Tag: meeting

  • نیب اجلاس: متعدد افراد کے خلاف ریفرنسز و تحقیقات کی منظوری

    نیب اجلاس: متعدد افراد کے خلاف ریفرنسز و تحقیقات کی منظوری

    اسلام آباد: قومی ادارہ برائے احتساب (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 2 ریفرنسز، 8 انویسٹی گیشنز اور 15 انکوائریز کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ برائے احتساب (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں 2 ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔

    نیب اجلاس میں عمران علی یوسف اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، مذکورہ کیس میں سرکاری افسران کی ملی بھگت سے سرکاری فنڈز ذاتی فوائد کے لیے استعمال کیے گئے اور قومی خزانے کو 49 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔

    دوسرا ریفرنس سابق رکن بورڈ آف ریونیو کوئٹہ سرور جاوید کے خلاف منظور کیا گیا، ریفرنس میں سابق سینئر رکن بورڈ آف ریونیو شہباز خان مندو خیل اور دلشاد اختر بھی نامزد ہیں۔

    دوسرے ریفرنس میں ملزمان پر غیر قانونی طور پر سرکاری زمین دلشاد اختر کے نام الاٹ کرنے کا الزام ہے، غیر قانونی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو 6 کروڑ 48 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

    نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 8 انوسٹی گیشنز اور 15 انکوائریز کی منظوری دی گئی، مسلم لیگ ن کے مدثر قیوم نہرا اور ایم این اے اظہر قیوم نہرا کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔

    علاوہ ازیں محمد آصف بلال سابق ڈائریکٹر فوڈ پنچاب، احمد شیر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک پنجاب، بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ اور دیگر، بلوچستان انٹیگریٹڈ واٹر ریسورس مینجمنٹ پراجیکٹ کوئٹہہ، پی ڈی اے میں حاجی ظریف کنٹریکٹر ضلع موسیٰ خیل، ریونیو ڈپارٹمنٹ ضلع نوشکی کی انتظامیہ، ڈی ایچ کیو ہاسپٹل ڈیرہ غازی خان کے افسران و اہلکار اور عبد اللہ شوگر ملز لمیٹڈ دیپال پور لاہور کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

    نیب کے اجلاس میں سیف الملوک کھوکھر، سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک، ثنا اللہ زہری، اکبر درانی اور سابق سیکریٹری ہوم ڈپارٹمنٹ کوئٹہ کے خلاف انکوائریز کی منظوری دی گئی۔

    نیب اجلاس میں پبلک لمیٹڈ کمپنیز پنجاب کے چیف ایگزیکٹوز، سابق وزیر تعلیم رحیم زیارت، ایم پی اے جمعہ خان، سابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری نصیب اللہ بازئی، طارق مرتضیٰ میسرز سٹار ٹیک ٹریڈرز، سابق ایم پی اے اعجاز احمد اچلانہ، رئیس ابراہیم خلیل، ریونیو ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں، سابق چیئرمین ریلویز عارف عظیم، جنرل مینیجر گیپکو محسن رضا، سابق اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ریونیو گجرات رانی حفصہ کنول، اختر حسین، سبینہ سیماب، شہناز قمر، مقصود احمد، احسن سرور بٹ اور دیگر کے خلاف بھی انکوائریز کی منظوری دی گئی۔

  • کرونا وائرس کیسز کی مثبت شرح سندھ میں سب سے زیادہ، پنجاب میں سب سے کم: این سی او سی

    کرونا وائرس کیسز کی مثبت شرح سندھ میں سب سے زیادہ، پنجاب میں سب سے کم: این سی او سی

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ 14.1 فیصد اور سب سے کم پنجاب میں 4.2 فیصد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور ایس او پیز پر عملدر آمد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی مجموعی شرح 8.16 فیصد ہے، ملک میں کرونا وائرس کے تشویشناک مریضوں کی کل تعداد 2 ہزار 469 ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی شرح سب سے زیادہ 14.1 فیصد ہے، بلوچستان میں 12.5 فیصد اور آزاد کشمیر میں 11.9 فیصد ہے۔

    اسی طرح گلگت بلتستان میں 4.7 فیصد، اسلام آباد میں 6.6 فیصد اور خیبر پختونخواہ میں 5.6 فیصد ہے۔

    بریفنگ کے مطابق ملک میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی کم ترین شرح پنجاب میں 4.2 فیصد ہے، لاہور میں مثبت کرونا کیسزکی شرح 5.69، راولپنڈی میں 4.95 فیصد اور فیصل اآباد میں مثبت کرونا وائرس کیسز کی شرح 6.81 فیصد ہے۔

    اسی طرح کراچی میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 20.12 فیصد، حیدر آباد میں 18.43 فیصد، پشاور میں 9.17 فیصد، سوات میں 7.32 فیصد، ایبٹ آباد میں 14.53 فیصد، کوئٹہ میں 9.91 فیصد، مظفر آباد میں 11.48 فیصد، میر پور میں 10.57 فیصد اور گلگت میں 4.76 فیصد ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے 301 مریض وینٹی لیٹرز پر زیر علاج ہیں، لاہور میں 80، ملتان میں 40، راولپنڈی میں 19، کراچی میں 75، راولپنڈی میں 41 اور اسلام آباد میں کرونا وائرس کے 40 مریض وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔

  • کویت جانے کے منتظر تارکین وطن کے لیے اہم خبر

    کویت جانے کے منتظر تارکین وطن کے لیے اہم خبر

    کویت سٹی: کویت ایئر ویز کارپوریشن ایک اجلاس منعقد کرے گی جس میں 34 کالعدم ممالک سے تارکین وطن کی واپسی کے لیے موزوں طریقہ کار طے کیا جائے گا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق 34 ممنوعہ ممالک میں پھنسے تارکین وطن کی واپسی کے پیکج اس قدر مہنگے ہو چکے ہیں کہ زیادہ تر تارکین وطن کویت واپس آنے کے لیے تیار ہی نہیں۔

    کویت ایئر ویز کارپوریشن (کے اے سی) آئندہ ہفتے نیشنل ایوی ایشن سروسز (این اے ایس) کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرے گی جس میں 34 کالعدم ممالک سے تارکین وطن کی واپسی کے لیے موزوں طریقہ کار اور گھریلو ملازمین کی وطن واپسی کے حتمی منصوبے کے لیے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    اس پر عمل درآمد قومی اسمبلی کے انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کمپنیوں کے عہدیداروں اور ایگزیکٹو انتظامیہ اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس کے ایجنڈے میں 14 روزہ قرنطینہ کی لازمی مدت، کرونا ٹیسٹ اور ریٹرن فلائٹ کے لیے پیکج کی قیمت کا تعین کرنا شامل ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزرائے کونسل ڈی جی سی اے، کے اے سی، جزیرا ایئر ویز اور این اے ایس کے واپسی کے منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد ممنوعہ ممالک سے تارکین وطن کی واپسی کی اجازت دینے کا فیصلہ جاری کرے گی۔

  • وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں اپوزیشن کے حکومت مخالف بیانیے پر مشاورت ہوگی جبکہ مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات اور انتظامات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کرلیا، وزیر اعظم کی سربراہی میں اہم اجلاس آج شام کو ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن کے حکومت مخالف بیانیے پر مشاورت ہوگی، اس حوالے سے وزیر اعظم پارٹی ترجمانوں اور رہنماؤں کو گائیڈ لائنز دیں گے، سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی بات ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات اور انتظامات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ٹائیگر فورس نے مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایکشن شروع کردیا ہے۔

    ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر انتظامیہ نے مختلف شہروں میں چھاپے مارے، چھاپوں کے دوران آٹا، چینی اور چاول کی ذخیرہ اندوزی پکڑی گئی، انتظامیہ نے بڑی مقدار میں اسٹاک تحویل میں لے کر اسٹور سیل کر دیے ہیں۔

  • ریستوران اور شادی ہالز کوویڈ کے پھیلاؤ کے مراکز بن چکے: این سی او سی

    ریستوران اور شادی ہالز کوویڈ کے پھیلاؤ کے مراکز بن چکے: این سی او سی

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں ملک میں احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا گیا، این سی او سی کا کہنا ہے کہ عوامی اجتماعات، ریستوران اور شادی ہالز کوویڈ کے پھیلاؤ کے مراکز بن چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں ماہرین نے فورم کو دنیا میں کرونا وائرس کی دوسری لہر سے متعلق آگاہی دی، ماہرین نے اپنی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کوویڈ کیسز میں کچھ اضافہ ہوا ہے۔

    اجلاس میں مختلف شعبہ جات کھلنے کے بعد کرونا وائرس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا، این سی او سی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عوام نے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا، صحت عامہ کی پرواہ کیے بغیر ہاتھ ملانا معمول بن چکا ہے۔

    این سی او سی کی جانب سے کہا گیا کہ سماجی فاصلے اور نو ماسک نو سروس کی پالیسی پر عمل نہیں ہو رہا۔ عوامی اجتماعات، ریستوران اور شادی ہالز کوویڈ کے پھیلاؤ کے مراکز بن چکے ہیں۔

    اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی نے فریقین سے نئی صورتحال پر فوری مشاورت کا فیصلہ کیا، این سی او سی اسٹیک ہولڈرز سے مل کر جلد حکمت عملی تشکیل دے گا۔

  • اپوزیشن سے کیسے نمٹا جائے؟ وزیر اعظم نے پارٹی قیادت کا اجلاس طلب کرلیا

    اپوزیشن سے کیسے نمٹا جائے؟ وزیر اعظم نے پارٹی قیادت کا اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: اپوزیشن سے کیسے نمٹا جائے؟ وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی قیادت کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں قیادت سے مشاورت کی جائے گی جبکہ اداروں کا دفاع کرنے کے لیے اہم ٹاسک بھی سونپا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اداروں پر بڑھتی تنقید اور اپوزیشن کی تحریک کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان نے قیادت سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن کی تنقید کا بھرپور جواب دینے کے لیے ترجمانوں کو میدان میں اتارا جائے گا۔

    اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی قیادت اور ترجمانوں کا اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس کل شام 4 بجے وزیر اعظم آفس میں بلایا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت اور ترجمانوں کے اجلاس میں سیاسی حکمت عملی طے کی جائے گی، مریم نواز کے جلسوں کے اعلان کے حوالے سے بھی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان اجلاس میں حکومتی مؤقف پر بریفنگ دیں گے، اپوزیشن کی تنقید کے بعد اداروں کا دفاع کرنے کے لیے اہم ٹاسک سونپا جائے گا۔

    اجلاس میں ملکی سیاسی معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

  • کراچی کی مخدوش عمارتوں کے حوالے سے متعلقہ افسران کو الٹی میٹم مل گیا

    کراچی کی مخدوش عمارتوں کے حوالے سے متعلقہ افسران کو الٹی میٹم مل گیا

    کراچی: سیکریٹری بلدیات نجم احمد شاہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو 48 گھنٹوں کے اندر شہر کی تمام مخدوش عمارتوں کا سروے مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری بلدیات نجم احمد شاہ کی زیر صدارت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے دفتر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں سیکریٹری بلدیات نے ایس بی سی اے حکام کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ 48 گھنٹوں کے اندر ایس بی سی اے تمام مخدوش عمارتوں کا سروے مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے۔

    سیکریٹری کا کہنا تھا کہ زمین بوس ہونے والی عمارتوں میں ضائع ہونے والی زندگیاں بہت بڑا نقصان ہے، آئے روز گرنے والی عمارتوں کا رجحان کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

    مزید پڑھیں: اپنا قبلہ درست کرلیں، نئے سیکریٹری بلدیات کی ہدایت

    انہوں نے کہا کہ ایس بی سی اے کا ہر متعلقہ ٹاؤن افسر اپنے علاقے میں موجود مخدوش عمارتوں کی مکمل تفصیلات کی رپورٹ 72 گھنٹوں کے اندر مرتب کرے، کوئی بھی سستی یا کوتاہی قابل قبول نہیں اور نہ ہی کوئی عذر قبول کیا جائے گا۔

    سیکریٹری بلدیات کا کہنا تھا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے تمام افسران اور شعبہ جات اپنی کارکردگی بہتر اور بروقت منصوبوں کی تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے، غیر قانونی انفرا اسٹرکچرز کسی بھی صورت بننے نہیں چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانوں اور املاک کو خطرے میں ڈالنے والے ہرگز قابل معافی نہیں، مسمار کی جانے والی غیر قانونی عمارتوں کے خلاف کارروائیوں سے مکمل طور پر باخبر اور اعداد و شمار مرتب کیے جائیں۔

    سیکریٹری بلدیات کا مزید کہنا تھا کہ ناجائز عمارتوں کے سرپرستوں، مالکان اور سہولت کاروں کو نشان عبرت بنادیا جائے۔ جب تک غیر قانونی تعمیرات کے مرتکب افراد کے خلاف سخت ترین ایکشن نہیں ہوگا حالات نہیں بدلیں گے۔

  • کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

    کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بعض مقامات کی ناقص صفائی پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، وزیر اعلیٰ نے صوبے میں بعض مقامات کی ناقص صفائی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گندگی دیکھ کر بلدیاتی عملے کا ٹس سے مس نہ ہونا افسوسناک ہے، کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ بلدیاتی عملے اور افسران عوام کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں لوکل گورنمنٹ کے فنڈ بحال کیے جا چکے ہیں، گراس روٹ لیول پر ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں مکمل کر رہی ہے۔ بلدیات سے ترقی کا ثمر لوگوں کی دہلیز تک پہنچے گا۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ بلدیات کے سب انجینئرز کی میرٹ پر پروموشن تیز کی جائے، بلڈنگ انسپکٹرز کی خالی اسامیوں کی بھرتی پر کارروائی جلد مکمل کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیہ آن لائن ایپ کے صارفین کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہونا خوش آئند ہے، ایپ سے پیدائش اور شادی وغیرہ سمیت 6 سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ عوام گھر بیٹھے بلدیاتی اداروں سے متعلق شکایات درج کروا سکتے ہیں۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ ناخواندہ افراد کو بلدیاتی دفاتر میں بھی اندراج کی سہولت فراہم کی جائے۔

    اجلاس میں سیکریٹری بلدیات نے شرکا کو بلدیاتی الیکشن کی تیاری اور دیگر امور پر بریفنگ بھی دی۔

  • نیب اجلاس: متعدد افراد کے خلاف تحقیقات کی منظوری

    نیب اجلاس: متعدد افراد کے خلاف تحقیقات کی منظوری

    اسلام آباد: قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں متعدد افراد کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹیبلٹی، ڈی جی آپریشنز وزدیگرزافسران شریک ہوئے۔

    اجلاس میں نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 3 انویسٹی گیشنز کی منظوری دی، ان میں خضر حیات، سابق رکن پنجاب اسمبلی احمد خان بلوچ، شیر علی گورچانی، اور سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف انویسٹی گیشنز کی منظوری شامل ہے۔

    اجلاس میں 5 انکوائریز کی منظوری دی گئی جن میں سابق رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محمد نعیم انور، محمد سلیم خالد محمود اور میسرز فاطمہ گروپ آف کمپنیز کے ڈائریکٹرز اور سی ای اوز کے خلاف تحقیقات شامل ہیں۔

    سابق مینیجنگ ڈائریکٹر پیپکو طاہر بشارت چیمہ، فیڈرل لینڈ کمیشن ریونیو ہارون آباد، بہاولنگر کے افسران، سابق ای ڈی او ہیلتھ خانیوال ڈاکٹر فضل کریم و دیگر کے خلاف انکوائری کی بھی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں وی سی خواجہ فرید یونیورسٹی اطہر محبوب کی انکوائری ایچ ای سی کو دینے کی منظوری دی گئی۔

    سابق تحصیل ناظم ہارون آباد محمد یاسین، سابق رکن پنجاب اسمبلی غزالہ شاہین اور غلام مرتضیٰ کے خلاف مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

    جے آئی ٹی انکوائری میں نیب، ایس ای سی پی، ایف بی آر اور ایف آئی اے و دیگر شامل ہوں گے، جے آئی ٹی 90 دن میں اپنی رپورٹ مکمل کرے گی۔

  • ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری

    ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے میں ایس او پیز کی 10 ہزار 439 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، 24 گھنٹے میں 937 مارکیٹس، دکانیں اور 22 انڈسٹریز سیل کی گئیں اور ان پر جرمانے عائد کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو صوبوں کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق مخصوص مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن جاری ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ملک میں 24 گھنٹے میں ایس او پیز کی 10 ہزار 439 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، 24 گھنٹے میں 937 مارکیٹس، دکانیں اور 22 انڈسٹریز سیل کیے گئے اور ان پر جرمانے عائد کیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 11 سو 17 ٹرانسپورٹرز کو جرمانے عائد کیے گئے۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 249 اسمارٹ لاک ڈاؤن سے 78 ہزار آبادی کو کنٹرول کیا گیا، سندھ میں 28 اسمارٹ لاک ڈاؤن سے 17 لاکھ آبادی کو کنٹرول کیا گیا، پختونخواہ میں 601 لاک ڈاؤن سے 1 لاکھ 97 ہزار آبادی کو کنٹرول کیا گیا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 10 لاک ڈاؤن سے 90 ہزار اور گلگت بلتستان میں 14 لاک ڈاؤن سے 15 ہزار آبادی کو کنٹرول کیا گیا۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں آزاد کشمیر میں ایس او پیز کی 804 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، آزاد کشمیر میں 134 دکانیں سیل اور 254 گاڑیوں کو جرمانے کیے گئے۔

    اسی طرح 24 گھنٹے میں گلگت بلتستان میں ایس او پیز کی 185 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، گلگت بلتستان میں 42 دکانیں اور ایک انڈسٹری سیل کی گئی جبکہ 27 ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کیے گئے۔

    بریفنگ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں پختونخواہ میں ایس او پیز کی 5 ہزار 326 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد 178 دکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 105 ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کیے گئے۔