Tag: meeting

  • چیف جسٹس ثاقب نثار کی ترکی کے صدر طیب اردوان اور ہم منصب سے ملاقات

    چیف جسٹس ثاقب نثار کی ترکی کے صدر طیب اردوان اور ہم منصب سے ملاقات

    انقرہ : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ترکی کے صدر طیب اردوان سے ملاقات کی، ملاقات میں ترک صدر نے جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار جو ان دنوں عالمی عدالتی کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں ترکی کے دورے پر ہیں، اس دوران انہوں نے ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کی۔

    اس حوالے سے سپریم کورٹ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ جسٹس ثاقب نثار نے ترکی کے صدر طیب اردگون سے ملاقات کی ہے اس موقع پر ترک صدر نے چیف جسٹس کو خوش آمدید کہتے ہوئے خلوص اور محبت کا اظہار کیا۔

    چیف جسٹس نے پاک ترک عوام کے خصوصی تعلقات پر اظہار خیال کیا، ترک صدر طیب اردوان نے بھی پاکستانی عوام سے متعلق اچھے جذبات کا اظہار کیا۔

    ترجمان کے مطابق اس کے علاوہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ترکی میں ایک مقامی تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کی ملاقات ترک آئینی عدالت کے صدر ڈاکٹر زختو ارسلان سے ہوئی۔

    مزید پڑھیں : چیف جسٹس ثاقب نثار کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے،ترجمان سپریم کورٹ

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، چیف جسٹس نے اپنے ہم منصب کو پاکستان کے عدالتی نظام سے متعلق آگاہ کیا۔

  • کراچی:گورنرہاؤس میں گیس بحران پر قابو پانے کیلئے نئی حکمت عملی پر غور

    کراچی:گورنرہاؤس میں گیس بحران پر قابو پانے کیلئے نئی حکمت عملی پر غور

    کراچی: گورنرہاؤس میں گیس بحران پر قابو پانے کے لیے اہم اجلاس ہوا، جس میں اس بحران سے نمٹنے کے لیے نئی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیرپیٹرولیم غلام سرور، میاں محمدسومرو اور گورنرسندھ عمران اسماعیل سمیت صنعت کاروں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں کیپٹو پاور پلانٹس کو 110 کے بجائے 50 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہمی کی پیشکش کی گئی، اس دوران صنعت کاروں کو وفاقی نمائندوں نے اعتماد میں لیا۔

    گورنر ہاؤس اجلاس میں 7 صنعتوں کے چیئرمین اور کراچی چیمبر کے صدر نے بھی شرکت کی۔

    صدر کراچی چیمبر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں کیپٹوپاور پلانٹ کو گیس فراہمی نئے فارمولے پر غور کیا گیا، سی این جی سے متعلق بھی نیافارمولا تیار کرنے کی کوشش ہے۔

    گیس بحران، وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر ہنگامی دورے پر قطر پہنچ گئے

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں کل شام تک سی این جی اسٹیشنز کھلنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب گیس بحران کے خاتمے کے لیے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر ہنگامی دورے پر قطر پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایل این جی جہازوں میں اضافے کی درخواست کریں گے، پاکستان ہر ماہ قطر سے ایل این جی کے چھے جہاز منگواتا ہے۔

    یاد رہے گیس بحران کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے سوئی ناردرن،سدرن گیس کے بورڈز آف ڈائریکٹرزکو فوری ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائےگا، گیس کامسئلہ بڑامسئلہ ہے، ہرصورت ختم کریں گے۔

  • قبائلی عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی، عمران خان

    قبائلی عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی، عمران خان

    پشاور : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبائلی عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی، قبائلی ضلع کی عمل درآمد کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت فاٹا انضمام سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں گورنرخیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان اور دیگر صوبائی وزراء نے شرکت کی۔

    اس موقع پر وزیرخزانہ کے پی تیمور سلیم جھگڑا، وزیر اعظم کے مشیرشہزاد ارباب، معاون خصوصی نعیم الحق، افتخار دررانی، چیف سیکریٹری، آئی جی کے پی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو فاٹا انضمام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی.

    وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کے پی کے گورنر اور وزیراعلیٰ کی سربراہی میں ہرقبائلی ضلع کی عمل درآمد کمیٹی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی میں وزراء اور ضلع سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز بھی شامل کئے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کے پی کی سو روزہ کارکردگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقے کا خیبر پختونخوا میں انضمام کوئی آسان کام نہیں، فاٹا کےعلاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے ایمرجنسی لگا رہے ہیں، فاٹا میں عوام کو سب سے پہلے ہیلتھ کارڈ دیں گے، فاٹا کا خیبرپختونخوا میں ضم ہونا ایک طویل عمل ہے۔

  • وزیر اعظم کا کاروباری سہولیات کے جائزے سے متعلق اجلاس ہر ماہ بلانے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کا کاروباری سہولیات کے جائزے سے متعلق اجلاس ہر ماہ بلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کاروبار اور سرمایہ کاری سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کاروباری سہولیات کے جائزے سے متعلق اجلاس ہر ماہ بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر قانون فروغ نسیم ،مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے شرکت کی جبکہ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف سمیت اقتصادی ماہرین بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دوران اجلاس وزیر اعظم عمران خان کو سرمایہ کاروں کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔

    وزیر اعظم کو کاروباری افراد کو درپیش ٹیکسز اور پالیسی ایشوز پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ صوبائی سطح پر اقتصادی زون کے قیام میں رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے۔ نجی شعبے کا حکومتی پالیسیز پر اعتماد بحال کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل پر فوری اقدامات کیے جائیں، انہوں نے ہدایت کی کہ اقتصادی ٹیم جامع پلان پیش کرے۔

    وزیر اعظم نے کاروباری سہولیات کے جائزے سے متعلق اجلاس ہر ماہ بلانے کا فیصلہ بھی کیا۔

  • سندھ ایپکس کمیٹی اجلاس: مدارس اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ

    سندھ ایپکس کمیٹی اجلاس: مدارس اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ

    کراچی: سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں مدارس اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا جس میں مدارس کی فنڈنگ اور نصاب کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا 23 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کور کمانڈر کراچی، چیف سیکریٹری، صوبائی وزیر ناصر شاہ، مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب، ایڈووکیٹ جنرل، ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس نے شرکت کی۔

    اجلاس میں گزشتہ ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدر آمد کا جائزہ لیا گیا، سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور نیشنل ایکشن اور پراسیکیوشن پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ امن کی صورتحال ہے لیکن 3 واقعات چینی قونصلیٹ حملہ، لانڈھی اور گلستان جوہر میں دھماکہ افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کو سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دینی ہے۔

    سیکریٹری داخلہ کبیر قاضی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مدارس کی رجسٹریشن، اداروں کی مانیٹرنگ اور ورکنگ گروپ کا قیام ہوچکا، یہ گروپ سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں قائم ہوا ہے۔ کمیٹی میں سیکریٹری مذہبی امور، پولیس اور دیگر اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ کمیٹی کا پہلا اجلاس 5 دسمبر 2018 کو ہو چکا ہے جس میں مدارس رجسٹریشن اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ 3 چیزوں پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مانیٹرنگ میں سورس آف فنڈنگ، نصاب کا جائزہ اور بیرون ممالک زیر تعلیم طلبا کی اسناد شامل ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ دہشت گردی میں بڑے تعلیمی اداروں کے طلبا بھی ملوث رہے ہیں۔ مدارس کی رجسٹریشن کا ڈرافٹ تیار ہے لا ڈیپارٹمنٹ جائزہ لے گا۔ جو مدارس اہم شاہراہوں پر ہیں ان کی منتقلی کے لیے بات کی جائے۔

    اجلاس میں کور کمانڈر نے کہا کہ سائبر کرائم کا سسٹم ہمارا اپنا ہونا چاہیئے۔ اس حوالے سے آرمی چیف سے درخواست کی جائے گی۔ درخواست ہوگی کہ آرمی سائبر سیکیورٹی ونگ سے مدد فراہم کی جائے۔

    اجلاس میں سیف سٹی پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ علاقائی پولیس اور دیگر سیکیورٹی کے ادارے مل کر فیصلہ کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے بھوت کو اب ختم کرنا ہے، اس پر تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کریں، بہتر انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کے لیے ادارے مل کر کام کریں۔

    اجلاس میں نئے پراسیکیوٹرز کی ٹریننگ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ بانی ایم کیو ایم کے نام سے 62 عمارتیں اور دیگر ادارے تھے، عمارتوں اور اداروں پر سے بانی ایم کیو ایم کا نام تبدیل کر دیا گیا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ 1899 درگاہوں کی سیکیورٹی آڈٹ بھی کی گئی۔ سندھ پولیس اور رینجرز نے پورے صوبے کی سیکیورٹ آڈٹ کی۔ 15 اضلاع کی آڈٹ ہوچکی اور کمزور مقامات کی نشاندہی کی گئی، باقی اضلاع کا سیکیورٹی آڈٹ کیا جا رہا ہے۔

    اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچے کے علاقوں میں 110 تھانے، 50 چیک پوسٹ اور 3112 اہلکار تعینات ہیں۔ اجلاس میں کچے کے علاقوں پر مزید توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری کے تحت کچے کے علاقوں کی ترقی پر کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی میں چیئرمین پی اینڈ ڈی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور آئی جی پی شامل ہوں گے۔ کمیٹی کچے کے علاقوں کے لیے پیکج دینے کی سفارش مرتب کرے گی۔

    اجلاس میں بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نان سی پیک اور سی پیک منصوبوں کی بھی آڈٹ ہوچکی ہے۔ نان سی پیک کے 93 منصوبوں پر 952 غیر ملکی کام کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت نے 2859 سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا ہے۔

    بریفنگ کے مطابق سی پیک کے 10 منصوبوں پر 2878 غیر ملکی کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان منصوبوں کی مینجمنٹ کو ہدایت کریں 2843 پرائیوٹ گارڈز رکھیں۔ ’فیصلہ ہوا تھا جتنی سیکیورٹی سرکاری ہوگی اتنی پرائیویٹ ہائر کی جائے گی‘۔

    آئی جی پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ 12 ہزار 733 ملزمان اور 601 گینگ کے کارندوں کو گرفتار کیا۔ 97 ملزم مختلف مقابلوں میں مارے گئے۔ 2 راکٹ لانچرز، اسنائپر رائفل، 2 ایل ایم جی، 4 جی تھری رائفل، 181 ایس ایم جی اور 8457 پستول برآمد کیے۔

    آئی جی نے بتایا کہ کراچی ریجن نے 205 بم یا دستی بم برآمد کیے۔ نومبر 2018 تک 47 قتل ہوئے،2017 میں تعداد 55 تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ چینی قونصل خانے پر حملےمیں ملوث تینوں حملہ آور مارے گئے۔ 23 دہشت گردوں کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت پھانسی کی سزا دی گئی۔ اینٹی ٹیرر ازم فنانسنگ یونٹ میں 2281 افراد پر کام کیا گیا۔ یونٹ میں 1457 فورس اہلکار کام کر رہے ہیں۔

  • کاروبار میں سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم

    کاروبار میں سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کاروبار میں سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، فلاح وبہبود اور سرمایہ کاری کے لیے حکومت کے دروازے نجی شعبے کے لیے کھلے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے اوورسیز انویسٹر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات میں کہی، اس دوران کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ون ونڈو سروسز اور ٹیکس کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کمپنیز حکومت کی کئی شعبوں میں مدد کر سکتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، گورننس اور دیگر شعبوں میں آئی ٹی کے استعمال سے جدت لائی جاسکتی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا تھا کہ فلاح وبہبود اور سرمایہ کاری کے لیے حکومت کے دروازے نجی شعبے کے لیے کھلے ہیں، اس بابت ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر شہر قائد میں ہیں جہاں وہ سرمایہ کاری سے متعلق برنس کمیونٹی سے اہم ملاقاتیں کررہے ہیں۔

    وزیر اعظم کو گورنر ہاوس میں شہر قائد کے ترقیاتی کاموں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور دیگر امور پر بریفنگ دی جائے گی، وزیر اعظم عمران خان کی متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کے وفد سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہر قائد کا یہ دوسرا دورہ ہے، جس دوران وزیر اعظم گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

  • آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے مصر کے سفیر فدل یعقوب کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے مصر کے سفیر فدل یعقوب کی ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے مصر کے سفیر نے ملاقات کی ہے ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

    پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں متعین مصری سفیر احمد محمد فدل یعقوب نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا.


    اس موقع پر انہوں نے چیف آف  آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، یہ ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی، ملاقات میں پاک مصر تعلقات سمیت علاقائی سیکیورٹی، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • چینی قونصل خانے پرحملہ، وزیراعلیٰ سندھ کا بلوچستان حکومت سے رابطےکا فیصلہ

    چینی قونصل خانے پرحملہ، وزیراعلیٰ سندھ کا بلوچستان حکومت سے رابطےکا فیصلہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چینی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے کی فوری تحقیقات اور سہولت کاروں کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ کا خیال رکھنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے چینی قونصلیٹ پر حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے خاندان کا بھرپور خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمی ہونے والے پرائیوٹ سیکیورٹی گارڈ کا بھی خیال رکھا جائے۔ چینی قونصلیٹ پر حملے کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کردی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق واقعے میں ملوث 3 حملہ آوروں میں سے ایک کی شناخت ہوگئی، مذکورہ حملہ آور حکومت بلوچستان کا ملازم ہے۔ حملہ آورعبد الرازق ولد دین محمد کا تعلق خاران سے ہے۔

    رپورٹ کے بعد سندھ حکومت نے بلوچستان حکومت سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے جس میں حملہ آوروں سے متعلق معلومات شیئر کی جائیں گی۔

    اجلاس میں آئی جی سندھ نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تینوں حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی۔

    وزیر اعلیٰ نے استفسار کیا کہ حملہ آور کہاں سے آئے؟ کلفٹن تک کیسے پہنچے، راستے میں چیکنگ کیوں نہیں کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم کہاں کوتاہی کر رہے ہیں نشاندہی کی جائے۔ یہ کیسے ممکن ہوا کہ دہشت گرد اپنی کارروائیاں کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے بہترین قسم کی تحقیقات چاہئیں جس میں ہر چیز واضح ہو۔ اس قسم کے واقعات سے نمٹنے کے لیے ایس او پی بنانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور ساؤتھ پولیس اس واقعے کی تحقیقات کریں گے۔ واقعے میں ملوث سہولت کاروں کو بھی ہرصورت گرفتار کیا جائے۔

    خیال رہے کہ آج صبح پیش آنے والی بزدلانہ کارروائی میں 4 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔

  • وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

    وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

    اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاسکو کے ذخائر میں موجود 2 لاکھ ٹن گندم پولٹری ایسوسی ایشن کو فروخت کرنے کی منظوری دی گئی۔

    پاسکو پولٹری ایسوسی ایشن کو گندم 1300 روپے فی من فروخت کرے گا۔

    اجلاس میں اسٹیل مل کے وفات پانے والے ملازمین کو پراویڈنٹ، گریجویٹی اور دیگر بقایا جات دینے کی منظوری دے دی گئی۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی نے طور خم بارڈر کے راستے افغانستان سے کاٹن درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی، افغانستان سے درآمد کاٹن کے لیے این پی پی او سے فائٹو سینٹری کا سرٹیفکیٹ لانا لازمی ہوگا۔

    اس سے قبل ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر خزانہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے لیے خصوصی پیکج کی منظوری دی تھی۔

    اجلاس میں برٹ رسم گیس فیلڈ سے سوئی سدرن کو 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور ڈھوڈک گیس فیلڈ سے 120 ایم ایم سی ایف ڈی گیس سوئی ناردن کو دینے کی منظوری بھی دی گئی تھی۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، منی لانڈرنگ کا پیسہ واپس لانے کے اقدامات پر غور

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، منی لانڈرنگ کا پیسہ واپس لانے کے اقدامات پر غور

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں منی لانڈرنگ کا پیسہ واپس وطن لانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم اور خصوصی معاون شہزاد ارباب شریک تھے۔ اجلاس میں قانونی اصلاحات کمیٹی نے وزیر اعظم کو قانونی اصلاحات پر بریفنگ دی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو برطانیہ، دبئی اور دیگر ممالک میں غیر قانونی جائیداد کی تفصیلات پیش کی گئیں، منی لانڈرنگ کا پیسہ واپس وطن لانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مختلف ممالک سے قانونی معاہدوں پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اصلاحات کا مقصد موجودہ قوانین میں ترامیم اور نئے قوانین کا نفاذ ہے، جلد انصاف کے لیے ٹیکنالوجی کو متعارف کروایا جا رہا ہے۔ ریاست کی جانب سے قانونی معاونت پر قوانین متعارف کروائے جا رہے ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ وراثت سمیت خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے پر قوانین متعارف کروا رہے ہیں، وسل بلوئر پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے۔ سرکاری ملازمین کے لیے بھی انصاف کے حصول کو آسان بنایا جا رہا ہے۔

    وزیر قانون نے بریفنگ میں کہا کہ میوچل لیگل اسسٹنٹس بل جلد متعارف کروایا جائے گا، بل بیرون ممالک سے دو طرفہ قانونی معاونت کے معاہدوں پر ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شہریوں کے حقوق، آسان اور سہل انصاف کی فراہمی بنیادی ذمے داری ہے۔ انصاف کی فراہمی وسائل نہیں ریاست کے احساس ذمے داری سے وابستہ ہے، آسان، سہل اور جلد انصاف تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی جزو ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ کمزور طبقوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ خواتین، بچوں اور گھریلو ملازمین کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی جائے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان برسر اقتدار آنے کے بعد کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خلاف خاصے متحرک ہیں۔

    چند روز قبل وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا جہاں دونوں ممالک نے وائٹ کالر کرائم کے خلاف اقدامات اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات پر اتفاق کیا تھا۔

    ایک ماہ قبل پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انصاف اور احتساب کا معاہدہ بھی طے پاچکا ہے۔ معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے سے متعلق پروگرام شروع کیا جائے گا۔

    برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک نے منی لانڈرنگ کے تدارک کے لیے مل کر کام کرنے پراتفاق کیا تھا۔ معاہدے میں پاکستانی ملزمان کی حوالگی اور پاکستانی اثاثوں کی ریکوری کے لیے دوبارہ کام کرنا بھی شامل تھا۔