Tag: meeting

  • کراچی میں جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران اسماعیل

    کراچی میں جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران اسماعیل

    کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی میں جدید سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔

    یہ بات انہوں نے میئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، گورنر سندھ عمران اسماعیل سے میئر کراچی وسیم اختر نے ملاقات کی۔

    اس موقع پر وفاق کے تعاون سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بلدیہ عظمیٰ کے مسائل اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں کراچی میں ترجیحی بنیادوں پر شروع کئے جانے والے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

    گورنرسندھ کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی وخوشحالی کیلئے کاوشیں کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، کراچی میں جدید سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم عمران خان کراچی کی ترقی وخوشحالی کیلئے دلچسپی رکھتے ہیں۔

    عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے شہر کی ترقی وخوشحالی پرجامع رپورٹ تیارکروں، وزیراعظم جلد کراچی کا دورہ بھی کریں گے، وزیراعظم کراچی کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں پراہم ہدایات دیں گے، کراچی میں نکاسی و فراہمی آب اورصفائی کے مسائل حل طلب ہیں۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، شہر کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی، سندھ کے عوام کو موجودہ حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، وفاقی حکومت عوام کے اس اعتماد پر ہر صورت پورا اترے گی۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے مسائل کیلئے وفاق کا تعاون ناگزیر ہے، تعاون سے جاری منصوبوں میں مشکلات کے خاتمہ میں مدد ملےگی۔

  • منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا: وزیر اعظم

    منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں وفاقی وزیر برائے داخلہ، وزیر خزانہ اسد عمر اوروزیر تجارت سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو کم آمدن طبقے کے لیے گھروں کی فراہمی کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 5 لاکھ گھروں کی فوری تعمیر اولین ترجیح ہے، گھروں کی تعمیر کے لیے نجی شعبہ آگے آئے۔ منصوبہ رہائشی مسائل کاحل اور اقتصادی ترقی کا باعث ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ رہائشی منصوبے سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، بے گھر کیے بغیر کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کی پالیسی بنانا ہوگی۔ منصوبے پر عملدر آمد اور روڈ میپ کے لیے سیکریٹری ہاؤسنگ کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کردی گئی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات سے متعلق بریفنگ  دینے کے ساتھ ساتھ ایف اے ٹی ایف کی شرائط اور ہنڈی کے خاتمے سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کومخاطب کرکے کہا کہ ہنڈی کی بجائے بذریعہ بینک اپنی رقوم وطن بھجوا کر پاکستان کی تعمیروترقی میں اپنا کردارادا کریں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ کے حوالے سے شروع سے ہی سخت مؤقف اپنایا ہے۔ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان سے چوری ہو کر باہر جانے والا پیسہ واپس لانا ہے، ہر سال پاکستان سے ایک ہزار ارب روپے چوری ہو کر باہر جاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ منی لانڈرنگ سے باہر گیا پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس بنائیں گے۔ جس پارٹی کے لیڈر کا پیسہ ملک میں نہیں اسے کبھی ووٹ نہ دیں، جس کے اربوں روپے باہر پڑے ہیں وہ کیسے عوام کی حالت بہتر کرے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں اس وقت متعدد اہم سیاسی رہنماؤں اور اداروں کے خلاف مختلف منی لانڈرنگ کیسز کی تحقیقات چل رہی ہیں ، جن میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ ، سابق صفر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت کئی اہم نام شامل ہیں۔

  • جلال آباد قونصل خانے کی بندش، افغان حکام نے پاکستانی مؤقف تسلیم کرلیا

    جلال آباد قونصل خانے کی بندش، افغان حکام نے پاکستانی مؤقف تسلیم کرلیا

    اسلام آباد : افغان حکام نے گورنر ننگرہار کی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کا مؤقف کو تسلیم کرلیا، پاکستانی عملے کو سیکیورٹی کی مکمل فراہمی کے بعد ہی سفارت خانہ کھولا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ بند کرنے کے معاملے پر پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے افغان وزارت خارجہ حکام سے ملاقات کی ہے، پاکستان نے افغان حکام کو دو ٹوک مؤقف سےآگاہ کردیا۔

    اس حوالے سے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری سے ملاقات میں پاکستانی حکام کا مؤقف تھا کہ ننگرہار کے گورنر نے پاکستانی قونصل خانے پردھاوا بولا جو قابل مذمت ہے۔

    اس موقع پر افغان حکام کی جانب سے پاکستانی مؤقف کا برملا اعتراف کیا گیا، افغان حکام نے ننگرہار کے گورنر کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کےتحفظات درست ہیں، گورنرکو ایسااقدام نہیں کرنا چاہئے تھا۔

    دوسری جانب پاکستانی وزارت خارجہ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی پاکستانی توقعات کے مطابق اور جواب مثبت ہونے پر ہی جلال آباد میں قونصل خانہ کھولا جائے گا، پاکستانی حکام کو افغان وزارت خارجہ حکام کے جواب کا انتظار ہے۔

    مزید پڑھیں: گورنر کی مداخلت پر پاکستان نے جلال آباد میں قائم سفارت خانہ احتجاجاً بند کردیا

    سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستانی حکام کی جانب سے قونصل خانہ کی سیکیورٹی سے متعلق متبادل تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

    مزید پڑھیں: شہریوں کے تحفظ کی خاطر جلال آباد قونصل خانہ بند کیا، وزیر خارجہ

    یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز افغانستان کے شہر جلال آباد میں قائم سفارت خانہ گورنر ننگر ہارحیات اللہ حیات کی کی بے جامداخلت کرنے پر احتجاجاً بند کردیا تھا، سفارتی عملے نے مکمل سکیورٹی کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔

  • پنجاب کابینہ کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کرے، وزیراعظم

    پنجاب کابینہ کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کرے، وزیراعظم

    لاہور : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ کے اراکین کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کریں، پنجاب سے بدعنوانیوں کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں پنجاب کابینہ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کابینہ اراکین کو وزارت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

    عمران خان نے  پنجاب میں لاگو بلدیاتی نظام کی تبدیلی اور اورنج میٹرو ٹرین منصوبے سمیت تمام میگا پراجیکٹس کے آڈٹ کرانے کی ہدایت کرنے کے علاوہ سو دن کے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے، آپ کے کندھوں پہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، پنجاب کابینہ کی کارکردگی بھی قابل تقلید و مثال ہونی چاہئے، صوبے سے بدعنوانیوں کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔

    کابینہ ارکان کی پہلی ترجیح بدعنوانی کا پتہ چلانا اور اس میں ملوث بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، انہوں نے تمام وزراءکو اپنے محکموں میں سادگی کو فروغ دینے اور پروٹوکول کلچر ختم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    وزیر اعظم نے پنجاب بالخصوص لاہور میں زمینوں پرقبضے اور تجاوزات پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف فوری مہم شروع کرتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے۔

    علاوہ ازیں اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بعد بلدیاتی نظام میں تبدیلی کا بل پیش کیا جائے گا اور خیبرپختونخواہ کی طرز کا بلدیاتی نظام لایا جائے گا۔

  • وزیراعظم عمران خان سے سابق کرکٹرز اور دوستوں کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے سابق کرکٹرز اور دوستوں کی ملاقات

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان سے سابق کرکٹرز اور دوستوں نے ملاقات کی، ملاقات میں ٹیسٹ کرکٹر ذاکر خان اور جاوید زمان خان سمیت دیگر کرکٹرز شریک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے مبارک باد پیش کی گئی، جبکہ متعدد اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

    وزیر اعظم سے آج بھی کرکٹرز اور دوستوں نے ملاقاتیں کیں، اس ملاقات میں ٹیسٹ کرکٹر ذاکر خان، جاوید زمان خان، عمرفاروق، میاں یوسف صلاح الدین ودیگر شریک ہوئے۔

    وزیراعظم عمران خان نے مذاکرات پر زور دے کرامید بڑھا دی ہے،نوجوت سنگھ سدھو

    خیال رہے کہ کرکٹ کی دنیا کے نامور شخصیات کی جانب سے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی گئی تھی، مبارکباد پیش کرنے والوں میں رمیز راجا، وسیم اکرم، انضمام الحق سمیت بھارتی کرکٹرز بھی شامل تھے۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تاریخی کامیابی پر عمران خان اور پی ٹی آئی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ 22 سال کی جدوجہد بالآخر رنگ لے آئی۔

    ملک میں ترقی کے لیے سب کوعمران خان کو سپورٹ کرنا چاہیے، شاہد آفریدی

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ عمران خان سے عوام کوبہت توقعات ہیں، توقع ہے کہ عمران خان فرنٹ سے لیڈ کریں گے، تمام مخالف پارٹیوں اور میڈیا سے درخواست کرتا ہوں کہ نتائج تسلیم کریں اور پاکستان کی تعمیر نو میں مدد کریں۔

  • حکومت کے پہلے 100 دن سے متعلق عمران خان آج پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے

    حکومت کے پہلے 100 دن سے متعلق عمران خان آج پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان حکومت کے پہلے 100 دن سے متعلق پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور پنجاب حکومت کو ٹاسک بھی دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیر اعظم عمران خان کی آج پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات ہوگی اور وہ پنجاب کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب بھی کریں گے، جبکہ حکومت کے پہلے 100 دن سے متعلق پنجاب حکومت کو ٹاسک دیا جائے گا۔

    ملاقات میں عمران خان این اے 131 پر پی ٹی آئی کے امیدوار کے نام کا فیصلہ کریں گے، حمزہ شہباز کی خالی نشست این اے 124 پر بھی امیدوار کا فیصلہ ہوگا۔

    عمران خان کے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران دیگر اہم موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ این اے 131 اور این اے 124 دونوں حلقوں میں پی ٹی آئی کے 3،3 امیدواروں نے کاغذات جمع کرا رکھے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان سے ایم کیوایم وفد کی ملاقات

    دوسری جانب آج وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے کراچی آرہا ہوں، کراچی کے حالات بہتر بنانا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ایم کیوایم کے وفد کی وزیراعظم آفس میں ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ایم کیوایم وفد نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

    خیال رہے کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون نعیم الحق اور گورنر سندھ نعیم الحق بھی موجود تھے جبکہ ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فروغ نسیم، امین الحق، کنور نوید، نسرین جلیل اور وسیم اختر شامل تھے۔

  • وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سےایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات ہوئی ہے جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایرانی وزیرخارجہ نے وزیر اعظم کو ایشیائی تعاون ڈائیلاگ سربراہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے ایران کے سپریم لیڈر کی طرف سے مسئلہ کشمیر کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے، وزیراعظم عمران خان نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام مخالف سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔

    آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات

    یاد رہے کہ ایشیائی تعاون ڈائیلاگ سربراہ کانفرنس آئندہ ماہ اکتوبر میں ایران میں ہورہی ہے، واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ جواد شریف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو ہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔

     

  • ایم کیو ایم کا وفد آج اسلام آباد میں وزیر اعظم سے ملاقات کرے گا

    ایم کیو ایم کا وفد آج اسلام آباد میں وزیر اعظم سے ملاقات کرے گا

    اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ(پاکستان) کا وفد آج وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کرے گا، کراچی سمیت اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کا وفد عمران خان سے ملنے اسلام آباد آئے گا، ملاقات دو پہر میں ہوگی جبکہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم کی قیادت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی وفد کی قیادت کریں گے جبکہ ایم کیو ایم وفد میں وسیم اختر، نسرین جلیل، امین الحق اور دیگر اہم رہنما شامل ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقات میں سیاسی صورت حال، کراچی پیکیج، صدارتی الیکشن اور دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی میں ورکنگ ریلیشن شپ پر بھی مشاورت ہوگی، جبکہ تحریری معاہدے پر عملدر آمد اور بلدیاتی اختیارات پر بات چیت بھی متوقع ہے۔

    ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے ساتھ چلنے کے وعدے پر کئی شرائط رکھ دیے

    وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران کراچی میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں متحدہ قومی موومنٹ(پاکستان) نے تحریک انصاف کے ساتھ چلنے کے وعدے پر کئی شرائط رکھے تھے، ایم کیو ایم نے کراچی کے بارہ حلقے کھولنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے کارکنوں کی بازیابی، ٹارگٹڈآپریشن بند کرنے پر زور، کراچی کے بارہ حلقے کھولنے جبکہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام اور کوٹہ سسٹم کے خاتمے کے مطالبے پر زور دیا تھا۔

  • صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان کی متحدہ رہنماؤں سے ملاقات، تعاون کی درخواست

    صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان کی متحدہ رہنماؤں سے ملاقات، تعاون کی درخواست

    کراچی : صدارتی مشن پر کراچی میں موجود صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد جا پہنچے، انہوں نے متحدہ رہنماؤں سے الیکشن میں تعاون کی درخواست کی۔

    تفصیلات کے مطابق جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ساتھ ایم کیو ایم مرکز بہادرآباد پہنچے، انہوں نے متحدہ رہنماؤں سے ملاقات میں صدارتی الیکشن کیلئے تعاون کی درخواست کی۔

    اس موقع پر عامرخان، فیصل سبزواری، کنورنوید جمیل، میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر موجود تھے، ملاقات میں سیاسی صورتحال سمیت صدر کےانتخاب سے متعلق گفتگو کی گئی، مولانا فضل الرحمان نے صدارتی الیکشن میں ووٹ کیلئے ایم کیوایم رہنماؤں سے تعاون کی درخواست کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں توازن برقرار رکھنے کیلئے متحدہ اپوزیشن نے مجھ پر اعتماد کیا ہے، صدارتی انتخاب میں ایم کیوایم اپوزیشن کے امیدوارکو ووٹ دے، ماضی میں بھی آپ ہمارا ساتھ دیتے آئے ہیں، امید ہے ایم کیوایم میرے حق میں فیصلہ کرے گی۔

    اس موقع پر عامرخان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کراچی کے مسائل حل ہوں، عوام کو ریلیف ملے، حمایت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ رابطہ کمیٹی اجلاس میں کریں گے، مولانا صاحب سے ہمارے بہت اچھے تعلقات رہے ہیں، مستقبل میں بھی تعلقات رکھیں گے۔

    عامر خان نے بتایا کہ مولانا صاحب کی بات رابطہ کمیٹی میں رکھیں گے جو فیصلہ ہوگا آگاہ کردینگے، ہم موجودہ حکومت کا حصہ ہیں، اس کے علاوہ ہماری صدارتی امیدوار عارف علوی سے بھی بات ہوئی تھی۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایم کیوایم رہنماؤں سے ملاقات کی ہے، انہوں نے سنجیدگی سے ہماری درخواست سنی۔

    ایم کیوایم ہمیشہ پارلیمانی سیاست کا حصہ رہی ہے، وہ ملکی استحکام کیلئے کام کا بڑا تجربہ بھی رکھتی ہے، امید ہے ایم کیوایم ہماری تجویز پر سنجیدگی سے غور بھی کرے گی، اور ایم کیوایم ایسا فیصلہ کرے گی جس کے مثبت اثرات نکلیں گے۔

  • کرغزستان کے سفیر کی آرمی چیف سے ملاقات، علاقائی سکیورٹی صورت حال پر تبالہ خیال

    کرغزستان کے سفیر کی آرمی چیف سے ملاقات، علاقائی سکیورٹی صورت حال پر تبالہ خیال

    راولپنڈی: کرغزستان کے خصوصی سفیر ایرک بیشمبیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور علاقائی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کرغزستان کے خصوصی سفیر ایرک بیشمبیو نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ کرغزستان کے سیفر نے علاقائی امن واستحکام کے لیے پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی۔

    آرمی چیف سے افغان سفیر کی ملاقات، ملکی صورت حال پر گفتگو

    قبل ازیں 3 اگست کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مالدیپ کے سفیر احمد سلیم نے ملاقات کی تھی، اس موقع پر مالدیپ کے سفیر نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف بھی کی تھی۔

    بعد ازاں 7 اگست کو روسی نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر فومن نے آرمی چیف سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی تھی، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ اس اہم ملاقات میں علاقائی سکیورٹی کی صورت حال، باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان سفیر ڈاکٹر عمر اور امریکی نائب وزیر خارجہ ایکس ویلز سے بھی ملاقات کی تھی۔