Tag: meeting

  • کون عجلت میں دہشت گردوں کو لایا ہے؟ قوم جواب چاہتی ہے: وزیر اعظم

    کون عجلت میں دہشت گردوں کو لایا ہے؟ قوم جواب چاہتی ہے: وزیر اعظم

    پشاور: وزیر اعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا پاکستان کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں ہے، کون عجلت میں دہشت گردوں کو لایا یہ ایک سوال ہے جس کا جواب قوم چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں وزیر اعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سول و عسکری قیادت شریک ہوئی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر، وفاقی وزرا، صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بھی شریک ہوئے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 30 جنوری کو پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں 85 نمازی شہید ہوئے، مسجد میں نمازیوں کو بہیمانہ طریقے سے شہید کیا گیا، شہیدوں کے خاندانوں سے مکمل اظہار یکجہتی اس اجلاس کا مقصد ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سول لائنز میں دہشت گرد چیک پوسٹ سے گزرتا ہوا مسجد میں جا پہنچا، قوم سوال کرتی ہے دہشت گردی کے خاتمے کے بعد یہ واقعہ کیسے رونما ہوا، گزشتہ چند ہفتے اور مہینوں میں صوبے میں دوسرے مزید دہشت گرد حملے ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور دوسرے ذرائع سے الزام تراشی اور ناجائز تنقید کا سلسلہ جاری رہا، پشاور واقعے کے بعد تنقید کا سلسلہ بھی قابل مذمت ہے۔ دہشت گرد واقعے کی بھرپور تحقیقات ہونی چاہئیں کہ کہاں کمزوری تھی، یہ کہنا کہ ڈرون حملہ تھا یا کچھ اور، بے جا الزامات لگائے گئے جو نامناسب تھے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسے کیا اقدامات بروئے کار لائیں تاکہ پھر دہشت گردی نہ ہو، تاریخ گواہ ہے کہ قومیں بنتی بھی ہیں اور ٹوٹتی بھی ہیں، اس بڑے صدمے کے باوجود ہم سب مل کر دہشت گردی پر قابو پائیں گے، یہ وقت کی ضرورت ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر اس کی اونر شپ لیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، ماضی میں ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی دم توڑ گئی تھی، دنیا اور مخالفین بھی اتفاق کرتے ہیں کہ پاکستان نے جیسے دہشت گردی کا خاتمہ کیا کوئی آسان کام نہ تھا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ایک دہشت گردی کا واقعہ تھا اسے کچلنے کے لیے بغیر وقت ضائع کیے آگے بڑھنا ہوگا، ہر بار طعنہ ملتا تھا کہ وفاق ساتھ نہیں دے رہا وسائل کی کمی ہے، سنہ 2010 سے آج تک خیبر پختونخواہ کو 417 ارب روپے دیا جا چکا ہے، وہ سب کہاں گیا؟ اس کا آدھا بھی خرچ ہوتا تو آج پختونخواہ کے لوگ سکون کی نیند سوتے۔

    انہوں نے کہا کہ آئینی ادارے مل کر قوم کو اکٹھا نہیں کریں گے تو بات نہیں بنے گی، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اے پی سی کی دعوت دی ہے، منگل کے روز اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس ہوگی، یہی وقت کا تقاضہ اور ضرورت ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا پاکستان کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں ہے، کون عجلت میں دہشت گردوں کو لایا یہ ایک سوال ہے جس کا جواب قوم چاہتی ہے، ابھی دیر نہیں ہوئی دہشت گردوں کا مل کر مقابلہ کریں گے۔

    انہوں نے پشاور دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 20 لاکھ روپے اور زخمی ہونے والوں کے لیے 5 لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔

  • وزیر اعظم کی ملک میں غذائی پیداوار بڑھانے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی ملک میں غذائی پیداوار بڑھانے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں ہر حال میں پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے، کسان پیکج پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی شعبے کی ترقی کے لیے دیے گئے کسان پیکج کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب اور مصدق ملک شریک ہوئے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کسان پیکج پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے، زرعی شعبے کی ترقی پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی کی ضامن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ گندم، کپاس، کنولہ اور زیتون کی کاشت اور پیداوار پر خصوصی توجہ دی جائے، کسانوں کو غذائی اجناس کی پیداوار بڑھانے کے لیے بہتر بیجوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

  • پی ٹی آئی کا موجودہ حکومت کی کرپشن اجاگر کرنے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی کا موجودہ حکومت کی کرپشن اجاگر کرنے کا فیصلہ

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے رہنماؤں کو ہدایات دی ہیں کہ موجودہ حکومت کو جو این آر او ٹو دیا گیا اور اس نے جس طرح معیشت کو تباہ کیا اسے عوام کے سامنے لایا جائے۔

    یہ ہدایات انہوں نے لاہور میں پی ٹی آئی میڈیا اسٹریٹجک کمیٹی کے ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں، اجلاس میں فواد چوہدری، فرخ حبیب ، اسدعمر، مسرت جمشید سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اس اہم اجلاس میں پی ڈی ایم حکومت کی کرپشن کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جلد انتخابات کیلئے سوشل میڈیا کےذریعے رائے عامہ کو ہموار کیا جائے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ سلیمان شہباز کی وطن واپسی پر اس کے خلاف قائم کرپشن کے مقدمات کو اجاگر کیا جائے، این آر او ٹو نے جس طرح ملکی معیشت کو تباہ کیا اسے عوام کے سامنے لایا جائے۔

    عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیاں سوشل میڈیا پر عوام کے سامنے لائی جائیں، پاکستان پی ڈی ایم حکومت کی وجہ سے معاشی گرداب میں بری طرح پھنس چکا ہے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان کو اقتصادی بھنور سے نکالنے کا واحد طریقہ فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔

  • مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمران خان

    مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمران خان

    لاہور : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اپنے مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، حقیقی آزادی مارچ اب اور آگے بڑھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی اپنے سربراہ کی اسپتال سے گھر واپسی کے بعد دوبارہ مشاورت کیلئے سر جوڑ کر بیٹھ گئی۔

    اس حوالے سے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت زمان پارک کی رہائش گاہ میں پارٹی کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں آزادی مارچ کے حوالے سے غورو خوص کیا گیا۔

    اس اہم اجلاس میں پی ٹی آئی ائی کے سینئر نائب صدر شاہ محمود قریشی، اسد عمر ،فواد چوہدری، عمر سرفراز چیمہ، مسرت جمشید چیمہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

    اجلاس میں وزیر آباد اور فیصل آباد سے لانگ مارچ کی قیادت کے امور پر مشاورت اور قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر کے اندراج اور سیکیورٹی سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو کی گئی ۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ لانگ مارچ آگے بڑھے گا، ہم اپنے مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

  • سیلاب متاثرین کے لیے اربوں روپے فنڈز کی منظوری

    سیلاب متاثرین کے لیے اربوں روپے فنڈز کی منظوری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے لیے 12 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے لیے 12 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے لیے 9 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے، گھروں اور لائیو اسٹاک کے نقصانات کے ازالے کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کاشت کاروں کی مالی معاونت کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کو تنہا چھوڑ دیا ہے، وفاق نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ایک پائی تک نہیں دی۔

  • ایم ڈی کیٹ امتحانات کب ہوں گے؟ صدر پی ایم سی سے چانسلرز کی ملاقات

    ایم ڈی کیٹ امتحانات کب ہوں گے؟ صدر پی ایم سی سے چانسلرز کی ملاقات

    صدر پاکستان میڈیکل کمیشن ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ نے ایم ڈی کیٹ کے امتحانات کے حوالے سے مجوزہ تاریخ کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پی ایم سی ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ کی صوبائی میڈیکل کالجوں کے وائس چانسلرز کے مابین ایم ڈی کیٹ حوالے سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اور خیبر پختونخواہ کے میڈیکل کالجز کے وائس چانسلرز نے صدر پی ایم سی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم ڈی کیٹ امتحانات کو صوبائی سطح پر کامیابی سے منعقد کروانے پر حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ امتحان 2022 صوبائی سطح پر میڈیکل یونیورسٹیوں کی معاونت سے منعقد کرایا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ایم ڈی کیٹ امتحان رواں سال نومبر 13 یا 20 نومبر کرانے کی تجویز زیر غور ہے۔ ملاقات میں سندھ، اسلام آباد، اور خیبر پختون خوا کی تمام میڈیکل یونیورسٹیوں کا ایم ڈی کیٹ امتحان 13 نومبر یا 20 نومبر کو کرانے پر اتفاق کیا گیا۔

    ایم ڈی کیٹ امتحان کا نصاب پہلے والا ہی رہے گا جو پی ایم سی کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ پی ایم سی کی جانب سے تمام امیدواروں کیلئے پورے ملک میں ایک ہی وقت اور دن پر ایک ہی امتحان کرایا جائے گا۔

    ایم ڈی کیٹ امتحان کا نتیجہ امتحان ختم ہونے کے 7 دنوں بعد بتایا جائے گا۔ ایم بی بی ایس کی باقاعدہ کلاسز کا آغاز اگلے سال فروری سے شروع کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں پیش کی جانے والی تمام سفارشات کا حتمی فیصلہ کونسل میٹنگ سے مشروط ہے۔

    صدر پی ایم سی کا کہنا ہے کہ معذور طلبا کا کوٹہ ملک بھر کے سرکاری میڈیکل کالجز میں دو فیصد ہوگا۔ سال 2021 کے ایم ڈی کیٹ امتحان میں 65 فیصد نمبر سے کم لینے والے طلبا کو دوبارہ امتحان دینا پڑے گا۔

  • ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کے حامی ہیں: سعودی عرب

    ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کے حامی ہیں: سعودی عرب

    ریاض: سعودی کابینہ نے عراق میں امن و استحکام کو یقینی بنانے والے ہر اقدام کی تائید و حمایت کا اعادہ کیا ہے، سعودی کابینہ کا کہنا ہے کہ ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کی پالیسی پر گامزن ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو قصر السلام جدہ میں منعقد ہوا، ایس پی اے کے مطابق اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان نے کابینہ کے ارکان کو چینی صدر کے مکتوب سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ مکتوب کا تعلق چین اور سعودی عرب کے دوست عوام اور ممالک کے باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں مضبوط بنانے سے ہے۔

    کابینہ کو گزشتہ دنوں متعدد ممالک کے عہدیداروں کے ساتھ سعودی رہنماؤں کی ملاقاتوں اور مذاکرات سے آگاہ کیا گیا۔

    کابینہ کو انڈونیشیی شہر بالی میں منعقدہ جی 20 کے وزارتی اجلاسوں میں سعودی عرب کی شرکت کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ مملکت نے ڈیجیٹل اکانومی کی شرح نمو میں تیزی لانے اور اسٹریٹجک منصوبوں اور اقدامات کے ذریعے ڈیجیٹل خلا پر کرنے کے حوالے سے کوششوں کو اجاگر کیا۔

    وزیر مملکت و رکن کابینہ برائے امور شوریٰ و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹرعصام بن سعید نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے خطے اور دنیا بھر میں تازہ واقعات اور نئی صورتحال کا جائزہ لیا۔

    سعودی عرب کی طرف سے یہ یقین دہانی کروائی گئی کہ وہ عراق میں امن و استحکام، عراقی عوام اور اس کی کامیابیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے والے ہر اقدام کے ساتھ ہے۔

    ڈاکٹر عصام بن سعید کا کہنا تھا کہ کابینہ نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے اقدامات کی حمایت پر مبنی اپنی پالیسی کو اس بات کی علامت قرار دیا کہ سعودی عرب ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کی غیر متزلزل پالیسی پر گامزن ہے اور چاہتا ہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی اس حوالے سے جو اقدام کرتی ہے وہ اسی جہت میں ہوتی ہے۔

  • سیلاب سے اربوں روپے مالیت کی گندم خراب

    سیلاب سے اربوں روپے مالیت کی گندم خراب

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے اجلاس میں پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈیرہ اللہ یار، خیر پور اور حیدر آباد میں گندم کے ذخائر متاثر ہوئے ہیں، سیلاب سے 4 ارب روپے مالیت کی گندم خراب ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا اجلاس راؤ محمد اجمل کی صدارت میں ہوا۔ وزارت تجارت نے کمیٹی کو کھادوں کی دستیابی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

    وزارت تجارت کی جانب سے کہا گیا کہ 2 لاکھ میٹرک ٹن ڈی اے پی کھاد چین سے درآمد کی جارہی ہے، 3 لاکھ میٹرک ٹن ڈی اے پی کھاد ایران سے بارٹر سسٹم کے تحت منگوائی جارہی ہے، ایران کو ڈی اے پی کھاد کے تبادلے میں چاول ایکسپورٹ کیا جائے گا۔

    کمیٹی چیئرمین راؤ محمد اجمل کا کہنا تھا کہ گندم کی کاشت کا ایریا آئندہ فصل پر 20 فیصد کم ہوگا، سندھ میں سیلاب کا پانی 2 ماہ میں ختم ہوگا۔

    وزارت تجارت کی جانب سے کہا گیا کہ وقت پر اقدامات کرلیے ہیں، کھاد کی قلت نہیں ہوگی۔ ایران سے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ سطح پر کھاد کی درآمد کی جائے گی۔

    پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کے ایم ڈی نے اجلاس کو بتایا کہ پاسکو کو 12 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف ملا تھا، پاسکو نے اپنے ٹارگٹ کی 100 فیصد خریداری مکمل کی تھی۔ رواں سال 3 لاکھ 31 ہزار ٹن گندم رواں سال امپورٹ کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ پاسکو کے 15 زون میں سے 3 زون سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، ڈیرہ اللہ یار، خیر پور اور حیدر آباد میں گندم کے ذخائر متاثر ہوئے ہیں، سیلاب سے پاسکو کی 4 ارب روپے مالیت کی گندم خراب ہوئی ہے۔

    ایم ڈی کا کہنا تھا کہ پاسکو کے مراکز میں ابھی بھی 2 سے 5 فٹ پانی جمع ہے، پانی اترے گا تو پتہ چلے گا کہ کتنی گندم انسانی استعمال کے قابل ہے۔

    سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے کمیٹی کو گندم کی سپورٹ پرائس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایگریکلچر ٹاسک فورس کو ٹاسک دیا گیا کہ گندم کا منافع بخش ریٹ دیا جائے، گندم کی کوسٹ آف پروڈکشن کا تخمینہ 2 ہزار 495 روپے فی من لگایا گیا ہے۔

  • حکومت کا بجلی اور گیس مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا بجلی اور گیس مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے مزید مشکل فیصلے کرنے کی تیاری کرلی، آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرنے کے لیے بجلی اور گیس مزید مہنگی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس مزید مہنگی کی جائے گی، اخراجات کم کیے جائیں گے اور ٹیکسوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سےنیپرا کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا، حکومت فیول ایڈجسٹمنٹ کے فیصلوں پر بلا تاخیر عمل درآمد کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق حکومت گورننس بہتر کرنے کے لیے اقدامات کرے گی، صوبائی اینٹی کرپشن کے محکموں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، حکومت بجٹ میں مختص کردہ سبسڈیز ہی استعمال کرے گی۔

    اکتوبر میں بجلی کی قیمت میں 91 پیسے فی یونٹ کا مزید اضافہ کیا جائے گا، پیٹرولیم لیوی مرحلہ وار 50 روپے فی لیٹر تک بڑھائی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس کل ہوگا جس میں پاکستان کے لیے 1 ارب 18 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری کا جائزہ لیا جائے گا، آئی ایم ایف پاکستان کے ساتویں اور آٹھویں جائزوں پر غور کرے گا۔

    پاکستان آئی ایم ایف کی پیشگی شرائط پر عمل کر چکا ہے، آئی ایم ایف کو مزید اقدامات کی یقین دہانی کروائی جا چکی ہے۔

  • طارق فاطمی کی امریکی محکمہ خارجہ میں ملاقات کی تصدیق

    طارق فاطمی کی امریکی محکمہ خارجہ میں ملاقات کی تصدیق

    واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں ملاقات کی تصدیق کردی، ملاقات میں اقتصادی و تجارتی تعلقات اور صحت سے متعلق تعاون پر بات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں ملاقات کی تصدیق کردی۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ طارق فاطمی نے 21 جولائی کو نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی، ملاقات میں امریکا اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کا ذکر کیا گیا۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ملاقات میں اقتصادی و تجارتی تعلقات اور صحت سے متعلق تعاون پر بات ہوئی۔ امریکا پاکستان تعلقات کو بڑھانے کے لیے مشترکہ اہداف کی توثیق کی گئی۔

    طارق فاطمی سے ملاقات میں افغانستان اور علاقائی استحکام پر بھی بات ہوئی، یوکرین حملوں پر دنیا بھر میں غذائی تحفظ پر تباہ کن اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے گزشتہ روز طارق فاطمی کی ملاقات پر تبصرہ کرنے سے اجتناب کیا تھا۔