Tag: Melinda Gates

  • بل گیٹس اور میلنڈا نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

    بل گیٹس اور میلنڈا نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

    نیویارک: مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور مخیر و انسان دوست خاتون میلنڈا نے 27 سال بعد شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بل گیٹس اور میلنڈا کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے بہت سوچ و بچار کے بعد شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اب ہمیں اس بات پر یقین نہیں رہا کہ ہم ایک جوڑے کی حیثیت سے مزید ایک ساتھ زندگی گزار سکتے ہیں، ٹوئٹ میں جاری مشترکہ بیان میں انھوں نے کہا کہ 27 سالہ ازدواجی زندگی میں انھوں نے 3 بچوں کو پروان چڑھایا۔

    انھوں نے کہا کہ انھوں نے مل کر ایسی فاؤنڈیشن بنائی جس کے تحت دنیا بھر میں فلاحی کام جاری ہے، ہم اس فاؤنڈیشن کے تحت آگے بھی مل کر فلاحی کام کرتے رہیں گے، مگر اب ہم دونوں مزید ازدواجی زندگی جاری نہیں رکھ سکتے۔

    انھوں نے کہا ہے کہ آئندہ زندگی کے لیے انھیں اپنے لیے وقت اور پرائیویسی چاہیے۔

    خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ نے مشترکہ طور پر 124 بلین ڈالرز کا اثاثہ بنایا، جس سے وہ دنیا کے 5 امیر ترین جوڑوں میں شامل ہوئے۔

    اس جوڑے نے پیر کو ٹوئٹر پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ازدواجی تعلق پر بہت سارا کام کرنے اور بہت غور و فکر کے بعد انھوں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ واضح رہے کہ 56 سالہ میلنڈا نے ماضی میں کہا تھا کہ ان کی شادی ناقابل یقین حد تک مشکل رہی ہے، 65 سالہ بل کے بارے میں انھوں نے کہا کہ وہ باقاعدگی سے دن میں 16 گھنٹے کام کرتے ہیں اور فیملی کے لیے وقت نکالنا ان کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے۔

    بل اور ملینڈا کے تین بچے ہیں، 25 سالہ جینیفر، 21 سالے روری، اور 18 سالہ فیبی۔ جینیفر گیٹس نے پیر کو انسٹاگرام پر لکھا کہ یہ ہمارے پورے خاندان کے لیے بہت مشکل وقت تھا، انھوں نے لوگوں کا اس بات کے لیے شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ان کی پرائیویسی کی خواہش کو سمجھا جب کہ وہ زندگی کے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہے تھے۔

    یاد رہے کہ بل گیٹس، جنھوں نے 1975 میں مائیکرو سافٹ کی مشترکہ طور پر بِنا رکھی، جب یہ دونوں 1994 میں شادی کے بندھن میں بندھ رہے تھے تو بل گیٹس اس وقت ایک ارب پتی بن چکے تھے، ان کی میلنڈا سے ملاقات 1987 میں ہوئی جب میلنڈا نے 31 سال کی عمر میں کمپنی میں ملازمت اختیار کی تھی۔ شادی سے قبل بھی انھوں نے کئی ہفتے اس سوچ و بچار میں لگا دیے تھے کہ انھیں شادی کرنی چاہیے یا نہیں۔

  • بل گیٹس نے اپنی شریک حیات ملنڈا کی کس ادا پر فدا ہوکر شادی پیشکش کی؟

    بل گیٹس نے اپنی شریک حیات ملنڈا کی کس ادا پر فدا ہوکر شادی پیشکش کی؟

    نیویارک : مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی شریک حیات ملنڈا گیٹس کا کہنا ہے کہ ہمیں پزل حل کرنے کا بہت شوق تھا، ایک مرتبہ میں نے میتھ پزل میں گیٹس کو ہرا دیا جس پر وہ مجھ پر دل ہار بیٹھے اور شادی کی پیشکش کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس عالمی شہرت یافتہ شخصیات ہیں لیکن بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ بل گیٹس اور ملنڈا کب ملے اور بل گیٹس ان کی کس ادا پر فدا ہوئے اور انہیں دل دے بیٹھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اب ملنڈا گیٹس نے اپنی نئی کتاب میں اس راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ ملنڈا نے اپنی کتاب ’دی مومنٹ آف لائف: ہو امپاورنگ وومن چینجز دی ورلڈ“ میں لکھا ہے کہ ”میں اور بل گیٹس ملازمت کے دوران ملے تھے۔

    انہوں نے کتاب میں بتایا کہ ہم دونوں کو پزل حل کرنے کا بہت شوق تھا جو ہماری قربت کا باعث بنا۔ ایک بار میں نے بل گیٹس کو ایک’ ’میتھ پزل“ میں ہرا دیا، جس کے بعد وہ مجھے دل دے بیھٹے اور شادی کی پیشکش کردی۔

    ملنڈا گیٹس نے اپنے سابق شوہر سے تعلقات کے بارے میں ہی کتاب میب سطریں تحریر کی ہیں، وہ کہتی ہیں کہ’بل گیٹس کے ساتھ شادی سے قبل بھی میں ایک شخص کے ساتھ تعلق میں رہ چکی تھی۔ تاہم یہ تعلق انتہائی ناخوشگوار اور انتہائی برے طریقے سے انجام کو پہنچا‘۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملنڈا نے اپنے بچوں کو سکول میں صرف ان کے پہلے نام سے رجسٹرڈ کروایا تھا اور ان کے نام کے ساتھ فیملی نام ’گیٹس‘ نہیں لکھوایا تھا۔

    بچوں کو صرف پہلے نام سے رجسٹرڈ کروانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ”بچوں کو سکول میں ان کے پہلے نام سے رجسٹرڈ کروانے کا مقصد یہ تھا کہ لوگوں کو یہ معلوم نہ ہو سکے کہ وہ ارب پتی ماں باپ کے بچے ہیں اور ہمارے بچے بھی دیگر بچوں کی طرح نارمل طریقے سے تعلیم حاصل کر سکیں۔

  • میلنڈا گیٹس سائنس کے شعبے میں خواتین کی ترقی کے لیے کوشاں

    میلنڈا گیٹس سائنس کے شعبے میں خواتین کی ترقی کے لیے کوشاں

    ایک طویل عرصے سے اس بات پر بحث جاری ہے کہ سائنس کے شعبے میں خواتین کی تعداد کم کیوں ہے؟ اس شعبے میں مہارت رکھنے والی خواتین یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہیں کہ وہ کون سے عوامل ہیں جن کی وجہ سے خواتین سائنس سے دور ہیں۔

    مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس کی اہلیہ میلنڈا گیٹس اس بارے میں کہتی ہیں کہ خواتین کے معاملے میں یہ شعبہ دقیانوسیت کا شکار ہے، ’اس شعبے میں خواتین کو عموماً خوش آمدید نہیں کہا جاتا‘۔

    میلنڈا گیٹس بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی بانی ہیں جو دنیا بھر میں تعلیم اور صحت کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔

    وہ خود کمپیوٹر سائنس، معاشیات اور بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری رکھتی ہیں جبکہ انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ مائیکرو سافٹ کمپنی میں ایک دہائی تک کام کیا ہے۔

    ایک انٹرویو میں میلنڈا نے بتایا کہ انہوں نے وکالت اور طب کے شعبے میں بے تحاشہ خواتین کو دیکھا ہے، لیکن ایس ٹی ای ایم یعنی سائنس، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ اور میتھامیٹکس کے شعبوں میں صورتحال مختلف ہے۔

    وہ بتاتی ہیں، ’جب میں کالج میں تھی اس وقت لڑکیوں کی سائنس پڑھنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی تھی، اس وقت خواتین سائنس گریجویٹس کا تناسب 37 فیصد تھا جو اب کم ہو کر 18 فیصد پر آگیا ہے‘۔

    میلنڈا اب فلاحی کاموں کے ساتھ سائنس کے شعبوں میں صنفی برابری کے فروغ کے لیے بھی کام کر رہی ہیں۔

    وہ کہتی ہیں، ’ہمیں سائنس کی خواتین پروفیسرز کی بھی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لڑکیاں سائنس پڑھنے کی طرف راغب ہوں، سائنسی مباحثوں اور فیصلوں میں خواتین کی شمولیت بھی ازحد ضروری ہے‘۔