آستانہ : شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف اور نریندرمودی نے مصافحہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کئے درمیان خوشگوارماحول میں بات چیت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی اور وزیراعظم میاں نوازشریف کے درمیان ایک مختصرسی ملاقات ہوئی۔
دونوں رہنماﺅں نے گرمجوشی کے ساتھ ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اورخیریت دریافت کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دو سے تین منٹ جاری رہنے والی اس ملاقات میں بھارتی وزیراعظم نے نوازشریف سے سوال کیا کہ آپ کا آپریشن ہوا تھا اب آپ کی طبعیت کیسی ہے؟ جس پر نواز شریف نے جواب دیا کہ کافی بہتر ہوں شکریہ۔
جواباً وزیراعظم نواز شریف نے بھی مودی کی خیریت دریافت کی جبکہ دونوں رہنما مصافحہ کرتے ہوئے میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
آستانہ : وزیر اعظم نواز شریف نے قازقستان میں افغان صدر سے ملاقات کی، ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور خطے کے مسائل پر بات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور افغان صدر کے درمیان ملاقات ہوئی جو لگ بھگ ایک گھنٹہ جاری رہی جس میں انسداد دہشت گردی اور خطے کے مسائل پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے ملاقات کی درخواست کے بعد وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کسی ملک کیخلاف اپنی سر زمین استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔
ملاقات میں افغان صدر کے ساتھ سرحد پر باڑ لگانے کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر مشیرخارجہ سرتاج عزیز بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف ا ن دنوں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے سلسلے میں قازقستان کے دورے پر ہیں۔
دبئی: پاک بھارت کرکٹ حکام کے مذاکرات ختم ہوگئے، چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ اس سال پاک بھارت سیریز نہیں ہوسکتی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں پاک بھارت کرکٹ حکام کے ملاقات ہوئی جس میں دونوں بورڈز نے اپنے اپنے مؤقف کا اظہار کیا۔
پی سی بی کے مطابق عہدے داروں کے درمیان ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی اور پاک بھارت کرکٹ سیریز پر بات ہوئی۔
ملاقات کے بعد چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ اس سال پاک بھارت سیریز نہیں ہوسکتی۔
دوسری جانب اس فیصلے کے بعد پی سی بی اور بی سی سی آئی اپنے اپنے بورڈز اراکین سے مشاورت کریں گے، بھارتی بورڈ کے حکام نے کہا ہے کہ مذاکرات کی تفصیلات بی سی سی آئی سے شیئر کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان اور بھارت دونوں طرف کے کھلاڑی سیریز کھیلنے کے خواہش مند ہیں اور اس بات کا کئی بار اظہار کرچکے ہیں۔
چند روز قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا تھا کہ پاک بھارت میچ ہمیشہ دلچسپ ہوتاہے، دونوں ممالک کے تعلقات چاہیے جیسے بھی ہوں اس کا تعلق میچ سے نہیں، کرکٹ کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
راولپنڈی: امریکا، پاکستان اور افغانستان نے داعش کو شکست دینے کے لیے کوششیں تیز اور مشترکہ آپریشنز کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان، افغانستان اور امریکی مشن کے اعلیٰ عسکری حکام کے درمیان جی ایچ کیو راولپنڈی میں سہ فریقی اجلاس ہوا جس میں پاکستانی وفد کی نمائندگی ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان وفد کی سربراہی ڈی جی ایم او حبیب ہسیری نے کی اور امریکی وفد کی سربراہی ڈپٹی چیف آف اسٹاف نےکی۔
ملاقات میں باہمی فوجی تعاون،کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنانے پر بات چیت ہوئی، چمن واقعہ سمیت کراس بارڈر فائرنگ کے معاملات زیر غور آئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق سہ فریقی اجلاس میں داعش کو شکت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ داعش کو شکست دینے کے لیے مل کر کوشش کرنے کی ضرورت ہے، داعش کے خلاف آپریشنز تیز کیے جائیں اور مشترکہ کوششیں کی جائیں۔
ملاقات میں بارڈر مینجمنٹ اور سرحد پار خلاف ورزیوں اور فائرنگ کے واقعات پر بھی بات کی گئی۔
اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں ڈان لیکس سےمتعلق بات چیت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے وزیراعظم نوازشریف سے خصوصی ملاقات کی ہے، ملاقات میں ڈان لیکس نوٹیفکیشن سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی، یہ ملاقات گزشتہ رات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
وزیراعظم ہاﺅس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی موجود تھے، آرمی چیف نے وزیراعظم کو ڈان لیکس کی رپورٹ پر جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے حوالے سے تحفظات سے آ گاہ کیا،۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ڈان لیکس کا تنازعہ افہام وتفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیاگیا ہے، اس حوالے سے نظرثانی شدہ نوٹی فکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد حسن فواد کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن سےمعاملات بگڑے۔ ملاقات کی تفصیل سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ پریس کانفرنس کے ذریعے بتائیں گے۔
یاد رہے کہ ڈان لیکس کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کو پاک فوج کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی جس پر اس ملاقات کے بعد کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے جو خوش آئند ہے۔
کراچی: پی آئی اے کے قائم مقائم چیف ایگزیکٹو آفیسر نیئر حیات نے ٹریول ایجنٹس کو یورپ، برطانیہ، امریکا اور کینیڈا کے لیے سیلز میں اضافے کی صورت میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
یہ یقین دہانی انہوں نے آج لاہور کے ٹریول ایجنٹس کے ساتھ اجلاس میں کرائی۔ اجلاس میں میں قائم مقام چیف کمرشل آفیسر طاہر نیاز، ڈسٹرکٹ مینیجر لاہور اسد اﷲ غوری اور پی آئی اے لاہور کی انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ٹریول ایجنٹس کو اپنا اہم کاروباری ساتھی سمجھتی ہے اور ہم ان کے ساتھ مل جل کر قومی ایئر لائن کی بہتری اور پی آئی اے کی سیلز کو بڑھانے میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے یورپ، برطانیہ، امریکا،کینیڈا کے لیے سیلز میں اضافے پر زور دیتے ہوئے پی آئی اے کی جانب سے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ٹریول ایجنٹس کی بہتری کےلیے پی آئی اے کے سسٹم کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے جو کہ ان کےلیے مفید ثابت ہوگا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نیئر حیات نے پی آئی اے لاہور سیلز ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محنت اور دیانت داری سے کام کرتے ہوئے مستقبل میں مزید بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں، پی آئی اے انتظامیہ سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے تا کہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
لاہور : بوم بوم آفریدی اور چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کے درمیان بالآخر دبئی میں ملاقات ہو ہی گئی۔ ملاقات کے دوران نجم سیٹھی نے شاہد آفریدی کو فیئر ویل دینے کا اشارہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی سے دبئی میں شاہد آفریدی نے ملاقات کی ہے، ملاقات کے بعد چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ملاقات کی تفصیل کے ساتھ شاہد آفریدی کے ہمراہ تصویر بھی جاری کی ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں نجم سیٹھی نے بتایا ہے کہ سابق ٹی توینٹی کپتان سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے۔ اس دوران انٹرنیشل کرکٹ کو خیرباد کہنے پر شاہد آفریدی کو فیئرویل دینے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کرکٹ کے فروغ کیلئے شاہد آفریدی نے اپنا کردار ادا کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا ہے۔ جواب میں شاہد آفریدی نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس ایل کی تجاویز کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔
اسلام آباد : فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر پارلیمانی رہنما کل پیپلز پارٹی کی نو تجاویز پر سوچ بچار کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق تمام پارلیمانی رہنما فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر ایک بار پھر کل سر جوڑیں گے، اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا میں نے پیپلزپارٹی کے مسودے کی کاپی حکومت تک پہنچا دی ہے، کل کی میٹنگ میں پی پی پی کی تجاویز پر تبادلہ خیال ہوگا۔
ایاز صادق کا کہنا ہے کہ تمام جماعتیں پیپلزپارٹی کی تجاویز پر اپنی اپنی آراء دیں گی، ہر جماعت سمجھتی ہے ملک حالت جنگ میں ہے، موجودہ حالات میں سیاسی جماعتیں فوجی عدالتوں کی ضرورت کو سمجھتی ہیں، فوجی عدالتوں کی مدت اوراختیارات پر پیپلز پارٹی کےاعتراض کےباعث معاملہ رواں سال جنوری سے تاحال حل نہیں ہوسکا۔
خیال رہے کہ پیر کو سابق صدر آصف زرداری نے فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع سے متعلق نو تجاویز دی تھیں، اپنے 9 نکات کی تفصیلات بتاتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی دہشت گردی کے خلاف لڑتی رہی ہے اورلڑتی رہے گی تاہم فوجی عدالتوں کے حوالے سے ہمارے کچھ مطالبات جو آج پریس کانفرنس کے ذریعے حکومت کے سامنے رکھ رہے ہیں جو درج ذیل ہیں۔
1- فوجی عدالتوں میں توسیع ایک سال کے لیے کی جائے۔
2- گرفتار ملزمان کو 24 گھنٹے کے اندر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے۔
3- ملزم کو وکیل اور کونسل کا حق حاصل ہوگا۔
4- دہشت گردی کی وضاحت کے لیے قانون بنایا جائے جس میں دہشت گردی کی تعریف وضع کی جائے۔
5- ملزم کو ریمانڈ کے لیے پیش نہ کیا جائے تووہ لاپتا افراد میں شامل ہو گا۔
6- چیف جسٹس فوجی عدالتوں کے لیے ججز کی نامزدگی کریں۔
7- فوجی عدالت کی سربراہی فوجی افسر کےساتھ سیشن یا ایڈیشنل جج کرے۔
اسلام آباد: مشیر خارجہ سرتاج عزیز ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ گئے، انہوں نے بھارتی وزیراعظم کے عشایے میں شرکت کرکے ان سے مالقات کی اور مصافحہ بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر امرتسر میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے، پاکستان کی جانب سے نمائندگی کرنے کے لیے مشیر خارجہ سرتاج عزیزآج بھارتی شہر امرتسر پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کی نمائندگی کرنے والے مشیر خارجہ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی جس کے بعد بھارت کی جانب سے رابطہ بھی کیا گیا، ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات متوقع بھی ہے۔
پاکستائی ہائی کمیشن کے مطابق سرتاج عزیز نے بھارتی وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے عشایے میں شرکت کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے مصافحہ کیا۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا مشیر خارجہ سے سوال کیا کہ وزیراعظم نواز شریف ٹھیک ہیں؟انہیں میرا سلام اور نیک تمنائیں پہنچائیں۔
سرتاج عزیز نے جواب دیا کہ وزریراعظم ٹھیک ہیں اور انہوں نے آپ کے لیے نیک تنمائوں کا اظہار کیا ہے۔
پاکستائی ہائی کمشنر عبدالباسط نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم اور سرتاج عزیز کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، بھارتی وزیراعظم نے عشایے کے شرکا سےملاقات کی اور سرتاج عزیز سے بھی مصافحہ کیا۔
انہوں نے بتایاکہ اتوار کی صبح ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا آغاز ہوگا، کانفرنس میں سرتاج عزیز پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں، کانفرنس افغانستان کے موضوع پر ہے جس میں سرتاج عزیز کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
عبدالباسط نے بتایا کہ افغانستان کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار اد کیا ہے اور کریں گے، ہماری شرکت اسی حوالے سے ہے اور اسی حوالے سے رہے گی، کانفرنس میں توجہ افغانستان کے موضوع پر ہے تو اسی پر رہنی چاہیے۔
خیال رہے کہ سرتاج عزیز کے ساتھ پاکستانی صحافیوں ایک وفد بھی بھارت پہنچا ہے ۔
قبل ازیں ان کا امرتسر ایئرپورٹ پر رسمی استقبال کیا گیا اس موقع پر بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط بھی موجود تھے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کانفرنس میں شرکت کرنے کا فیصلہ افغانستان میں امن کی خاطر کیا گیا، ملاقات کے لیے پاکستان کی جانب سے نہیں بلکہ وزیراعظم مودی کی جانب سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
قبل ازیں سرتاج عزیز نے امرتسر پہنچنے کے بعد علیل بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے لیے گل دستہ بھیجا، اطلاعات ہیں کہ گلدستہ ان کے گھر بھیجا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سرتاج عزیز نے سشما سوراج کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا تھا کہ بھارت میں منعقد ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان شرکت کرے گا، شرکت کا مقصد خطے میں امن کو فروغ دینا ہے۔
واضح رہے کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس آج بھارت کے شہر امرتسر میں شروع ہوگی۔ پہلے روز سیکریٹریز اور دوسرے روز وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
اسلام آباد: حکومت نے پی ٹی آئی کے دھرنے سے نمٹنے کے لیے تیاریاں تیز کردیں، وزیر داخلہ نےحکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے جڑواں شہروں کے پولیس افسران کا اجلاس طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق دونومبرکو تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آبادبندکرنے کی تاریخ قریب آتے ہی انتطامیہ میں ہلچل دکھائی دے رہی ہے، دھرنے سے نمٹنے کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے وزیر داخلہ نے پولیس حکام کا اہم اجلاس طلب کیا۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد پولیس کا مشترکہ اجلاس وزارت داخلہ میں ہوگا جس میں پولیس حکام اپنا اپنا سیکورٹی پلان پیش کرینگے، چوہدری نثار سیکورٹی پلان کو دیں گے حتمی شکل بھی دیں گے۔
گزشتہ روز وزیر داخلہ سے آئی جی اسلام آباد طارق مسعود یاسین اور دیگر حکام نے بھی ملاقات کی تھی اور پولیس کی جانب سے دھرنا کے شرکا کو روکنے کیلئے کنٹینرز میں مٹی بھرنے کی تجویز دی تھی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر مظاہرے میں شرکت کرنے والے افراد کی گرفتاری پا پھر تشدد کیا گیا تو بھرپور ردِعمل دیا جائے گا جو حکومت کی برداشت سے باہر ہوگا۔