Tag: meeting

  • سانحہ سیالکوٹ نے قوم کے سر شرم سے جھکا دیے: وزیر اعظم

    سانحہ سیالکوٹ نے قوم کے سر شرم سے جھکا دیے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: سانحہ سیالکوٹ پر وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سانحہ سیالکوٹ نے قوم کے سر شرم سے جھکا دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ سیالکوٹ پر وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب اور وفاقی حکومتوں کے قانونی ماہرین اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سانحہ سیالکوٹ کے ملزمان کا روزانہ ٹرائل کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا، سیکیورٹی خدشات کے تحت ملزمان کے جیل ٹرائل کی تجویز بھی زیر غور لائی گئی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر مثالی سزائیں ملنی چاہیئں، پراسیکیوشن شواہد جمع کر کے بھرپور تیاری سے عدالت میں جائے، ملزمان کی قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ سیالکوٹ نے قوم کے سر شرم سے جھکا دیے ہیں۔

    یاد رہے کہ 3 دسمبر کو سیالکوٹ میں وزیر آباد روڈ پر قائم لیدر فیکٹری میں فیکٹری ورکرز نے سری لنکن مینیجر پریانتھا کمارا کو توہین مذہب کے الزام میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور پھر لاش کو نذر آتش کردیا تھا۔

    پنجاب پولیس نے واقعے میں ملوث 12 مرکزی ملزمان سمیت 100 سے زائد ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل ویڈیوز کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کیا ہے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق پریانتھا کے جسم کے تمام حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے، غیر انسانی تشدد سے پریانتھا کے ایک پاؤں کےعلاوہ جسم کی تمام ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں۔

    مقتول کے جسم کا 99 فیصد مکمل طور پر جل چکا تھا جبکہ تشدد سے پریانتھا کا دل اور پھیپھڑے بھی متاثر ہوئے، موت کی وجہ کھوپڑی اور جبڑا ٹوٹنا بتائی گئی جبکہ رپورٹ میں دماغ باہر آجانے کی بھی تصدیق ہوئی۔

    مقتول سری لنکن شہری کے جسم کی باقیات آج اس کے وطن روانہ کردی گئی ہیں۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق فیکٹری میں جھگڑا مشینوں پر لگے اسٹیکر ہٹانے پر شروع ہوا جو مینیجر نے صفائی کی غرض سے ہٹانے کا کہا۔

    گرفتار فیکٹری ورکرزکا دعویٰ ہے کہ اسٹیکر پر مذہبی تحریر تھی، بادی النظرمیں اسٹیکر کو بہانہ بنا کر ورکرز نے مینیجر پرحملہ کیا، ورکرز پہلے ہی مینیجر کے ڈسپلن اور کام لینے پر غصے میں تھے، واقعے سے قبل کچھ ورکرز کو کام چوری اور ڈسپلن توڑنے پر فارغ بھی کیا گیا تھا۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا انکشاف

    یوٹیلیٹی اسٹورز کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا انکشاف

    اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا انکشاف ہوا، آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں 19 ملین کی خرد برد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی رانا تنویر کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا انکشاف ہوا۔

    رانا تنویر کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو پبلک مقاصد کے لیے استعمال ہونا چاہیئے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر غیر معیاری اشیا فروخت ہوتی ہیں، غیر معیاری آٹا ملی بھگت سے فروخت کیا جاتا ہے۔

    رکن کمیٹی نور عالم خان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری خریداری میں بورڈ ارکان ملوث ہیں۔ رانا تنویر نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں خرد برد بھی ہو رہی ہے۔

    رکن کمیٹی خواجہ آصف نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز ایک بہت بڑا اسکینڈل ہے، بڑے ڈکیت یوٹیلیٹی اسٹورز پر قابض ہیں۔ کوئی حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کی نجکاری نہیں چاہتی۔

    آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں 19 ملین کی خرد برد ہوئی، نیب حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ 19 میں سے 6 ملین کی ریکوری ہوئی، خرد برد میں ملوث ایک ملزم کو 5 سال کی سزا ہوئی۔

  • 61 ارب روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

    61 ارب روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

    اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان کی زیر صدارت سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں 61 ارب روپے سے زائد مالیت کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان کی زیر صدارت سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سی ڈی ڈبلیو پی نے 61 ارب روپے سے زائد مالیت کے 6 منصوبوں کی منظوری دے دی۔

    سی ڈی ڈبلیو پی نے 60 کروڑ مالیت کے 3 ترقیاتی منصوبے منظور کیے جبکہ 60 ارب 64 کروڑ مالیت کے 3 ترقیاتی منصوبے ایکنک کو بھجوا دیے۔

    مذکورہ منصوبوں میں تجارت، صنعت، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے منصوبے شامل ہیں۔

    سی ڈی ڈبلیو پی نے گوادر میں 22.65 کروڑ سے مشترکہ بارڈر مارکیٹ، کیچ میں 18.39 کروڑ سے مشترکہ بارڈر مارکیٹ اور پنجگور کے علاقے گھیدی میں 18.45 کروڑ سے مشترکہ بارڈر مارکیٹ کی منظوری دی ہے، یہ مارکیٹس دونوں جانب مساوی رقبے پر کل 40 ہزار مربع میٹر پر محیط ہوں گی۔

    منظوری دیے جانے والے منصوبوں میں راولپنڈی رنگ روڈ بانتھ سے تھلیاں تک 38.3 کلومیٹر کا 23.60 ارب کا منصوبہ اور لئی ایکسپریس وے رائٹ آف وے کے لیے 750 کنال اراضی کی خریداری کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

    رائٹ آف وے کے لیے اراضی کی خریداری کا منصوبہ 24.96 ارب روپے مالیت کا ہے جبکہ لئی ایکسپریس وے 16.5 کلو میٹر طویل کٹاریاں پل سے دریائے سواں تک طویل ہوگا۔

    سی ڈی ڈبلیو پی نے 12 ارب 8 کروڑ مالیت کا ٹینتھ ایونیو کا منصوبہ ایکنک کو بھجوا دیا، یہ منصوبہ آئی جے پی روڈ کو سرینگر ہائی وے سے جوڑے گا۔

  • وزیر اعظم کی سی پیک فیز 2 سے متعلقہ اقدامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی سی پیک فیز 2 سے متعلقہ اقدامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پاک چین اقتصادی راہداری فیز 2 سے متعلقہ اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کو مفید ماحول کی فراہمی کے لیے تمام حکومتی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجیحی شعبوں کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں اسد عمر، حماد اظہر، شوکت ترین، معید یوسف، شہباز گل، چیئرمین سی پیک خالد منصور اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اظفر احسن نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے فیز 2 پر پیش رفت پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں کہا گیا کہ خصوصی صنعتی علاقوں میں گیس اور بجلی کی فراہمی پر کام تیزی سے جاری ہے۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ سی پیک اتھارٹی کی طرف سے پلگ اینڈ پلے ماڈل تجویز پیش کی گئی جس پر کام جاری ہے، ماڈل کے تحت تمام تر ضروریات کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔

    بریفنگ کے مطابق علاقوں میں صنعتوں کی تعمیر میں تیزی کو یقینی بنایا جائے گا، سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے پورٹل پر کام تقریباً مکمل ہے جلد اجرا کیا جائے گا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ برآمدی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو مفید ماحول کی فراہمی کے لیے تمام حکومتی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے سی پیک فیز 2 سے متعلقہ اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی بھی کی ہدایات کیں۔

  • وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ جام کمال کی اہم ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ جام کمال کی اہم ملاقات

    اسلام آباد : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد انشااللہ ناکام سے دوچار ہوگی، تین چار دنوں میں ووٹنگ ہوگی۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

    ملاقات میں وزیراعلیٰ جام کمال نے وزیراعظم کو بلوچستان کی سیاسی صورت حال سےآگاہ کیا اور ناراض رہنماؤں سے ہونے والے رابطوں سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔

    انہوں نے ملاقات سے متعلق بتایا کہ وزیراعظم عمران خان سے بلوچستان کی ترقی اور سسٹم کی بہتری پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

    تحریک عدم اعتماد سے متلعلق جام کمال خان نے کہا کہ میرے خلاف لائی جانے والے تحریک عدم اعتماد انشااللہ بری طرح ناکام ہوگی، مخالفین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اگلے آنے والے تین چار دنوں میں ووٹنگ ہوگی، ووٹنگ ہونا اچھی بات ہے، اس سے معاملہ واضح ہوجائے گا۔

    جام کمال خان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹنگ کب ہوگی اس کی تاریخ نہیں بتا سکتا یہ گورنر کی صوابدید پر مبنی ہے، استعفے کی بات ہی نہیں وہ ہم کیوں دیں گے؟

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پہلے ہی تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جا چکی ہے۔

    تحریک عدم اعتماد میں اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ جام کمال کی خراب کارکردگی پرانہیں وزیراعلیٰ کےعہدے سے ہٹایا جائے اور ایوان کی اکثریت کے حامل رکن اسمبلی کو وزیراعلیٰ منتخب کیا جائے۔

  • وزیر اعظم نے اسکول اور ڈومیسٹک کرکٹ کے فریم ورک کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم نے اسکول اور ڈومیسٹک کرکٹ کے فریم ورک کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اسکول اور ڈومیسٹک کرکٹ کے فریم ورک کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے نئے ماڈل کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ڈومیسٹک کرکٹ کی صورتحال پر اجلاس ہوا، اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان، وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا اور سی ای او سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن خرم نیازی نے بھی شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ بالخصوص اسکول کرکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکریٹری پنجاب نے بھی صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے سی پی سی اے کے تیار کردہ ماڈل کی تعریف کی اور اسکول اور ڈومیسٹک کرکٹ کے فریم ورک کی منظوری دے دی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے نئے ماڈل کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے، ملک بھر میں اسٹریٹجک طریقے سے فریم ورک کو منتقل کیا جائے۔

    انہوں نے وسطی پنجاب میں اسکول کرکٹ چیمپئن شپ کے لیے حمایت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اسکول کرکٹ میں حقیقی کرکٹ کے ٹیلنٹ پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔

  • کراچی میں لاک ڈاؤن نافذ ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا

    کراچی میں لاک ڈاؤن نافذ ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا

    کراچی : شہر قائد میں لاک ڈاؤن لگانے یا نہ لگانے کا فیصلہ آج ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت بڑی بیٹھک میں شہر کے تعلیمی اداروں اور تجارتی مراکز کی بندش پر مشاورت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں صوبائی وزراء اور طبی ماہرین شرکت کریں گے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو بھی مدعو کیا گیا ہے، محکمہ صحت کی جانب سے ٹاسک فورس کو دو ہفتے کیلئے لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ عالمی وبا کورونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ کی بڑھتی ہوئی شدت پر قابو پانے کیلئیے تعلیمی اداروں کو بھی2ہفتے کیلئے بند کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔

  • کراچی: شام 6 بجے کے بعد غیر ضروری نقل و حرکت پر مکمل پابندی کی ہدایت

    کراچی: شام 6 بجے کے بعد غیر ضروری نقل و حرکت پر مکمل پابندی کی ہدایت

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر میں شام 6 بجے کے بعد غیر ضروری نقل و حرکت پر مکمل طور پر پابندی لگانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کرونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر فیصل، ڈاکٹرسارہ خان، ڈاکٹر سعید قریشی، رینجرز اور دیگر اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔

    سیکریٹری صحت کاظم جتوئی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر میں کرونا وائرس کیسز کی شرح 12.7 فیصد ہوگئی ہے، کراچی میں 26.32 فیصد کووڈ کیسز ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 24 جولائی کو کراچی میں کیسز کی شرح 20.72 فیصد تھی، 25 جولائی کو 28.24 فیصد ہوگئی جبکہ 26 جولائی کو شرح 26.32 فیصد تک جا پہنچی۔ یہ سخت پریشانی کی بات ہے کہ کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حیدر آباد میں بھی مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد ہوگئی ہے، کراچی شرقی میں شرح 33 فیصد، سینٹرل میں 20 فیصد، کورنگی میں 21 فیصد، غرب میں 19 فیصد اور ملیر میں مثبت کیسز کی شرح 17 فیصد ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ کراچی میں شام 6 بجے کے بعد مکمل پابندی لگائی جائیں، کوئی غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلے۔ مجھے پتہ چلا ہے ٹیوشن سینٹرز چل رہے ہیں، ان کو فوری بند کریں۔

    انہوں نے کہا کہ میں دوبارہ جمعہ کے دن کرونا صورتحال کا جائزہ لوں گا، اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید اقدامات کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی وزرا ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب اور اویس شاہ پر مشتمل کمیٹی قائم کردی، انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کر کے ان کو صورتحال سے آگاہ کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی سیاسی جماعتوں سے بھی بات کرے گی، کووڈ صورتحال پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیئے۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس: فلسطین کے لیے طبی امدادی سامان بھجوانے کی منظوری

    وفاقی کابینہ کا اجلاس: فلسطین کے لیے طبی امدادی سامان بھجوانے کی منظوری

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم امور زیر غور آئے، وفاقی کابینہ نے فلسطین کے لیے طبی امدادی سامان بھجوانے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں سے ہونے والی گفتگو پر کابینہ کو بریف کیا۔

    وزیر اعظم نے کرونا ایس او پیز پر عملدر آمد سے متعلق اقدامات پر بھی اظہار اطمینان کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فلسطین کی موجودہ صورتحال بھی زیر غور آئی، کابینہ نے فلسطین کے لیے طبی امدادی سامان بھجوانے کی منظوری دے دی۔

    وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی، ای سی سی نے آئی پی پیز کو 40 فیصد واجبات ادا کرنے کی منظوری دی تھی، کرتار پور راہداری منصوبے کو پیپرا رولز سے استثنیٰ دینے کی اصولی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے تکنیکی معاملات دیکھنے کے لیے معاملہ پیپرا کو بھجوا دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اقوام متحدہ کی 4 گاڑیوں کو پاکستان کے راستے کابل لے جانے کی منظوری دی گئی، پاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے، ریلوے پولیس کے دائرہ اختیار سے متعلقہ ایس آر اوز جاری کرنے اور الیکشن کمیشن کی سالانہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں نجی ایئر لائن کو پسنجراینڈ کارگو لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی، علاوہ ازیں پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی منظوری، الیکٹرانک سرٹیفکیشن ایکریڈیشن کونسل کے ارکان تعینات کرنے کی منظوری اور بیرون ملک پاکستانی مشنز میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی تعینات کرنے کی منظوری کو فی الحال مؤخر کردیا گیا۔

    وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

  • بحیرہ عرب میں طوفان: وزیر اعلیٰ سندھ کی ایمرجنسی پلان بنانے کی ہدایت

    بحیرہ عرب میں طوفان: وزیر اعلیٰ سندھ کی ایمرجنسی پلان بنانے کی ہدایت

    کراچی: بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایمرجنسی پلان ٹیم بنانے اور کنٹرول رومز قائم کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ایک ویدر سسٹم بحیرہ عرب کے جنوب میں بن رہا ہے، سائیکلون کو توکتے کا نام دیا گیا ہے۔

    ڈائریکٹر نے بتایا کہ سائیکلون کے 3 طرح کے اثرات ہوتے ہیں، طوفانی بارشیں یا تھنڈر اسٹورم ہو سکتا ہے، دیکھنا ہے کہ سائیکلون کی رفتار کیا بنتی ہے۔

    اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ کے علاقوں ٹھٹھہ، بدین ،میرپور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر اور سانگھڑ میں بارش متوقع ہے۔ ٹھٹھہ اور دیگر اضلاع میں طوفانی بارشیں ہو سکتی ہیں۔ علاوہ ازیں 17 سے 20 مئی تک کراچی، حب، لسبیلہ، حیدر آباد اور جامشورو میں بارش متوقع ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو شہر سے بل بورڈ ہٹانے کی ہدایت کی جبکہ ایمرجنسی پلان ٹیم بنانے کے احکامات بھی دے دیے۔ انہوں نے کہا کہ میٹ آفس، پی ڈی ایم اے کی مشاورت سے ایمرجنسی پلان بنا کر اقدمات کرے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگر طوفان گجرات کو ہٹ کرتا ہے تو تھر میں شدید بارشیں ہوں گی، اس حوالے سے اقدامات کیے جائیں۔

    اجلاس میں کمشنر کراچی، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کو نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کلیئر کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماہی گیر کل سے سمندر میں نہ جائیں۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کنٹرول روم میں ہی ایس 19 کے افسر کو سربراہ بنایا جائے۔

    تمام متعلقہ ڈی سیز کو اپنے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کرنے، محکمہ آب پاشی کو بیراجوں پر کنٹرول روم قائم کرنے اور صوبائی وزرا ناصر شاہ اور فراز ڈیرو کو کراچی میں رہنے کی ہدایت کردی گئی۔