Tag: meeting

  • اپوزیشن کو عوام کی نہیں کرپشن مقدمات کی فکر ہے، وزیراعظم

    اپوزیشن کو عوام کی نہیں کرپشن مقدمات کی فکر ہے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس ختم ہوگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے سینئر قیادت کو مشاورت کےلئے بنی گالہ طلب کیا تھا، اہم ترین اجلاس میں پرویز خٹک، علی زیدی، فواد چوہدری اور شفقت محمود سمیت کئی اہم وفاقی وزرا اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی اور اپوزیشن کے حربے کو ناکام بنانے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔

    اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ناراض پارٹی ارکان سے رابطے جاری ہیں جبکہ اتحادیوں کے ساتھ مسلسل رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو عوام کی نہیں کرپشن مقدمات کی فکر ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد سے قبل حکومت کو بڑا دھچکا ملا ہے، مسلم لیگ (ق) سے سات اراکین قومی اسمبلی نے خفیہ ملاقات کی اور (ق) لیگ کو ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت بنی گالہ طلب

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ایم این ایز نے گذشتہ تین روز کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ اور صدر مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت سے ملاقات کی، کن کن ارکان اسمبلی نے قاف لیگی قیادت سے خفیہ ملاقاتیں کیں؟ فی الحال نام سامنے نہیں آسکے ہیں۔

    دوسری جانب حکومت نے موجودہ صورتحال میں پی ٹی آئی میں فاروڈ بلاک بنانے، اپوزیشن رہنماؤں سے مل کر پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔

  • مارگلہ ہلز میں تفریحی زون سمیت 4 زونز بنانے پر غور

    مارگلہ ہلز میں تفریحی زون سمیت 4 زونز بنانے پر غور

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ مارگلہ ہلز میں 4 زون بنائے جا رہے ہیں، ایک تفریحی زون بنایا جائے گا جہاں ریستوران بھی ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا، چیئرمین اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ رائنہ سعید خان نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

    چیئرمین نے بتایا کہ مارگلہ نیشنل پارک کی سائنٹفک اسٹڈی کی جا رہی ہے، مارگلہ ہلز میں 4 زون بنا رہے ہیں، ایک تفریحی زون بنا رہے ہیں جہاں ریستوران بھی بنایا جائے گا۔

    سینیٹر مشاہد حسین نے دریافت کیا کہ مونال بند ہو گیا تو پھر ریستوران کیسے بنایا جارہا ہے جس پر چیئرمین نے بتایا کہ ریسٹورنٹ کو قانون سازی کے بعد ریگولیٹ کیا جائے گا، باقی ریسٹورنٹس کو ای پی اوز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

    انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کی ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ مونال سمیت تمام ہوٹلز نے پانی کو گندا کر دیا ہے، ہم نے پانی کے سیمپل لیے ہیں وہ بہت زہریلا ہے۔

    ڈائریکٹر نے بتایا کہ تمام ہوٹلز نے سیوریج سید پور ویلج کے نالے میں ڈال دیا ہے۔

    اجلاس میں وزارت کلائمٹ چینج کو مارگلہ نیشنل پارک میں کیبل کار کی اسٹڈی کروانے کی ہدایت کی گئی۔

  • امیر جماعت اسلامی سراج الحق چوہدری شجاعت سے ملاقات کیلئے پہنچ گئے

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق چوہدری شجاعت سے ملاقات کیلئے پہنچ گئے

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں ایک وفد نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ملاقات کی۔

    جماعت اسلامی کے وفد کی چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر سالک حسین ایم این اے اور شافع حسین نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔

    اس موقع پر امیرسراج الحق اور وفد کے اراکین نے چوہدری شجاعت سے ان کی خیریت دریافت کی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    اس کے علاوہ ملکی کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

    چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ سیاست تو ہوتی رہتی ہے لیکن سیاست دان غریبوں کا خیال کریں، مہنگائی حد سے بڑھ گئی ہے، عوام کو مزید نہ آزمایا جائے، مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے تمام جماعتیں ایک جامع پلان بنائیں۔

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی عوام کو بیدار کرنے کے لیے101دھرنوں کا پروگرام شروع کر رکھا ہے۔

    پہلی بار صوبائی حکومت وفاق کیخلاف اور وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے خلاف احتجاجی مارچ کر رہی ہے، دیکھتے ہیں کون سا مارچ کس کے خلاف کامیاب ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ن لیگی رہنما شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی کیلئے تعاون کی درخواست کی تھی۔

  • وفاقی کابینہ کا کل ہونے والا اجلاس ‘اچانک’ ملتوی کردیا گیا

    وفاقی کابینہ کا کل ہونے والا اجلاس ‘اچانک’ ملتوی کردیا گیا

    اسلام آباد: ملکی سیاسی صورت حال میں ہلچل، وزیراعظم نے دورہ لاہور کے باعث وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کل ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے، اب وزیراعظم عمران خان مختصر دورے پر لاہور روانہ ہونگے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ لاہور کے موقع پر وزیراعظم کی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات ہوگی جس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے، اس کے علاوہ وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس نہایت اہمیت کا حامل ہے، اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق امور پر حتمی مشاورت ہو گی جبکہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد لاہور میں سیاسی سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی ہے، پی ڈی ایم کے اہم رہنما گذشتہ ایک ہفتے سے لاہور میں مقیم ہے جہاں انہوں نے مسلم لیگ (ق) سے کئی ملاقاتیں کیں ہیں۔

  • قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس: 26 ارب کا ترقیاتی بجٹ منظور

    قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس: 26 ارب کا ترقیاتی بجٹ منظور

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے 26 ارب کے دفاعی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں سیکریٹری دفاع نے پاک افغان بارڈر فینسنگ پر کمیٹی رکن کے خدشات کا بھی جواب دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین امجد علی خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس ہوا، ارکان نے وزیر دفاع کی غیر موجودگی کی نشاندہی کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اجلاس میں سیکریٹری دفاع ہلال الرحمٰن نے افغانستان کی صورتحال پر ارکان کے سوالات کا جواب دیا۔

    سیکریٹری دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حوالے سے کمیٹی ارکان کے خدشات درست ہیں، ہمارا افغان طالبان حکومت سے رابطے کا سسٹم موجود ہے۔ بارڈر ایشوز سمیت تمام معاملات پر بات چیت رہتی ہے۔

    اجلاس میں وزارت دفاع کے تحت آئندہ مالی سال کے 26 ارب کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔

    سیکریٹری دفاع نے پاک افغان بارڈر فینسنگ پر کمیٹی رکن کے خدشات کا بھی جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ باڑھ ہم اپنی مرضی اور سہولت کے مطابق لگا رہے ہیں، خطے کے حالات ٹھیک اور مقاصد پورے ہو جائیں تو باڑھ ہٹا دی جائے گی۔

    سیکریٹری دفاع کا کہنا تھا کہ باڑھ سرحد کی نشاندہی نہیں کرتی، سرحد طے شدہ ہے، ڈیورنڈ لائن ہی عالمی سرحد ہے۔ بھارت نے 4، 4 کلو میٹر اپنی جانب باڑھ لگائی، ایسا نہیں کہ وہ4 کلو میٹر علاقہ پاکستان کا ہوگیا۔

  • انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس: میاں چنوں واقعے پر بریفنگ

    انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس: میاں چنوں واقعے پر بریفنگ

    اسلام آباد: سینیٹ کی انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ میاں چنوں میں توہین مذہب کے الزام میں قتل کیا جانے والا شخص ذہنی طور پر ٹھیک نہیں تھا، ویڈیوز میں جو لوگ دیکھے جا سکتے ہیں ان کو پکڑ لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر ولید اقبال کی زیر صدارت سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب پولیس نے میاں چنوں واقعے پر سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دی۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خانیوال نے بتایا کہ میاں چنوں میں توہین مذہب کے الزام میں ایک شخص کا قتل ہوا، مذکورہ شخص کو مارنے کا اعلان امام مسجد نے کیا۔

    ڈی پی او کے مطابق مذکورہ شخص پر قرآن پاک کی بے حرمتی کا الزام عائد کیا گیا، مقتول ذہنی طور پر ٹھیک نہیں تھا۔ اس شخص پر توہین مذہب کا کوئی گواہ بھی نہیں۔ کسی نے بھی اس شخص کو آگ لگاتے ہوئے نہیں دیکھا۔

    ڈی پی او نے بتایا کہ 15 پولیس اہلکار واقعے کی جگہ پہنچے، پولیس نے بچانے کی کوشش کی لیکن اہلکاروں پر بھی تشدد کیا گیا، ویڈیوز میں جو لوگ دیکھے جا سکتے ہیں ان کو پکڑ لیا ہے۔

    سینیٹ کمیٹی کو بتایا گیا کہ 300 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے، واقعے میں ملوث 130 لوگ گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

  • شاہ محمود قریشی کی وفد کے ہمراہ روسی ہم منصب سے ملاقات

    شاہ محمود قریشی کی وفد کے ہمراہ روسی ہم منصب سے ملاقات

    ماسکو: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے وفد کے ہمراہ روس کے وزیر خارجہ سے ان کے دفتر میں خصوصی سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کے علاوہ وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    روسی وزیر خارجہ نے ماسکو آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے پاک روس تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور روس کے تعلقات بتدریج مستحکم ہوئے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اقتصادی ترقی اور علاقائی روابط کے فروغ کے ایجنڈے پرعمل پیرا ہے، ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور روس کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    روسی وزیر خارجہ نے افغانستان کے حوالے سے او آئی سی اجلاس کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور او آئی سی وزرائے خارجہ کے 48ویں اجلاس کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روس کی جانب سے پاکستانی وفد کے پرتپاک خیرمقدم اور پرخلوص میزبانی پر روسی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

  • صدر مملکت سے متحدہ وفد کی اہم ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آگئی

    صدر مملکت سے متحدہ وفد کی اہم ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آگئی

    ایم کیو ایم کے وفد نے ہفتے کی شام ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے اعلیٰ سطحی وفد نے ہفتے کے روز صدر مملکت سے اہم ملاقات کی جس میں سندھ کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی امور اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت ڈپٹی کنوینرعامر خان نے کی جب کہ وفد میں سابق میئر کراچی وسیم اختر اور صادق افتخار بھی شامل تھے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم قیادت نے بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کی تحریک اور مشترکہ کوششوں سے صدر مملکت کو آگاہ کیا گیا، صدر علوی نے وفد کو کراچی سمیت سندھ بھر کے مسائل کے حل کے لیےکردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    وفد کا کہنا تھا کہ سندھ میں اپوزیشن جماعتوں نے پیپلز پارٹی پردباؤ بڑھایا اور یہ سب مشترکہ جدوجہد سے ممکن ہوا۔

    ذرائع کے مطابق متحدہ رہنما عامر خان نے اس موقع پر صدر مملکت کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے ایم کیو ایم کی ریلی پر پولیس تشدد کے واقعے سے بھی آگاہ کیا۔

    عامر خان نے بتایا کہ ریلی میں شریک خواتین اور نہتے لوگوں پر شیلنگ اور ڈنڈے برسائے گئے۔

    وسیم اختر نے اس موقع پر ریلی میں  شریک اراکین پارلیمنٹ سے تضحیک آمیز سلوک سے آگاہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق عامر خان نے کراچی کی ابتر صورتحال اور مسائل کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

    ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال کا عرصہ گزر گیا اب کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کے لیے بڑے اور انقلابی اقدامات اٹھانا پڑیں گے۔

    ذرائع کے مطابق عامر خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد کرانے کے حوالے سے سندھ کی تمام اپوزیشن جماعتوں کو مل کر مشترکہ حکمت عملی سے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    ایم کیو ایم قیادت نے ریلی پر تشدد اور کارکن کی ہلاکت پر تحریک انصاف کی جانب سے اظہار یکجہتی کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    ذرائع کے مطابق صدر علوی نے ایم کیو ایم ریلی پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریلی پر تشدد جمہوری دور میں جمہوری اقدار اور روایات کے منافی ہے۔

    اس موقع پر صدر مملکت نے ایم کیو ایم وفد کو یقین دلایا کہ کراچی سمیت سندھ کی ترقی کے لیے جوکردار ادا کرسکا وہ کروں گا۔

  • پی ڈی ایم لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل نہ کرنے پر متفق

    پی ڈی ایم لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل نہ کرنے پر متفق

    پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اتحاد میں شامل تمام جماعتوں نے لانگ مارچ طے شدہ تاریخ پر کرنے کا فیصلہ کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کی زیرصدارت پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں شامل تمام جماعتوں نے لانگ مارچ کے حوالے سے تاریخ  تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا گیا کہ لانگ مارچ ہر حال میں 23 مارچ کو ہی ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں لانگ مارچ کے اسلام آباد میں قیام کو خفیہ رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    علاوہ ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف اور پی ڈی ایم سربراہ فضل الرحمٰن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں حکومت کے خلاف تحریک تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے موجودہ ملکی صورتحال اور پی ڈی ایم تحریک پر مشاورت کی اور مولانا نے نواز شریف کو پی ڈی ایم سربراہی اجلاس کے ایجنڈے پربھی اعتماد میں لیا۔

    ذرائع نے بتایا  کہ اس موقع پر لانگ مارچ کے علاوہ ان ہاؤس تبدیلی سمیت مختلف امور بھی زیر غور آئے۔

    مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے اور اب عوام کو حکمرانوں سے نجات دلانے کا وقت آچکا ہے۔

  • ایم کیو ایم کا سندھ حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ

    ایم کیو ایم کا سندھ حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ

    کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سندھ حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج سے متعلق مشاورت کے لیے کل جنرل ورکرز  اجلاس طلب کرلیا۔

    بلدیاتی قانون کے خلاف ایم کیو ایم پہلے ہی میدان میں ہے جب کہ گزشتہ روز ٹنڈوالہیار میں کارکن کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد کی صورتحال پر غور کرنے کے لیے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس کنوینر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت کراچی میں ہوا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں مجموعی صورتحال پر غور کے بعد کل کارکنان کا ہنگامی جنرل ورکرز اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جسمیں مشاورت کے بعد بڑے اعلانات متوقع ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج اور سڑکوں پر آنے پر غور کیا گیا اور پارٹی کے تمام ذمے داران اور کارکنوں کو کل بہادرآباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی

    ذرائع کے مطابق جنرل ورکرز اجلاس میں پی پی کی زیادتیوں سمیت بلدیاتی قانون پر اہم فیصلے کیے جائیں گے اور کراچی سمیت سندھ بھر میں ریلیاں نکالنے اور دھرنے کی جگہ اور دن سے متعلق کارکنوں سے مشاورت کی جائیگی۔