Tag: Melania Trump

  • ٹرمپ کی اہلیہ نے بھی اپنی کرپٹو کرنسی لانچ کر دی، مارکیٹ میں ہلچل

    ٹرمپ کی اہلیہ نے بھی اپنی کرپٹو کرنسی لانچ کر دی، مارکیٹ میں ہلچل

    واشنگٹن: نو منتخب امریکی صدر کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے خاتونِ اوّل بننے سے پہلے ہی اپنی کرپٹو کرنسی لانچ کر دی، یوں میلانیا ٹرمپ بھی میم کوائنز کے بڑھتے ہوئے رجحان میں شامل ہو گئی ہیں۔

    یہ اعلان ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ’ٹرمپ کرپٹو کرنسی‘ کے آغاز کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے، مارکیٹ میں دونوں سکّوں نے ترقی کی ہے تاہم اس کی تجارت غیر مستحکم رہی۔

    میلانیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اتوار کو پوسٹ میں لکھا ’’آفیشل ’میلانیا میم‘ اب لائیو ہے، آپ ابھی $MELANIA خرید سکتے ہیں۔ ’آفیشل میلانیا میم‘ کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ یہ ایک کرپٹو کرنسی ہے، جسے سولانا بلاکچین پر بنایا گیا ہے، اور اسی پر اس کی ٹریکنگ کی جا رہی ہے۔

    میلانیا کوئن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے کرپٹو کوائن کو کریش کر دیا جس کے بعد اس کرنسی کی مارکیٹ کیپیٹلائزشین ساڑھے 5 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

    اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنی کرپٹو کرسنی لانچ کی تھی، ٹرمپ کی کرپٹو کرنسی لانچ ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر مارکیٹ کیپٹلائزیشن کئی ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

    واضح رہے کہ اس کرنسی سے کچھ خریداری نہیں کی جا سکے گی لیکن پھر بھی مداح دھڑا دھڑ کرنسی خرید رہے ہیں، ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ ایک آفیشل میم ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ اور ملانیا اس منصوبے سے کتنے ڈالرز کما سکتے ہیں۔

  • میلانیا ٹرمپ کا الیکشن میں کامیابی کے بعد اہم بیان

    میلانیا ٹرمپ کا الیکشن میں کامیابی کے بعد اہم بیان

    امریکا کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی شاندار کامیابی کے بعد خاتون اول میلانیا ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ آزادی کا تحفظ کرے گی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی خاتون اول نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ کی جیت کے بعد لوگوں نے انہیں آزادی کے تحفظ کا کام سونپا ہے۔

    میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ ان آزادیوں کا دفاع کرے گی جو ”ہماری جمہوریہ کا دل ہیں ”۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکیوں کی اکثریت نے ہمیں یہ اہم ذمہ داری سونپی ہے۔

    میلانیا نے کہا کہ میں امید کرتی ہوں کہ ہمارے ملک کے شہری ایک دوسرے کے ساتھ اپنی وابستگی میں دوبارہ شامل ہوجائیں گے، اور ذاتی آزادی، معاشی خوشحالی اور سلامتی کے لئے نظریے سے بالاتر ہو کر آگے بڑھیں گے۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ کے بیٹے بیرن نے 2024 کے انتخابات میں پہلی بار ووٹ کاسٹ کیا ہے، انہوں نے ووٹ ڈالتے ہوئے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس پر اُن کا کہنا تھا کہ پہلی بار ووٹ دیا – اپنے والد کے لئے اور ہیش ٹیگ تھا 18 سال۔

    دوسری جانب ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے صدارتی انتخاب میں واضح اکثریت سے کامیابی کی ہے، جبکہ اب اُنہوں نے روسی صدر پیوٹن سے گفتگو کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد سے 70 عالمی رہنماؤں سے بات ہوئی ہے۔

    سوزی سمرل وائلز وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف نامزد

    اُنہوں نے کہا کہ ابھی تک روسی صدر سے بات نہیں کی لیکن ان سے بات کرنے کا ارادہ ہے۔

  • صدارت ختم ہوتے ہی ٹرمپ کی بیوی اور بیٹی میں جھگڑے بڑھ گئے

    صدارت ختم ہوتے ہی ٹرمپ کی بیوی اور بیٹی میں جھگڑے بڑھ گئے

    واشنگٹن : سابق امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور ان کی سوتیلی بیٹی ایوانکا ٹرمپ سے تعلقات خوشگوار نہیں ہیں بلکہ ٹرمپ کے دور اقتدار کے خاتمے کے بعد تلخیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی سابق خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ اور ایوانکا ٹرمپ میں تلخیاں بڑھنے لگی ہیں۔ دونوں ماں بیٹی کے درمیان ناخوشگوار تعلقات کی باتیں زبان زد عام پہلے بھی تھیں تاہم اب یہ کہا جارہا ہے کہ اب ان تلخیوں  نے ٹرمپ کی مدت صدارت کے خاتمے کے بعد شدت اختیار کرلی ہے۔

    واضح رہے ایوانکا سیاست میں باضابطہ طور پر آنے کا ارادہ رکھتی ہیں، والد کی مشیر رہنے کے بعد ایوانکا کے حوالے سے یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ وہ آئندہ سینیٹ انتخابات میں فلوریڈا سے امریکی سینیٹ کے لیے انتخاب لڑیں گی۔

    سال2020 کے انتخابات میں شکست کے بعد امریکی صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا نے اپنی نظریں سینیٹ پر جمالی ہیں۔ ایوانکا ٹرمپ میں فلوریڈا سے امریکی سینیٹ کے لئے انتخاب لڑیں گی۔

    واضح رہے کہ سابق امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی زندگی پر لکھی جانے والی کتاب میں انکشاف کیا گیا تھا کہ یہ خاتون اپنی سوتیلی بیٹی کو شہزادی کہہ کر بلاتی ہیں جبکہ ایوانکا ٹرمپ اپنی سوتیلی ماں کو پورٹریٹ کہہ کر پکارتی ہیں کیونکہ میلانیا ٹرمپ بہت کم بولتی ہیں۔

    تاہم وائٹ ہاﺅس کی جانب سے اس بات کی تردید کردی گئی تھی میلانیا کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ میلانیا کی زندگی پر لکھی گئی بائیو گرافی کے مصنف اور پبلشر نے حقائق کی چھان بین نہیں کی اس لیے یہ کتاب جھوٹ پر مبنی ہے۔

  • پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی امریکہ آمد خوش آئند ہے، میلانیا ٹرمپ کا ٹوئٹ

    پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی امریکہ آمد خوش آئند ہے، میلانیا ٹرمپ کا ٹوئٹ

    واشنگٹن : امریکی خاتون اوّل  میلانیا ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کی آمد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستانی وزیر اعظم کی امریکہ آمد خوش آئند ہے، عمران خان کی وائٹ ہاؤس آمد زبردست رہی۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان تاریخی ملاقات کے موقع پر اہم امور زیر غور آئے۔

     امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات کے بعد اوول آفس میں ڈونلڈ ٹرمپ ان کی اہلیہ فرسٹ لیڈی میلانیا ٹرمپ اور وزیر اعظم نے گروپ فوٹو بنوایا۔

    اس حوالے سے فرسٹ لیڈی میلانیا ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وائٹ ہاؤس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کر کے اچھا لگا۔

    امریکی خاتون اوّل نے وزیراعظم عمران خان کی آمد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستانی وزیر اعظم کی امریکہ آمد خوش آئند ہے، ان کی وائٹ ہاؤس آمد زبردست رہی۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج واشنگٹن ڈی سی کے اسٹیڈیم کیپٹل ون ارینا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان میں میرٹ سسٹم لے کر آئیں گے، مجھے این آر او کے لیے باہر سے سفارشیں کروائی گئیں، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔

  • میلانیا کا مجسمہ اسمرفسٹی قرار، لوگوں کا ناپسندی کا اظہار

    میلانیا کا مجسمہ اسمرفسٹی قرار، لوگوں کا ناپسندی کا اظہار

    واشنگٹن : سلووینا کے شہریوں نے امریکا کی خاتون اوّل میلانیا ٹرمپ کے لڑکی سے بنے مجسمے کو اسمرفسٹی سے تشبیہ دیکر نفر ت کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ مجسمے کا آسمانی رنگ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برلن نژاد امریکی فنکار نے خاتون اوّل میلانیا ٹرمپ کا آسمانی رنگ کا مجسمہ ان کے 2017 میں زیب تن کیے گئے لباس کو دیکھ کر تیار کیا ہے، جسے میلانیا کے آبائی ملک سلووینا کے علاقے سیونیکا میں نصب کیاگیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میلانیا ٹرمپ نے سنہ 2017 میں اپنے شوہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں آسمانی رنگ کا لباس پہنا تھا جس کی بنیاد پر مجسمہ تیار کیا گیا ہے تاہم یہ مجسمہ ہر کسی کو پسند نہیں آیا اور مقامی افراد نے بھی اس سے ناپسندی کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ مجسمے کی تصاویر آن لائن جاری کردی گئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مجسمہ میلانیا سے کسی طور بھی مشابہت نہیں رکھتا۔

    مقامی افراد نے میلانیا کے مجسمے کو خاتون کارٹون کریکٹر اسمرفس سے مشابہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ اسمرفس ہے، یہ بے عزتی ہے‘۔

    مجسمہ تیار کرنے والے فنکار کا کہنا ہے کہ ’وہ اپنے ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرنا چاہتے ہیں اور میلانیا ٹرمپ کا درجہ و رتبہ نمایاں کرنا چاہتے ہیں کہ ایک مہاجر نے صدر سے شادی اور قسم کھائی کہ مہاجرت کو کم کریں گے‘۔

  • فیشن میگزین ’ووگ‘نے امریکی صدرکی اہلیہ کو’نا اہل‘ قراردے دیا

    فیشن میگزین ’ووگ‘نے امریکی صدرکی اہلیہ کو’نا اہل‘ قراردے دیا

    نیویارک:امریکی خاتون اول اور سابق ماڈل میلانیا ٹرمپ یوں تو آئے دن عالمی اخبارات، جرائد اور میگزین کی توجہ کا مرکز رہتی ہیں اور ان کی تصاویر سرورق پر بھی شائع ہوتی ہیں۔لیکن وائٹ ہاؤس میں آئے ہوئے 2 سال گزر جانے کے باوجود وہ شہرہ آفاق فیشن میگزین ’ووگ‘ کے سرورق کی زینت نہیں بنیں۔

    نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘ کے مطابق حال ہی میں ووگ کی ایڈیٹر ان چیف 69 سالہ اینا وانتور کی جانب سے دیے گئے انٹرویو کے بعد میلانیا ٹرمپ اور ووگ کی ایڈیٹر ان چیف کے درمیان سرد جنگ شروع ہوئی۔اینا وانتور نے دراصل امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی صحافی کرسٹین امانپور کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ان سیاسی خواتین کو ہی ’ووگ‘ کے سرورق کی زینت بناتی ہیں جن کا کوئی اہم کردار ہوتا ہے۔

    اگرچہ ماضی میں میلانیا ٹرمپ 2005 میں ’ووگ‘ کے سرورق کی زینت بن چکی ہیں، تاہم امریکی صدر کی اہلیہ ہونے کے ناتے اب تک ’ووگ‘ میں ان کی تصاویر سرورق پر شائع نہ ہونے پر سوالات اٹھائے جانے لگے ہیں۔

    سی این این کی صحافی نے ووگ کی ایڈیٹر ان چیف سے سوال کیا تھا کہ وہ سیاسی خواتین اور سماجی رہنماوں کو فیشن میگزین کے سرورق کی زینت کیوں بناتی ہیں؟صحافی کے سوال پر اینا وانتور کا کہنا تھا کہ اگر آپ کا سوال سابق امریکی خاتون اول مشعل اوباما اور ہلیری کلنٹن کو سرروق کی زینت بنائے جانے پر ہے تو میں واضح کردوں کہ انہوں نے متعدد مسائل پر اہم کردار ادا کیا۔

    اینا وانتور کا کہنا تھا کہ مشعل اوباما اور ہلیری کلنٹن سمیت سینیٹر کمالا ہارس کو فیشن میگزین کے سرورق کی زینت اس لیے بنایا گیا تھا کیوں کہ انہوں نے خواتین کے مسائل سمیت دیگر اہم معاملات میں اپنا کردار ادا کیا اور ایک مثال قائم کی۔

    فیشن میگزین کی ایڈیٹر کے مطابق عالمی سیاسی رہنما اور سماجی کارکنان دنیا بھر کی خواتین کے لیے رول ماڈل ہوتی ہیں، اس لیے انہیں ووگ کے سرورق کی زینت بنایا جاتا ہے۔ساتھ ہی اینا وانتور نے کہا تھا کہ میلانیا ٹرمپ کو اس لیے اب تک ووگ کے سرورق کی زینت نہیں بنایا گیا، کیوں کہ انہوں نے کوئی کارنامہ سر انجام نہیں دیا اور وہ فیشن میگزین کی اہلیت کے معیار پر پورا نہیں اترتیں۔

  • میڈیا کپڑوں کے بجائے میری کارکردگی پر توجہ دے، میلانیا ٹرمپ

    میڈیا کپڑوں کے بجائے میری کارکردگی پر توجہ دے، میلانیا ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے مجھے کسی کی پرواہ نہیں‘ تحریر الفاظ کی جیکٹ زیب تن کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کپڑوں کے بجائے میری کارکردگی پر غور کرے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کو ٹیکساس سینٹر میں تارکین وطن کے ماں باپ سے علیحدہ کیے گئے بچوں سے ملاقات کے دوران سفید اور واضح الفاظ میں درج ’مجھے کسی کی پرواہ نہیں‘ کی جیکٹ ملبوس کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کی خاتون اوّل نے پاہ گزین کیمپ کے دوران جو جیکٹ پہنی تھی اس کی قیمت محض 39 امریکی ڈالر تھی۔

    میلانیا ٹرمپ کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی اہلیہ کے جیکٹ پر لکھے ہوئے الفاظ میں ’کوئی پوشیدہ پیغام نہیں ہے‘۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر پیغام دیا ہے کہ ’میلانیا ٹرمپ کی جیکٹ پر لکھے ہوئے الفاظ فیک نیوز والوں کے لیے تھے، جنہیں غلط رُک دیا جارہا ہے‘۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فیک نیوز بنانے والوں کی غلط خبروں سے میلانیا کو کوئی فرق نہیں پڑتا، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے امریکی خاتون اوّل کو شدید تنقید نشانہ بنایا گیا تھا۔

    امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ملانیا ٹرمپ کی جانب سے جیکٹ کے معاملے پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا تھا تاہم اب انہوں نے اپنی خاموشی کو توڑتے ہوئے جیکٹ پہننے کا راز بتادیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’میں بالکل پروا نہیں کرتی، کیا آپ کرتے ہیں؟‘ الفاظ کی جیکٹ میں نے پناہ گزین بچوں کے لیے نہیں بلکہ بائیں بازو کے متعصب میڈیا کے لیے پہنی تھی، وہ چاہے مجھے جتنا تنقید کا نشانہ بنالیں مجھے ان کی کوئی پرواہ نہیں۔

    امریکی خاتون اوّل کا کہنا تھا کہ اگر میں وہ جیکٹ زیب تن نہیں تو میڈیا اتنی کوریج بھی نہیں دیتا، خبر رساں اداروں کو چاہے کہ وہ میرے کپڑوں سے زیادہ میری کارکردگی پر توجہ دیں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کے ساس اورسسرکوامریکی شہریت مل گئی

    ڈونلڈ ٹرمپ کے ساس اورسسرکوامریکی شہریت مل گئی

    نیویارک : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے والدین کو چین مائیگریشن کے تحت امریکی شہریت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تارکین وطن مخالف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے والدین وکٹراورامالیجہ کو امریکی شہریت مل گئی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے ساس اورسسر نے نیویارک میں ہونے والی ایک نجی تقریب کے دوران امریکی شہریت کا حلف اٹھایا۔

    تقریب حلف برداری کے موقع پرصحافی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے سسر وکٹرسے سوال کیا کہ امریکی شہری بن جانے کے بعد کیسا لگ رہا ہے؟ جس پر ان کے وکیل مائیکل ولڈیزنے جواب دیا کہ ان کا سفر بہت شانداررہا۔

    مائیکل ولڈیز نے میڈیا کو بتایا کہ وکٹر اورامالیجہ نے امریکی شہریت کے لیے اپنے طور پراپلائی کیا اورانہیں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی گئی۔

    امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے اپنے والدین کے لیے گرین کارڈ اسپانسرکیا۔

    دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے اپنے والدین کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کی وہ ان دنوں اپنے شوہر کے ہمراہ نیوجرسی میں چھٹیاں گزار رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین مائیگریشن کے تحت خاندانوں کی امیگریشن کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔

  • میلانیا ٹرمپ کو ’مجھے کسی کی پرواہ نہیں‘ الفاظ والی جیکٹ ملبوس کرنے پر تنقید کا سامنا

    میلانیا ٹرمپ کو ’مجھے کسی کی پرواہ نہیں‘ الفاظ والی جیکٹ ملبوس کرنے پر تنقید کا سامنا

    واشنگٹن : امریکی صدر ٹرمپ کی اہلیہ نے ٹیکساس سینٹر میں تارکین وطن کے بچوں سے ملاقات کے دوران ’مجھے کسی کی پرواہ نہیں‘ درج الفاظ کی جیکٹ ملبوس کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کو ٹیکساس سینٹر میں تارکین وطن بچوں سے ملاقات کے دوران متنازع الفاظ کی پرنٹنگ والی جیکٹ پہننے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خاتون اوّل میلانیا ٹرمپ نے جہاز میں سوار ہوتے وقت جو جیکٹ پہنی ہوئی تھی اس کی پشت پر لکھا تھا ‘مجھے کوئی پرواہ نہیں ہے، آپ کو ہے‘۔

    میلانیا ٹرمپ کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی اہلیہ کے جیکٹ پر لکھے ہوئے الفاظ میں ’کوئی پوشیدہ پیغام نہیں ہے‘۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر پیغام دیا ہے کہ ’میلانیا ٹرمپ کی جیکٹ پر لکھے ہوئے الفاظ فیک نیوز والوں کے لیے تھے، جنہیں غلط رُک دیا جارہا ہے‘۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فیک نیوز بنانے والوں کی غلط خبروں سے میلانیا کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ٹویٹر استعمال کرنے والے صارفین نے میلانیا ٹرمپ کی ان الفاظ ’مجھے کوئی پرواہ نہیں، آپ کو ہے‘ والی جیکٹ میں تصاویر اور جیکٹ پر درج الفاظ میں ’کوئی پوشیدہ پیغام نہیں ہے‘ کا ٹویٹ دیکھا تو انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

    ٹویٹر استعمال کرنے والے ایک صارف نے ٹویٹ کیا کہ اگر میلانیا ٹرمپ کسی اور موقع پر یہ جیکٹ پہنی ہوتی تو اس فوٹو کو 80 ہزار لوگ ان ہی الفاظ کے ساتھ ٹویٹ کرتے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خاتون کو ٹیکساس جاتے ہوئے جیکٹ پہنے ہوئے نہیں دیکھا تھا مگر جب وہ واپس واشنگٹن آئی تو انہوں نے جیکٹ پہنا ہوا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • بچوں کو ان کے والدین سے جدا کرنے پر نفرت ہے، میلانیا ٹرمپ

    بچوں کو ان کے والدین سے جدا کرنے پر نفرت ہے، میلانیا ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے میکسیکو مہاجرین سے متعلق پالیسی پر کہا ہے کہ مجھے بچوں کو ان کے والدین سے جدا کرنے پر نفرت ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق میلانیا ٹرمپ نے کہا ہے کہ بچوں کو ان کے والدین سے جدا کرنا ظلم ہے، امریکا میں دو ہزار خاندانوں کو ان کے بچوں سے علیحدہ کردیا گیا ہے۔

    میلانیا ٹرمپ نے کہا کہ مسئلے کے حل کے لیے دونوں کو امیگریشن اصلاحات پر کام کرنا چاہئے، بچوں کو ان کے والدین سے جدا نہیں کرنا چاہئے۔

    میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسا ملک ہونا چاہئے جو تمام قوانین کی پاسداری کرے لیکن اس کے ساتھ ہی ہمیں ایسا ملک بھی ہونا چاہئے جہاں رحم دلی کی حکومت ہو۔

    امریکی صدر کی پالیسی کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے بچوں سے جدا کرکے واپس بھیجا جارہا ہے جبکہ بچوں کو شیلٹر ہوم میں رکھا جارہا ہے، ٹیکساس میں سینکڑوں افراد نے ٹرمپ کی زیرو ٹولیرنس پالیسی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

    سابق امریکی صدر بش کی اہلیہ لارا بش نے کہا کہ ہماری حکومت کو یہ کام نہیں کرنا چاہئے کہ بچوں کو گوداموں میں ڈال دیں اور صحرا میں ان کے لیے خیمے لگادیں۔

    لارا بش کا کہنا تھا کہ ان تصاویر کو دیکھ کر انہیں دوسری جنگ عظیم کے جاپانی امریکی جنگی قیدیوں کے کیمپوں کے مناظر تازہ ہوگئے، جنہیں اب امریکی تاریخ کا شرمناک دور سمجھا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں