Tag: meeting

  • خیبر پختونخواہ کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا

    خیبر پختونخواہ کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا، فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع خیبر پختونخواہ حکومت کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا۔ کابینہ کا اجلاس 31 جنوری کو ضلع خیبر میں ہوگا۔

    اسٹیبلشمنٹ ڈپارٹمنٹ نے کابینہ اجلاس کا ایجنڈا مرتب کر لیا ہے۔ اجلاس 16 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہوگا۔ قبائلی اضلاع میں سیشن کورٹس قیام سے متعلق امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں محکمہ صحت سے متعلق پالیسی بھی زیر غور آئے گی۔

    قبائلی ضلع میں اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

    خیال رہے گزشتہ ماہ خیبر پختونخواہ حکومت نے اگلے 5 سال کے لیے ترقیاتی منصوبہ بندی مکمل کرلی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردہ منصوبوں میں دیہی علاقوں کے لیے ایمبولنس سروس، مستحق خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی اور ایک سال کے اندر 24 گھنٹے فعال ثانوی مراکز صحت کا قیام شامل تھا۔

    منصوبوں میں صحت کے شعبے میں 4 ہزار ایل ایچ ڈبلیوز کی بھرتیاں اور لائیو اسٹاک کی 5500 ایکڑ بنجر زمین کو قابل کاشت بنانا بھی شامل ہے۔

    5 سالہ منصوبہ بندی میں محکمہ پولیس میں خواتین افسران کی تعداد میں 4 گنا اضافہ، مزید 13 ماڈل پولیس اسٹیشنوں کی تعمیر اور 30ہزار خواتین کو ہنر و تربیت دے کر ان کو بااختیار بنانا بھی شامل ہے۔

    پختونخواہ حکومت 3 ماہ میں 100 فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے، تشدد کی روک تھام کے لیے ریجنل وائلنس اگینسٹ ویمن سینٹر کے قیام، سیاحت کے فروغ کے لیے حکومتی ریسٹ ہاؤس عوامی استعمال کے لیے کھولنے اور 3 ہائیکنگ ٹریلز کے قیام کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔

  • آرٹیکل 161 کے تحت معدنیات صوبوں کو منتقل ہونی چاہیئے: وزیر اعلیٰ سندھ

    آرٹیکل 161 کے تحت معدنیات صوبوں کو منتقل ہونی چاہیئے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 161 کے تحت معدنیات صوبوں کو منتقل ہونی چاہیئے، وفاق تیل اور قدرتی گیس پر رائلٹی جمع کے لیے 2 فیصد چارج لیتا ہے، سندھ چاہتا ہے صوبوں کو رائلٹی وصولی کا اختیار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت این ایف سی اجلاس کی تیاری پر اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ گیس انفراسٹرکچر سیس (جی آئی ڈی ایس) صوبوں کو منتقل کیا جائے، اب تک جی آئی ڈی ایس وصولی میں سندھ کو حصہ دیا جائے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آرٹیکل 161 کے تحت معدنیات صوبوں کو منتقل ہونی چاہیئے، وفاق تیل اور قدرتی گیس پر رائلٹی جمع کے لیے 2 فیصد چارج لیتا ہے، سندھ چاہتا ہے صوبوں کو رائلٹی وصولی کا اختیار دیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ چنگی محصول اور ضلع ٹیکس (او زیڈ ٹی) میں سندھ کا حصہ 2 فیصد بڑھایا جائے، سندھ خود او زیڈ ٹی جمع کرتا تھا تو 46 فیصد حصہ بنتا تھا۔ وفاقی حکومت نے او زیڈ ٹی جمع کرنے سے روکا اور اتنا حصہ دینے کا وعدہ کیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 2010 میں وفاق نے او زیڈ ٹی صوبوں کو آبادی بنیاد پر تقسیم کرنا شروع کیا، آبادی کے حساب سے سندھ کا حصہ کم ہو کر 0.66 فیصد رہ گیا، ایف بی آر ٹیکس محاصل کا تخمینہ رقم واپسی کے نیٹ کلیکشن پر ہو مجموعی آمدنی پر نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں سے سیلز ٹیکس اور دیگر ٹیکس کم کرنے سے پہلے مشاورت کی جائے، ایل این جی پر سیلز ٹیکس 5 فیصد کم کیا گیا لیکن صوبوں کو اعتماد میں نہیں لیا۔ ساتواں این ایف سی ایوارڈ 18 ویں آئینی ترمیم سے پہلے کے ہیں، 18 ویں ترمیم کے بعد ذمہ داریاں بڑھنے پر تقسیم اسی حساب سے ہونی چاہیئے۔

    وزیر اعلیٰ کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں این ایف سی کا اجلاس 6 فروری کو ہوگا۔

  • ساہیوال واقعہ: قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی 30 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

    ساہیوال واقعہ: قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی 30 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے ساہیوال واقعے پر آئی جی پنجاب جاوید امجد سلیمی کو 30 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا جس میں آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

    کمیٹی کے آج کے ایجنڈے سے تمام نکات کو مؤخر کر دیا گیا، چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ آج ساہیوال واقعے پر بات ہوگی کیونکہ یہ اہم ہے۔

    اجلاس میں آئی جی پنجاب نے قائمہ کمیٹی کو سانحہ ساہیوال پر بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ یقین ہوگیا کہ خلیل کی فیملی بے گناہ ہے تو فوری طور پر اہلکاروں کو گرفتار کیا، سی ٹی ڈی کے تمام افسران کو او ایس ڈی کر دیا گیا ہے۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ انکوائری کے نتیجے میں تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے۔ سی ٹی ڈی انتہائی خطرناک گروہ کا پیچھا کر رہی تھی، جے آئی ٹی ذیشان سے متعلق تمام شواہد اکٹھا کرے گی۔

    آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی ٹی ڈی کے اس واقعے سے ہماری کمر ٹوٹی ہے، ہم نے سی ٹی ڈی کے ذریعے کئی اہم اہداف بھی حاصل کیے۔

    سیکریٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ ذیشان دہشت گردوں کا ساتھی تھا، اخذ کرلیا گیا کہ گاڑی میں موجود تمام لوگ دہشت گرد ہوں گے، سی ٹی ڈی کا ٹارگٹ ذیشان تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جس طرح واقعہ ہوا ہے ایسا نہیں ہونا چاہیئے تھا، تحقیقات جاری ہیں مزید چیزیں شیئر نہیں کرنی چاہئیں۔

    اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب اور کمیٹی ارکان کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، ارکان کمیٹی نے آئی جی پنجاب پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ان کی بریفنگ پر عدم اطمینان ظاہر کیا۔

    کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ لگتا ہے سانحہ ساہیوال کے ذریعے ملک کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ قائمہ کمیٹی نے آئی جی پنجاب کو 30 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

  • سانحہ ساہیوال: صدر مملکت سے ذیشان کے بھائی کی ملاقات آج ہوگی

    سانحہ ساہیوال: صدر مملکت سے ذیشان کے بھائی کی ملاقات آج ہوگی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے ذیشان کے بھائی کی ملاقات آج ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج صدر ڈاکٹرعارف علوی سے ذیشان کے بھائی احتشام کی ملاقات ہوگی، سانحہ ساہیوال سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    صدر مملک سے ملاقات کے لیے مقتول ذیشان کے بھائی احتشام صبح 6 بجے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔

    سانحہ ساہیوال کے مقتول ذیشان کے بھائی احتشام کا گذشتہ دنوں کہنا تھا کہ مقتولین ذیشان اور خلیل کے دوستانہ تعلقات تھے، دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے والدہ ذیشان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا دہشت گرد نہیں ہے، وہ نیو اسکول ماڈل ٹاؤن سے پڑھا تھا۔

    والدہ ذیشان نے بتایا کہ میرا بیٹا ذیشان لائق تھا، دکان پر کمپیوٹر ٹھیک کرتا تھا، لیکن دکان میں آگ لگنے کے بعد سے گھر پر کمپیوٹر ٹھیک کرتا تھا۔

    سانحہ ساہیوال ، وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہنگامی طور پر اسلام آباد طلب کرلیا

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہنگامی طور پر اسلام آباد طلب کرلیا، وزیراعلیٰ ساہیوال واقعے پر ابتدائی جے آئی ٹی رپورٹ پر بریفنگ دیں گے اور پنجاب پولیس کے نظام میں اصلاحات سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ 19 جنوری کو ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے، عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ کار سواروں نے نہ گولیاں چلائیں، نہ مزاحمت کی،جبکہ سی ٹی ڈی نے متضاد بیان دیا تھا۔

  • وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا، 17 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل اجلاس میں متعدد امور زیر غور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    اجلاس میں قومی ایئر لائن پی آئی اے، پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور سیکورٹی پیپرز لمیٹڈ کراچی کے ملازمین پر پاکستان ایسنشل سروسز مینٹی نینس ایکٹ 1952 کے اطلاق کی سمری پیش کی جائے گی۔

    ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں ادارہ جاتی اصلاحات کی پیشرفت رپورٹ اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2010 میں ترامیم تجویز کرنے کی سمری پیش کی جائے گی جبکہ وزارت داخلہ آئینی پٹیشن نمبر 50 دو ہزار تیرہ غور کے لیے پیش کرے گی۔

    اجلاس میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے چیئر پرسن، وائس چیئرمین اور یوتھ کونسلر کے استعفے، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین ایرا اور فیڈرل لینڈ کمیشن میں سینیئر ممبر کی تعیناتی کی سمری پیش کی جائے گی۔

    ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں بلوچستان اور لاہور کی پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی تشکیل نو پر غور کیا جائے گا اور الیکٹرونک سرٹیفیکیشن ایگریڈیٹیشن کونسل کے ممبران کی از سر نو تعیناتی کی جائے گی۔

    اجلاس میں پاکستان مورٹگیج ریفائنینس کمپنی لمیٹڈ کے لیے 58 کروڑ ڈالر کی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی جبکہ 15 جنوری 2019 کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ وفاقی کابینہ کا گزشتہ اجلاس 17 جنوری کو ہوا تھا جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی منظوری دی گئی تھی۔

    اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین کے تقرر کی منظوری دی گئی جبکہ سیمنٹ انڈسٹری میں سپلائی، ڈیمانڈ اور قیمتوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی تھی۔

  • سندھ پولیس میں کوئی مداخلت نہیں، نتائج چاہئیں: وزیر اعلیٰ

    سندھ پولیس میں کوئی مداخلت نہیں، نتائج چاہئیں: وزیر اعلیٰ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں فینسی نمبر پلیٹس اور سرکاری گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ فوکس کے باوجود جرائم کنٹرول نہیں ہو رہے۔

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی۔

    گزشتہ روز پی ای سی ایچ ایس میں قتل کے واقعے پر وزیر اعلیٰ سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائم پر فوکس کیا ہوا ہے، فوکس کے باوجود یہ جرائم کنٹرول نہیں ہو رہے۔

    اے آئی جی نے کہا کہ کل کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، ذاتی رنجش کا معاملہ لگتا ہے۔

    اجلاس میں فینسی نمبر پلیٹس اور سرکاری گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس میں مداخلت نہیں اس لیے نتائج چاہئیں۔

    اجلاس میں غیر قانونی جگہ پر قائم پولیس اسٹیشنز کو ریگولر جگہوں پر مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ اسٹریٹ واچ فورس قائم کی گئی ہے جو مختلف پوائنٹس پر پیٹرولنگ کرتی ہے، ضلع جنوبی میں سخت چیکنگ کے باعث اسٹریٹ کرائم میں کمی آئی۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کراچی میں چیکنگ کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر نہیں ہونا چاہیئے۔

    ڈی آئی جی نے بتایا کہ گزشتہ چند روز میں 15 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار کیے ہیں، لیاری میں 6 ان کاؤنٹر کیے جس میں 16 کرمنلز گرفتار ہوئے۔ 80 موٹر سائیکلیں پکڑیں، 70 ہزار لیٹر ایرانی پیٹرول پکڑا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ جانے والی بسوں میں ایڈیشنل ٹینک ہیں تو کارروائی کریں۔ ’ساؤتھ میں وزٹ پر گیا، پولیس نے روکا اور میرا شناختی کارڈ چیک کیا۔ کارڈ چیک کرنے کے بعد میں اہلکار سے پوچھا مجھے پہچانا؟ اس نے کہا نہیں، خوشی ہوئی اچھے طریقے سے چیک کر رہے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژن کو جی ایس ایم لوکیٹر، فرانزک لیب و دیگر سہولتیں دینا چاہتا ہوں، جن علاقوں میں جی ایس ایم لوکیٹر نہیں وہاں فراہم کریں گے۔

  • ٹرمپ اور کم جونگ کی ملاقات، جنوبی کوریا کا خیرمقدم

    ٹرمپ اور کم جونگ کی ملاقات، جنوبی کوریا کا خیرمقدم

    سیئول: شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ممکنہ ملاقات پر جنوبی کوریا نے خیرمقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کم جونگ ان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اگلے ماہ اہم ملاقات متوقع ہے، جس پر جوبی کوریا اور اقوام متحدہ نے خوش آمدید کہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریائی حکام کے مطابق دونوں سربراہان کی دوسری ملاقات یقینی طور پر جزیرہ نما کوریا میں امن کے قیام کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ کم جونگ ان اور ٹرمپ کی ملاقات کے نتیجے میں خطے میں مثبت اور ٹھوس اقدامات کی توقع ہے، خطے میں امن کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں۔

    جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان کا دونوں ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ہے، انہوں نے کم جونگ ان اور ٹرمپ کے درمیان سنگاپور میں ہونے والی ملاقات میں بھی اہم حصہ ڈالا تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کم جونگ اُن سے آئندہ ماہ ملاقات کریں گے

    خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے شمالی کوریا کے اعلیٰ سفارت کار نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے جاری رہی تھی، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان آئندہ مذاکرات کا لائحہ عمل طے کیا۔

    یاد رہے کہ جون 2018 میں سنگاپور کے جزیرے سینٹوسا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جنوبی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے درمیان ون آن ون تاریخی ملاقات جزیرہ سینٹوسا کے کیپیلا ہوٹل میں ہوئی تھی، دونوں رہنماؤں کی جانب سے مثبت تاثر سامنے آیا تھا۔

  • اسٹاک ایکس چینج اور سرمائے سے متعلق حکومت کا اہم کردار ہے: ایس ای سی پی

    اسٹاک ایکس چینج اور سرمائے سے متعلق حکومت کا اہم کردار ہے: ایس ای سی پی

    کراچی: سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن (ایس ای سی پی) کے چیئرمین فرخ سبز واری کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکس چینج اور سرمائے سے متعلق حکومت کا اہم کردار ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور انتظامیہ کے ساتھ ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    ایس ای سی پی کے چیئرمین فرخ سبز واری کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکس چینج انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبوں اور حکومت کی سرمائے کی فراہمی کی دیگر ضروریات کو احسن انداز سے پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے اور فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، ایس ای سی پی، معاشی ترقی کے حکومتی ایجنڈا کے مطابق، سٹاک مارکیٹ کی ڈویلپمنٹ اور فروغ کے لیے اصلاحات کا پروگرام شروع کر رہا ہے تا کہ اس مارکیٹ کو دیگر بین الاقوامی مارکیٹوں کے ہم پلہ بنایا جا ئے۔

    اجلاس کے آغاز میں گزشتہ چند سالوں میں سٹاک مارکیٹ میں کی گئی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا جبکہ مارکیٹ میں گہرائی اور وسعت پیدا کرنے کے لیے ضروری اقدامات جیسے کہ نئی مصنوعات کو بروقت متعارف کروانا، سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنا، مارکیٹ کی ترقی کے لئے جامع اصلاحات کا پروگرام ترتیب دینا اور مارکیٹ کی وسعت اور سرمایہ کاروں میں اضافے کے لیے آگہی کے پروگرام اور دیگر اہم ایشوز پر بات کی گئی۔

    اجلاس کے موقع پر ایس ای سی پی کے کمشنر سکیورٹیز مارکیٹ ڈویژن، شوذب علی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسرت جبین، پی ایس ایکس کے حکام موجود تھے۔

  • گج ڈیم کی اصل لاگت 9 ارب روپے، نظر ثانی شدہ لاگت 47 ارب ہے: بریفنگ

    گج ڈیم کی اصل لاگت 9 ارب روپے، نظر ثانی شدہ لاگت 47 ارب ہے: بریفنگ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے گج ڈیم کا منصوبہ وفاقی حکومت کا ہے، اصل لاگت 9 ارب روپے تھی۔ پروجیکٹ کی نظر ثانی شدہ لاگت 16.9 ارب روپے تھی جبکہ دوبارہ نظر ثانی شدہ لاگت 47.7 ارب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت نئے گج ڈیم پر اجلاس منعقد ہوا۔ 28 ہزار ایکڑ اراضی کے لیے جامشورو میں نئے گج ڈیم کی تعمیر پر وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ وفاقی حکومت کا ہے، اصل لاگت 9 ارب روپے تھی۔ پروجیکٹ کی نظر ثانی شدہ لاگت 16.9 ارب روپے تھی۔ منصوبے پر دوبارہ نظر ثانی شدہ لاگت 47.7 ارب ہے۔

    بریفنگ کے مطابق سندھ حکومت کو ڈیڑھ ارب متاثرین کی آباد کاری کے لیے ادا کیے جانے تھے۔ وفاقی حکومت چاہتی ہے سندھ حکومت 22 ارب روپے کا اشتراک کرے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت فنڈ نہیں دے سکتی، دیگر صوبوں کی طرح وفاقی حکومت سندھ میں بھی یہ منصوبہ مکمل کرے۔ کراچی کے فور کے لیے 260 ایم جی ڈی پانی دیا جائے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسئلہ بھی وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے منصوبہ کے لیے محکمہ آبپاشی کو ہدایت جاری کر دی۔

    خیال رہے کہ گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔

    ایک سماعت پر سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے حکومت سے گج ڈیم کی تعمیر کا شیڈول مانگتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر توانائی عمر ایوب کو طلب کیا تھا۔

  • شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان قربتیں بڑھنے لگیں، حکومتی وفد کا اہم دورہ

    شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان قربتیں بڑھنے لگیں، حکومتی وفد کا اہم دورہ

    پیانگ یانگ: امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات بحال ہونے لگے، کوریائی حکومتی وفد امریکی دورے پر روانہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کا حکومتی وفد امریکی دورے پر روانہ ہوچکا ہے جہاں وہ دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس اہم دورے میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر گفتگو ہوگی اور امریکی اقتصادی پابندیاں بھی زیر غور آئیں گی۔

    شمالی کوریا کے حکومتی وفد میں وزیر خارجہ کم یونگ چول سمیت دو مزید اعلیٰ حکومتی عہدیدار شامل ہیں، ان رہنماؤں کی امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے خصوصی ملاقات ہوگی۔

    اس دورے میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان دوسری ملاقات کے لیے راہیں ہموار کی جائیں گی۔

    غیر ملکی میڈیا نے شمالی کوریا اور امریکا کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری کے معاملے پر مزید پیش رفت کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ شمالی کوریائی سربراہ نے امریکا کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے نئی پابندیاں عائد کیں تو جوہری پروگرام دوبارہ شروع کیا جاسکتا ہے۔

    امریکی پابندیاں، شمالی کوریا کی جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی

    جون 2018 میں سنگاپور کے جزیرے سینٹوسا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جنوبی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے درمیان ون آن ون تاریخی ملاقات جزیرہ سینٹوسا کے کیپیلا ہوٹل میں ہوئی تھی، دونوں رہنماؤں کی جانب سے مثبت تاثر سامنے آیا تھا۔

    بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کو وقت آنے پر وائٹ ہاؤس ضرور بلاؤں گا۔