرہوفشٹٹ کا کہنا تھا کہ لندن میں ایوان زیریں نے ایک بار پھر بریگزٹ سے متعلق تمام تر امکانات کے خلاف اپنی رائے دی ہے اور اب نو ڈیل بریگزٹ یا ہارڈ بریگزٹ بظاہر ناگزیر ہو گیا ہے۔

    یورپی پارلیمان کے جرمنی سے تعلق رکھنے والے ایک اور رکن ڑینس گائیر کا کہنا تھا کہ برطانوی پارلیمان ایک مضحکہ خیز انداز میں خود اپنا ہی راستہ روکے ہوئے ہے۔

    بریگزٹ کی موجودہ ڈیڈ لائن جو 12 اپریل کو پوری ہو رہی ہے، اگر لندن نے اس میں دوبارہ توسیع کی درخواست کی، تو یورپی یونین کو ایسی کسی توسیع پر صرف اسی صورت میں رضامندی ظاہر کرنا چاہیے کہ برطانیہ میں بریگزٹ سے متعلق ایک نیا عوامی ریفرنڈم بھی کرایا جائے۔

    مزید پڑھیں : بریگزٹ ڈیل: برطانوی وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے اہم ملاقات کریں گی

    خیال رہے کہ برطانوی اعظم تھریسامے بریگزٹ ڈیل سے متعلق مذاکرات کے لیے اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن سے خصوصی اور اہم ملاقات کریں گی تاہم ملاقات کے حوالے سے حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

    بریگزٹ ڈیل نہ ہونے کے باعث ملک میں سیاست کے علاوہ معاشی بحران کی صورت حال پیدا ہورہی ہے، امریکی ڈالر اور یورو کے مقابلے میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں صفر عشاریہ تین فیصد کمی نوٹ کی گئی۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم تھریسامے موجودہ صورت حال کے سبب شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، کئی کوششوں کے باوجود پارلیمنٹ رہنماؤں کو بریگزٹ پر قائل کرنے میں ناکام ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان اورمہاتیرمحمدکی ون آن ون ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    وزیراعظم عمران خان اورمہاتیرمحمدکی ون آن ون ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ملیشین وزیراعظم مہاتیر محمد سے ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی سےمتعلق بریف کیا، جس کے بعد مہاتیر  محمد نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور مہاتیرمحمدکی ون آن ون ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے پاک بھارت کشیدگی سےمتعلق بریف کیا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا خطےمیں امن چاہتےہیں، امید ہےانتخابات کے بعد پاک بھارت تعلقات میں بہتری آئےگی، پاکستان نے بھارت سے کشیدگی کے خاتمے کیلئے پر خلوص اقدامات کئے، جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتاربھارتی پائلٹ کوبھی رہا کیا۔

    ملیشین وزیراعظم نے کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا عالمی تنازعات کا حل بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے، خطےمیں امن کےلیے فریقین کو محتاط رویہ اپنانا ہوگا۔

    ملاقات سے قبل ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹرمہاتیرمحمد وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

    مزید پڑھیں : ملیشین وزیراعظم کےاعزازمیں گارڈآف آنر پیش

    ملائیشین وزیراعظم کےاعزازمیں گارڈآف آنر پیش کیاگیا، جس کے بعد مہاتیرمحمد نے گارڈآف آنرکامعائنہ کیا جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں دونوں ممالک کےقومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں۔

    وزیراعظم عمران خان نےوفاقی وزرااورسرکاری حکام سےمعززمہمان کاتعارف کرایا، عمران خان کابھی ملائیشیا کے وفد سےتعارف کرایاگیا، اس موقع پر ڈاکٹر مہاتیر محمد نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا۔

    صدرمملکت عارف علوی آج ملائیشین وزیر اعظم کےاعزاز میں اعشائیہ دیں گے، صدر مملکت عارف علوی ملائیشین وزیراعظم کو “نشان پاکستان” ایوارڈ پیش کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، جہاں اسلام آباد میں نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب کا شانداراستقبال کیا ، انھیں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس : مختلف منصوبوں اوراقدامات کی منظوری

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس : مختلف منصوبوں اوراقدامات کی منظوری

    اسلام آباد : وزیرخزانہ اسدعمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کیلئے ایک ارب 70کروڑ روپے فنڈ ز کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیرخزانہ اسدعمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مختلف منصوبوں اور اقدامات کی منظوری دے دی گئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے پی آئی اے کے ذمے96ارب کے بقایاجات منجمد کرنے کی منظوری دی گئی،96ارب روپے کے بقایاجات جون تک منجمد کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کے طیارے کی مرمت کیلئے تین ملین ڈالر کی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کیلئے ایک ارب70کروڑ روپے فنڈز کی منظوری جبکہ پاسکو کے گندم کی برآمدات کی مدت میں دو ماہ کی توسیع کرنے کی منظوری دی گئی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں ای سی سی نے حلال اتھارٹی کے قیام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ حلال اتھارٹی کو جلد ازجلد فعال بنایا جائے۔

    اس کے علاوہ ای سی سی کو ایل این جی ٹرمینلز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ تیسرا ایل این جی تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ ہو چکا ہے،اجلاس میں کپاس کی پیداوار کے حوالے سے ای سی سی کو بریفنگ بھی دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کیلئے پانی کے چارجز میں اضافے کے حوالے سے پانی چارجز15پیسے سے ایک روپیہ10پیسے فی یونٹ کی منظوری دی گئی، چارجز کی ادائیگی کیلئے بجلی کی قیمتوں میں11پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا۔

  • کرتارپور راہداری: پاک بھارت تکنیکی مذاکرات کا اعلامیہ جاری، مذاکرات مثبت قرار

    کرتارپور راہداری: پاک بھارت تکنیکی مذاکرات کا اعلامیہ جاری، مذاکرات مثبت قرار

    اسلام آباد: کرتاپورراہداری پر پاک بھارت تکنیکی مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اعلامیے میں کہا گیا ہے کرتاپورراہداری کے زیروپوائنٹ کا مشترکہ سروے کیا گیا، کرتاپورراہداری سے متعلق تکنیکی معلومات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    سڑک کی تعمیر اور اس کے حفاظتی اقدامات پر غور ہوا، اعلامیے میں کہا گیا ہے بعض تکنیکی امور پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق حل طلب تکنیکی امور جلد طے کرلیے جائیں گے، مذاکرات کا آئندہ دور دو اپریل کو واہگہ میں ہوگا۔

    کرتار پور راہداری منصوبے پر پاک بھارت ٹیکنیکل ماہرین کی ملاقات زیرو لائن پر ہوئی، جس میں پاکستان اوربھارت نے کرتارپورراہداری پر دونوں جانب باڑ لگانے پر اتفاق کرلیا گیا۔

    خیال رہے کرتارپور رہداری پر آج پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے مذاکرات مثبت رہے، جبکہ مذاکرات کااگلا دور2 اپریل کوواہگہ میں ہوگا۔

    یاد رہے اس سے قبل 14 مارچ کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی قیادت میں ایک وفد اٹاری گیا تھا، جہاں بھارتی حکام سے کرتار پور راہداری منصوبے پر مذاکرات کئے گئے تھے۔

    کرتارپور راہداری کھولنے کا فیصلہ جنوبی ایشیا کی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے،ترجمان دفتر خارجہ

    وطن واپسی پر ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا پاک بھارت وفود میں دوسری ملاقات 2 اپریل کو پاکستان میں ہوگی، بہت اچھی میٹنگ ہوئی، ہم آگے بڑھ چکے ہیں، 19 مارچ کو کرتارپور راہداری پر زیرو پوائنٹ پر ایک اور اجلاس ہوگا، 2 اپریل کو اجلاس پاکستان میں ہوگا، جس میں میڈیا کو مدعو کریں گے۔

  • کرتارپور راہداری: پاک بھارت مذاکرات کا ایک اور دور آج ہوگا

    کرتارپور راہداری: پاک بھارت مذاکرات کا ایک اور دور آج ہوگا

    نئی دہلی: کرتارپور راہداری معاملے پر پاکستان اور بھارت کے مذاکرات کا ایک اور دور آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کرتارپور راہداری معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات زیرو لائن کرتار پور میں بابا ڈیرہ نانک کے مقام پرہوں گے۔

    بھارت نے بابا ڈیرہ نانک کو زیروپوائنٹ قرار دے دیا، مذاکرات میں کرتارپور کی سڑکیں، نقشہ اور دیگر معاملات پرغور کیا جائے گا۔

    قبل ازیں کرتار پور راہداری کے سلسلے میں پاک بھارت مذاکرات بھارتی سرحدی علاقے اٹاری میں چودہ مارچ کو ہوئے تھے، پاکستانی وفد ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے وفد کی سربراہی کی تھی۔

    دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے 13 مارچ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت نے کرتارپور راہداری کے اہم اجلاس پر پاکستانی صحافیوں کے ویزے مسترد کردیے، ویزے مسترد ہونا افسوسناک ہے، امید ہے آئندہ اجلاس دونوں ممالک کے عوام کے لیے بہتر ی لائے گا۔

    خیال رہے کہ 7 فروری کو پاکستان نے کرتارپور راہ داری کے سلسلے میں بھارت کو مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے 2 تاریخیں دی تھیں جس پر بھارت نے بھی مثبت جواب دیا تھا۔

    کرتار پور راہداری مذاکرات: پاکستانی وفد شرکت کرے گا، بھارت نے مقام تبدیل کردیا

    واضح رہے پاکستان نے کرتار پور بارڈر کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بھارت بھی اس اقدام کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگیا تھا، نئی دہلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے عوام کو جوڑے گا اور ہم بہتر مستقبل کی طرف جائیں گے‘۔

    بعد ازاں 28 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے کرتارپوربارڈر کا افتتاح کرتے ہوئے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی اور کہا تھا ہندوستان ایک قدم بڑھائےہم دوبڑھائیں گے۔

  • پاکستانی سیکریٹری خارجہ سے یورپی نمائندہ خصوصی کی ملاقات، افغان امن عمل پر گفتگو

    پاکستانی سیکریٹری خارجہ سے یورپی نمائندہ خصوصی کی ملاقات، افغان امن عمل پر گفتگو

    اسلام آباد: پاکستان کی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان رولینڈکوبیا نے ملاقات کی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تہمینہ جنجوعہ اور رولینڈکوبیا کی ملاقات میں حالیہ افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، نمائندہ خصوصی نے پاکستانی کردار کو سراہا۔

    اس موقع پر سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا پاکستان خطے میں امن واستحکام کے لیے پر عزم ہے، افغانستان میں امن پاکستان کے لیے ناگزیر ہے۔

    یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی نے افغان عمل کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

    رولینڈ کوبیا کا کہنا تھا حالیہ مذاکرات ایک تاریخی موقع ہے جس گنوانا نہیں چاہیے، یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان دو روزہ دورہ پر پاکستان میں ہیں۔

    یاد رہے کہ حالیہ امریکا طالبان مذاکرات دوحہ قطر میں 25 فروری کو شروع ہوئے، جس کے لیے پاکستان نے اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ دو دن قبل افغان میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ فریقین میں کچھ معاملات پر اتفاق ہو گیا ہے اور چند معاملات پر ابھی بھی رکاوٹ موجود ہے۔

    عالمی برادری طالبان سے بات کرے افغانستان میں‌ پائیدار امن چاہتے ہیں، اشرف غنی

    دوسری جانب امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بتایا ہے کہ طالبان کے ساتھ قطر میں مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں، تمام فریقین افغان جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، افغانستان میں امن کے لیے 4 مسائل پر متفق ہونا ضروری ہے، فریقین انسدادِ دہشت گردی اور فوجی انخلا پر متفق ہوئے ہیں۔

  • آرمی چیف جنرل باجوہ سے برطانوی سیکرٹری دفاع اسٹیفن لوگروو کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل باجوہ سے برطانوی سیکرٹری دفاع اسٹیفن لوگروو کی ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی سیکرٹری دفاع اسٹیفن لوگروو نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی تعلقات اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقار عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی سیکریٹری دفاع اسٹیفن لوگروو نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کےامور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    برطانوی سیکریٹری دفاع اسٹیفن لوگروو نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کیلئے پاکستان کا مثبت کردار قابل قدر ہے۔

    واضح رہے کہ پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے تناظر میں گزشتہ دنوں وزیرِ اعظم عمران خان اور برطانوی وزیر اعظم تھریسامے میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

    مزید پڑھیں : وزیرِ اعظم عمران خان اور برطانوی وزیر اعظم تھریسامے میں ٹیلی فونک رابطہ

    پاک برطانیہ وزرائے اعظم کے مابین فون پر دونوں رہنماؤں نے پلوامہ حملے کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں تفصیلی گفتگو کی، وزیر اعظم تھریسامے نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔

    عمران خان نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر برطانوی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا، برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کی تعریف کی۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی جامعہ کراچی میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ سندھ کی جامعہ کراچی میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کی ہدایت

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جامعہ کراچی سے متعلق اجلاس کے دوران جامعہ کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت جامعہ کراچی سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وائس چانسلر اجمل خان، سیکریٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈ ریاض الدین، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو اور دیگرحکام شریک ہوئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی معیار تعلیم کی وجہ سے مشہور تھی، وہ معیار چاہیئے۔ انہوں نے دریافت کیا کہ قومی ادارہ احتساب (نیب) نے معیار تعلیم اور جامعہ میں گورننس بہتر بنانے پر 37 ہدایات دیں نا پر کتناعمل ہوا؟

    وائس چانسلر نے بتایا کہ 37 میں سے 25 ہدایات پر عمل ہوچکا ہے، باقی پر عمل جاری ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے جامعہ کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ معیار تعلیم بہتر کرنے کے لیے ہر قسم کی مدد کرتی رہے گی۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ جامعہ کے مسائل پر انہی وقتاً فوقتاً رپورٹ کی جاتی رہے۔ وزیر اعلیٰ نے بے نظیر بھٹو چیئر کے لیے چیئرمین کی اسامی جلد پر کرنے پر بھی ہدایت کی۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی کی مختلف چیئرز اپنے اپنے شعبوں میں تحقیق کر کے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی رہنمائی کرتے رہیں۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل وزیر اعلیٰ سندھ نے زرعی پائیدارترقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کو غربت، سماجی ترقی، موسمی تبدیلی، ماحولیاتی مسائل کا سامنا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لیے 2008 میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، آج تک لاکھوں لوگ اس پروگرام سے مستفید ہوچکے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت عوام کو بہترین سہولیات مہیا کرنے پر کام کر رہی ہے، سندھ حکومت نے پائیدار ترقی کے مقاصد کے لیے سپورٹ یونٹ قائم کیا، زرعی شعبے کی ترقی کے لیے انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈ قائم کیا۔