Tag: meeting

  • تھر کی صورتحال سے کیسے نمٹیں؟ سندھ حکومت حرکت میں آگئی

    تھر کی صورتحال سے کیسے نمٹیں؟ سندھ حکومت حرکت میں آگئی

    کراچی: تھرپارکر کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت حرکت میں آگئی، وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے آج شام اجلاس طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدارت آج شام چار بجے اجلاس ہوگا، جس میں تھر کی موجودہ صورت حال پر گفتگو ہوگی اور قحط سے نمٹنے کے لیے تجاویز زیر غور آئیں گی۔

    اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری سندھ اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز شریک ہوں گے، اجلاس کے دوران سپریم کورٹ کے احکامات کاجائزہ لیا جائے گا۔

    تھر کی صورت حال پر جامع پالیسی مرتب کرکے عدالت میں پیش کی جائے گی، خیال رہے کہ رواں سال قحط کی وجہ سے 400 سے زائد بچوں کی اموات ہوئی تھیں۔

    حکومت جلد تھر کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے گی: وفاقی وزیر صحت

    خیال رہے کہ دو روز قبل وفاقی وزیر صحت عامرمحمود کیانی نے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سندھ کے علاقے تھرکا دورہ کیا تھا۔

    اس ضمن میں وفاقی وزیرصحت عامرمحمود کیانی نے کہا تھا کہ حکومت جلد تھر کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے گی۔

    عامر کیانی نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت مشکل میں تھرکےباسیوں کوتنہانہیں چھوڑے گی، تھر کے باسیوں کے لئے جلد صحت کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ تھر میں صحت کی ناکافی سہولیات اور بچوں کی بڑھتی اموات کی وجہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

  • امریکی پادری کی رہائی کے بعد امریکا نے ترکی سے پابندیاں اٹھانے کا عندیہ دے دیا

    امریکی پادری کی رہائی کے بعد امریکا نے ترکی سے پابندیاں اٹھانے کا عندیہ دے دیا

    واشنگٹن: ترکی میں قید امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی رہائی کے بعد امریکا نے اپنی پابندیاں ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ترک ہم منصب مولود چاؤش سے ملاقات کی اس دوران ترکی پر امریکی پابندیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مولودی چاؤش اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات ترک دارالحکومت انقرہ میں ہوئی، اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کے دوران مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ترکی پر عائد امریکی پابندیاں اٹھائی جا سکتی ہیں۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی تعلقات میں بہتری کے علاوہ جمال خاشقجی کیس کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔

    ترکی پہنچنے سے قبل بیلجیم میں صحافیوں سے گفتگو میں پومپیو نے کہا تھا کہ امریکی پادری کی ترکی میں حراست کے حوالے سے انقرہ حکومت پر عائد کی جانے والی پابندیوں کو اب ہٹایا جا سکتا ہے۔

    ترک عدالت نےامریکی پادری کو رہا کردیا

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ترکی کی عدالت نے دہشت گردوں سے تعلقات کے الزام میں گرفتار امریکی پادری کو رہائی دے دی ہے۔

    یاد رہے کہ سنہ 2016 میں حکومت مخالف تنظیموں سے تعلقات کے شبے میں اینڈریو براؤنسن کو گرفتارکیا تھا، جس کے بعد ترکی اور امریکا کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

    ترک عدالت نے اکتوبر2016 میں امریکی پادری کو دہشت گردی کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنائی تھی اور اگست میں انہیں ایک گھر میں نظربند کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ 26 جولائی 2018 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ترکی نے امریکی پادری کو رہا نہ کیا تو اسے سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • گورنربلوچستان سے 20 رکنی ایرانی وفد کی ملاقات، پاکستان ایران تجارتی سرگرمیوں پر گفتگو

    گورنربلوچستان سے 20 رکنی ایرانی وفد کی ملاقات، پاکستان ایران تجارتی سرگرمیوں پر گفتگو

    کوئٹہ: گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی سے 20 رکنی ایرانی وفد نے ملاقات کی اس دوران پاکستان ایران تجارتی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امان اللہ خان یاسین زئی سے 20 رکنی وفد سے ملاقات میں پاکستان ایران تجارتی سرگرمیوں سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔

    اس موقع پر گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران خطے میں رونما تبدیلیوں سے بھرپور استفاده کریں، دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔

    ایران بلوچستان کودوہزارمیگاواٹ بجلی فراہم کرے گا

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سرحدی تجارت فعال ہونے سے اسمگلنگ اور دشت گردی کا خاتمہ ہوگا، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونے سے خطے میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

    خیال رہے کہ 2015 میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک نے ایرانی کاروباری حضرات کو پاکستان میں کان کنی، انڈسٹریز اور فشریز میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی تھی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ایرانی حکومت کیلئے پاکستان سے تعلقات بہت اہمیت کے حامل ہیں۔

    واضح رہے کہ مئی 2015 میں ایران نے صوبہ بلوچستان کے لیے دو ہزار میگاواٹ بجلی فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

  • فوادچوہدری سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

    فوادچوہدری سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے فرانس کے سفیر مارک بیرٹی نے ملاقات کی، اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے سفیر مارک بیرٹی کی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے ملاقات میں تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

    اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور فرانس کے تعلقات انتہائی خوشگوار ہیں، فرانس سے مختلف شعبوں میں تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

    فرانسیسی صدر کا عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ، دورہ فرانس کی دعوت

    ان کا کہنا تھا کہ فرانس میڈیا کے شعبے میں پاکستانی طلبا کو اسکالرشپ دینے کا خواہاں ہے۔

    ملاقات کے دوران فرانسیسی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان سے فلم سازی کے شعبوں میں تعاون پر غور کریں گے، پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے دورہ فرانس کی دعوت دی تھی، اس دوران دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا گیا تھا۔

    ٹیلی فونک گفتگو کے دوران فرانسیسی صدر نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا تھا، توانائی، آبی وسائل، تجارت اور معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیرِ اعظم کے بڑے فیصلے

    اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیرِ اعظم کے بڑے فیصلے

    اوورسیز پاکستانیوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے وزیرِ اعظم کے بڑے فیصلے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت کشوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، ان کے لواحقین کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں وزارت اوورسیز کے حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات اور ان کے مسائل کے حل کے حوالے اہم اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق اہم فیصلے کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت کشوں کو سہولتیں دینے کا اعلان کیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کےخاندان کو تعلیم،صحت، رہائش جیسی سہولتیں دی جائیں گی، اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زربھجوانے میں مشکلات دور کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    اس سلسلے میں وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھی ہنگامی اقدامات کی ہدایت دی، عمران خان نے مزید کہا کہ ترسیلات زر سے متعلق رکاوٹیں دور کرنے کیلئے فاسٹ ٹریک پر کام کریں، متعلقہ ادارے قانونی طریقہ کارسے رقم بھیجنے میں آسانی کیلئے اقدامات کریں، بیرون ملک پاکستانی ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، نادرا اور ایف بی آر ترسیلات زر کا الیکٹرانک نظام ترتیب دیں۔

    اجلاس میں ملک میں تارکین وطن کی جائیدادوں پر قبضوں کی روک تھام پر مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی زمین پر قبضہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا، اس کیلئے صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری ایکشن کی ہدایات دے دی گئیں۔

    اس کے علاوہ اجلاس میں ملک چھوڑ کرجانے والوں کی جائیداد کی حفاظت کیلئے مؤثر قوانین بنانے کا اعلان کیا گیا،ایسی جائیدادوں کے تنازعات کے حل کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام پر غور کیا گیا، وزیراعظم نے کہا کہ ملک چھوڑ کر جانے والوں کے لواحقین کی حفاظت ریاستی ذمہ داری ہے۔

    اجلاس میں ترسیلات زر بھیجنے والوں کیلئے ٹیکس چھوٹ سمیت دیگر رعایات پر بھی غور کیا گیا،اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا جامع ریکارڈ ترتیب دینے کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے نادرا اور وزارت اوورسیز کے حکام کو مذکورہ ریکارڈ ترتیب دینے کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کردی گئی اس کے علاوہ  اوورسیز پاکستانیوں کے لواحقین کا ریکارڈ بھی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اوورسیز پاکستانیوں کیلئے تصدیقی عمل کی فیس 45سےکم کرکے10روپے کردی گئی، اس کے علاوہ تارکین وطن اور محنت کشوں کے لئے”نائیکوپ ” آپشنل قرار دیا گیا ہے، امیگریشن، اوورسیز پاکستانیوں کے مفت رابطے کا نظام 17اکتوبر سے فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

  • رواں برس سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد صفر

    رواں برس سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد صفر

    کراچی: انسداد پولیو کی صوبائی ٹاسک فورس کے مطابق مشترکہ کاوش سے سندھ میں اس سال پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، رواں برس 1 لاکھ 18 ہزار سے زائد بچوں کے والدین نے ویکسینیشن سے انکار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مشترکہ کاوش سے سندھ میں اس سال پولیو کا کیس رپورٹ نہیں ہوا، ہماری حکومت کی کمٹمنٹ ہے کہ پولیو کا خاتمہ کریں۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ ستمبر میں کراچی کے 11 مقامات سے نمونے لیے گئے، ستمبر میں سکھر سے پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ اپریل سے ستمبر تک کراچی میں ایک لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن نہ ہوسکی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک لاکھ 18 ہزار557 بچوں کے والدین نے ویکسی نیشن سے انکار کیا، 96 ہزار 906 بچوں کی گھر پر نہ ہونے کے باعث ویکسی نیشن نہ ہوسکی۔ دیہی سندھ میں 88 ہزار 464 بچے گھروں پر نہ ہونے کے سبب ویکسی نیشن سے محروم رہ گئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام اسکولوں میں ٹیم بھیج کر بچوں کی ویکسی نیشن کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صرف افغانستان اور پاکستان ہی دو ممالک ہیں جہاں پولیو پایا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کاوشیں مزید تیز اور بہتر کر کے پولیو کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہوگا۔

    خیال رہے کہ رواں برس اب تک ملک میں پولیو کے صرف 4 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 3 بلوچستان اور ایک خیبر پختونخواہ میں ہے۔

    سنہ 2017 میں پولیو کے 8 کیسز رپورٹ ہوئے، سنہ 2016 میں 20، سنہ 2015 میں 54 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    اینڈ پولیو پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں پولیو کیسز کی بلند ترین شرح سنہ 2014 میں دیکھی گئی جب ملک میں پولیو وائرس کے مریضوں کی تعداد 306 تک جا پہنچی تھی۔

    یہ شرح پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی۔ اس کے بعد پاکستان پر سفری پابندیاں بھی عائد کردی گئیں تھی۔ اسی سال پڑوسی ملک بھارت پولیو فری ملک بن گیا۔

  • جرمن وزیر خارجہ کی اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات، شام کی صورت حال پر گفتگو

    جرمن وزیر خارجہ کی اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات، شام کی صورت حال پر گفتگو

    واشنگٹن: جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کی، اس دوران شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں اپنے ہم منصب مائیک پامپیو سے ملاقات کی، اس دوران شام میں جرمن فوج بھیجے سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے معاملے پر جرمن حکام کی ہمیشہ سے امریکا کی حمایت رہی ہے، البتہ جرمن حکام نے شام میں اپنی فوج بھیجنے پر آمادہ نہیں ہوئے۔

    دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس پر اتفاق کیا گیا کہ کیمیائی حملوں کو روکنا از حد ضروری ہے۔ اسی ملاقات میں شام میں روس اور ایران کی اثراندازی کو بھی زیر بحث لایا گیا۔

    ادلب میں غیر عسکری علاقے سے شدت پسندوں کو نکالا جائے گا: ترک صدر

    مذکورہ ملاقات میں امریکا کی ایران جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی، خیال رہے کہ ماضی میں جرمنی کا ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے کے خلاف موقف سامنے آچکا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ترکی اور روسی سربراہان کے درمیان ملاقات روسی شہر سوچی میں ہوئی تھی، ملاقات تین گھنٹے طویل جاری رہی تھی، رجب طیب اردوگان اور ولادی میر پیوٹن نے شامی شہر ادلب میں غیر فوجی علاقے کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ترک اور روس نے فیصلہ کیا ہے کہ اس دوران اس علاقے سے النصرہ فرنٹ سمیت تمام شدت پسند باغی گروپوں کو وہاں سے باہر نکالا جائے گا۔

  • وزیراعظم سے گورنرسندھ کی ملاقات، کراچی کے ترقیاتی پیکیج پر تبادلہ خیال

    وزیراعظم سے گورنرسندھ کی ملاقات، کراچی کے ترقیاتی پیکیج پر تبادلہ خیال

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی، اس دوران شہرقائد کے لیے ترقیاتی پیکیج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کراچی کے ترقیاتی پیکیج گرین بس اور پانی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا، اس دوران انہوں نے گورنرسندھ کو تھر کا دورہ کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس گورنر ہاؤس سندھ کی بجائے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہوں گے

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ عمران خان نے کراچی کا دورہ کیا تھا، وزیراعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں انہیں گرین لائن منصوبے، کے فور اور کراچی پیکیج پر بریفنگ دی گئی تھی۔

    وزیرِ اعظم کے دورہ کراچی میں امن و امان سے متعلق اجلاس بھی تھا۔

    امن و امان سے متعلق اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیرِ اعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ نے شرکت کی تھی۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے دورے کراچی پر انھیں کراچی آپریشن پر بریفنگ دی گئی تھی۔ ایم کیو ایم کے وفد نے عمران خان سے ملاقات کی اور ضمنی انتخابات سمیت دیگر امور زیرِ غور آئیں تھے۔

  • مدارس کی خدمات کو نظر اندازکرکے دہشت گردی سے جوڑنا ناانصافی ہے، وزیراعظم

    مدارس کی خدمات کو نظر اندازکرکے دہشت گردی سے جوڑنا ناانصافی ہے، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مدرسوں کی خدمات نظر انداز کرکے دہشت گردی سے منسوب کرنا ناانصافی ہے، نصاب تعلیم کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ملاقات کیلئے آنے والے علمائے کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں دینی مدارس کے کردار، خدمات اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہرشعبے میں صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنا مدرسے کے طلبا کا حق ہے تعلیم میں اصلاحات کا بنیادی مقصد مدرسے کے بچے کو اوپر لانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کی خدمات کو نظر انداز کرکے انہیں دہشت گردی سے منسوب کرنا سراسر ناانصافی ہے، مدارس کو درپیش تمام مسائل علمائے کرام سے باہمی مشاورت کے ذریعے حل کریں گے۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ نصاب تعلیم کی بہتری پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملک میں3مختلف نظام تعلیم کی موجودگی قوم کی تقسیم کاباعث ہے، ایک قوم کی تعمیر کیلئے نظام اور نصاب تعلیم میں یکسانیت ضروری ہے۔

    اس موقع پر علماء کرام نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کے مثبت اقدامات کی بھرپور حمایت کریں گے۔

  • وزیراعظم پبلک ڈیلیوری یونٹ کا پہلا اجلاس 5 اکتوبر کو طلب

    وزیراعظم پبلک ڈیلیوری یونٹ کا پہلا اجلاس 5 اکتوبر کو طلب

    اسلام آباد: وزیراعظم پبلک ڈیلیوری یونٹ کا پہلا اجلاس 5 اکتوبر کو طلب کرلیا، اجلاس میں عوامی مسائل کے حل کیلئے حکمت عملی طے کی جائے گی، صوبائی سطح پربھی وزیراعظم پبلک ڈیلیوری یونٹ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پبلک ڈیلیوری یونٹ کا پہلا اجلاس5 اکتوبر کو طلب کرلیا، اجلاس پونے 11بجے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوگا، جس کی صدارت جوائنٹ سیکریٹری وزیراعظم ہاؤس کریں گے۔

    اجلاس میں تمام صوبوں کے2،2فوکل پرسنزشرکت کریں گے۔

    وزیراعظم پبلک ڈیلیوری یونٹ کے پہلے اجلاس میں عوامی مسائل کےحل کیلئے حکمت عملی طےکی جائے گی اور صوبائی حکومتوں کے فوکل پرسنز تحریری طور پر تجاویز پیش کریں گے۔

    صوبائی سطح پر بھی وزیراعظم پبلک ڈیلیوری یونٹ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم عوامی ڈلیوری یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

    گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے عوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدام اٹھاتے ہوئے عوامی ڈلیوری یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیا تھا، یونٹ کا سربراہ وفاقی سرکار کا افسر ہوگا اور تمام صوبوں کو نمائندگی دی جائے گی، چاروں صوبوں سے 2 ،2 افسر فوکل پرسن کے طور پر شامل ہوں گے۔

    سندھ حکومت نے حکومت کے ساتھ انتظامی امور کی سطح پر تعاون کا فیصلہ کیا اور سندھ اور وفاقی حکومت کے مابین تعاون کیلئے 2فوکل پرسن مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اس سلسلے میں سندھ حکومت نے وزیر اعظم سیکریٹریٹ کو 2افسران کے نام ارسال کردیئے۔

    افسران وزیراعظم،وفاقی سیکریٹریٹ کے فیصلوں پر عمل کرانے کے پابند ہوں گے۔