Tag: meeting

  • جرمن چانسلر کی فرانسیسی صدر سے ملاقات، بریگزٹ معاملے پر تبادلہ خیال

    جرمن چانسلر کی فرانسیسی صدر سے ملاقات، بریگزٹ معاملے پر تبادلہ خیال

    پیرس: جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون سے ملاقات کی، اس دروان بریگزٹ سمیت اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انجیلا مرکل اور ایمانوئیل میکرون کی ملاقات فرانس کے شہر مرسیلی میں ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے بریگزٹ کے علاوہ مہاجرین کے معاملے پر بھی گفتگو کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر اور فرانسیسی صدر نے ملاقات کے دوران مہاجرت، یورو زون میں اصلاحات اور بریگزٹ جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    دوسری جانب آسٹریا کے شہر سالزبرت میں 20 ستمبر کو یورپی یونین کی ایک اہم سمٹ ہونے جارہی ہے، جس میں مہاجرین اور بریگزٹ سمیت دیگر موضوعات زیر بحث آئیں گے۔

    علاوہ ازیں بین الاقوامی تعلقات کے ماہرین کی جانب سے انجیلا اور میکرون کی ملاقات کو اہم قرار دیا گیا ہے۔

    بریگزٹ مذاکرات: برطانیہ اور یورپی یونین کا تجارتی معاملات پر اختلاف برقرار

    خیال رہے کہ گذشتہ روز بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں بریگزٹ معاملے پر برطانیہ اور یورپی یونین کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے جس میں فریقین میں اختلاف بدستور برقرار رہا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بریگزٹ کے بعد افریقہ میں برطانوی سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان کیا تھا، ان کی خواہش ہے برطانیہ افریقی ممالک میں سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک بن جائے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ جون میں برطانیہ کی وزیر اعظم نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حوالے مذاکرات خود کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ وزیر برائے بریگزٹ کو بریگزٹ کے حوالے سے ملک کے داخلی معاملات پر توجہ دینے کی ذمہ دی تھی۔

  • ایرانی، ترکی اور روسی صدور کی ملاقات، شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    ایرانی، ترکی اور روسی صدور کی ملاقات، شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی، روس کے سربراہ ولادی میر پیوٹن اور ترک صدر رجب طیب اردوگان کے درمیان ملاقات ہوئی اس دوران شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق روس، ترکی اور ایران کے سربراہان کے درمیان اہم ملاقات ایران کے دارالحکومت تہران میں ہوئی جہاں شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات میں تینوں ملکوں کی جانب سے متفقہ فیصلہ سامنے آیا ہے کہ شام کے حالات کا سیاسی حل ممکن ہے۔

    مذاکرات میں ایران اور روس نے شامی صوبے ادلب کو باغیوں سے چھڑانے کے لیے فوجی آپریشن کی حمایت کی جبکہ ترکی نے جنگ بندی کی اپیل کی۔

    شام کا معاملہ: ترک، ایران اور روسی سربراہان کا اہم اجلاس

    خیال رہے کہ ان دنوں شامی صوبے ادلب میں شدید خانہ جنگی کی صورت حال ہے، اسی سے متعلق تینوں ملکوں نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی ہے کہ شام میں باغیوں کے زیر قبضہ ادلب صوبے کے تنازعے کا فوجی حل ممکن نہیں ہے۔

    علاوہ ازیں ترک صدر رجب طیب اردوگان نے شامی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ شمال مغربی شامی صوبے ادلب میں جنگ بندی کا اعلان کرے، مسئلے کا مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل نکالا جانا چاہیے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 4 اپریل کو بدھ کے روز ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوگان کی زیر صدرات شام میں جاری بحران کے حوالے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں ایرانی صدر حسن روحانی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شرکت کی تھی۔

    واضح رہے کہ مذکورہ اجلاس میں ترکی، ایران، اور روس نے شام میں قیام امن کے لیے اپنی کوششیں تیز کرتے ہوئے بحران زدہ ملک میں قائم حفاظتی علاقوں میں موجود شہریوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ طور پر ہر ممکن اقدامات کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

  • بریگزٹ مذاکرات: برطانیہ اور یورپی یونین کا تجارتی معاملات پر اختلاف برقرار

    بریگزٹ مذاکرات: برطانیہ اور یورپی یونین کا تجارتی معاملات پر اختلاف برقرار

    لندن: بریگزٹ سے متعلق ہونے والے مذاکرات میں برطانیہ اور یورپی یونین کا اختلاف برقرار رہا جبکہ فریقین نے جلد معاملات طے کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں بریگزٹ معاملے پر برطانیہ اور یورپی یونین کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے جبکہ فریقین میں اختلاف بدستور برقرار ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برسلز میں ہونے والے مذاکرات میں برطانوی بریگزٹ وزیر ڈومنیک راب کے ساتھ یورپی یونین کے مذاکرات کار مشیل بارنیئر نے بات چیت میں حصہ لیا۔

    بریگزٹ مذاکرات میں سب سے اہم تجارتی معاملات پر بات چیت ہوئی، مذکورہ موضوع پر اختلاف کے باعث فریقین نے اختلافاتی امور کو اگلے مہینے ہونے والی یونین سمٹ سے قبل طے کرنا اہم قرار دیا ہے۔

    بریگزٹ: تھریسا مے نئی منڈیوں کی تلاش میں افریقی ممالک کے دورے پر

    خیال رہے کہ اختلافات کی وجہ برطانوی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی سے متعلق ہے، برسلز حکام بھی یہی چاہتے ہیں کہ برطانیہ بھی جواباً یونین کے ملکوں کی مصنوعات کو درآمدی رعایتیں دے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بریگزٹ کے بعد افریقہ میں برطانوی سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان کیا تھا، ان کی خواہش ہے برطانیہ افریقی ممالک میں سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک بن جائے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ جون میں برطانیہ کی وزیر اعظم نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حوالے مذاکرات خود کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ وزیر برائے بریگزٹ کو بریگزٹ کے حوالے سے ملک کے داخلی معاملات پر توجہ دینے کی ذمہ دی تھی۔

  • عمر کوٹ، سانگھڑ، ٹھٹھہ اور کوہستان کے 30 موضعات قحط زدہ قرار

    عمر کوٹ، سانگھڑ، ٹھٹھہ اور کوہستان کے 30 موضعات قحط زدہ قرار

    اسلام آباد: سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے قلت آب کے اجلاس میں صوبہ سندھ کے عمر کوٹ، سانگھڑ، ٹھٹھہ اور کوہستان کے 30 موضعات کو قحط زدہ قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے قلت آب کا اجلاس سینیٹر مولا بخش چانڈیو کی زیر صدارت ہوا۔

    اجلاس میں اراکین نے 6 ستمبر پر افواج پاکستان اور شہدا کو سلام عقیدت پیش کیا۔ قائمہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں مسلح افواج کا کردار قابل فخر ہے، ہمیں اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں پر فخر ہے۔

    سیکریٹری آبی وسائل شمائل خواجہ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے دریاؤں میں137 ایکڑ فٹ پانی آتا ہے، ہم ایک کروڑ 37 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کر سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں 35 سے 36 دن کا پانی ذخیرہ کر سکتے ہیں، بھارت 320 دن کا پانی کا ذخیرہ کر سکتا ہے، صوبوں نے 2030 تک مزید 10 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرے پر اتفاق کیا۔

    سیکریٹری نے بتایا کہ 263 بلین ڈیموں کی تعمیر کے لیے مختص کیے گئے ہیں، 90 سے 95 فیصد پانی نہروں کے ذریعے آبپاشی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، نہروں کے ذریعے 50 فیصد کنوینس لاسز ہیں۔ کنوینس لاسز میں سے 30 فیصد پانی آسانی سے بچایا جا سکتا ہے۔

    سینیٹر اور چیئرمین کمیٹی مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ مسئلے نے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ سیکریٹری نے کہا کہ میں اپنی کوتاہی کا اعتراف کروں گا کچھ پوشیدہ نہیں رکھوں گا، کچھی کینال پر 80 ارب روپے خرچ کیے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ جب تک صوبے اور وفاق مل کر سائن نہیں کریں گے میں دستخط نہیں کروں گا، بلوچستان کے آبپاشی کے نظام کے لیے مربوط منصوبہ بنا رہے ہیں۔ بلوچستان حکومت کو کہا ہے ایک بڑی اسکیم لائیں۔

    کمیٹی کی جانب سے کہا گیا کہ دراوٹ اور کچھی کینال منصوبے پر الگ سے بریفنگ دیں۔

    انڈس ریور سسٹم اتھارٹی سندھ (ارسا) کے نمائندے نے کمیٹی کو بتایا کہ ارسا میں 4 ممبران ایک طرف اور میں ایک طرف ہوتا ہوں، ارسا ایکٹ میں فیصلے اکثریت کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔ مشرف دور میں قانون بنایا گیا تھاچیئرمین ارسا سندھ سے ہو۔

    اجلاس میں سینیٹر سسی پلیجو ممبرسندھ ارسا پر برس پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے پانی ضائع ہو رہا ہے کہاں ضائع ہو رہا ہے؟ اگر ممبرسندھ ارسا کی بات نہیں مانی جاتی تو وہ سیٹ چھوڑ دیں۔ ’آپ کی وجہ سے سندھ نے نقصان اٹھایا ہے‘۔

    اجلاس میں سندھ کے عمر کوٹ، سانگھڑ، ٹھٹھہ اور کوہستان کے 30 موضعات کو قحط زدہ قرار دے دیا گیا۔

  • کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھیں گے، عمران خان

    کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھیں گے، عمران خان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مؤثر کردار ادا کرے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں صدر آزاد کشمیر مسعود خان سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں کشمیر کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے اسلام آباد میں عمران خان سے ملاقات کر کے انہیں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

    اس موقع پر دونوں شخصیات میں آزاد کشمیر کی صورتحال، امن وامان اور سماجی و معاشی ترقی سے متعلق گفتگو ہوئی۔صدر آزاد کشمیر نے وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی فوج مظالم سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی ظلم وبربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی،ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

  • تاریخی ملاقات کے بعد جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات میں بہتری آنے لگی

    تاریخی ملاقات کے بعد جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات میں بہتری آنے لگی

    سیئول: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان اور جنوبی کوریا کے سربراہ مون جے ان کے درمیان ہونے والی تاریخی ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی اور جنوبی کوریائی ممالک گذشتہ کئی سالوں سے ایک دوسرے کے حریف رہے ہیں، ماضی میں ایک دوسرے کے ملکوں کو تباہ کرنے جیسی سنگین دھمکیاں بھی دے چکے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریائی صدر کے خصوصی مندوب آج شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کریں گے اور جنوبی کوریا کے صدر کا خط انہیں پیش کریں گے۔

    مذکوہ خط سے متعلق حکام نے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں، جبکہ بین الاقوامی تعلقات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مون جے ان شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے اپنا پیغام دیں گے۔

    خیال رہے کہ مون جے ان اور کم جونگ ان نے تاریخی ملاقات رواں سال اپریل میں کی تھی، صدر شمالی کوریا خصوصی ملاقات کے لیے جنوبی کوریا پہنچے تھے۔

    کم جونگ ان کی جنوبی کوریا آمد، پرتباک استقبال، تاریخی ملاقات

    بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے باہمی جنگ کے خاتمے کے اعلان کے ساتھ ساتھ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ پر بھی اتفاق کیا تھا۔

    واضح رہے کہ سرحدی علاقوں میں لوگوں کی جانب سے دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے حق اور مخالفت میں مظاہرے بھی کیے گئے تھے، جبکہ عالمی ماہرین نے موقف اختیار کیا تھا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات خطے کے لیے موثر ثابت ہوگی اور جنگی صورت حال کے خاتمے کا پہلا قدم ہوگا۔

  • پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او کی تقرری کا فیصلہ نہ ہوسکا، نام وفاق کو ارسال

    پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او کی تقرری کا فیصلہ نہ ہوسکا، نام وفاق کو ارسال

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار پانے کے بعد ادارے کا بورڈ آف ڈائریکٹرز قائم مقام سی ای او کا فیصلہ نہ کرسکا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول اپنی ذمہ داریوں سے الگ ہوگئے ہیں۔

    ادارے میں سی ای او کی تعیناتی سے متعلق پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری ثاقب عزیز ذاتی طور پر چیف کمرشل افسر کی تعیناتی کے حق میں ہیں، سیکریٹری ایوی ایشن کی سربراہی میں قائم کمیٹی سی ای او کا فیصلہ نہ کرسکی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں قائم مقام چیف ایگزیکٹو افسر کا معاملہ وفاق کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاق کو قائم مقام سی ای او کے لئے3سے 4نام بھجوائیں گے۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار

    مجوزہ طور پر نیئرحیات، اعجاز مظہر ،عامر علی کے نام بھیجے جائیں گے، اس کے علاوہ ان ناموں میں سابق ایم ڈی اور بورڈ رکن طارق کرمانی اور چیف ایچ آر کا نام بھی شامل ہیں۔

  • شام کا معاملہ: ترک، ایران اور روسی سربراہان کا اہم اجلاس

    شام کا معاملہ: ترک، ایران اور روسی سربراہان کا اہم اجلاس

    تہران: شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ترک، ایران اور روسی سربراہان کا اہم اجلاس 7 ستمبر کو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی دارالحکومت تہران میں ہوانے والے اہم اجلاس میں ترک صدر رجب طیب اردوگان، ایرانی صدر حسن روحانی اور روس کے سربراہ ولادی میرپیوٹن شرکت کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے مطابق اجلاس رواں ماہ 7 ستمبر (جمعہ) کو ہوگا، جہاں پیوٹن، اردوگان اور حسن روحانی شامی موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے اور مستقبل کا لائحہ بھی طے ہونا ممکن ہے۔

    روسی حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ولادی میر پیوٹن کا دورہ تہران ورکنگ ہے یعنی وہ اس میٹنگ میں شرکت کے بعد واپس روانہ ہو جائیں گے۔

    بیان کے مطابق روسی صدر کے دورے کے موقع پر ایرانی حکام سے بہتر تعلقات پر تبادلہ خیال ممکن ہے، دونوں ملکوں کے صدر باہمی تعلقات پر بھی بات چیت کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    انقرہ اجلاس: شام میں امن کے لیے روس، ایران اور ترکی کامشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق

    خیال رہے کہ رواں سال 4 اپریل کو بدھ کے روز ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوگان کی زیر صدرات شام میں جاری بحران کے حوالے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں ایرانی صدر حسن روحانی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شرکت کی تھی۔

    واضح رہے کہ مذکورہ اجلاس میں ترکی، ایران، اور روس نے شام میں قیام امن کے لیے اپنی کوششیں تیز کرتے ہوئے بحران زدہ ملک میں قائم حفاظتی علاقوں میں موجود شہریوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ طور پر ہر ممکن اقدامات کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

  • پاکستان کے تیرہویں صدرمملکت کا انتخاب آج ہوگا

    پاکستان کے تیرہویں صدرمملکت کا انتخاب آج ہوگا

    اسلام آباد:  پاکستان کے  تیرہویں صدر کا انتخاب  آج چار ستمبر کو ہوگا ، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے لیے انتظامات مکمل کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق آج ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے تحریک انصاف کے عارف علوی ، پیپلز پارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن اور مسلم لیگ ن سمیت متحدہ اپوزیشن کی جانب سے مولانا فضل الرحمن میدان  میں ہیں۔

    صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات 27 اگست کو جمع کروائے  گئے جن کی جانچ پڑتال 29 اگست کو  مکمل کرکے تیس اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی گئی۔

    صدارتی انتخاب کے لیے 5 پولنگ اسٹیشنز بنائیں گئے ہیں۔ صوبائی اسمبلیوں اور پارلیمنٹ کی عمارت کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد اورچاروں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس کو پریزائیڈنگ افسران مقرر کیا گیا ہے۔

    صدارتی انتخاب کے لیے پریزائیڈنگ افسران اور عملے کی تقرری بھی کردی گئی جبکہ عملے اور پریزائیڈنگ افسران کو انتخاب کا طریقہ کار بتا دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کےمطابق صدارتی انتخاب کے لیے ایک ہزار بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔


    صدارتی انتخاب کا طریقہ کار

    مملکت خداداد پاکستان میں صدارتی انتخاب کا الیکٹورل کالج پارلیمنٹ یعنی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے علاوہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے کل 11 سو 70 ارکان پر مشتمل ہوتا ہے لیکن ان میں سے ہر رکن کا ایک ووٹ شمار نہیں کیا جاتا۔

    آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے سب سے چھوٹی اسمبلی یعنی بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی مناسبت سے ہر صوبائی اسمبلی کے پینسٹھ ووٹ شمار ہوتے ہیں جبکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ہر رکن کا ایک ووٹ گنا جائے گا۔

    اس طرح مجموعی ووٹوں کی تعداد 702 بنتی ہے۔ ان میں سے اکثریتی ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار ملک کا صدر منتخب ہو گا۔ نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ قومی اسمبلی، سینٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

    اسلام آباد کے پارلیمنٹ ہاؤس میں پریزائیڈنگ افسر چیف الیکشن کمشنر جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے پریزائیڈنگ افسران متعلقہ صوبے کے ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز ہوں گے۔

    آئین میں درج طریقے کے مطابق پریزائڈنگ افسر ہر رکن کو اس کی متعلقہ اسمبلی ہال کے اندر ایک بیلٹ پیپر فراہم کرے گا جس میں صدارتی امیدواروں کے نام چھپے ہوں گے۔

    ہر رکن خفیہ طریقے سے اپنے پسندیدہ امیدوار کے نام کے سامنے نشان لگا کر اس کے حق میں اپنا ووٹ دے گا۔ یہ بیلٹ پیپر پریزائڈنگ افسر کے سامنے پڑے ہوئے بیلٹ بکس میں ڈالا جائے گا۔

    پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ہر پریزائڈنگ افسر انتخاب لڑنے والے امیدواروں یا ان کے نمائندوں کے سامنے بیلٹ بکس کھولے گا اور اس میں موجود ووٹ ان افراد کے سامنے گنے جائیں گے۔ ووٹوں کی اس گنتی سے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کیا جائے گا۔

    چیف الیکشن کمشنر چاروں صوبائی اسمبلیوں، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد انہیں اکٹھا کریں گے اور زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے شخص کو  ملک کا منتخب صدرقرار دیں گے۔

    اگر دو یا زیادہ امیدوار ایک جتنے ووٹ حاصل کریں تو فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا۔

    چیف الیکشن کمشنر گنتی مکمل ہونے کے بعد منتخب امیدوار کے نام کا اسی وقت قومی اسمبلی میں اعلان کریں گے اور اس سے وفاقی حکومت کو بھی آگاہ کریں گے جو ان نتائج کا سرکاری اعلان کرے گی۔ نو منتخب صدر سے ملک کے چیف جسٹس آئین کے مطابق حلف لیں گے۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے

    اسلام آباد : حکومت نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے قوانین کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کرلیا،  وزیر اعظم عمران خان نے  اٹارنی جنرل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرخزانہ اسدعمر، وزیرمملکت داخلہ، مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ودیگر نے شرکت کی۔

    اس موقع پر حوالہ ہنڈی کی روک تھام کے لئے قوانین میں ترامیم مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا،وزیراعظم نے حوالہ ہنڈی کی روک تھام سے متعلق کمیٹی قائم کردی جو ایک ہفتے کے اندر سفارشات مرتب کرکے وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

    اٹارنی جنرل کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں کسٹم، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور ایف آئی اے ارکان شامل ہوں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت داخلہ انتظامی اقدامات پر اپنی سفارشات مرتب کرے۔