Tag: members

  • سرکاری اسکولوں کو مفت کتابوں کی تقسیم پر پیسے لینے کا انکشاف

    سرکاری اسکولوں کو مفت کتابوں کی تقسیم پر پیسے لینے کا انکشاف

    صوبائی دارالحکومت لاہور میں سرکاری اسکولوں میں مفت کاپیاں اور کتابوں کی تقسیم پر پیسے لینے کا انکشاف ہوا ہے، اے آر وائی نیوز نے ویڈیو حاصل کرلی ہے۔

    ذرائع کے مطابق گورنمنٹ مسلم ہائی اسکول نمبر دو سول لائنز میں قائم ویئر ہاؤس کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے،ویڈیو میں دیکھا واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ استاد حکومت پنجاب کی جانب سے دی گئی مفت کتابوں پر رشوت لے رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کتابوں کی تقسیم کیلئےقائم ویئرہاؤس نمبر پانچ پر پرائمری اسکول سےایک ہزار روپےلیےگئے جبکہ مڈل اسکول سےپندرہ سو اورہائی اسکول سےدو ہزار روپے وصول کیےگئے۔

    اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر نے کہا کہ معاملےکی تحقیقات کررہےہیں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی انہوں نے بتایا کہ وصول رقم فوری اسکول سربراہان کوواپس کروائی جائےگی۔

    واضح رہے ایجوکیشن ریفارمز کے تحت ملک بھر میں تمام سرکاری اسکولوں میں انٹر میڈیٹ تک تمام کتابیں مفت فراہم کی جاتی ہیں۔

  • عراق میں بدترین سیاسی بحران، پارلیمنٹ سے متعلق اہم خبر

    عراق میں بدترین سیاسی بحران، پارلیمنٹ سے متعلق اہم خبر

    بغداد: عراق میں بدترین سیاسی بحران نے جنم لیا ہے جس کے باعث متعدد ارکان پارلیمان مستعفی ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق عراق میں یکدم 73 ارکان پارلیمنٹ نے مستعفی ہوکر سیاسی بحران پیدا کردیا ہے، مستعفی ہونے والے اراکین کا تعلق مقتدی الصدر گروہ سے ہے۔

    رپورٹ کے مطابق عراقی اراکین نے پارلیمنٹ نے سیاسی تعطل کے خلاف بطور احتجاج استعفی دیا، مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر نے دو روز قبل اپنے بلاک کے اراکین پارلیمنٹ پر زور دیا تھا کہ وہ اپنے استعفے کے کاغذات تیار کریں تاکہ نئی حکومت کا قیام کی راہ ہموار کیا جاسکے۔

     پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے 73 اراکین پارلیمنٹ کے استعفی منظور کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مایوس ہو کر اپنے بہن اور بھائیوں کے استعفے قبول کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ عراقی پارلیمنٹ میں گذشتہ سال اکتوبر میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد وجود میں آئی تھی تاہم سیاسی چپلقش کے باعث پارلیمنٹ مچھلی بازار بنی ہوئی ہے۔

    عراقی قانون ساز پہلے ہی خبردار کرچکے ہیں کہ سیاسی بحران طویل ہونے کے باعث نئی حکومت کے قیام کی تمام ڈیڈ لائنز پہلے ہی ختم ہوچکی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: عراق نے اسرائیل سے تعلقات کی بات کرنا جرم قرار دیدیا

    یہ فوری طور پر واضح نہیں تھا کہ پارلیمنٹ کے سب سے بڑے بلاک کا استعفیٰ کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا؟ عراق کے ایک تجربہ کار سیاستدان نے خدشہ ظاہر کیا کہ استعفوں سے ملک میں افراتفری پھیلنے کا خدشہ ہے۔

    ادھر عراقی قوانین کے مطابق اگر پارلیمنٹ میں کوئی بھی نشست خالی ہو جاتی ہے تو ان کے انتخابی ضلع میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار ان کی جگہ لے گا، مگر جمعرات سے پارلیمنٹ کی چھٹیاں شروع ہوگئی ہیں اور اب اگست تک ہی تمام اراکین کی واپسی ممکن ہوسکے گی۔

  • واٹس ایپ گروپس کے لیے نئی سہولت

    واٹس ایپ گروپس کے لیے نئی سہولت

    دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں ہر دوسرے دن نئے نئے فیچرز متعارف کروائے جارہے ہیںِ، اب حال ہی میں واٹس ایپ گروپ کے لیے نئی سہولت متعارف کروائی گئی ہے۔

    واٹس ایپ نے ایک گروپ میں 512 افراد کو شامل کرنا ممکن بنا دیا ہے اور 32 افراد سے بیک وقت وائس چیٹ بھی ہوسکتی ہے۔

    ان 512 افراد کو سنبھالنے کے لیے نئے ٹولز اور ایڈمن کنٹرول بھی جلد ہی پیش کیے جائیں گے، اب تک واٹس ایپ گروپ میں اس سے نصف یعنی 256 افراد کو شامل کیا جاسکتا تھا۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتنے بڑے نیٹ ورک سے بعض تخریبی دماغ رکھنے والے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

    واٹس ایپ نے حال ہی میں میسج میں 2 جی بی فائل بھیجنے، اور میسج پر ری ایکشن کا فیچر بھی متعارف کروایا تھا۔

  • تحریک انصاف کے منحرف ارکان کا سیاسی ماضی کیا ہے؟

    تحریک انصاف کے منحرف ارکان کا سیاسی ماضی کیا ہے؟

    وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو کامیاب کروانے کے لیے اپوزیشن ہر حربہ استعمال کر رہی ہے اور اس کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے کئی ارکان کو بھی اپنے ساتھ ملا لیا ہے۔

    تحریک انصاف کے کئی ارکان پارٹی پالیسی سے انحراف کر کے اپوزیشن کے ساتھ مل چکے ہیں، تاہم اگر ان ارکان کا ماضی دیکھا جائے تو یہ ہر دور میں چڑھتے سورج کی پوجا کرتے اور اپنا ضمیر فروخت کرتے دکھائی دیے۔

    آئیے دیکھتے ہیں پاکستان تحریک انصاف کے ان منحرف ارکان کا سیاسی ماضی کیا رہا ہے۔

    نزہت پٹھان سنہ 2002 میں پاکستان پیپلز پارٹی، سنہ 2008 میں پاکستان مسلم لیگ ق، سنہ 2011 میں پاکستان مسلم لیگ ہم خیال اور سنہ 2016 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئیں۔

    رانا قاسم نون سنہ 2002 میں پاکستان مسلم لیگ ق، سنہ 2013 میں پاکستان مسلم لیگ ن اور سنہ 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔

    احمد حسین ڈیہر سنہ 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی، سنہ 2013 میں پاکستان مسلم لیگ ن اور سنہ 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔

    رمیش کمار سنہ 2002 میں پاکستان مسلم لیگ ق، سنہ 2013 میں پاکستان مسلم لیگ ن اور سنہ 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔

    باسط سلطان بخاری بھی سنہ 2002 میں پاکستان مسلم لیگ ق، سنہ 2013 میں پاکستان مسلم لیگ ن اور سنہ 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔

    راجہ ریاض سنہ 1993 میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے اور سنہ 2016 میں انہوں نے اپنی راہیں جدا کر کے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔

    نور عالم خان سنہ 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی اور سنہ 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔

    نواب شیر وسیر سنہ 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی اور سنہ 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔

    وٹو خاندان کے محمد عبدالغفار وٹو طویل عرصے تک پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ رہے، سنہ 2018 میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ کر کامیاب ہوئے اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔

    وجیہہ قمر نے سنہ 2013 میں آزاد امیدوار اور پھر سنہ 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا لیکن دونوں دفعہ ناکام ہوئیں، جس کے بعد پارٹی نے انہیں خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب کر کے رکن قومی اسمبلی مقرر کیا۔

    سابق نگران وزیر اعظم بلخ شیر مزاری کے بیٹے ریاض مزاری نے سنہ 2018 میں پاکستان مسلم لیگ ن سے علیحدگی اختیار کر کے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا اور جیتنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔

  • کویتی پولیس نے اخوان المسلمون کا ’دہشت گرد گروہ‘ گرفتار کرلیا

    کویتی پولیس نے اخوان المسلمون کا ’دہشت گرد گروہ‘ گرفتار کرلیا

    کویت سٹی : کویتی پولیس نے اخوان المسلمون سے وابستہ دہشت گروہ کو گرفتارکرلیا، زیر حراست تمام افراد مصری عدالتوں کی طرف سے اشتہاری قرار دیے گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق خلیجی ریاست کویت کی وزارت داخلہ نے کہاہے کہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران اخوان المسلمون سے وابستہ دہشت گرد نیٹ ورک کا پتا چلایا ہے۔ اب تک اس نیٹ ورک سے وابستہ آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے افراد مصری عدالتوں کی طرف سے اشتہاری قرار دیے گئے تھے اور ان میں سے بعض کو 15 سال قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویتی وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ گرفتار عناصر مصری حکام سے فرار کے بعد کویت آ گئے تھے، جہاں وہ خفیہ طور پر اخوان کی سرگرمیوں میں ملوث رہے۔ کویتی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے ان پر نظر رکھی ہوئی تھی۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کویت میں اخوان عناصر پر مشتمل اس سیل کے خلاف بروقت کارروائی کرکے ملک کو انارکی سے بچا لیا گیا۔کویت کے متعلقہ اداروں نے دوران تفتیش ملزمان سے دوسرے ساتھیوں کے مختلف جگہوں پر بنائے ٹھکانوں کی بابت معلوم کیا اور پھر وہاں پیشگی چھاپہ مار کارروائی کر کے گرفتاریاں کیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزموں نے اعتراف کیا کہ وہ دہشت گرد کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔ نیز مصری سرزمین پر وہ مختلف مقامات پر دہشت گرد کارروائیوں کا ارتکاب کر چکے ہیں،انہیں کس نے اتنی دیر پناہ دی اور کون کون ان لوگوں کے رابطے میں تھے اور کون انہیں تعاون فراہم کر رہے تھے، سب کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔

    کویتی وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ دہشت گردی کے اس نیٹ ورک سے معاملات کرنے والوں کے کسی کوئی رو رعایت نہیں کی جائے گی۔ کویت کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

  • سیف بن زاید النہیان سمیت 4 اراکین کابینہ وزارت امکانات کیلئے نامزد

    سیف بن زاید النہیان سمیت 4 اراکین کابینہ وزارت امکانات کیلئے نامزد

    دبئی : متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم محمد بن راشد المکتوم نے چار کابینہ اراکین کو نئی وزارت امکانات کی ذمہ داری سونپ دی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے دبئی میں ایک غیر روایتی وزارت تشکیل دی گئی ہے جس کا نام ’اللامستحیل’ ہے یعنی ’وزارت امکانات‘ ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شیخ محمد کے حکم پر متحدہ عرب امارات کے ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان کو محکمہ برائے انعامات، مالی امور کے وزیر عبید حمید التائر کو محکمہ برائے فراہمی اسباب جبکہ وریر برائے ثقافت و ترقی نورا محمد الکابی کو محکمہ برائے یو اے ای صلاحیت کے ساتھ ملکر وزارت امکانات میں کام کرنے کی ذمہ سونپی گئی ہے۔

    شیخ محمد بن راشد المتکوم نے وزیرِ خوشی و بہتر زندگی اُحد خلیفہ الرومی کو محمکہ توقعات کے ساتھ ملکر وزارت امکانات میں خدمات انجام دینے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

    شیخ محمد کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ایسی ٹیم چاہیے جو ناقابل یقین نتائج حاصل کرے اور ریکارڈ وقت میں وزارت امکانات کے مقاصد مکمل ہوں، آج ہم چیلنجز کے نئے دور میں ہیں ہمارے پاس قیمتی وقت نہیں ہے کہ مسائل پر ایسے ہی وقت گزار دیں‘۔

    رپورٹ کے مطابق نئی وزارت کا کوئی وزیر مقرر نہیں ہے تاہم کابینہ کے اراکین کو ایک ایک محکمے کے ساتھ وزارت امکانات میں کام کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، وزارت امکانات مستقبل کے امکانات کا جائزہ لے گی۔

    یاد رہے کہ دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد المکتوم منے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ جکے ذریعے وزارت امکانات کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ امارات کی حکومت کے تحت ایک نئی اور غیرروایتی وزارت کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے اس کا نام وزارت امکانات رکھا ہے۔

    مزیدپڑھیں : دبئی میں ’کچھ بھی ناممکن نہیں‘ کے نام سے نئی وزارت کے قیام کا اعلان

    انہوں نے لکھا تھا کہ ہماری ڈکشنری میں ناممکن کا لفظ نہیں، ہم ناممکنات کو ممکن بنائیں گے اسی لیے وزارت کا نام ہی کچھ بھی ناممکن نہیں رکھا ہے۔

    قبل ازیں امارت اس طرح کی غیر روایتی وزارتوں کے قیام کا فیصلہ کیا تھا ان میں سے ایک وزارت خوشی بھی ہے، اسی طرح وزازرت رواداری اور وزارت نوجوانان کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

  • لندن : تین لاکھ سے زائد بچے جرائم پیشہ گروہوں سے منسلک ہیں، چلڈرن کمشنر

    لندن : تین لاکھ سے زائد بچے جرائم پیشہ گروہوں سے منسلک ہیں، چلڈرن کمشنر

    لندن : بچوں کے حقوق کیلئے کرنے والے کمشنر کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں تین لاکھ تیرہ ہزار بچے جرائم پیشہ گروہوں میں شامل میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں بچوں کے حقوق کے کام کرنے والے کمشنر کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10 برس سے 17 برس کی عمر کے ایسے 27ہزار بچوں کی شناخت ہوئی جو صرف انگلینڈ میں جرائم پیشہ گروہوں سے وابستہ ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں 3 لاکھ 13 ہزار کم عمر بچے گینگ ممبر ہیں اور 34 ہزار بچے ایسے ہیں جو پُرتشدد جرائم کا تجربہ کرچکے ہیں۔

    کمشنر اینی لانگ فیلڈ کا کہنا تھا کہ گینگ ممبران جرائم کی سطح میں اضافے اور بچوں کی ذہن سازی کے لیے مخصوص طریقوں کا استعمال کرتے ہیں۔

    برطانوی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’ہم حساس بچوں (جن کا ذہن جلد جرائم کی طرف مائل ہوجائے) کی حفاظت کو کسی بھی صورت میں یقینی بنانا ہے‘۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق 14 سالہ روس (فرضی نام) کا کہنا ہے کہ جب وہ 12 برس کی تھی تو گھر کے ہی ایک فرد کی جانب سے جسمانی اور جنسی طور پر ہراسگی کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد وہ جرائم پیشہ گروہوں سے جڑ گئی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ روس اب قاعدگی سے ہیروئن و کا استعمال اور فروخت کرتی ہے اور روس کا بڑا بھائی بھی جرائم پیشہ گروہوں کا حصّہ ہے۔

    مزید پڑھیں : برطانوی والدین بچوں پر ایک گھنٹہ بھی صرف نہیں کرتے:سروےرپورٹ

    رپورٹ کے مطابق روس روزانہ شراب نوشی کرتی ہے اور پیسوں کی خاطر ڈرگز کی فروخت کے لیے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر قبیح فعل بھی انجام دیتی ہے۔

    چلڈرن کمشنر نے برطانوی حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کے مجرمانہ استحصال کا معاملہ قومی ترجیحات میں شامل کیا جائے۔

  • حکومت کے پہلے 100 دن سے متعلق عمران خان آج پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے

    حکومت کے پہلے 100 دن سے متعلق عمران خان آج پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان حکومت کے پہلے 100 دن سے متعلق پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور پنجاب حکومت کو ٹاسک بھی دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیر اعظم عمران خان کی آج پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات ہوگی اور وہ پنجاب کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب بھی کریں گے، جبکہ حکومت کے پہلے 100 دن سے متعلق پنجاب حکومت کو ٹاسک دیا جائے گا۔

    ملاقات میں عمران خان این اے 131 پر پی ٹی آئی کے امیدوار کے نام کا فیصلہ کریں گے، حمزہ شہباز کی خالی نشست این اے 124 پر بھی امیدوار کا فیصلہ ہوگا۔

    عمران خان کے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران دیگر اہم موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ این اے 131 اور این اے 124 دونوں حلقوں میں پی ٹی آئی کے 3،3 امیدواروں نے کاغذات جمع کرا رکھے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان سے ایم کیوایم وفد کی ملاقات

    دوسری جانب آج وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے کراچی آرہا ہوں، کراچی کے حالات بہتر بنانا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ایم کیوایم کے وفد کی وزیراعظم آفس میں ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ایم کیوایم وفد نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

    خیال رہے کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون نعیم الحق اور گورنر سندھ نعیم الحق بھی موجود تھے جبکہ ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فروغ نسیم، امین الحق، کنور نوید، نسرین جلیل اور وسیم اختر شامل تھے۔

  • پنجاب کی نگراں کابینہ میں شامل ہونے والے 4 نئے وزرا نے حلف اٹھالیا

    پنجاب کی نگراں کابینہ میں شامل ہونے والے 4 نئے وزرا نے حلف اٹھالیا

    لاہور : پنجاب کی نگراں کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ غیر جانبدار اور غیر سیاسی ہونے کا دعویٰ اپنے قول و فعل سے ثابت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی نگراں کابینہ میں 4 نئے وزرا نے شمولیت اختیار کی ہے، جن سے گورنر پنجاب گورنر ہاوس میں چاروں نگراں وزرا سے حلف لیا تھا، نگراں کابینہ میں شامل ہونے والے وزرا سعیداللہ بابر، سردار تنویر الیاس، میاں نعمان کبیر، چوہدری فیصل ہیں۔

    نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیر صدارت نو منتخب نگراں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نگراں وزیر اعلیٰ نے حلف اٹھانے والے نئے وزرا کو مبارک باد پیش کی۔

    ڈاکٹر حسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاف، شفاف الیکشن پر بھر پور توجہ مرکوزکی جائے، نگران حکومت غیر سیاسی ہے، اپنے قول و فعل سے ثابت کریں گے، انتخابات میں جو بھی جیت کر آئے گا اقتدار اسے سونپیں گے۔

    نگراں وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ کابینہ میں شامل تمام وزرا متعلقہ محکموں میں فیصلوں کیلئے با اختیار ہوں گے، کابینہ آزادانہ اور منصفانہ فیصلوں سے انفرادی حیثیت نمایاں کرے گی، کابینہ ارکان کیلئے ہمہ وقت میسر رہوں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ فیصلے باہمی مشاورت سے کریں گے، ہمارے عمل سے اجتماعیت اور غیرجانبداری نظر آئے گی، ہر جماعت کو برابری کی بنیاد پر مواقع مہیا کریں گے، عوامی خدمت اور بروقت الیکشن کے مینڈیٹ پر پورا اتریں گے۔

    پنجاب کی نگراں کابینہ کے اجلاس کے دوران عوامی فلاح و بہبود اور خدمت کے پروگرامز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • بدلتے موسموں کے ساتھ سیاسی وابستگیاں بدلنے والے بے وفا ہوتے ہیں: سعد رفیق

    بدلتے موسموں کے ساتھ سیاسی وابستگیاں بدلنے والے بے وفا ہوتے ہیں: سعد رفیق

    لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بدلتے موسموں کے ساتھ سیاسی وابستگیاں بدلنے والے بے وفا ہوتے ہیں، سیاسی جماعتوں نے دغا بازوں کو سبق سکھانے کی کبھی منظم کوشش نہیں کی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کیا، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اقتدار میں مزے سے ساتھ رہے اور کبھی اختلاف کیا نہ ٹوکنے کی جرأت کی، ‏ذرا سی آندھی آتی دیکھی تو اصولی اختلاف کے بہانے سائیڈ بدل لی۔

    انہوں نے کہا کہ وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو مڈل کلاس کارکنان بری طرح شکست سے دوچار کریں گے، یہ لوگ سیاسی بے وفا کہلاتے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ اور بدلتے موسموں کے ساتھ اپنی پارٹی بدلتے ہیں۔


    پی ٹی آئی نے ن لیگ کی مزید وکٹیں گرا دیں


    خیال رہے کہ آج بھکر سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے ایم این اے افضل ڈھانڈلا اور نارووال سے میاں رشید پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں، دونوں رہنماؤں نے عمران خان سے ملاقات کے بعد پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

    علاوہ ازیں بھکر سے ہی اراکین صوبائی اسمبلی غضنفر چھینہ اور عامر شاہانی بھی پی ٹی آئی کا حصہ بن گئے ہیں، نارووال سے رکن صوبائی اسمبلی اویس قاسم بھی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف کے کپتان سے آ ملے ہیں۔


    پاکستان تحریک انصاف نے ن لیگ کی مزید 3 وکٹیں گرا دیں


    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس میں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ اور پی ٹی آئی ایک معاہدے کے تحت تحریک انصاف میں‌ضم ہوگئے تھے، تجزیہ کاروں‌ کے مطابق آنے والے دونوں‌ میں دیگر جماعتوں کے مزید ارکان کی پی ٹی آئی میں‌ شمولیت ممکن ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔