Tag: meeting

  • پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

    پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

    واشنگٹن : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدرنوئرٹ نے کہا ہے کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، امید ہے ملاقات میں مضبوط تعلقات کی راہ ہموار ہوگی۔

    یہ بات انہوں نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہی، ہیدرنوئرٹ نے کہا کہ امریکا نیو یارک میں ہونے والی پاک بھارت وزرائے خارجہ کی متوقع ملاقات تعلقات میں بہتری کی جانب قدم ہے، اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاک بھارت حکام کا ساتھ بیٹھنا اور معاملات پر بات چیت کرنا ایک مثبت پیغام ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور مودی نے بھی مثبت پیغامات کا تبادلہ کیا ہے، امید ہے ملاقات میں مضبوط تعلقات کی راہ ہموار ہوگی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو لکھے خط میں مذاکرات کی پیش کش کی تھی۔ وزیراعظم کا خط میں کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیراور دہشت گردی سمیت تمام مسائل بات چیت سے حل کرنا ہوں گے۔

    جس کے جواب میں بھارت نے پیشکش قبول کرتے ہوئے مثبت جواب دیا ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج کے درمیان27 ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کردی ہے۔

    ،مزید پڑھیں: بھارت نے ملاقات کی تجویز قبول کر لی، وزرائے خارجہ ملاقات 27 ستمبر کو ہوگی

    اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات نیویارک میں کھانے کے دوران ہوگی، ملاقات سے پاک بھارت مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

  • حکومت مزدوروں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کرے گی: گورنرسندھ

    حکومت مزدوروں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کرے گی: گورنرسندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت مزدوروں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کرے گی، محنت کش طبقہ ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل سے محتسب جسٹس(ر) شاہنواز طارق نے ملاقات کی، اس دوران کارکردگی، فوری انصاف اور محنت کشوں کے استحصال کے خلاف اقدامات پر گفتگو ہوئی۔

    اس موقع پر عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ محنت کش پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں کسی کے ساتھ بھی زیادتی کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔

    گورنر سندھ کا دیگر موضوع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خواتین کو ہراساں کیے جانے کی شکایات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے ملاقات کی تھی، اس دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    گورنر سندھ سے صدر آزاد کشمیر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    اُس موقع پر عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے جسےغصب نہیں کیا جاسکتا، کشمیریوں کو مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دینا ضروری ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ موجودہ حکومت کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی، کشمیروں کے حقوق چھینے نہیں جاسکتے۔

  • ادلب کے معاملے پر ترکی اور روس کی ڈیل، اقوام متحدہ نے خوش آئند قرار دے دیا

    ادلب کے معاملے پر ترکی اور روس کی ڈیل، اقوام متحدہ نے خوش آئند قرار دے دیا

    نیویارک: شامی شہر ادلب کے معاملے پر روس اور ترکی کے درمیان اہم ڈیل ہوئی جسے اقوام متحدہ نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور ترک صدر رجب طیب اردوگان کی ملاقات ہوئی تھی، اس دوران دونوں ملکوں کے سربراہان کی جانب سے شامی شہر ادلب میں غیر فوجی علاقے کے قیام پر اتفاق کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی اس ڈیل کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

    اپنے بیان میں انٹونیو گوٹیرش کا کہنا تھا کہ ادلب کو غیر فوجی علاقہ بنانے کے نتیجے میں لاکھوں شہریوں کی مشکلات آسان ہو جائیں گی۔

    انہوں نے ادلب کی خانہ جنگی کے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس ڈیل کو کامیاب بنانے کی خاطر بھرپور کوشش کریں تاکہ وہاں جاری بحرانی صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔

    ترک اور روسی صدور کے درمیان ملاقات، شام میں غیر فوجی علاقے کے قیام پر اتفاق

    خیال رہے کہ گذشتہ روز ترکی اور روسی سربراہان کے درمیان ملاقات روسی شہر سوچی میں ہوئی تھی، ملاقات تین گھنٹے طویل جاری رہی تھی، رجب طیب اردوگان اور ولادی میر پیوٹن نے شامی شہر ادلب میں غیر فوجی علاقے کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ترک اور روس نے فیصلہ کیا ہے کہ اس دوران اس علاقے سے النصرہ فرنٹ سمیت تمام شدت پسند باغی گروپوں کو وہاں سے باہر نکالا جائے گا۔

    اس سے قبل ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے شام میں روسی حملوں کے تناظر میں کہا تھا کہ اس کی قیمیت پوری دنیا کو ادا کرنی پڑے گی۔

  • پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، نئے صدر مملکت آج پہلا خطاب کریں گے

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، نئے صدر مملکت آج پہلا خطاب کریں گے

    اسلام آباد: بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث موخر کیا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، نئے صدر مملکت عارف علوی پہلا خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث گذشتہ دنوں ہونے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کردیا گیا تھا جو کہ آج ہوگا۔

    ملک کے نئے صدر ڈاکٹر عارف علوی اجلاس سے اپنا پہلا خطاب کریں گے، اجلاس میں نون لیگ دھاندلیوں کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن کے قیام کے مطالبے پر احتجاج کرے گی۔

    اخراجات کی بچت، صدر اور وزیرِ اعظم ایک ہی طیارے میں اسلام آباد روانہ

    اجلاس میں گورنرز، وزرائے اعلیٰ، مسلح افواج کےسربراہان اور سفارتکار سمیت اعلی شخصیات شریک ہوں گے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی حلف برداری کے بعد کراچی کا باقاعدہ دورہ کیا، انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی تھی۔

    قائد اعظم کے مزار پر حاضری کے موقع پر ان کے ہمراہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی سمیت شہر کی معزز شخصیات موجود تھیں۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورۂ کراچی ختم کر کے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ہم راہ ایک ہی طیارے میں اسلام آباد روانہ ہوچکے ہیں۔

  • جنوبی کوریا کے سربراہ آئندہ ہفتے کم جونگ ان سے ملاقات کریں گے

    جنوبی کوریا کے سربراہ آئندہ ہفتے کم جونگ ان سے ملاقات کریں گے

    پیانگ یانگ: جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان آئندہ ہفتے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر جنوبی کوریا آئندہ ہفتے شمالی کوریا کا دورہ کریں گے، اسی دوران دونوں ملکوں کے سربراہان کے درمیان ملاقات ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کم جونگ ان اور مون جے ان کی ملاقات شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں ہوگی، جہاں جوہری ہتھیاروں سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو ملکی سربراہان کی اس ملاقات میں کوشش کی جائے گی کہ امریکا اور شمالی کوریا کے مابین جوہری مذاکرات میں پائے جانے والے تعطّل ختم کیا جائے۔

    خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں ان دونوں رہنماؤں کی یہ تیسری ملاقات ہوگی، خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے کے موضوع پر بھی گفتگو ہوگی۔

    کم جونگ کا ٹرمپ کو خط، دوبارہ ملاقات کی خواہش کا اظہار

    اس سے قبل جنوبی کوریائی صدر مون جے ان کے خصوصی مندوب نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کی تھی اور انہیں جنوبی کوریا کے صدر کا خصوصی خط بھی پیش کیا تھا۔

    یاد رہے کہ مون جے ان اور کم جونگ ان نے تاریخی ملاقات رواں سال اپریل میں کی تھی، صدر شمالی کوریا خصوصی ملاقات کے لیے جنوبی کوریا پہنچے تھے۔

    تاریخی ملاقات کے بعد جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات میں بہتری آنے لگی

    بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے باہمی جنگ کے خاتمے کے اعلان کے ساتھ ساتھ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ پر بھی اتفاق کیا تھا۔

  • کے فور منصوبے کیلئے وفاق فنڈ دے، جلد پیسے ملیں گے تو کام شروع ہوگا: میئر کراچی

    کے فور منصوبے کیلئے وفاق فنڈ دے، جلد پیسے ملیں گے تو کام شروع ہوگا: میئر کراچی

    کراچی: شہرقائد کے میئر وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے فور منصوبے کے لیے وفاق فنڈ دے، جلد پیسے ملیں گے تو کام شروع ہوگا، اب گیند وفاقی حکومت کی کورٹ میں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات امید افزا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے کہا کراچی کے مسائل جلد حل کیے جائیں، اب گیند وفاقی حکومت کی کورٹ میں ہے، شہر کو مسائل سے نکالیں گے۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کچرے کی وجہ سے کراچی میں لوگ بیمار ہورہے ہیں، شہر میں کچرے کا مسئلہ سنگین ہے اسے جلد حل کرنے کی ضرورت ہے۔

    ایم کیو ایم نے وزیرِ اعظم عمران خان کو لاپتا افراد کی فہرست پیش کر دی

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بنگالی کراچی میں پیدا ہوئے ان کے مسائل حل ہونے چاہئیں، شناخت کے لیے انہیں دربدر کی ٹھوکریں کھانا پڑتی ہیں۔

    خیال رہے کہ آج کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے وزیرِ اعظم سے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی، وفد نے دیگر مطالبات کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم عمران خان کو اپنے لاپتا کارکنوں کی فہرست بھی دی۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، انھوں نے دورے کا آغاز مزارِ قائد پر حاضری سے کیا، کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ مزار قائد گئے۔

  • ترک صدر اپنے روسی ہم منصب سے پیر کو ملاقات کریں گے

    ترک صدر اپنے روسی ہم منصب سے پیر کو ملاقات کریں گے

    انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوگان اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے پیر کو ملاقات کریں گے، اس دوران شام کے موضوع پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی اور روس کے سربراہان کے درمیان ملاقات 17 ستمبر کو روسی شہر سوچی میں ہوگی، جہاں شامی شہر ادلب کی صورت حال پر گفتگو ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور ترک صدر رجب طیب اردوگان کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تصدیق ترک وزارت خارجہ نے کردی ہے۔

    شام میں ہماری سنجیدگی کا امتحان نہ لیا جائے، نکی ہیلی

    دونوں صدور کے درمیان ہونے والی اس اہم ملاقات میں شام کے علاقے اِدلب میں ملکی فوج کے باغیوں کے خلاف ممکنہ عسکری آپریشن سے پیدا ہونے والی صورت حال پر بھی بات کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے شام میں روسی حملوں کے تناظر میں کہا تھا کہ اس کی قیمیت پوری دنیا کو ادا کرنی پڑے گی۔

    شامی شہر ادلب کی صورت حال، ترکی کے بعد فرانس نے بھی خبردار کردیا

    انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ شامی شہر ادلب پر حملہ ترکی سمیت دیگر یورپی ممالک کے لیے بھی سیکیورٹی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔

    یاد ہے کہ گذشتہ دنوں شام کے معاملے پر روس، ترکی اور ایرانی سربراہان کے درمیان اہم ملاقات تہران میں ہوئی تھی جس میں فوجی کارروائیوں کے بجائے مذاکرات کے ذریعے شامی جنگی صورت حال کا حل نکالنے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ میں تعینات امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا ہے کہ شام میں کیمیائی ہتھیار کے استعمال کی صورت میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عسکری طاقت کا سہارا لینے سے متعلق ارادے کا امتحان نہ لیا جائے۔

  • تجارتی جنگ، مذاکرات کے لیے امریکا نے چینی حکام کو مدعو کرلیا

    تجارتی جنگ، مذاکرات کے لیے امریکا نے چینی حکام کو مدعو کرلیا

    واشنگٹن: چین اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی جنگ سے متعلق امریکی انتظامیہ نے مذاکرات کے لیے چینی حکام کو مدعو کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی انتظامیہ کی جانب سے تجارتی ڈیل کے حوالے سے چینی حکام کو مدعو کرنے پر صدر ٹرمپ نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک اعلیٰ اقتصادی مشیر نے بتایا ہے کہ انتظامیہ نے مذاکرات کی بحالی کی خاطر چینی حکام کو امریکا مدعو کرلیا ہے۔

    دوسری جانب صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ چینی حکام کے مذاکرات سے متعلق امریکا آنے پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے بجائے چینی حکام پر دباؤ ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ڈیل کرے۔

    تجارتی جنگ: امریکا نے چینی درآمدات پر دوسری مرتبہ اضافی ٹیکس عائد کردیے

    امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری تجارتی مارکیٹ میں کسی قسم کا کوئی خسارہ نہیں بلکہ امریکی مارکیٹ میں بہتری آئی ہے جبکہ چینی مارکیٹ میں مندی کا سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ جاری ہے، گذشتہ ماہ امریکی حکام نے چینی درآمدات پر مزید 16 ارب ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کیے تھے، جبکہ چینی حکومت بھی مذکورہ اقدامات کا بھرپور جواب دے رہی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی اضافی محصولات کے جواب میں چین نے بھی بلاتاخیر امریکی منصوعات پر 16 ارب ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کیا تھا، اور حکام نے یہ بھی عندیہ دیا تھا کہ ہر امریکی فیصلوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

  • سندھ کابینہ کا ہنگامی اجلاس کل طلب، 9 ماہ کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی

    سندھ کابینہ کا ہنگامی اجلاس کل طلب، 9 ماہ کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی

    کراچی: سندھ کابینہ کا ہنگامی اجلاس کل طلب کرلیا گیا، اجلاس میں 9 ماہ کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کا ہنگامی اجلاس کل ہوگا، سندھ کابینہ کے ایجنڈے میں وزرا کی لگژری گاڑیوں کا استعمال بھی شامل ہے۔

    اجلاس میں نوماہ کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی، جبکہ ایجنڈے میں وزرا کی لگژری گاڑیوں کا استعمال بھی شامل ہے، سپریم کورٹ نے لگژری گاڑیوں کے استعمال سے منع کردیا تھا۔

    دوسری جانب گذشتہ ہفتے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا تھا کہ اگر کسی کو اعتراض ہے تو سرکاری گاڑیاں بیچنے کے لیے تیار ہیں، میرے ساتھ کوئی بڑا پروٹوکول نہیں ہوتا۔

    سندھ کابینہ کا 2 ماہ سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر اظہار تشویش

    خیال رہے کہ رواں سال اگست میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت نئی کابینہ کے پہلے اجلاس میں کراچی میں دو ماہ سے اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

    مذکورہ اجلاس میں اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لیے کابینہ نے سخت قوانین بنانے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔

    اگر کسی کو اعتراض ہے تو سرکاری گاڑیاں بیچنے کے لیے تیار ہیں: آغا سراج درانی

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ شہریوں کے جان ومال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، مجھے سب پتا ہے کوتاہیاں کہاں ہو رہی ہیں۔

  • گورنر سندھ سے صدر آزاد کشمیر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    گورنر سندھ سے صدر آزاد کشمیر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے ملاقات کی، اس دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں مسئلہ کشمیر، عوامی فلاح و بہبود اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

    اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے جسےغصب نہیں کیا جاسکتا، کشمیریوں کو مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دینا ضروری ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی، کشمیروں کے حقوق چھینے نہیں جاسکتے۔

    صدر آزاد کشمیرنےمسئلہ کشمیرکےحل کےلیے6 نکاتی ایجنڈا پیش کردیا

    دریں اثنا صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت پر حکومت پاکستان اور عوام کے مشکور ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں سال مئی میں صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مذاکرات میں شامل کیا جائے۔

    صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے پاک امریکی کانگرس سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے 6 نکاتی ایجنڈا بھی پیش کیا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں مسعود خان نے کہا تھا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے قتل وغارت اورظلم و بربریت کے باوجود کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت حاصل کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔