Tag: meeting

  • پنجاب کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے فیسٹیول کے انعقاد کی منظوری

    پنجاب کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے فیسٹیول کے انعقاد کی منظوری

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کے اجلاس میں پنجاب کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے فیسٹیول کے انعقاد کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تاریخی شہر سیاحت کے فروغ کا باعث ہیں، اتھارٹی کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ایکٹ میں ترمیم کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہرن مینار کو بھی سیاحت کے لیے مزید پرکشش بنایا جائے۔

    انہوں نے پنجاب کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے فیسٹیول کے انعقاد کی منظوری بھی دی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کے انعقاد سے پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا تھا کہ صحت کے شعبے میں خصوصی توجہ دے رہے ہیں، محکمہ صحت میں 9 ہزار نئی بھرتیاں کی ہیں، وزرا اور افسران کی ہر ضلع میں ڈیوٹیاں لگا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جامع روڈ میپ تیار کر لیا ہے، ترقی اور خوشحالی کے پروگرام پر عمل سے مثبت نتائج نکلیں گے۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے، فلاح عامہ کے پروگراموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

  • بلاول بھٹو زرداری نے ناقص کارکردگی پر سندھ کے وزراء کی سخت باز پرس کی

    بلاول بھٹو زرداری نے ناقص کارکردگی پر سندھ کے وزراء کی سخت باز پرس کی

    کراچی : بلاول بھٹو زرداری نے محکموں کی کارکردگی پرعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سات وزیروں سے سخت باز پرس کی، ان کا کہنا ہے کہ وزراء مجھے نتائج چاہئیں اس طرح کی بریفنگ پر یقین نہیں رکھتا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلاول بھٹو کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا، سندھ کابینہ کے خصوصی اجلاس کی اندرونی کہانی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران اجلاس بلاول بھٹو نے سندھ کابینہ کے سات وزراء کی سخت الفاظ میں سرزنش کی، بلاول بھٹو نے تعلیم، ثقافت، زراعت، ریونیو اور صحت کے محکموں کی کارکردگی پرعدم اعتماد کا اظہار کیا۔

    اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ، کچی آبادی اور محنت و افرادی قوت کے محکموں کے وزراء کی کارکردگی پر بھی عدم اعتماد کا کاظہار کیا، بلاول بھٹو نے اجلاس کے دوران کاغذات پر مشتمل بریفنگ دینے پر وزراء کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کاغذات پر مبنی بریفنگ فرضی ہے۔

    تعلیم کے شعبے میں کوئی اچھی معلومات نہیں مل رہی ہے، انہوں نے وزیرتعلیم سے سوال کیا کہ اب تک کتنے بند اسکولوں کو کھولا گیا اور کتنے بچے ان اسکولوں میں داخل ہوئے؟ تھر پارکر میں میڈیکل کالج کاقیام عمل میں لایاجائے، مجھے نتائج دیں اس طرح کی بریفنگ پر یقین نہیں رکھتا۔

    بلاول بھٹو نے وزیرصحت سے سوال کیا کہ صحت کے شعبے میں بہتری دکھائی نہیں دے رہی، تھر میں بچے مررہے ہیں علاج کی سہولیات تو نہیں دی جارہی ہے، اب تک صحت کا کوئی نیا منصوبہ شروع کیوں نہیں کیا جاسکا ہے؟ صحت سٹی منصوبہ کراچی میں شروع کیا جائے۔

    اس کے علاوہ بلاول بھٹو نے سوال کیا کہ سیاحت کا میگا منصوبہ گورکھ ہل ہے اس کی تحقیقات نیب کیوں کررہا ہے ؟ ادارے تو اپنا کام کرتے رہیں گے، گورکھ ہل منصوبہ پر کام کیوں نہیں ہورہا؟ اس منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ تحت شروع کیا جائے۔

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ غریب لوگ تو کچی آبادیوں میں بستے ہیں ان کیلئے کیا کام کیا گیا؟ ہمیں ووٹ تو غریب لوگ دیتے ہیں ان غریبوں کیلئے کیا کام کیا گیا، مزدور پیپلز پارٹی کی پہچان ہیں،محکمہ محنت و افرادی قوت نے مزدوروں کیلئے کیا کام کیا؟

    ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو کی حالت ابتر ہے، زمینوں کے کھاتے تبدیل کئے جارہے ہیں، ہم ہاریوں کو ہاری کارڈ دینا چایتےہیں، محکمہ ریونیو کا کہیں کام نظر ہی نہیں آرہا ہے۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ نے سفری سہولیات کیلئے کیامنصوبہ بندی کی ہے؟ اور سفری سہولیات کی ہدایات پر کیا عملدرآمد کیا گیا، وزراء مجھے اپنا کام دکھائیں اس طرح عہدوں پررہنا عوام پر بوجھ ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ شکایات عام ہیں کہ وزراء اپنے دفاتر میں نہیں بیٹھتے اور نہ ہی عوام سے ملتے ہیں، وزراء عوام سے تو دور کی بات ارکان اسمبلی سے بھی نہیں ملتے اور تو اور ارکان اسمبلی کا فون تک اٹینڈ نہیں کرتے، مجھےارکان اسمبلی نے وزراء کے خلاف کئی شکایاتیں کی ہیں۔

  • وفاقی وزرا کا مسلسل بلوچستان آنا خوش آئند ہے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    وفاقی وزرا کا مسلسل بلوچستان آنا خوش آئند ہے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور سے ملاقات کے بعد کہا کہ 4 ماہ میں دیکھا ہے وفاقی وزرا کا مسلسل بلوچستان آنا خوش آئند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور نے مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو کی۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں بلوچستان کے مختلف مسائل پر بات چیت ہوئی، جوائنٹ ورکنگ گروپس بھی بنائے جا رہے ہیں۔ سردی میں زیارت، پشین، کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں گیس کا مسئلہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گیس ذخائر پر ماضی میں تیز طریقے سے کام نہیں ہوا، ہم نے تمام مسائل پر وفاقی وزیر سے بات چیت کی ہے۔ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے ایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا۔ 4 ماہ میں دیکھا ہے وفاقی وزرا کا مسلسل بلوچستان آنا خوش آئند ہے۔

    وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر بلوچستان کا دورہ کیا۔ سارے صوبوں کی قیادت کو ملا رہے ہیں۔ مسائل پر صوبوں کے پاس خود جا کر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صوبوں کے پاس جا کر مسائل دیکھے اور حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ میرا حالیہ دورہ بلوچستان اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ بلوچستان میں قیادت ہماری اتحادی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سے مل کر ان کے صوبے کے مسائل بھی سنے۔ جمہوریت کا خاصا یہی ہے بات سنی جاتی ہے اور مسئلہ حل کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج بھی ملاقات میں صوبوں کے مسائل پر بات ہوئی ہے، کمیٹیاں بھی بنائی ہیں اور میٹنگ کا ایک وقت بھی مقرر کیا ہے۔ عوام دیکھیں گے تبدیلی آئے گی۔ وزارت پیٹرولیم میں کمپنیاں بورڈ آف ڈائریکٹرز میں برابر نمائندہ ہیں۔

    غلام سرور نے مزید کہا کہ بلوچستان کے معاملات میں بلوچستان حکومت کی نمائندگی ہونی چاہیئے، تمام صوبے اپنی ایکسپولریشن کمپنیز بنائیں۔ ہمیں مل کر کام کرنا ہے اور پاکستان کے لیے کام کرنا ہے

  • عجلت اور بغیر منصوبہ بندی درجنوں شاہراہیں بنائی گئیں: مراد سعید

    عجلت اور بغیر منصوبہ بندی درجنوں شاہراہیں بنائی گئیں: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے ناقص منصوبہ بندی پر اعلیٰ حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی عجلت اور بغیر منصوبہ بندی درجنوں شاہراہیں بنائی گئیں، کسی شاہراہ کو قابل استعمال بنانے کے لیے منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی زیر صدارت نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز حکام کا اجلاس منعقد ہوا۔ دوران اجلاس وزیر مواصلات ناقص منصوبہ بندی پر اعلیٰ حکام پر برہم ہوگئے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ انتہائی عجلت اور بغیر منصوبہ بندی درجنوں شاہراہیں بنائی گئیں، کسی شاہراہ کو قابل استعمال بنانے کے لیے منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔

    وزیر مواصلات نے غیر ضروری گاڑیوں کی ڈیمانڈ کو پی سی ون سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف سڑک کافی نہیں، مواصلاتی نظام اور دیگر سہولتیں بھی دیکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی تمام توجہ اور وسائل سڑکوں کی تعمیر میں جھونکے گئے، سڑکوں کو سفر کے قابل بنانے کے لیے 14 ہزار پولیس اہلکار درکار ہیں، گزشتہ حکومت کی متعارف بدترین روایات بدلنا ہوں گی۔

    مراد سعید نے ہدایت کی کہ آئندہ کسی بھی منصوبے کی تعمیر سے قبل منصوبہ بندی یقینی بنائیں۔

    خیال رہے کہ مراد سعید کو چند روز قبل ہی وزیر مملکت سے وفاقی وزیر کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔

    مراد سعید کے مطابق حکومت کے ابتدائی 100 روز میں وزارت مواصلات کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کی گئی اور 46 کروڑ روپے کی ریکوری کر کے ریونیو میں 3 ارب 72 کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس

    وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کاروباری سرگرمیوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور اقتصادی ماہرین شریک ہوئے۔

    اجلاس میں ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سہولتوں کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے مسائل سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کی فتح پر مبارکباد دی تھی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایف پی سی سی آئی کے نو منتخب صدر اور ساتھیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اقتصادی ترقی میں فیڈریشن کے کردار کا خیر مقدم کرتے ہیں، ملکی معاشی ڈھانچے میں انقلابی اصلاحات کے عمل کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ پرامید ہوں فیڈریشن اقتصادی مسائل کے حل میں دست و بازو بنیں گے۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا

    وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس میں مختلف امور زیر غور آئیں گے جبکہ مختلف تقرریوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 26 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔

    اجلاس میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جانے والے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سمیت 172 افراد کی فہرست پر کمیٹی سفارشات زیر غور لائی جائیں گی۔ ڈی جی سول ایوی ایشن کا اضافی چارج بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں نیشنل ٹیرف کمیشن کی تعیناتی، پاکستان ٹوبیکو کے ڈائریکٹر کی توسیع، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی عمان اور پاکستان کے درمیان ایم او یو، سیکریٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ، سیکریٹری بی آئی ایس پی کی تعیناتی پر غور کیا جائے گا۔

    اجلاس میں نئے چیئرمین سی ڈی اے کی تقرری، کراچی شپ یارڈ کے ایم ڈی کی ڈیپوٹیشن پر تقرری مختلف اداروں کے سربراہان اور سیکریٹریز اور اسلام آباد اسپیشل کورٹ سینٹرل کے جج کی تقرری کی منظوری دی جائے گی۔

    اجلاس میں ترک شہری کی ڈیپوٹیشن یا گرفتاری کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس 2 جنوری کو طلب کیا گیا تھا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 172 افراد کے نام فی الحال ای سی ایل سے نہیں نکالے جائیں گے اور فرداً فرداً تمام افراد کی اسکیننگ کی جائے گی۔

  • اراکین اسمبلی اپنے حلقوں کے عوام سے رابطے اور مسائل حل کریں، عمران خان

    اراکین اسمبلی اپنے حلقوں کے عوام سے رابطے اور مسائل حل کریں، عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں عوام سے رابطے کرکے ان کے مسائل حل کریں، حکومتی پالیسی سے متعلق فواد چوہدری کو اہم ہدایات بھی دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی نعیم الحق و دیگرشریک تھے، ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو علاقائی مسائل سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر پارٹی سے متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو حلقوں میں بجلی، گیس، صحت اور تعلیم کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

    وزیراعظم عمران خان نے مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ ارکان قومی اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سےرابطےمیں رہیں اور عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرکے انہیں ترجیحی بنیاد پر جلد حل کیا جائے۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے علیحدہ ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال اور سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے پیش نظرمعاملات پر بھی مشاورت کی گئی۔

    اس موقع پر جعلی اکاؤنٹس کیس اوربلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنےکے عدالتی فیصلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، فواد چوہدری نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی، بعد ازاں وزیراعظم نے وزیر اطلاعات کو حکومتی پالیسیوں سے متعلق ہدایات جاری کیں۔

  • تھر میں ترقی کے فوائد تھر کے عوام کو بھی جارہے ہیں: وزیراعلیٰ سندھ

    تھر میں ترقی کے فوائد تھر کے عوام کو بھی جارہے ہیں: وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ تھر میں ترقی کے فوائد تھر کے عوام کو بھی جارہے ہیں، انشااللہ فروری میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں تھر کی صورت حال سے متعلق اجلاس ہوا، اس موقع پر انہیں ترقیاقی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

    دوران اجلاس مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تھرکول بلاک ٹوکے متاثرین ماڈل ولیج منتقل ہورہے ہیں، اسکول میں 38 بچوں کانئے سال میں داخلہ ہوا ہے، یہ قابل اطمینان ہے۔

    تھر میں بچوں کی ہلاکت: چیف جسٹس کا مانیٹرنگ کمیشن تشکیل دینے کا حکم

    ان کا کہنا تھا کہ انشااللہ فروری میں بجلی کی پیدا وار شروع ہوجائے گی، تھر میں ترقی کے فوائد تھر کے عوام کو بھی جارہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کو تھر سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت فیز ون میں 2لاکھ 46ہزار927 خاندانوں کو جبکہ فیز ٹو میں 2لاکھ 48ہزار804 خاندانوں کو گندم فراہم کی گئی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سپریم کورٹ میں تھر میں 400 سے زائد بچوں کی ہلاکت سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے 5 رکنی مانیٹرنگ کمیشن تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔

  • کم جونگ اُن کا خط موصول، ٹرمپ ملاقات کے لیے راضی ہوگئے

    کم جونگ اُن کا خط موصول، ٹرمپ ملاقات کے لیے راضی ہوگئے

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا خط موصول ہونے کے بعد ملاقات کے لیے راضی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا جوہری ہتھیار تلف کرتا ہے تو مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا خط موصول ہوا جس میں ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا ان کی پالیسی کا حصہ ہے، اگر شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں دستبردار ہونے پر آمادہ ہے تو وہ مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہیں۔

    امریکی صدر نے کم جونگ ان سے جلد ملاقات کا عندیہ دیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے ایک بار پھر دھمکی دی تھی کہ اگر امریکی اقتصادی پابندیاں مسلسل جاری رہیں تو وہ دوبارہ جوہری پروگرام شروع کردیں گے۔

    امریکی پابندیاں، شمالی کوریا کی جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی

    انہوں نے کہا تھا کہ ہم خطے سے جوہری تنصیبات کا خاتمہ کرچکے ہیں، نہیں چاہتے دوبارہ نیوکلیئر پروگرام شروع کریں، امریکا کا رویہ ایسا ہی رہا تو ہم جوہری ہتھیاروں کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیں گے۔

    واضح رہے کہ جون 2018 میں سنگاپور کے جزیرے سینٹوسا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جنوبی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے درمیان ون آن ون تاریخی ملاقات جزیرہ سینٹوسا کے کیپیلا ہوٹل میں ہوئی تھی، دونوں رہنماؤں کی جانب سے مثبت تاثر سامنے آیا تھا۔

    بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کو وقت آنے پر وائٹ ہاؤس ضرور بلاؤں گا۔

  • صاف پانی کی فراہمی: گورنر پنجاب کی زیرصدارت اہم اجلاس، 7 رکنی کمیٹی تشکیل

    صاف پانی کی فراہمی: گورنر پنجاب کی زیرصدارت اہم اجلاس، 7 رکنی کمیٹی تشکیل

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی زیرصدارت صاف پانی کی فراہمی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اس دوران 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صاف پانی کی فراہمی سے متعلق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، علیم خان، راجہ بشارت، محمود الرشید، ہاشم جواں بخت اور دیگر اہم رہنما شریک ہوئے۔

    اجلاس میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی سربراہی میں 7رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی 15 دن میں سفارشات گورنر اور وزیر اعلی پنجاب کو پیش کرے گی، اور گورنر پنجاب اور وزیر اعلی پنجاب کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیں گے۔

    اس موقع پر گورنر پنجاب نے ہدایت کی کہ تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، کمیٹیاں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور دیکھ بھال کی ذمہ داری ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی پر یقین رکھتی ہے، مقامی حکومت کے قوانین میں ترامیم کی جا رہی ہیں۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزراد کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، حکومت عوام سے وعدے پورے کرے گی۔

    صاف پانی کمپنی کیس میں 20 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے صوبہ پنجاب کی صاف پانی کمپنی کیس میں 20 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا، سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف پہلے ہی مذکورہ کیس میں زیر تفتیش ہیں۔

    صاف پانی کمپنی میں اربوں کی لوٹ مار کی گئی: وزیرِ اطلاعات پنجاب

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ ہی وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ ماضی میں صاف پانی کمپنی میں اربوں کی لوٹ مار کی گئی، کمپنی کا مقصد ہزاروں دیہات کو پانی کی فراہمی تھا۔