Tag: meeting

  • قمر زمان کائرہ نے آصف زرداری نواز شریف ملاقات کی تردید کردی

    قمر زمان کائرہ نے آصف زرداری نواز شریف ملاقات کی تردید کردی

    کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے آصف علی زرداری اور نواز شریف کے درمیان ملاقات کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی ملاقات ہوئی ہے تاہم قمر زمان کائرہ نے ایسی خبروں کی تردید کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی پی قمر زمان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری وکلا کنونشن میں شرکت کے لیے لاہور آئے ہیں، وہ لاہور نوازشریف سے ملنے نہیں آئے۔

    انہوں نے کہا کہ میڈیا میں آصف زرداری نوازشریف ملاقات کی قیاس آرائیاں ہیں، کل آصف زرداری کی نوازشریف سے کوئی ملاقات نہیں، جے یو آئی کے پلیٹ فارم سے آل پارٹیز کانفرنس ہورہی ہے۔

    قمر زمان کائرہ کی فواد چوہدری کے بارے میں بڑی پیش گوئی

    ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کی اے پی سی میں پیپلزپارٹی شریک ہوگی، وزیراعظم کو دھرنے دلوانے کا شوق ہے کنٹینر کی باتیں کررہے ہیں، حکومت کو ہوش نہیں بیان بازی کے بجائے اپنے ایجنڈے پر کام کرے۔

    رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ حکومت کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اپوزیشن کو لائحہ عمل دینے کا حق ہے قرارداد لانے کا مقصد حکومت پر کارکردگی بہتر کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔

    پوچھے گئے سوال پر ان کا مزید کہنا تھا کہ کیا وزیراعظم عمران خان کسی کو این آراو دے سکتے ہیں، کس وقت کتنا دباؤ ڈالنا ہے مولانا فضل الرحمان ہم سے بہتر جانتے ہیں۔

  • پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات

    پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں نیا پاکستان بنانے کی جدوجہد کے لیے مربوط کوششوں کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزرائے اعلیٰ نے نیا پاکستان بنانے کی جدوجہد کے لیے مربوط کوششوں کے عزم کا اظہار کیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بسنے والے ہمارے بھائی ہیں، ہم اپنے بلوچ بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں بلوچستان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم نے قدم سے قدم ملا کر چلنا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے۔ صوبوں میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے کردار جاری رکھیں گے۔

  • جرمن وزیر خزانہ کی ترک ہم منصب سے ملاقات، بہتر تعلقات پر زور

    جرمن وزیر خزانہ کی ترک ہم منصب سے ملاقات، بہتر تعلقات پر زور

    انقرہ: جرمن وزیر خزانہ پیٹر آلٹمائر نے ترک ہم منصب بیرت البیراک سے ملاقات کی اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں ملکوں کے وزرائے خزانہ نے باہمی تعلقات میں کشیدگی کو ختم کرتے ہوئے اس بات کا عزم کیا کہ دنوں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہونے چاہیئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر خزانہ پیٹر آلٹمائر نے آج ترکی کے دارلحکومت انقرہ میں اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کے بعد کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران تناؤ ختم کرتے ہوئے تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔

    جرمن وزیر خزانہ کے ہمراہ تیس ارکان پر مشتمل ایک تجارتی وفد بھی ترکی کا دو روزہ دورہ کر رہا ہے، دورہ کے موقع پر تجارتی معاملات بھی زیر موضوع ہیں۔

    ترک صدر نے اپنے دورہ جرمنی کو کامیاب قرار دے دیا

    خیال رہے کہ 2016 میں ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے برلن اور انقرہ کے تعلقات انتہائی کشیدہ تھے، ترک حکومت نے دو جرمن شہریوں کو بھی ناکام فوج بغاوت میں ملوث ہونے کے شبہے میں گرفتار کرتے ہوئے سزائیں سنائی تھی۔

    بعد ازاں دونوں ملکوں کے مابین ایک دوسرے کے خلاف سخت بیانات کا تبادلہ بھی ہوا تھا، تاہم گزشتہ برس اکتوبر اور رواں برس فروری میں دونوں جرمن شہریوں کو رہا کر دیا گیا تھا۔

    دوسری جانب انقرہ حکومت برلن پر یہ الزام بھی عائد کرتی ہے کہ اس نے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کو ملک میں کام کرنے کی اجازت دے رکھی ہے، جو ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہے۔

  • اطالوی وزیر اعظم کا دورہ روس، ولادی میر پیوٹن سے ملاقات، تجارتی معاملات پر گفتگو

    اطالوی وزیر اعظم کا دورہ روس، ولادی میر پیوٹن سے ملاقات، تجارتی معاملات پر گفتگو

    ماسکو: اٹلی کے وزیر اعظم جوزیپے کونٹے اپنے سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے، اس دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی اور تجارتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں ملکوں کے سربراہان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں یورپی یونین کا موضوع بھی زیر بحث آیا، روسی صدر اور اطالوی وزیر اعظم نے دوطرفہ تجارت کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اطالوی وزیراعظم جُوزیپے کونٹے نے اپنے دورے روس کے موقع پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور دوسرے اعلیٰ حکام کے ساتھ مذاکراتی عمل شروع کر دیا ہے۔

    اٹلی روس اقتصادی مذاکرات یورپی یونین کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں کیونکہ کریمیا تنازعے کی وجہ سے یونین روس پر معاشی پابندیاں عائد کیے ہوئے ہے۔

    خیال رہے کہ 2014 میں یورپی یونین نے روس اور یوکرائن کے مزید بارہ اعلیٰ حکام کو کریمیا تنازعے میں ملوث قرار دیتے ہوئے ان پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ماضی میں روس کی جانب سے کریمیا میں فوجی سرگرمیاں سامنے آئیں تھیں جس کے بعد یہ معاملہ شدید تنازعہ بن گیا تھا، بعد ازاں یورپی یونین نے روس پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

    یاد رہے کہ مارچ 2014 میں جرمن چانسلر ایجیلا مرکل نے خبردار کیا تھا کہ روس کریمیا کے بعد یوکرائن کے جنوبی یا مشرقی علاقوں کی طرف پیشقدمی کرتا ہے تو اس کے خلاف مزید تجارتی اور مالیاتی پابندیاں بھی عائد کی جا سکتی ہیں۔

  • سعودی ولی عہد سے امریکی وزیر خزانہ کی ملاقات، اقتصادی معاملات پر تبادلہ خیال

    سعودی ولی عہد سے امریکی وزیر خزانہ کی ملاقات، اقتصادی معاملات پر تبادلہ خیال

    ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکی وزیر خزانہ اسیٹون منوچن نے ملاقات کی اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی معاملات پر گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں سلطان بن سلمان سے اسیٹون منوچن نے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے اقتصادی اور تجاری لین دین کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔

    ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سعودی امریکا تعلقات کی مزید مضبوطی پر زور دیا، اور اقتصادی معاملات کو موثر بنانے پر بھی تبالہ خیال کیا۔

    خیال رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر سعودی عرب اور امریکا کے تعلقات خوشگوار نہیں ہیں، اسی لیے امریکی وزیر خزانہ سے سعودی ولی عہد کی اس ملاقات کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔

    جمال خاشقجی کیس، سعودی وضاحت سے مطمئن نہیں، ٹرمپ

    دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق سعودی وضاحت اور تحقیقات پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک ہمیں جواب نہیں ملتا میں مطمئن نہیں ہوں۔

    دورسری جانب سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ جمال خاشقجی کی موت کا واقعہ ایک سنگین غلطی تھا اور اس کیس میں ملوث ذمے داروں کا احتساب کیا جائے گا۔

    یاد رہ کہ دو روز قبل سعودی حکام نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی استنبول میں واقع قونصل خانے میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوئے۔ اس سے قبل اس اہم معاملے پر ٹال مٹول سے کام لیا جارہا تھا۔

  • پی آئی اے افسران حکومت کی کفایت شعاری مہم پرمکمل عمل درآمد کریں، ثاقب عزیز

    پی آئی اے افسران حکومت کی کفایت شعاری مہم پرمکمل عمل درآمد کریں، ثاقب عزیز

    کراچی : پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ثاقب عزیز نے کہا ہے کہ پی آئی اے افسران حکومت کی کفایت شعاری مہم پر مکمل عمل درآمد کریں، غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہوگی۔

    یہ بات انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ثاقب عزیز کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں حکومت کی کفایت شعاری مہم پر مکمل طور پر عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی گئی۔

     پی آئی اے کے اجلاس کی اندرونی کہانی اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی، پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہوگی۔

    سی ای او نے ہدایت کی کہ پی آئی اے کے گراونڈ ہونے والے چھ طیاروں کو فوری طور پر ان کی مینٹیننش مکمل کرکے اڑان کے قابل بنایا جائے،پی آئی اے کے سی ای او نے چیف کمرشل آفیسر اور چیف سسٹم آفیسر کو اندرون و بیرون ملک جانے سے روک دیا،۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک پی آئی اے کا نیا ہیٹ ایٹ سسٹم کا پروجیکٹ مکمل نہیں ہوجاتا دونوں مذکورہ افسران پی آئی اے ہیڈ آفس چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گی۔

    سی ای او ثاقب عزیز نے کہا کہ پی آئی اے کے طیاروں کو وقت پر روانگی اور آمد کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے کیلئے تمام افسران ایک ٹیم ورک کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں اور مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائیں۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس 22 اکتوبر کو طلب کرلیا گیا

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس 22 اکتوبر کو طلب کرلیا گیا

    اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اگلا اجلاس 22 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے جس میں بجلی کی قیمتوں سمیت اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس 22 اکتوبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔

    اجلاس میں اقتصادی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ بجلی کے نرخوں میں اضافے سے متعلق سمری بھی زیر غور آئے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا نے بجلی کے نرخوں میں 3 روپے 81 پیسے اضافے کی تجویز دی ہے جبکہ پاور ڈویژن نے بھی بجلی کے نرخوں میں اضافے کی سفارش کی ہے۔

    اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی 2 بار بجلی کے نرخوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کر چکی ہے۔ پاور ڈویژن نے ماہانہ 50 یونٹ تک استعمال والے صارفین کو استثنیٰ کی سفارش بھی کی ہے۔

    اجلاس میں آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے جائزہ مشن سے مذاکرات زیر غور آنے کا بھی امکان ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والی اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔

    وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ غریب صارفین پر کم از کم بوجھ ڈالا گیا ہے، امیر طبقے کے لیے گیس قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    پچھلے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس قیمتوں کے سلیب میں بھی اضافہ کیا تھا جبکہ ایل پی جی کی درآمد پر ٹیکس کم کر کے 10 فیصد کر دیا گیا تھا جس کے بعد درآمدات سے ایل پی جی کی قیمت میں کمی ہونے کا امکان تھا۔

  • شام کی صورت حال سے کیسے نمٹیں؟ ترکی نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    شام کی صورت حال سے کیسے نمٹیں؟ ترکی نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    انقرہ: شام کی موجودہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے ترکی نے اہم اجلاس طلب کرلیا جس میں روسی اور فرانسیسی صدر کے علاوہ جرمن چانسلر بھی شریک ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوگان کے کہنے پر شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے اور حل تجویز کرنے کے لیے ترکی میں اہم اجلاس 27 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس اجلاس میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے علاوہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون بھی شرکت کریں گے۔

    ترک حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس کانفرنس میں شامی تنازعے کے دیرپا حل پر توجہ مرکوز کی جائے گی، باالخصوص شامی شہر ادلب سے متعلق لائحہ عمل بھی ترتیب دیا جائے گا۔

    ادلب میں غیر عسکری علاقے سے شدت پسندوں کو نکالا جائے گا: ترک صدر

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ترکی اور روسی سربراہان کے درمیان ملاقات روسی شہر سوچی میں ہوئی تھی، ملاقات تین گھنٹے طویل جاری رہی تھی، رجب طیب اردوگان اور ولادی میر پیوٹن نے شامی شہر ادلب میں غیر فوجی علاقے کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ترک اور روس نے فیصلہ کیا ہے کہ اس دوران اس علاقے سے النصرہ فرنٹ سمیت تمام شدت پسند باغی گروپوں کو وہاں سے باہر نکالا جائے گا۔

    علاوہ ازیں ترک صدر رجب طیب اردوگان نے موقف اختیار کیا تھا کہ شامی شہر ادلب میں غیر عسکری علاقے کے قیام کے دوران شدت پسند گروہوں کو نکالا جائے گا، روس اور ترکی مل کر ادلب میں شدت پسند گروپوں کا تعین کریں گے۔

  • اجلاس کے دوران زلزلہ: وزیراعظم درخواست کے باوجود دفتر سے باہر نہ نکلے

    اجلاس کے دوران زلزلہ: وزیراعظم درخواست کے باوجود دفتر سے باہر نہ نکلے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے زلزلے کے باوجود اجلاس جاری رکھا، سیکورٹی حکام کی جانب سے درخواست کے باوجود بریفنگ روم سے باہر نہیں نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس جاری تھا اس دوران زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اجلاس میں موجود پارٹی رہنما زلزلے کے باعث گھبرا کر اپنی نشستوں سے اٹھ گئے۔

    صورتحال دیکھ کر وزیر اعظم کے سیکورٹی حکام نے انہیں میٹنگ روم سے باہر آنے کی درخواست کی جس پر وزیراعظم نے باہر جانے سے انکار کردیا، اجلاس جاری رکھا، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جہاں جاؤں گا وہاں پر بھی زلزلہ ہی ہوگا۔

    وزیراعظم کو بیٹھا دیکھ کر دیگر پارٹی رہنما بھی دوبارہ نشستوں پر براجمان ہوگئے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے معاشی اور توانائی سے متعلق معاملات پر پالیسی سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر وزراء نے پارٹی رہنماؤں کو توانائی، گیس اور معاشی معاملات پر بریفنگ دی ا جلاس میں  وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے اس کے شیڈول اور امور پر بھی مشاورت کی گئی۔

  • یورپی یونین کا سربراہی اجلاس، بریگزٹ اور مہاجرین کے معاملے پر تبادلہ خیال

    یورپی یونین کا سربراہی اجلاس، بریگزٹ اور مہاجرین کے معاملے پر تبادلہ خیال

    برسلز: یورپی یونین کے ہونے والے سربراہی اجلاس میں بریگزٹ سمیت مہاجرین کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کا سربراہی اجلاس بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ہوا، جس میں بریگزٹ کے علاوہ مہاجرین کے مسئلے پر گفتگو ہوئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یورپی یونین اور برطانیہ اپنے درمیان پائے جانے والے اختلافات کو جلد ختم کرے تاکہ بریگزٹ پر عمل درآمد ممکن بنایا جاسکے۔

    اس سمٹ میں یورپی رہنماؤں نے مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کی خاطر اضافی رقوم فراہم کرنے پر بھی رضا مندی ظاہر کی تاکہ مسائل کا حل ممکن بنایا جائے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بھی برسلز میں یورپی سربراہی اجلاس ہوا جس میں یورپ اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ معاملے پر اختلافات اور تناؤ بدستور برقرار رہا تھا۔

    اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے کہا تھا کہ بریگزٹ معاملے کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں، اگلا مہینہ اس کے لیے انتہائی اہم ہے۔

    یورپی سربراہی اجلاس، بریگزٹ معاملے پر اختلافات بدستور برقرار

    دو روزہ اجلاس میں بریگزٹ کے علاوہ دیگر اہم موضوعات زیر بحث آئے تھے، جن میں مہاجرت کا سنگین مسئلہ اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام بھی شامل تھا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا تھا کہ تھریسا مے کے لیے نامناسب زبان استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم تھریسا مے نے برطانوی آئین کو خودکش جیکٹ پہنا کر ریمورٹ برسلز کے ہاتھ میں تھما دیا ہے۔