Tag: meeting

  • وفاق اور پنجاب میں ق لیگ کے ساتھ حکومت بنائیں گے، پی ٹی آئی کا دعویٰ

    وفاق اور پنجاب میں ق لیگ کے ساتھ حکومت بنائیں گے، پی ٹی آئی کا دعویٰ

     اسلام آباد : ق لیگ کے وفد نے عمران خان سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں طے پایا کہ ق لیگ وفاق اور پنجاب میں تحریک انصاف کی حمایت کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کیلئے تحریک انصاف کے مختلف جماعتوں سے رابطے جاری ہیں اس سلسلے میں ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، اس موقع پر پرویزالٰہی بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے جہانگیر ترین اور فواد چوہدری سمیت دیگر رہنما شریک تھے، ملاقات میں چوہدری برداران نے مختلف امور پر بات چیت اور الیکشن میں کامیابی پرعمران خان کو مبارکباد دی، ق لیگ کا وفد ملاقات کے بعد بنی گالہ سے روانہ ہوگیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات مثبت رہی جس میں مسلم لیگ قائد اعظم نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وفاق اور پنجاب میں ق لیگ حکومت کا حصہ ہوگی۔

    بعدازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے بتایا کہ ہم نے وفاق اور پنجاب میں حکومت کیلئے نمبر پورے کرلیے ہیں، ق لیگ کےساتھ ایک فارمولا طے پایا ہے، پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کیلئے اکثریت حاصل کرلی ہے۔

    وفاق اور پنجاب میں ق لیگ تحریک انصاف کی اتحادی ہوگی، ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم سےبھی بات چیت کریں گے، جس کیلئے جہانگیر ترین کو ذمہ داری دی گئی ہے۔

    الیکشن میں 270نشستوں پرانتخاب ہوا، کچھ سیٹیں کچھ لوگوں نےچھوڑنی ہیں، اس کے علاوہ بلوچستان حکومت بنانے کیلئےبھی مشاورت جاری ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب کا وزیراعلیٰ کون ہوگا اس کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے،تاہم وزیر اعلیٰ پی ٹی آئی سے ہی ہوگا، اب تک14آزادارکان پی ٹی آئی میں شامل ہوچکےہیں، کل صبح مزید آزاد ارکان پی ٹی آئی میں شامل ہوجائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اعلیٰ امریکی اہلکار کی طالبان کے نمائندوں سے ملاقات، امریکی میڈیا کا دعویٰ

    اعلیٰ امریکی اہلکار کی طالبان کے نمائندوں سے ملاقات، امریکی میڈیا کا دعویٰ

    واشنگٹن: امریکی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ شدید تنازعات کے حل کے لیے امریکا کے اعلیٰ عہدیدار نے طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں امریکا نے طالبان کو براہ راست مذاکرات کی دعوت دی تھی، جس کے بعد اب یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اعلیٰ امریکی اہلکار نے طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔

    امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا کے لیے امریکی مندوب ایلس ویلز نے طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے، مذکورہ ملاقات قطری دارالحکومت دوحہ میں ہوئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ملاقات رواں ہفتے کے دوران ہوئی ہے، طالبان کی اعلیٰ قیادت کی حامل کونسل جو کوئٹہ شوریٰ کے نام سے مشہور ہے، کے ایک رکن نے بھی نام مخفی رکھنے کی شرط پر اس ملاقات کی تصدیق کی ہے۔


    امریکا افغان طالبان سے براہ راست مذاکرات کرے گا


    قبل ازیں متعدد بار طالبان نے امریکا سے براہِ راست مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا تھا لیکن امریکا کی ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات افغان حکام کرے۔

    واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور دیگر سینیئر امریکی عہدے داروں نے کابل کا دورہ کیا تھا جس کا مقصد مذاکرات کے لیے راہیں ہموار کرنا تھا۔

    یاد رہے کہ افغانستان میں موجود امریکی فوج کے سربراہ جنرل جان نکلسن نے اپنے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق بھی کی تھی کہ امریکا طالبان سے براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • امریکی صدر کا ولادی میر پیوٹن سے دوبارہ ملاقات کی خواہش کا اظہار

    امریکی صدر کا ولادی میر پیوٹن سے دوبارہ ملاقات کی خواہش کا اظہار

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی ملاقات ہوئی تھی جس میں دوطرفہ تعلقات کی بہتری سمیت اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے دوسری ملاقات کے منتظر ہیں، گذشتہ دنوں پیوٹن سے ہونے والی ملاقات انتہائی کامیاب رہی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ پیوٹن کے ساتھ دوسری ملاقات چاہتے ہیں، تاکہ پہلی ملاقات میں طے کردہ امور پر عمل درآمد کا آغاز ہو سکے۔


    امریکی صدر ٹرمپ اور روسی صدر پیوٹن کی ملاقات، دو طرفہ بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق


    ان کا مزید کہنا تھا کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے مشرق وسطیٰ، جوہری پھیلاؤ، سائبر حملوں، تجارت، یوکرائن اور شمالی کوریا سمیت متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔

    اس موقع پر ٹرمپ نے کہا تھا کہ روس کے ساتھ گیس کی فیلڈ میں مقابلہ کریں گے، مستقبل میں بھی دو طرفہ بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے، باہمی مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے کے تعاون کی ضرورت ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پشاور دھماکا، نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس

    پشاور دھماکا، نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس

    پشاور: نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پشاور دھماکے کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں نگراں وزیر اعلیٰ دوست محمد خان نے دھماکے کے تمام پہلوؤں کی باریک بینی سے جائزہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ میں ملوث عناصر کو مثالی سزا دی جائے گی۔


    پشاور سانحے پر سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی مذمت، لواحقین کیلئے صبر کی دعا


    ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو ان کے ناپاک مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، شفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے، جسے ہر صورت ممکن بنائیں گے۔

    خیال رہے کہ خیبرپختونخواہ کے علاقے یکہ توت میں اے این پی کی کارنر مٹینگ کے دوران خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ہارون بلور سمیت 13 افراد شہید جبکہ 35 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔


    پشاور: اے این پی کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکا، ہارون بلور سمیت 13 شہید


    نمائندہ اے آر وائی عدنان طارق کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 78 میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار یکہ توت کے علاقے میں منعقدہ کارنر مٹینگ میں جیسے ہی پہنچے تو مرکزی دروازے پر زور دار دھماکا ہوا۔

    افسوس ناک سانحے پر مختلف سیاسی ومذہبی رہنماؤں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی اور شہیدوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سعودی عرب کی سربراہی میں افغانستان کی موجودہ صورت حال پر او آئی سی کا اجلاس جاری

    سعودی عرب کی سربراہی میں افغانستان کی موجودہ صورت حال پر او آئی سی کا اجلاس جاری

    ریاض: افغانستان میں طالبان کے حملوں اور حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیش کش کے بعد پیدا ہونے والی موجودہ صورت حال پر او آئی سی کا اجلاس جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کی تازہ صورت حال اور قیام امن کے موضوع پر سعودی عرب کی سربراہی میں اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کا دو روزہ اجلاس سعودی عرب میں جاری ہے، جس میں خطے کے مستقبل سے متعلق لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی شہر مکہ میں ہونے والے اس اجلاس میں مسلم ممالک کے اہم رہنماؤں سمیت مذہبی مبلغین بھی شرکت کر رہے ہیں، اس دوران اس امر پر غور کیا جا رہا ہے کہ افغانستان میں امن کا قیام کس طرح ممکن ہے۔


    فلسطین کی سنگین صورت حال سے متعلق او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب


    خیال رہے کہ او آئی سی ستاون رکنی مسلم ممالک کی تنظیم ہے، جس کا مرکزی دفتر جدہ میں قائم ہے، جبکہ طالبان نے اس اجتماع پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس اجلاس میں امریکیوں کے حق میں فیصلہ کیا جائے گا۔

    دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر عبد الطیف الشیخ نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہمیشہ مسلم ممالک کے ساتھ ہے، مسلم ممالک کو مختلف چیلنجز سے نکالنے کے لیے اقدامات کیے جائے گے۔


    مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ فوری بند کیا جائے،او آئی سی


    ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام اتحاد کی بات کرتا ہے، ہم کسی بھی تفرقہ میں پڑے بغیر امن کی بات کرتے ہیں، سعودی فرمانرواں شاہ سلمان کی جانب سے او آئی سی کا اجلاس منعقد کیا جانا خوش آئند ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • محمد بن سلمان کی فرانسیسی وزیر دفاع سے ملاقات، اہم سمجھوتے پر دستخط

    محمد بن سلمان کی فرانسیسی وزیر دفاع سے ملاقات، اہم سمجھوتے پر دستخط

    ریاض: سعودی شہزادے محمد بن سلمان نے فرانسیسی وزیر دفاع فلورنس بیرلی سے ملاقات کی اور اہم سمجھوتے پر دستخط کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی فرانسیسی وزیر دفاع سے ملاقات جدہ میں ہوئی جہاں ایک عسکری سمجھوتے پر دستخط کیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق اس سمجھوتے کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان اہم اور خاص قسم کی معلومات کا تبادلہ ہوگا، جبکہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کی بہتری پر بھی زور دیا۔

    اس دوران دونوں ملکوں کے بیچ دفاع کے شعبے میں تعاون اور اس کو مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، علاوہ ازیں دونوں شخصیات نے علاقائی صورت حال اور تازہ ترین پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔


    سعودی شہزادے کا دورہ فرانس، 18 ارب ڈالر کے معاہدے طے پاگئے


    اس اہم سمجھوتے پر دست خط کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر دفاع کے معاون محمد العایش، چیف آف اسٹاف جنرل فیاض الرویلی، وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ہشام آل شیخ، وزیر دفاع کے عسکری مشیر طلال العتیبی اور فرانس اور سوئٹزرلینڈ میں سعودی عسکری اتاشی ولید السیف بھی موجود تھے۔

    دوسری جانب فرانس کی جانب سے بھی اعلیٰ حکومتی عہدیداران نے شرکت کی، خیال رہے کہ سعودی عرب اور فرانس کے درمیان تعلقات محمد بن سلمان کے دورہ فرانس کے بعد مزید مضبوط ہوئے ہیں۔


    سعودی شہزادہ کی فرانسیسی وزیر اعظم سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال


    یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے رواں سال اپریل میں فرانس کا دورہ کیا تھا جو ایک اہم دورہ ثابت ہوا تھا، اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان تقریباً اٹھارہ ارب ڈالر کے مختلف معاہدے طے پائے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • روس کے ساتھ بہتر تعلقات عالمی معاملات کے لیے ضروری ہے: امریکی سفیر

    روس کے ساتھ بہتر تعلقات عالمی معاملات کے لیے ضروری ہے: امریکی سفیر

    واشنگٹن: روس میں تعینات امریکی سفیر جان ہنٹس نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ امریکی تعلقات کا بہتر ہونا عالمی معاملات کے لیے بہت ضروری ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ روس اور امریکا کے درمیان تعلقات عالمی منظر نامے پر مثبت اثرات مرتب کریں گے۔

    دوسری جانب امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مہینے کے دوران ہونے والی امریکی و روسی صدور کی ملاقات میں ٹرمپ خاص طور پر روس کی خطرناک سرگرمیوں پر فوکس کریں گے۔


    امریکی اور روسی وزیر خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ، ٹرمپ پیوٹن ملاقات پر گفتگو


    ذرائع کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کے موقع پر شمالی کوریا کے جوہری معاملے اور کم جونگ ان سے گذشتہ ماہ ہونے والی ملاقات پر بھی بات چیت کریں گے۔

    علاوہ ازیں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اس ملاقات میں شام کی تازہ صورت حال پر بھی بات ہوگی، دونوں ملکوں کے سربراہان کی جانب سے تعلقات میں بہتری پر زور دیا جائے گا۔


    امریکی صدر کی ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی راہ ہموار ہوسکتی ہے: مائیک پومپیو


    خیال رہے کہ سولہ جولائی کو ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادی میر پیوٹن یورپی ملک فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں ملاقات کریں گے۔

    واضح رہے کہ یہ ملاقات مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی کانفرنس میں شرکت اور یورپی دورے کے اختتام پر ہو گی، نیٹو کانفرنس برسلز میں گیارہ اور بارہ جولائی کو ہو رہی ہے جبکہ ٹرمپ اس سمٹ کے بعد انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ بھی جائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • آرمی چیف سے افغان سفیر کی ملاقات، ملکی صورت حال پر گفتگو

    آرمی چیف سے افغان سفیر کی ملاقات، ملکی صورت حال پر گفتگو

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان سفیر ڈاکٹر عمر سے ملاقات کی اس دوران ملکی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان کے سفیر ڈاکٹر عمر نے ملاقات کی، اس دوران افغان سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

    آرمی چیف سے افغان سفیر کی ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری پر زور دیا گیا اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی اعتماد پر اتفاق کیا گیا۔


    آرمی چیف سے امریکی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات، باہمی تعاون پر تبادلہ خیال


    خیال رہے کہ گذشتہ روز آرمی چیف سے امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے ملاقات کی تھی، ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔


    عالمی امن کے لیے پاکستانی امن دستوں نے بے پناہ قربانیاں دیں، اقوام متحدہ


    اس موقع پر امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور عوام کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم نے جرأت اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔

    یاد رہے کہ یو این انڈر سیکریٹری جنرل جین پیری نےگزشتہ روز جی ایچ کیو کا دورہ کرتے ہوئے آرمی چیف سے بھی ملاقات کی تھی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے تحت عالمی امن کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نائب امریکی وزیر خارجہ کی تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات، پاک امریکا تعلقات پر بات چیت

    نائب امریکی وزیر خارجہ کی تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات، پاک امریکا تعلقات پر بات چیت

    اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے نائب امریکی وزیر خارجہ ایلس ویلز نے ملاقات کی اور پاک امریکا تعلقات پر بات چیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق تہمینہ جنجوعہ سے نائب امریکی وزیرخارجہ کی ملاقات میں پاک امریکا تعلقات پر بات چیت سمیت علاقائی صورت حال اور دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق پاک امریکا تعلقات پر ایلس ویلز کا دورہ اہمیت کا حامل ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

    نائب امریکی وزیر خارجہ ایلس ویلز آج سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچی ہیں، اس دورے میں وہ پاکستان کے دیگر عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گی۔


    پاکستان اورامریکا افغان امن میں‌ کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں: ایلس ویلز کے دورے کا اعلامیہ جاری


    اس دورے میں وہ نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک سے بھی ملاقات کریں گی، علاوہ ازیں عسکری حکام سے بھی ملاقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکی نائب وزیر خارجہ نے رواں سال اپریل میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا، امریکی سفارت خانے نے نائب سیکریٹری خارجہ ایلس ویلز کے دورے کو مثبت قرار دیتے ہوئے افغان امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا تھا۔

    واضح رہے کہ امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ محکمہ خارجہ کی سینئر سفیر ایلس ویلز نے پاکستان کا 28 مارچ تا 3 اپریل چھ روزہ دورہ کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نگراں وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے بجٹ کی منظوری

    نگراں وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے بجٹ کی منظوری

    اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے بجٹ کی منظوری سمیت فنانشنل انسٹی ٹیوشن رولز دوہزار اٹھارہ کی بھی منظوری دے دی گئی۔

    اجلاس میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کو بزنس رولز انیس تہتر کے شیڈول ٹو میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ فنانشل انسٹی ٹیوشن رولز دو ہزار اٹھارہ کے تحت ایف آئی اے کو کسی بھی مالی معاملے کی تحقیقات کا اختیار ہو گا۔


    نگراں وزیر اعظم کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس


    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے لیے مالی سال دوہزار اٹھارہ انیس کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئ، اجلاس میں موجودہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو قیام کے لیے تین ماہ توسیع دینے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

    علاوہ ازیں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ افغان مہاجرین سے متعلق فیصلہ آئندہ منتخب حکومت کرے گی، وزیر خزانہ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے نگراں وزیر اعظم ناصر الملک کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اجلاس میں گورنر، وزیر اعلیٰ اور آئی جی سندھ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی اس موقع پر سیکیورٹی حکام کی جانب سے وزیر اعظم کو امن و امان سے متعلق بریفنگ دی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔